فلپائن : سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 44 افراد ہلاک، درجنوں لاپتہ

منیلا: (ویب ڈیسک) فلپائن میں سیلاب اور پہاڑی تودنے گرنے سے 44 افراد ہلاک، متعدد زخمی اور درجنوں لاپتہ ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فلپائن میں جاری بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں 44 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوچکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ بارشوں سے جنوبی جزائر زد میں ہیں، قصبہ کلیرین میں تباہی آگئی جہاں کئی مکانات گرگئے، شاہراہیں تالاب بنی ہیں۔
سیلابی صورتحال کے باعث مقامی آبادی کا انخلاء کردیا گیا ہے۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ دریاؤں میں مزید طغیانی آسکتی ہے، سیلاب اور منہ زور ہوسکتا ہے۔

من پسند کھلونا خرید کر نہ دینے پر بچے نے ماں کو قتل کر دیا

نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکا میں ایک بچے نے من پسند کھلونا خرید کر نہ دینے پر اپنی ماں کو قتل کردیا۔
غیر ملکی خبررساں اداے کے مطابق 10 سالہ لڑکے کے اہل خانہ نے اپنی ماں کو قتل کرنے کا الزام لگایا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ماں کی طرف سے بچے کو ہیڈسیٹ خرید کرنہ دینے پر بیٹے نے ماں کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔
رپورٹ کے مطابق لڑکا ایک سال سے زیادہ عرصے سے موڈ اور رویے کی خرابیوں کے وجہ سے زیر علاج میں تھا۔ اس کے علاج کے منصوبے کا حصہ الیکٹرانک آلات تک رسائی پر پابندی بھی شامل تھا۔
کم عمر لڑکے کو اپنی ماں 44 سالہ کیانا مان کے قتل کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔
لڑکے کی دادی لوریتھا مان کا کہنا ہے کہ وہ پوتے سے بات نہیں کرنا چاہتیں۔ اس نے مجھ سے بہت قیمتی چیز چھین لی ہے۔ اسے اس کے کیے کی قیمت چکانی پڑے گی۔

اقتصادی اور تکنیکی ترقی کیلئے پاکستان کو چین سے سیکھنا چاہئے، احسن اقبال

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ اقتصادی اور تکنیکی ترقی کے لئے پاکستان کو چین سے سیکھنا چاہئے، پاکستان اورچین کے ماہرین اورعملہ نے سی پیک کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
چینی سفارت خانہ میں 2022 میں سی پیک کے تحت مختلف منصوبوں میں کام کرنے والے نمایاں پاکستانی عملہ کو ایوارڈ دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ معاشی اور اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے ملک میں پرامن ماحول کا قیام ضروری ہے جو ہر صورت ہونا چاہیے، ہمیں سب سے پہلے سیاسی استحکام، پالیسیوں کے تسلسل اور سماجی یکجہتی کو یقینی بنانا ہوگا کیونکہ تنازعات اور پولرائزیشن کے ماحول میں معاشی ترقی نہیں ہوتی۔
احسن اقبال نے کہا کہ پہلے سب سمجھتے تھے کہ سی پیک ایک ناممکن مشن ہے لیکن پاکستان اور چین کے ماہرین اور عملہ نے اس ناممکن کو ممکن بنایا جو لائق تحسین ہے، پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات اور دیرینہ دوستی پر روشنی ڈالتے ہوئے وفاقی وزیرنے کہا کہ عالمی معاملات میں ہونے والی تبدیلیوں سے تعلقات میں بھی تبدیلی آتی ہے، ورلڈ آرڈر ممالک کو اکٹھا کرتے ہیں اور جب ورلڈ آرڈر بدلتے ہیں تو ملکوں کی دوستیاں بھی متاثرہوتی ہیں، تاہم پاکستان اور چین کی دوستی نے بین الاقوامی امور اور سفارت کاری کے تمام اصولوں کو غلط ثابت کیا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان مثالی اور منفرد نوعیت کے تعلقات قائم ہیں، آہنی بھائی جیسے تصورات اور الفاظ دیگر ممالک کے درمیان تعلقات میں نہیں ہیں مگر یہ تمام جملے پاک چین دوستی اور بھائی چارے کی گہرائی اور مضبوطی کی عکاسی کر رہے ہیں، تاریخی طور پر پاکستان اور چین اقتصادی تعلقات کے علاوہ سیاسی تعلقات، سلامتی اور اقتصادی تعاون سمیت متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے بہت قریب تھے تاہم 2013 میں جب نواز شریف نے دوبارہ اقتدار سنبھالنے کے بعد چین کا دورہ کیا تو دونوں ممالک کے درمیان سی پیک پر کام شروع کرنے کیلئے 46 ارب ڈالر کے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
وفاقی وزیرنے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے نتیجے میں پاکستان نے بجلی کی کمی پر قابو پالیا اور ملک کا مواصلاتی ڈھانچہ بہتر ہوا، سی پیک کا مقصد چین کے تجارتی مفادات کو آگے بڑھانا نہیں بلکہ پاکستان کی مدد کرنا تھا جو چین کا ایک قریبی سٹریٹجک پارٹنر ہے، اس منصوبہ کا مقصد پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانا اور معیشت کی زرعی ڈھانچے کو صنعتی ڈھانچے میں تبدیل کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت مختلف شعبوں سے اچھی خبریں آ رہی ہیں، چین کے تعاون سے گوادر بندرگاہ کے ایسٹ بے ایکسپریس وے نے جون سے کام شروع کر دیا ہے، جس سے بندرگاہ کے ذریعہ رابطے میں اضافہ ہوا ہے اور اسی کے ذریعے اب 2 لاکھ ٹن کھاد کی نقل و حمل ہو رہی ہے، کروٹ ہائیڈرو پاور نے جون میں بھی کمرشل آپریشن شروع کیا جس سے سستی اورماحول دوست بجلی فراہم ہو رہی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ اس منصوبہ سے سالانہ 3.5 ملین میٹرک ٹن کاربن کے اخراج میں کمی آئیگی، تھر میں ٹی ای ایل اور نووا پاور پلانٹس نے بھی مقامی کوئلے سے کام شروع کیا۔ شنگھائی الیکٹرک تھر کول بیسڈ پاور پلانٹ کو نیشنل گرڈ سے منسلک کر دیا گیا ہے، پاکستان چائنا ریڈ چلی کنٹریکٹ فارمنگ پراجیکٹ کے تحت صوبہ پنجاب اور سندھ میں 6 ماڈل فارمز فصل دے رہے ہیں، ان منصوبوں سے 700 ٹن خشک مرچ کی پیداوار کا تخمینہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سال 2021 میں پاکستان کی زرعی مصنوعات کے فاضل تجارت میں 13 گنا اضافہ ہوا، اس سال فاضل زرعی تجارت ایک ارب ڈالر کی بلند ترین سطح سے تجاوز کرنے کی توقع ہے، چینی سفیرنے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوں کے تحت اب تک 192,000 لوگوں کو روزگار فراہم کیا گیا، 6000 میگاواٹ بجلی کی فراہمی ہوئی، 510 کلومیٹر ہائی ویز بنی جبکہ 886 کلومیٹر ٹرانسمیشن لائن بنائی گئی ہے، جس نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کی مضبوط بنیاد رکھ دی ہے۔

سدھارتھ اور کیارا کے درمیان شادی کی حتمی تاریخ سامنے آگئی

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی اداکار سدھارتھ ملہوترا اور اداکارہ کیارا ایڈوانی کے درمیان شادی کی شاہانہ تقریب فروری میں منعقد ہوگی۔
انڈین میڈیا نے اپنے ذرائع سے دعویٰ کیا ہے کہ بالی وڈ جوڑی کے درمیان شادی کی تقریب کے متعلق تمام معاملات طے پاچکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق 4 اور 5 فروری کو شادی سے قبل کی تقریبات مہدی، ہلدی اور سنگیت منعقد ہوں گی جبکہ شادی کی مرکزی تقریب 6 فروری کو ہوگی۔
شادی کی شاہانہ تقریب جیسلمر پیلس ہوٹل راجھستان میں منعقد ہوگی اور اس کے لئے سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے جائیں گے۔
تقریب کو محفوظ بنانے کیلئے سیکورٹی اہلکار اور محافظ 3 فروری کو جیسلمر ہوٹل پہنچ جائیں گے۔

سشمیتا سین کا سجل علی اور صبور علی کیلئے محبت بھرا پیغام

لاہور: (ویب ڈیسک) بھارتی اداکارہ سشمیتا سین نے پاکستانی اداکار بہنوں سجل علی اور صبور علی کیلئے ایک محبت بھرا وڈیو پیغام ریکارڈ کرایا ہے۔
سشمیتا سین نے یہ پیغام اداکار بہنوں کے بھائی محمد علی کی درخواست پر ریکارڈ کرایا جن کی ان سے سفر کے دوران اتفاقیہ ملاقات ہوئی۔
محمد علی نے بعد میں یہ وڈیو پیغام انسٹاگرام پر اپلوڈ کیا ہے جو کہ خوب وائرل ہورہا ہے۔
وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بھارتی اداکارہ سشمیتا سین سجل علی اور صبور علی کی فنکارانہ صلاحیت کی تعریف کرتی ہیں۔
بھارتی اداکارہ کو یہ کہتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے کہ آپ (سجل علی، صبور علی) شاندار فنکار ہو، آگے بڑھتے رہو، آپ کو ہمیشہ سکون اور اطمینان ملے۔
آخر میں ایک فلائنگ کس کے ساتھ شسمیتا سین نے پاکستانی اداکاروؤں کے ساتھ محبت کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل انڈین اداکارہ جھانوی کپور اور فلمساز شیکھر کپور بھی ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں سجل علی کی فنکارانہ صلاحیتوں کا اعتراف کرچکے ہیں۔

جسٹس قیوم کی رپورٹ کے بعد وسیم اور وقار کو ٹیم میں واپس نہیں آنا چاہیےتھا، رمیز راجہ

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ میچ فکسنگ میں ملوث کھلاڑی پاکستان کےعلاوہ کہیں بھی ٹیم میں واپس نہیں آتے، جسٹس قیوم رپورٹ کے بعد وسیم اکرم اور وقار یونس کو ٹیم میں واپس نہیں آنا چاہیے تھا۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ نجم سیٹھی کولانے کیلئے پی سی بی کا آئین بدل دیا گیا،پی سی بی پر شب خون مارا گیا،اس ادارے میں سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
مزید کہا کہ ہمارے یہاں پی سی بی میں کسی نے سسٹم بنانے کی کوشش نہیں کی۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ جان سے مارنے کی دھمکیوں پر پی سی بی سے بلٹ پروف گاڑی ملی، دھمکیاں دینے والے کا نام نہیں بتا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ کپتان بابر اعظم کو فری ہینڈ دیا ہوا تھا،بابر اعظم نے ہر بار سرفراز احمد کو کھلانے کا کہا تھا۔
سابق چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ نجم سیٹھی کو چیئرمین بنانا اقرباپروری ہے ، بطور چیئرمین کرکٹ بورڈ 2 صحافیوں کو پیسے دیے، نام نہیں بتا سکتا،بہت سے صحافی بیرون ملک دوروں کی فرمائش کرتے تھے.
انہوں نے کہا کہ نجم سیٹھی کے معاہدوں کی وجہ سے فرنچائز نقصان میں جا رہی ہیں۔ میرے ہوتے ہوئے پی ایس ایل فرنچائز کو زیادہ پیسے ملے۔

الیکشن کمیشن کا اجلاس ختم، ممبران کو صبح انتخابات کی کوئی ہدایت نہیں ملی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت ہونے والا اجلاس ختم ہو گیا، ممبران الیکشن کمیشن کو صبح انتخابات کی کوئی ہدایت جاری نہیں کی گئی۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کے ممبران اور دیگر حکام الیکشن کمیشن سے روانہ ہو گئے ہیں، اجلاس میں ممبران کو صبح انتخابات کروانے کے حوالے سے کوئی ہدایت نہیں دی گئی۔
الیکشن کمیشن کی ہدایت پر بلدیاتی انتخابات کیلئے انتظامات کرنے والے لوکل گورنمنٹ ونگ کے مطابق صبح انتخابات کے لئے لاجسٹک سپورٹ ہے نہ ہی عملہ ہے۔
دوسری جانب وفاقی حکومت کی طرف سے بلدیاتی انتخابات سے متعلق سنگل بینچ کے فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کی جانی تھی لیکن اسلام آباد ہائیکورٹ کی رجسٹری ڈائری برانچ بند ہوگئی جس وجہ سے عملہ گھروں کو روانہ ہو گیا۔

اسلام آباد بلدیاتی انتخابات، انتظامیہ کے پولنگ اسٹیشن عملے سے رابطے شروع

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات پر ایف ڈی ای اور ضلعی انتظامیہ متحرک ہوگئی، شہر بھر کے پولنگ اسٹیشن پر تعینات ہونے والے عملے سے رابطوں کا آغاز کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بیشتر پریزائیڈنگ افسران اور پولنگ سٹاف، سکول کالجز اور سرکاری یونیورسٹیوں کے ملازم ہیں، تعلیمی اداروں کی تعطیلات کے باعث پولنگ سٹاف شہر میں ہے بھی یا نہیں رابطے جاری ہیں۔
پولنگ سامان کب کیسے کون لے کر جائے گا اس پر بھی مشاورت شروع کر دی گئی ہے، انتظامیہ متحرک ہے کہ ٹرانسپورٹروں سے فوری طور پر کتنی اور کون سی گاڑیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔
ادھر اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ بھی اپنے دفتر میں موجود اوررابطوں میں مصروف ہیں، چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے الیکشن کمیشن کے دیگر ممبران سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے ڈی جی لاء اور متعلقہ حکام سے رابطہ کیا ہے، الیکشن کمیشن کی لیگل ٹیم اس وقت ہائیکورٹ میں موجود ہے، رابطوں میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے سے متعلق مشاورت کی گئی ہے۔

ترکی: ریسٹورنٹ میں دھماکے سے 7 افراد ہلاک

انقرہ: (ویب ڈیسک) ترکی کے مغربی شہر ایدن کے ریسٹورنٹ میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
عرب میڈیاکے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا گیس سلنڈر پھٹنے کے باعث ہوا۔
دھماکے میں 4 افراد شدید زخمی ہوئے، ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

صدر نے بہرے افراد کی الیکٹرانک میڈیا تک رسائی ایکٹ منظور کر لیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے بہرے افراد کی الیکٹرانک میڈیا تک رسائی کے ایکٹ کی منظوری دے دی ہے، ایکٹ کا نفاذ آئندہ 6 ماہ کے اندر کیا جائے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں صدر پاکستان نے کہا کہ 6 ماہ کے بعد کوئی بھی نیوز بلیٹن سائن لینگوئج ترجمان کے بغیر نشر نہیں ہو گی، ایک سال بعد الیکٹرانک میڈیا پرکوئی بھی پروگرام بغیر سائن لینگویج ترجمان نشر نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایک سال بعد کسی بھی سرکاری و نجی الیکٹرونک میڈیا، نجی ٹی وی چینل، کیبل ٹی وی یا کسی دُوسرے میڈیا پر سائن لینگویج ترجمان کے بغیر کسی بھی پروگرام، انٹرٹینمنٹ، اشتہار، ٹاک شو، ڈراما، فلم یا کسی بھی قسم کے تصویری پروگرام کی اجازت نہ ہوگی۔
صدر پاکستان کا اپنے پیغام میں مزید کہنا تھا کہ سرکاری اور نجی میڈیا ہاؤسز کو ایکٹ کے نفاذ کے 6 ماہ کے اندر ایکٹ پر عمل درآمد کیلئے سائن لینگویج ترجمان مقرر کرنا ہوں گے، ایکٹ کا نفاذ پورے پاکستان پر فی الفور ہوگا۔