عمران خان کا کل لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ

لاہور : (ویب ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کل لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ کر لیا۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان حفاظتی ضمانت کے لیے کل لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوں گے۔
عمران خان کے پولیٹیکل سیکریٹری نے عمران خان کی لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کی تصدیق کی ہے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کی سیکیورٹی کلیئرنس کے لیے بھی لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا گیا ہے۔پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز نے انتظامی جج عابد عزیز شیخ کو درخواست دے دی ہے۔
درخواست موقف دیا گیا کہ عمران خان کی زندگی کو لاحق خطرات کے پیش نظر پیشی پر سیکیورٹی کلیئرنس کروائی جائے، ایڈمنسٹریٹو جج کی طرف سے سیکیورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد عمران خان ہائیکورٹ میں پیش ہوں گے۔
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے سنگل رکنی بینچ نے عمران خان کو پیر تک پیش ہونے کی مہلت دی تھی۔عمران خان نے اسلام آباد میں درج مقدمے پر حفاظتی ضمانت کیلئے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

کراچی پولیس آفس حملہ ، ایک اور زخمی پولیس اہلکار دم توڑگیا

کراچی : (ویب ڈیسک) کراچی پولیس آفس (کے پی او) پر حملے میں زخمی ہونے والا ایک اور پولیس اہلکار آج دم توڑ گیا جس کے بعد حملے میں شہادتوں کی تعداد 5 ہوگئی ۔
پولیس کے مطابق جمعےکی شام کراچی پولیس آفس میں ہونے والے حملے میں زخمی ہونیوالا اہلکار عبدالطیف ہسپتال میں زیر علاج تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔
پولیس حکام کے مطابق اہلکار عبدالطیف سکیورٹی ڈویژن میں تعینات تھا۔
دوسری جانب کراچی پولیس آفس پر حملےکا مقدمہ کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) تھانے میں درج کرلیا گیا ہے، مقدمہ صدر تھانے کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
درج مقدمے میں دہشت گردی، قتل اور اقدام قتل سمیت دیگر دفعات شامل ہیں، مقدمہ تینوں حملہ آوروں، فرار ملزمان اور سہولت کاروں کے خلاف درج کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ جمعہ17 فروری کی رات کراچی پولیس ہیڈ آفس پر ہونے والے حملے میں تمام دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ پولیس اور رینجرز اہلکار سمیت 4 افراد شہید اور 18افراد زخمی ہوئےتھے۔

کراچی پولیس آفس حملے کی تحقیقات میں پیشرفت ، 10 سے زائد مشتبہ افراد گرفتار

کراچی: (ویب ڈیسک) پولیس آفس حملے کی تحقیقات کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر 10سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
تحقیقاتی ادارے کراچی، ملتان اور پشاور میں پولیس پر ہونے والے حملوں کی کڑیاں جوڑنے لگے، قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعہ کی مختلف زاویوں سے تفتیش کر رہے ہیں۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے پشاور پولیس لائن پر حملہ جمعہ کو کیا، کراچی پولیس پر حملے کیلئے بھی جمعہ کے روز کا انتخاب کیا گیا، دہشت گردوں کا ہدف صرف پولیس تھی۔

پی ایس ایل 8، ملتان سلطانز کا اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 191 رنز کا ہدف

ملتان : (ویب ڈیسک) ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 8 کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 191 رنز کا ہدف دے دیا۔
ملتان میں کھیلے جارہے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کے خلاف پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔
ملتان سلطانز کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز شان مسعود اور محمد رضوان نے کیا تاہم شان مسعود رومان رئیس کے پہلے اوور کی چوتھی گیند پر ہی کیچ آؤٹ ہوگئے۔
ٹاس کے بعد کی گئی گفتگو میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کم سے کم اسکورپر آؤٹ کریں۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل8 میں ملتان سلطانز 3 میچز کھیل چکی ہے جن میں سے اسے 2 میں فتح اور ایک میں شکست ہوئی ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈکا یہ دوسرا میچ ہے ، کراچی کنگز کے خلاف کھیلے گئے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ 4 وکٹوں سے کامیاب ہوئی تھی۔

الیکشن کمیشن کا ایوان صدر کو خط ، مشاورتی عمل کا حصہ بنانے سے معذرت

لاہور : (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے صوبوں کے انتخابات سے متعلق ایوان صدر کو مشاورتی عمل کا حصہ بنانے سے معذرت کرلی ۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن نے سیکرٹری ایوان صدر کو خط لکھا ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 105 کے تحت تحلیل شدہ اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ گورنر دے سکتا ہے، الیکشن کمیشن نے آئین کے تحت صوبہ پنجاب و کے پی گورنرز کو خطوط لکھے ۔
خط کے متن میں کہا گیا کہ دونوں گورنرز نے تاحال الیکشن کے لیے تاریخ نہیں دی ، دونوں صوبوں میں عام انتخابات سے متعلق معاملہ مختلف عدالتوں میں زیر سماعت ہے، لاہور ہائیکورٹ نے اپنے حکم میں گورنر پنجاب سے مشاورت کا حکم دیا، الیکشن کمیشن حکام نے گورنر پنجاب سے مشاورت کی، گورنر نے انتخابات کی تاریخ نہ دی۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے فیصلے سے متعلق لاہور ہائیکورٹ میں انٹرا اپیل دائر کی، الیکشن کمیشن کو انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کا کوئی آئینی و قانونی اختیار نہیں ہے، الیکشن کمیشن اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داروں سے بخوبی آگاہ ہے، الیکشن کمیشن پہلے خط کے جواب میں بھی صدر مملکت کے آفس کو تمام صورتحال سے آگاہ کر چکا، افسوس سے کہہ رہے ہیں کہ الیکشن کمیشن ایوان صدر کو اس مشاورتی عمل میں شامل نہیں کر سکتا۔

وزیرِاعظم کا پاکستان کی فلاحی تنظیموں کو ترکیہ میں امدادی سرگرمیوں پر خراجِ تحسین

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی انسانی ہمدردی اور فلاحی تنظیموں کو ترکیہ میں امدادی سرگرمیوں پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم کی زیرصدارت ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کیلئے امدادی سرگرمیوں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیرِ منصوبہ بندی کی سربراہی میں ایک ذیلی کمیٹی قائم کر لی گئی، ذیلی کمیٹی ترکیہ اور شام میں زلزلہ متاثرین کیلئے بھیجی جانے والی امداد کی معلومات کا حکومتی اداروں اور انسانی ہمدردی کی تنظیموں سے تبادلہ کرے گی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ امدادی کارروائیوں کی رئیل ٹائم معلومات کے تبادلے سے ترک اور شامی بہن بھائیوں کی منظم طریقے سے مدد ممکن ہو سکے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی انسانی ہمدردی کی تنظیمیں ترکیہ اور شام میں اپنے مسلمان بہن بھائیوں کی مدد میں پیش پیش ہیں، پاکستان کے خیراتی اداروں نے ترکیہ اور شام میں امدادی سرگرمیوں سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پاکستان سے جانے والی تمام امداد کو منظم کرنے کیلئے اسے NDMA کے ذریعے بھیجا جائے، ترکیہ اور شام میں امدادی سامان کی بہتر ترسیل و تقسیم این ڈی ایم اے کے ذریعے بھیجے جانے سے ہی ممکن ہے، ترکیہ اور شام میں ان کی ضروریات کے مطابق امدادی سامان بھیجا جائے۔

پارلیمنٹ میں بیٹھے لوگ عوامی مسائل سے آگاہ نہیں : سراج الحق

لاہور : (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پوری قوم مہنگائی کی وجہ سے مایوس اور پریشانی کا شکار ہے، پارلیمنٹ میں بیٹھے لوگ عوامی مسائل سے آگاہ نہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ غریب آٹے کے حصول کے لیے لائنوں میں لگے ہیں جبکہ مالدار ڈالرز کے لیے لائن میں کھڑے ہیں، ہر شخص مہینے کے بجٹ کی وجہ سے پریشان ہے ، غریب سوچ رہا ہے کہ بجلی گیس کے بل کیسے ادا کروں لیکن پارلیمنٹ میں بیٹھے لوگوں کو عوامی مسائل کا علم نہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ ہمارے حکمرانوں نے نظریہ پاکستان سے غداری کی، سودی نظام اپنایا، ملکی معیشت تباہ ہو چکی ہے، صنعتی یونٹس ختم اور کاروبار بند ہو رہے ہیں، پی ڈی ایم کی حکومت کے دوران مہنگائی میں 27 فیصد سے زائد اضافہ ہوا۔
سراج الحق نے کہا کہ پارلیمان والے مراعات میں اضافے کا مطالبہ کرتے ہیں جبکہ غریب آٹے کیلیے رو رہا ہے، پٹرول ہزار روپے لیٹر بھی ہو جائے تو پی ڈی ایم کو فرق نہیں پڑتا۔

“شعیب ملک ،عائشہ عمر اسکینڈل: “شادی شدہ مرد سے متاثر نہیں ہوتی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ عائشہ عمر نے شعیب ملک کے ساتھ بولڈ فوٹو شوٹ پر کھڑی ہونے والی کنٹرورسی پر خاموشی توڑ دی۔
ایک انٹرویو کے دروان عائشہ عمر نے میزبان شعیب اختر کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں کبھی بھی کسی شادی شدہ مرد سے نہ متاثر ہوتی ہوں اور نہ کوئی کمیٹمنٹ کرتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کے لوگ جانتے ہیں میں بلکل ایسی نہیں، جو کسی شادی شدہ مرد کی زندگی کا حصہ بننے کی کوشش کروں۔ جس پر میزبان نے سوال کیا کہ کنٹرورسی کیوں بڑی ہوئی؟ جس پر عائشہ نے کہا کہ یہ سرحد پار چھوڑا گیا شوشہ تھا۔
واضح رہے کہ شعیب ملک نے عائشہ عمر کے ساتھ ایک میگزین کے لئے بولڈ فوٹو شوٹ کروایا تھا، جس پر بھارتی میڈیا نے یہ الزام لگایا تھا کہ ثانیہ اور شعیب میں علیحدگی کی وجہ عائشہ عمر اور شعیب کا یہی فوٹو شوٹ بنا۔

ن لیگ توشہ خانہ چور، ملک دشمنوں کیخلاف مہم چلا رہی ہے: مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اب صرف ملک کے خلاف سازش کرنے والوں کے خلاف مہم چلا رہی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عدلیہ کا تمسخر اور تضحیک جو آپ کر رہے ہو اُس کی مثال نہیں ملتی، عدلیہ سے گالی دھمکی اور دھونس سے ہر روز بیل تم لیتے ہو عمران خان صاحب یہ بیان دینے کے لئے بہت ساری بے شرمی چاہئے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ ن لیگ اب صرف اور صرف تمہیں اور تمہارے سہولت کاروں کو بے نقاب کرنے، پاکستان کی معیشت کو کھوکھلا کرنے اور عوام کو بے روزگار کرنے والے کرداروں کے خلاف مہم چلا رہی ہے۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اب صرف فارن ایجنٹ اور توشہ خانہ چور اور ملک کے خلاف سازش کرنے والوں کے خلاف مہم چلا رہی ہے۔

پشاور : چوکیدار نےاسلامیہ کالج کے پروفیسر کو قتل کردیا

پشاور: (ویب ڈیسک) اسلامیہ کالج کے چوکیدار نے فائرنگ کر کے لیکچرر بشیر احمد کو قتل کردیا۔
اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور میں چوکیدار اور لیکچرار کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔پولیس کے مطابق دونوں کے درمیان تلخ کلامی کے دوران بات بڑھنے پر چوکیدار نے فائرنگ کردی ۔ فائرنگ کے باعث لیکچرار پروفیسر بشیر احمد جاں بحق ہوگیا ہے۔
ترجمان اسلامیہ کالج علی ہوتی کا کہنا ہے کہ پروفیسر بشیراحمد اسلامیہ کالج میں انگلش ڈیپارٹمنٹ میں بطور لیکچرر فرائض انجام دے رہے تھے۔ چوکیدار اور لیکچرار کے درمیان کافی عرصہ سے تنازعہ چل رہا تھا۔
پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے لیا اور واقعے کی تحقیق شروع کردی ہے۔