کراچی پولیس آفس پر حملہ، ایس ایچ او صدر کی مدعیت میں مقدمہ درج

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی پولیس آفس پر حملے کا مقدمہ درج کر لیا گیا، مقدمہ ایس ایچ او صدر انسپکٹر خالد حسین میمن کی مدعیت میں سی ٹی ڈی سول لائنز تھانے میں درج کیا گیا ہے۔
مقدمے میں 3 ہلاک سمیت کالعدم تحریک طالبان کے 5 دہشت گردوں کو نامزد کیا گیا، مقدمے میں قتل، اقدام قتل، دہشت گردی کی دفعات سمیت سنگین نوعیت کی دفعات شامل ہیں۔
مقدمے کے مطابق شام 7 بجکر 15 منٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا ، 7 بجکر 20 منٹ پر نفری پہنچی، ڈی آئی جی جنوبی عرفان بلوچ کی سربراہی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ترتیب دیا گیا۔
ایک دہشت گرد نے تیسری منزل پر خود کو دھماکے سے اڑایا جبکہ ایک دہشت گرد چوتھی منزل پر سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں مارا گیا اور تیسرا دہشت گرد چھت پر فورسز کی گولیوں کا نشانہ بنا۔
مقدمے کے مطابق دہشت گرد صدر پولیس لائن کے قریب بنے فیملی کوارٹر کی عقبی دیوار پر لگی تار کو کاٹ کر داخل ہوئے، تین دہشت گرد ایک گاڑی میں پولیس صدر لائن پہنچے تھے، حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان نے سوشل میڈیا کے ذریعے قبول کی۔
مقدمے کے مطابق حملے میں رینجرز اور پولیس کے چار جوان شہید ہوئے جبکہ اٹھارہ افراد زخمی ہوئے۔
یاد رہے کہ 17 فروری کی شام شارع فیصل پر واقع کراچی پولیس چیف کے دفتر پر ہونے والے حملے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے جبکہ حملے میں 3 سکیورٹی اہلکار اور پولیس کا خاکروب بھی شہید ہوا تھا۔

الیکشن کمیشن کو خط کا معاملہ، عارف علوی اپنی آئینی اوقات میں رہیں، خواجہ آصف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے صدر عارف علوی اپنی آئینی اوقات میں رہیں اور الیکشن کمیشن کی آئینی حدود میں تجاوز نہ کریں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ عارف علوی صدارت کے منصب کو سیاست کے لیے استعمال نہ کریں، انہیں اپنی نہیں تو کم از کم عہدے کی عزت کا خیال کرنا چاہیے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ صدر علوی کو یاد رکھنا چاہیے کہ وہ 2018ء میں ہونے والی سلیکشن واردات کے نتیجے میں اس عہدے پر قابض ہوئے ہیں۔
اپنے پیغام میں سپریم کورٹ فیصلے کا عکس لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریفرنس اور وارننگ کیلئے سپریم کورٹ کا فیصلہ حاضر ہے۔
اس سے قبل پاکستان وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عارف علوی صدر پاکستان بنیں اور منصب کی عزت کا پاس کریں، عمران خان کے ترجمان نہ بنیں، انہوں نے کہا کہ پہلے بھی عمران خان نے صدر، سپیکر، ڈپٹی سپیکر اور گورنر سے آئین شکنی کرائی، سپریم کورٹ نے اس عمل کو آئین شکنی قرار دیا تھا، صدر کے آئینی منصب کو پارٹی ترجمان کے عہدے میں بدلنا افسوسناک ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ صدر کا الیکشن کی تاریخ کے اعلان سے کوئی سروکار نہیں، الیکشن کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے، عارف علوی الیکشن کمیشن کے آئینی اختیار میں مداخلت کر رہے ہیں۔
رانا ثناء اللہ کا مزید کہنا تھا کہ عارف علوی فارن فنڈنگ کیس میں شریک جرم ہیں، عمران خان صدر کے منصب کے ذریعے الیکشن کمیشن کو دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہا ہے۔

کورونا کے مزید 30 کیسز رپورٹ، 13 مریضوں کی حالت نازک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4 ہزار 483 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔
این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 483 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 30 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.67 فیصد رہی ہے، مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 13 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

ملک بھر میں شب معراج مذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی

لاہور : (ویب ڈیسک) ملک بھر میں شب معراج مذہبی جوش و خروش اور روایتی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔
شب معراج کے موقع پر مساجد پر چراغاں کیا گیا، پوری رات مساجد میں درود وسلام کی صدائیں گونجتی رہیں، لاکھوں فرزندان اسلام نے شب بیداری کی، نوافل ادا کئے اور روزے کا بھی اہتمام کیا گیا۔
محافل میں علمائے کرام، مشائخ عظام اور مفتیان کرام نے شب معراج کے حوالے سے اپنے خصوصی خطاب میں اس رات کی فضیلت بیان کی، واقعہ معراج کا تفصیلی ذکر کیا اور نبی آخرالزماںؐ کی حیات طیبہ کو اجاگر کیا۔