سپیکر قومی اسمبلی سے بیلجیئم کے پارلیمانی وفد کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے بیلجیئم پاکستان فرینڈ شپ گروپ کی چیئرپرسن ایلیسیا کلیس کی سربراہی میں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے بیلجیئم پارلیمانی وفد نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سپیکر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بیلجیئم کے ساتھ اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، پارلیمانی رابطے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، بیلجیئم کے پارلیمانی وفد کا حالیہ دورہ دونوں ممالک میں پارلیمانی تعاون کو فروغ دینے میں اہم پیش خیمہ ثابت ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں اقتصادی و تجارتی شعبوں تعاون کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں، موسمیاتی تبدیلیاں پوری دنیا کے لیے چیلنجز ہیں، پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کی وجہ بری طرح متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے حالیہ سیلاب سے پاکستان میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے بیلجیئم سمیت دیگر دوست ممالک کے فراخدلانہ تعاون پر پاکستان کی پارلیمان کی طرف سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔
بیلجیئم کی پارلیمانی وفد کی سربراہ ایلیسیا کلیس نے پاکستان میں وفد کے پرتپاک استقبال اور خیر مقدم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بیلجیئم پاکستان کے ساتھ اپنے خوشگوار تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان کا دورہ کر کے دلی خوشی ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے دونوں ممالک کے اراکین کو ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے کے مواقع ملیں گے۔ بیلجیئم پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی اور معاشی و سماجی ترقی کیلئے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔

خام تیل کی خریداری، روس کا وفد مذاکرات کیلئے 18 جنوری کو پاکستان آئے گا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) روس سے خام تیل کی خریداری کے حوالے سے روس اور پاکستان کے درمیان اسلام آباد میں 18 تا 20 جنوری کو اجلاس ہو گا۔
ذرائع کے مطابق اعلیٰ سطح کا وفد روسی وزیر توانائی کی سربراہی میں پاکستان پہنچے گا، جس میں توانائی، ریلوے، کمیونیکیشن، صنعت و تجارت کے افسران اور ماہرین شامل ہوں گے، روس سے فوری طور پر 30 فیصد رعایت پر خام تیل اور دیگر توانائی مصنوعات خریدی جائیں گی۔
اجلاس کے دوران ادائیگیوں اور شپنگ کا طریقہ کار بھی طے کیا جائے گا، روس سے سستی توانائی ملنے کی صورت میں سالانہ 2 ارب ڈالر زرمبادلہ کی بچت ہونے کا امکان ہے، پاکستانی ریفائنریوں نے روسی خام تیل سے پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار بھی ممکن قرار دے دی۔
پاکستان روس سے 40 سے 50 ڈالر تک فی بیرل تیل کی فراہمی، 2 لاکھ ٹن ماہانہ سستے ڈیزل کی خریداری اور ماہانہ پچاس فیصد پٹرول معاہدے پر بات کرے گا، روس کے ساتھ طویل المدتی ایل این جی معاہدے نارتھ ساؤتھ گیس منصوبے پر پیش رفت کا بھی امکان ہے۔

فرانس خیال خوڑ پاور پراجیکٹ کیلئے 120 ملین یورو قرضہ دے گا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) فرانس خیال خوڑ 128 میگا واٹ پاورپراجیکٹ کیلئے 120 ملین یورو کا قرضہ فراہم کرے گا، اس ضمن میں پاکستان اورفرانس کے درمیان معاہدے پردستخط ہوگئے۔
سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن ڈاکٹر کاظم نیاز اور فرانسیسی ترقیاتی ایجنسی (اے ایف ڈی) کے کنٹری ڈائریکٹر فلپ سٹین میٹز نے معاہدے پر دستخط کئے، نرم شرائط پر یہ قرضہ خیبرپختونخوا کے علاقہ پٹن میں 128 میگاواٹ پیداوارکے حامل خیال خوڑ پراجیکٹ کیلئے فراہم کیا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر کاظم نیاز نے بتایا کہ اس منصوبہ سے واپڈا کو پانی سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ کی کوششوں کو تقویت ملے گی، منصوبہ جنیوا میں حال ہی میں کلائمٹ ریزیلئینٹ پاکستان کانفرنس میں ملک میں صاف اور ماحول دوست توانائی کی فراہمی اور ماحول کو نقصان پہنچانے والی گیسوں کے اخراج میں کمی کے عزم کی عکاسی کر رہا ہے۔
فرانسیسی ترقیاتی ادارہ ملک میں توانائی اورشہری ترقی کے شعبہ جات میں گرین انویسٹمنٹ کے ذریعہ پاکستان کو مالی اور تکنیکی معاونت فراہم کر رہا ہے، سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نے پاکستان کو مالی معاونت فراہم کرنے پر فرانس کی حکومت اور فرانسیسی ترقیاتی ادارہ کا شکریہ ادا کیا۔

مریم اورنگزیب نے نئی گاڑیوں کی خریداری کی خبروں کو جعلی قرار دے دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے وزراء اور مشیروں کیلئے نئی گاڑیوں کی خریداری کی خبروں کو جعلی قرار دے دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ جعلی اور من گھڑت خبریں پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ بار بار کی تردید کے باوجود افواہیں پھیلانے پر قانونی اقدام اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا، میڈیا سے درخواست ہے کہ افواہوں کو خبریں بنا کر پیش نہ کرے۔

پاک فضائیہ کے دو افسران کی ائیر مارشل کے عہدے پر ترقی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاک فضائیہ کے دو افسران کو ائیر مارشل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔
ایئر وائس مارشل عبدالمعید خان اور ایئر وائس مارشل غلام عباس گھمن کو ایئر مارشل کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے، عبدالمعید خان نے دسمبر 1989ء میں پاک فضائیہ کی جی ڈی (پی) برانچ میں کمیشن حاصل کیا، انہوں نے فائٹر اسکواڈرن، ملٹری ٹریننگ ونگ پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان اور کمبیٹ کمانڈرز سکول مصحف کی کمانڈ کی۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ائیر مارشل عبدالمعید خان کالج آف فلائنگ ٹریننگ میں بطور کمانڈنٹ اور اسسٹنٹ چیف آف دی ائیر سٹاف (پلانز) کے طور پر اپنی خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔

سینئر قانون دان لطیف آفریدی کے قتل کا مقدمہ درج، تحقیقات کیلئے کمیٹی بھی قائم

پشاور: (ویب ڈیسک) معروف قانون دان لطیف آفریدی کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا جس میں ملزم عدنان سمیع اللہ آفریدی کو نامزد کیا گیا ہے۔
پشاور پولیس کے مطابق ملزم نے وکیل کے لباس میں آکر لطیف آفریدی پر سامنے سے فائرنگ کی، قتل کا مقدمہ تھانہ شرقی میں درج کیا گیا ہے، ایف آئی آر میں دو سینئر وکلا کی گواہی بھی شامل کی گئی ہے۔
سی سی پی او کا کہنا ہے کہ سینئر قانون دان لطیف آفریدی کے قتل پر ایس ایس پی انوسٹی گیشن کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو24 گھنٹے میں رپورٹ پیش کرے گی۔
دوسری جانب لطیف آفریدی پر قاتلانہ حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پشاور ہائی کورٹ بار روم میں فائرنگ کے بعد بھگڈر مچ گئی، موقع پر موجود پولیس اہلکار ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد گریبان سے پکڑ کر باہر لاتا نظر آ رہا ہے۔
مقتول لطیف آفریدی کے بیٹے دانش آفریدی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میرے والد لطیف آفریدی پشاور ہائیکورٹ کے بار روم میں بیٹھے تھے کہ ملزم نے ان پر فائرنگ کر دی، ملزم کے ساتھ ہماری خاندانی دشمنی چلی آ رہی ہے۔

پنجاب پولیس میں بھرتی روک دی گئی

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب پولیس میں بھرتی کے امیدواروں کے لیے بری خبر ہے کہ پنجاب پولیس میں فیز 2 کی بھرتی روک دی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ فیز 2 کی بھرتی صوبے کی موجودہ سیاسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے روکی گئی ہے، فیز 2 کی بھرتی لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی سمیت پنجاب کے دیگر 22 اضلاع میں ہونا تھی، بھرتی 18 جنوری سے شروع ہونا تھی۔
بھرتی کے حوالے سے ڈی آئی اسٹیبلشمنٹ طارق رستم چوہان نے مراسلہ جاری کر دیا، جس کی کاپی سی سی پی او لاہور سمیت پنجاب کے تمام افسروں کو بھجوا دی گئی، بھرتی کے حوالے سے دوبارہ نیا مراسلہ جاری کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پنجاب پولیس میں فیز ون کی بھرتی مکمل ہو چکی ہے، فیز ون میں پنجاب بھر سے ساڑھے 5 ہزار کانسٹیبل اور ٹریفک اسسٹنٹ کو بھرتی کیا گیا ہے، فیز ون اور ٹو کا شیڈول اکٹھا جاری کیا گیا تھا۔

عمران خان کا معروف قانون دان لطیف آفریدی کے قتل پر اظہار افسوس

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر لطیف آفریدی کے قتل پر اظہار افسوس کیا گیا۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ سینئر وکیل اور معروف قانون دان لطیف آفریدی کے پشاور ہائیکورٹ کے بار روم میں قتل کے بارے جان کر نہایت افسردہ اور غمگین ہوں، میری دعائیں اور دلی ہمدردیاں ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔
واضح رہے کہ آج صبح ہی معروف قانون دان لطیف آفریدی کو پشاور ہائی کورٹ کے بار روم میں موجودگی کے دوران نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔

رانا ثنا اللہ کو پنجاب کی صدارت سے ہٹانے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، احسن اقبال

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر و سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن احسن اقبال نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ کو پنجاب کی صدارت سے ہٹانے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن نے رانا ثنا اللہ کو پنجاب کی صدارت سے ہٹانے کے حوالے سے میڈیا پر چلنے والی خبروں کر تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ خان ہی پنجاب کے صدر ہیں، آج کے تنظیمی اجلاس میں بھی کسی کو عہدے سے ہٹانے سے کے حوالےسے کوئی بات نہیں ہوئی
احسن اقبال نے کہا کہ تنظیمی اجلاس میں بھی کسی کو عہدے سے ہٹانے کی کوئی بات نہیں ہوئی، مجھے تو کسی نے صوبائی صدر بننے کے لیے نہیں کہا۔

شہباز شریف کیخلاف اعتماد کے ووٹ کی کارروائی، وزیر اعظم ہاؤس میں ہلچل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کے اعتماد کے ووٹ کے معاملے پر وزیراعظم سیکرٹریٹ نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے رابطہ کر کے اراکین اسمبلی کی تازہ ترین فہرستیں مانگ لیں۔
اسمبلی سیکرٹریٹ کے ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے ایوان کے اراکین کی اس وقت تعداد 331 ہے جن میں سے حکومت کو 181 اراکین کی حمایت حاصل ہے، مسلم لیگ (ن) کے 85، پیپلز پارٹی کے 58 اور متحدہ مجلس عمل کے 14 ایم کیو ایم کے7، بی اے پی اور بی این پی کے 4، 4، مسلم لیگ ق کے3، جے ڈبلیو پی اور اے این پی کے 1،1 رکن حکومت میں شامل ہیں۔
اس کے علاوہ قومی اسمبلی میں 4 آزاد اراکین بھی حکومت کے ساتھ ہیں، اس کے برعکس اپوزیشن کے اراکین کی تعداد 150 ہے، جن میں پی ٹی آئی کے 121 اور 21 منحرف اراکین شامل ہیں جبکہ جی ڈی اے3، مسلم لیگ ق 2، بی اے پی، جماعت اسلامی اور عوامی مسلم لیگ کے ایک ایک رکن بھی اپوزیشن کے ساتھ ہیں۔
ایوان کی 11 سیٹیں خالی ہیں، 7 پر جیت کر عمران خان نے حلف نہیں لیا، ایک پر عمران خان نااہل ہوئے ہیں، محمود مولوی، ندیم خان اور روحیلہ حامد نے بھی منتخب ہو کر حلف نہیں لیا، جعفر لغاری کی وفات سے بھی ایک سیٹ خالی ہے جبکہ اپوزیشن کے شکور شاد اور محمد میاں سومرو کا معاملہ عدالت میں چل رہا ہے۔