پی ٹی آئی کو اسمبلی میں ویلکم کریں گے، استعفے واپس لینا ہوں گے، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو اسمبلی میں ویلکم کریں گے لیکن ان لوگوں کو قومی اسمبلی میں واپسی کے لیے اپنے استعفے بھی واپس لینا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ جب یہ اسمبلی سے جارہے تھے تب بھی کہا تھا ان کا یہ عمل غیر جمہوری ہے، کراچی کے بلدیاتی الیکشن میں پی ٹی آئی کو صورتحال کا اندازہ ہو گیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پنجاب میں بھی پی ٹی آئی کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑے گا، بھرپور الیکشن لڑیں گے، آہستہ آہستہ یہ لوگ تمام چیزوں پر نظرثانی کریں گے۔
وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ شروع دن سے کہہ رہے ہیں کہ اسمبلی میں واپس آئیں اور سیاستدان بنیں، نواز شریف کی واپسی سے متعلق ابھی کوئی مشاورت نہیں ہوئی ہے۔

یہودیوں کے ایجنٹوں کو تسلیم کریں اور نرم رویہ رکھیں، وفد نے 2013 میں 3 مرتبہ کہا تھا، فضل الرحمان

پشاور: (ویب ڈیسک) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ 2013 میں ایک وفد نے ہمیں تین میٹنگوں میں قائل کرنے کی کوشش کی کہ یہودیوں کے ایجنٹوں کو تسلیم کریں اور صوبائی حکومت کے ساتھ نرم رویہ رکھیں۔
امیر جمعیت العلمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے جمعیت لائرز فورم کے زیر اہتمام منعقدہ وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ کیا سیاست صرف اقتدار تک پہنچنے کیلئے چالاکیوں اور ہوشیاریوں کا نام ہے؟
انہوں نے کہا کہ 1973 سے اب تک اسلامی نظریاتی کونسل کی ایک بھی سفارش پر عمل نہیں کیا گیا، جب تک آئین کی اساس موجود ہے ہم جدوجہد کرتے رہیں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 2013 میں ایک وفد نے نئی حکومت کے قیام کے بعد تین میٹنگوں میں قائل کرنے کی کوشش کی کہ صوبائی حکومت کے ساتھ نرم رویہ رکھا جائے، دنیا کی معیشت یہودیوں کے پاس ہے ان کے ایجنٹوں کو تسلیم کریں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اور دیگر کمپینوں کے ذریعے ہماری معیشت کو کنٹرول کیا جارہا ہے۔
پی ڈی ایم کے سربراہ نے جمعیت لائرزفورم کے زیراہتمام وکلا کنونشن کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام لوگوں کے حقوق کے تحفظ سے ہی پرامن معاشرے کا قیام ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے سیاستدانوں کو سیاست کے لفظ کا بھی پتہ نہیں، سیاست صرف اقتدار حاصل کرنے کا نام نہیں، سیاست معاشرے اور لوگوں کو متحد کرنے کا نام ہے۔
امیر جے یو آئی (ف) نے کہا کہ دنیا کے ہر خطے میں انسانوں کے تحفظ کیلئے قوانین بنائے گئے ہیں، جہاں قانون ہوگا وہاں قانون کی حکمرانی لازم ہوگی، ریاست کے تحفظ کیلئے سیاسی ،معاشی اور دفاعی قوت ناگزیر ہوتی ہے۔
وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قانون سب کیلئے برابر ہوتا ہے، حکمران طبقہ بھی اس سے مبرا نہیں ہے، ریاست کا کام لوگوں کو تحفظ دینا اور انصاف کی فراہمی یقینی بنانا ہوتاہے، کسی بھی ملک کیلئے معاشی، سیاسی اور دفاعی قوت بہت اہم ہوتی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے بعد ازاں ہم نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وقت سے پہلے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات نہیں ہوں گے، اگر دوست کہتے ہیں کہ الیکشن میں جانا ہے تو سب سے پہلے ہم تیار ہیں۔
امیر جے یو آئی نے کہا کہ عمران خان ساڑھے تین سال دھاندلی سے قائم حکومت میں چمٹے رہے، ملکی سیاست ان کی خواہش پر نہیں آئین کے مطابق چلے گی۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جو لوگ خود کو صادق اور امین کہتے ہیں ان پر دنیا اعتماد کرنے کو تیار نہیں ہے، ملک معاشی طور پر گر چکا، اٹھانے کا بیڑا ہم نے لیا ہے۔

نگران وزیر اعلیٰ کا تقرر، ناصر کھوسہ نے ذمہ داری لینے سے معذرت کر لی

لاہور: (ویب ڈیسک) نگران وزیر اعلیٰ کے تقرر کے معاملہ پر ناصر محمود کھوسہ نے ذمہ داری لینے سے معذرت کر لی۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ناصر کھوسہ صاحب کی قابلیت اصول پسندی اور دیانت داری مسلمہ ہے، بحیثیت بیورو کریٹ ان کا کردار قابل فخر ہے۔
خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ہم نے ان سے رابطہ کیا کہ فریقین کی طرف سےمتفقہ کیئر ٹیکر وزیر اعلیٰ کا عہدہ قبول کریں، انہوں نے اس تجویز سے اتفاق نہیں کیا اور معذرت کی ہے۔
واضح رہے کہ ناصر محمود کھوسہ سابق چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کے بھائی ہیں اور نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری بھی رہ چکے ہیں۔
یاد رہے کہ ناصر محمود کھوسہ کا نام 2018 کے الیکشن سے قبل بھی سامنے آیا تھا لیکن آخری وقت میں ان کا نام ڈراپ کر کے حسن عسکری رضوی کے نام پر اتفاق کیا گیا۔

قومی اسمبلی بارے پلان تیار، شہباز شریف کی نیندیں اڑنے والی ہیں، عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے حوالے سے پلان تیار کر لیا ہے، شہباز شریف کی نیندیں اڑنے والی ہیں۔
سینئر صحافیوں سے گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے ایم این ایز رابطے میں ہیں پہلے ان کا ٹیسٹ ہوگا پھر شامل ہوں گے، انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلیوں میں نگران سیٹ اپ کیلئے واپس جا سکتے ہیں۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف جنرل باجوہ ڈاکٹرائن میں کوئی کمی نہیں آئی، پی ٹی آئی کی کراچی میں ہارنے کی وجہ تنظیم کی کمزوری اور پی پی پی کی دھاندلی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ بری طرح پھنس گئے، آئی ایم ایف نہیں آئے گا، رات انہوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانا تھیں لیکن نہیں بڑھائیں۔
دریں اثنا عمران خان نے موجودہ ملکی سیاسی صورتحال بارے پارٹی ترجمانوں کا اجلاس طلب کر لیا، پارٹی ترجمانوں کااجلاس زمان پارک میں عمران خان کے زیرصدارت ہو گا۔
اجلاس میں کراچی، حیدر آباد کے بلدیاتی انتخابات اور ملکی سیاسی صورتحال کاجائزہ لیا جائے گا، پارٹی ترجمان آئندہ سیاسی بیانیے کے حوالے سے متعدد تجاویز کا جائزہ لیں گے۔

‘جوائے لینڈ’ کے علی جونیجو نے بہترین اداکار کا ایوارڈ جیت لیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی فلم ‘جوائے لینڈ’ کے اداکار علی جونیجو نے پام سپرنگز فلم فیسٹیول میں بہترین اداکار کا ایوارڈ جیت لیا۔
اداکارعلی جونیجو ایوارڈ کو حاصل کرنے کیلئے فیسٹیول میں موجود نہیں تھے، انہوں نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ایوارڈ جیتنے پر مجھے بے حد خوشی ہے اور یہ ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے اپنی فلم جوائے لینڈ پر فخر ہے، یہ دنیا بھر میں لوگوں سے محبت اور پیار وصول کررہی ہے، یہ بہت متاثرکن تجربہ ہے۔
علی جونیجو مزید بتایا کہ مجھے یاد ہے جب ہم اس فلم کو گوال منڈی میں شوٹ کررہے تھے تو ہم ایمانداری کے ساتھ صرف ایک کہانی سنانا چاہتے تھے۔
واضح رہے کہ فلم ’جوائے لینڈ‘ کو ہم جنسی پرستی کے متنازعہ موضوع پر معاشرے کے مختلف طبقات کی طرف سے شدید تنقید کا سامنا ہے اور پنجاب حکومت نے اپنے صوبے میں اس کی نمائش پر پابندی بھی عائد کی تھی۔

کینسر علاج کے بجائے موت کو گلے لگانا چاہتا تھا، سنجے دت کا انکشاف

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی اداکار سنجے دت نے انکشاف کیا ہے کہ وہ وہ کینسر کے علاج کے بجائے موت کو گلے لگانا چاہتے تھے۔
2020 میں فلم ’شمشیرا‘ کی شوٹنگ کے دوران اداکار میں پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی لیکن چند ماہ بعد ہی انہوں نے علاج کے ذریعے کینسر کو شکست دے دی تھی۔
سنجے دت نے ایک تازہ انٹرویو میں بتایا کہ جب انہیں پہلی مرتبہ معلوم ہوا کہ انہیں کینسر ہے تو کیمیوتھراپی کے بجائے انہوں نے مرنے کو ترجیح دی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ جس وقت مجھے کینسر کی خبر دی گئی میرے پاس میری بیوی، میری فیملی اور میری بہنوں میں سے کوئی نہیں تھا، میں اکیلا تھا کہ مجھے ایک لڑکے نے آکر کینسر کی خبر دی۔
اداکار نے بتایا کہ میری والدہ اور میری اہلیہ کا انتقال کینسر سے ہوا تھا اس لئے جب مجھے کینسر کا پتہ چلا تو میں نے فیصلہ کیا کہ مرجاؤں گا لیکن کیمیوتھراپی نہیں کراؤں گا۔
سنجے دت نے اپنی اہلیہ منیاتا دتہ کے سپورٹ پر اپنا علاج شروع کرایا اور اکتوبر 2020 میں انہوں نے اعلان کیا کہ وہ کینسر سے نجات حاصل کرچکے ہیں۔

پاکپتن: دو گروپوں میں تصادم، فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق

پاکپتن: (کوہ نورنیوز) شہر کے مرکزی بازار میں دوگروپوں میں تصادم کے دوران فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکپتن شہر کے معروف کاروباری بازار میں دو گروپوں میں تصادم کے باعث شدید فائرنگ کا تبادلہ کیا گیا، پولیس اہلکار جھگڑے کا بیچ بچاؤ کراتے ہوئے فائرنگ کی زد میں آکر موقع پر چل بسا۔
جاں بحق پولیس اہلکار کی شناخت شاہد کے نام سے ہوئی جو قبولہ کا رہائشی اور تھانہ سٹی میں تعینات تھا۔
تھانہ سٹی عارفوالا پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو ہسپتال منتقل کردیا جبکہ ملزمان کے خلاف کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے تفتیش شروع کردی۔

چوہدری شجاعت نے پرویز الہی کی پارٹی رکنیت معطل کردی

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ق کو پی ٹی آئی میں ضم کرنے سے متعلق بیان پر پارٹی صدر چوہدری شجاعت حسین نے پرویز الہی کی پارٹی رکنیت معطل کردی۔
صدر مسلم لیگ ق شجاعت حسین نے چوہدری پرویز الہی کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے ق لیگ کو تحریک انصاف میں ضم کرنے کے بیان پر وضاحت مانگتے ہوئے کہا کہ کیسے صوبائی صدر پارٹی کو کسی دوسری جماعت میں ضم کرسکتا ہے۔
شوکاز نوٹس میں کہا گیا کہ صوبائی صدر پارٹی کو کسی دوسری جماعت میں ضم نہیں کر سکتا، آپ سے آپکے غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام کی وضاحت مانگی جاتی ہے۔
ذرائع کے مطابق ق لیگ چوہدری شجاعت حسین کے نام رجسٹرڈ ہونے کے باعث پی ٹی آئی میں ضم نہیں ہوسکتی۔ چوہدری شجاعت کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کررکھا ہے۔

گوشوارے جمع نہ کروانے پر 271 اراکین پارلیمنٹ کی رکنیت معطل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے گوشوارے جمع نہ کروانے پر 271 اراکین پارلیمنٹ کی رکنیت معطل کردی۔
الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق سالانہ گوشواروں کی تفصیلات جمع نہ کروانے والے سینیٹ کے 21، قومی اسمبلی کے 136 ارکان کی رکنیت معطل کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں سندھ اسمبلی کے 48، خیبر پختونخوا اسمبلی کے 54 اور بلوچستان اسمبلی کے 12 ارکان کی رکنیت معطل کردی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ شوکت ترین، عبدالغفور حیدری، احمد خان، اعظم سواتی، ثانیہ نشتر، اور انوار الحق کاکڑ کی سینیٹ رکنیت بھی معطل کی گئی ہےجب کہ احسن اقبال، تاج حیدر، فواد چودھری، مراد سعید، زرتاج گل، طارق بشیر چیمہ، نوید قمر، اسد عمر اور عمر ایوب بھی رکنیت معطل کیے جانے والے اراکین میں شامل ہیں۔
ان کے علاوہ قومی اسمبلی کے معطل کیے گئے اراکین میں اسد قیصر، نور عالم خان، شہریار آفریدی، نور الحق قادری، غلام سرور خان، خواجہ آصف، محسن رانجھا، فہمیدہ مرزا، علی زیدی، شفقت محمود، کنول شوزف اور عندلیب عباس شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق معطل ارکان، قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔ علاوہ ازیں معطل ارکان اعتماد کے ووٹ سمیت قانون سازی میں بھی شامل نہیں ہو سکتے۔
رکنیت معطلی کے بعد الیکشن کمیشن نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے اسپیکرز اور چیئرمین سینیٹ کو معطل ارکان کی فہرست بھجوا دی ہے۔

ملکی قیادت حکم دے تو ابھی ایران کے جوہری مراکز پر حملہ کردیں؛ اسرائیلی فوج

تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیل کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر ملکی قیادت نے حکم دیا تو ایران کے جوہری مراکز پر حملے میں زرا دیر نہیں لگائیں گے۔
العربیہ نیوز کے مطابق اسرائیل کے اعلیٰ افسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ ایران کی جوہری تنصیبات ہر وقت ہمارے نشانے پر ہیں جیسے ہی ملکی قیادت حکم دے گی، حملہ کردیں گے۔
اسرائیلی اعلیٰ فوجی افسر نے یہ بھی بتایا کہ اس وقت ملکی قیادت حملے کی تیاری کا حکم دے چکی ہے جس کے تناظر میں جنگی طیاروں اور گولہ بارود کی خریداری جاری ہے تاکہ حملوں کو مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا جا سکے۔
العربیہ سے گفتگو میں اسرائیلی فوج کے عہدیدار کا یہ بھی کہنا تھا کہ شام میں ایران کی فوجی پوزیشن کو متاثر کرنے کے لیے وہاں بھی دور درراز علاقوں میں ایرانی عسکری ٹھکانوں پر کارروائی کرتے رہتے ہیں۔
اسرائیلی فوج کے افسر نے ان فوجی کارروائی کی وجہ شام، لبنان اور عراق میں ایران کی پوزیشننگ اور خطرات کو قرار دیا۔
اسرائیل نے 2021 میں ایران کے جوہری پلانٹ کے کمپیوٹرز پر سائبر حملہ کرکے ڈیٹا ہیک کیا تھا۔
واضح رہے کہ اسرائیل ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات کرنے پر امریکا سے بھی ناراض ہے اور کئی بار ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کا عندیہ دے چکا ہے۔