ایم کیو ایم وفاق اور سندھ حکومت سے ناراضی کے باوجود الیکشن میں حصہ لے گی، رابطہ کمیٹی کا فیصلہ

کراچی: (ویب ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) نے کل کے بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وعدے پورے نہ ہونے پر وفاقی اور سندھ حکومت سے ناراضی برقرار ہے۔ حکومت سے ناراضٰ کے باوجود بلدیاتی الیکشن میں حصہ لیا جائے گا۔
ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے وفاقی وزرا امین الحق، فیصل سبزواری اور معاون خصوصی صادق افتخار کو کام سے روک دیا اور کہا ہے کہ پارٹی ہدایات تک وزرا اور معاونین خصوصی کام نہیں کریں گے۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے مبینہ جعلی پولیس مقابلے میں مارے جانے والے نوجوان نقیب اللہ قتل کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔
فریقین کے وکلا کے حتمی دلائل سننےکے بعد انسداد دہشت گردی عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس کا فیصلہ محفوظ کیا،کیس کا فیصلہ 23 جنوری کو سنایا جائےگا۔
کیس میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار اور دیگر ملزمان نامزد ہیں، ملزمان کے خلاف سچل تھانے میں مقدمہ درج ہے۔
نقیب اللہ محسود و دیگر کو 13 جنوری 2018 کو مبینہ جعلی پولیس مقابلے میں ہلاک کردیا گیا تھا ۔
یاد رہےکہ سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے 13 جنوری 2018 کو 27 سالہ نوجوان نقیب اللہ محسودکو کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں ایک مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کرنےکا دعویٰ کرتے ہوئےکہا تھا کہ مقتول کا تعلق دہشت گرد تنظیم سے تھا۔
تاہم نقیب کے اہلخانہ نے راؤ انوار کے پولیس مقابلےکو جعلی قرار دیا تھا۔
بعدازاں سوشل میڈیا اور میڈیا پر معاملہ اٹھنے کے بعد اس وقت کے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے آئی جی سی ٹی ڈی ثنااللہ عباسی کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی تھی۔
تحقیقاتی کمیٹی نے نقیب اللہ کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے پولیس پارٹی کے سربراہ ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کو معطل کرکے گرفتار کرنے اور نام ای سی ایل میں ڈالنےکی سفارش کی تھی جس پر انہیں عہدے سے ہٹا کر نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا تھا اور کیس میں ملوث پولیس پارٹی کو بھی معطل کردیا گیا تھا۔
نقیب اللہ قتل کیس کے بعد راؤ انوار اچانک منظر سے غائب ہوگئے تھے جبکہ ایک مرتبہ ان کی اسلام آباد ائیرپورٹ سے مبینہ طور پر بیرون ملک فرار کی کوشش بھی ناکام ہوئی۔
اس دوران سپریم کورٹ نے جعلی پولیس مقابلے میں نقیب اللہ محسود کی ہلاکت کا ازخود نوٹس بھی لیا جس کے بعد کچھ عرصے تک روپوش رہنےکے بعد 21 مارچ 2018 کو وہ اچانک سپریم کورٹ میں پیش ہوگئے جہاں عدالت کے حکم پر انہیں گرفتار کرکےکراچی پہنچا دیا گیا۔
10 جولائی 2018 کو کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس کے مرکزی ملزم راؤ انوار کی درخواست ضمانت منظور کی تھی جس کے بعد سے وہ ضمانت پر رہاہیں۔
5 اپریل 2018 کو سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں نقیب اللہ محسود کے والد سےملاقات کی تھی اور تعزیت کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا تھا کہ پاک فوج نقیب اللہ کے لیے انصاف کے حصول کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گی۔
2 دسمبر 2019 کو نقیب اللہ محسود کے والد راولپنڈی کے اسپتال میں انتقال کرگئے تھے، وہ کینسرکے عارضے میں مبتلا تھے۔

بارش اور برفباری، بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی گر گیا

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بارش اور برفباری کےبعد وادی کوئٹہ، قلات اور زیارت سمیت بلوچستان کے بیشتر علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں، درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی گر گیا ہے۔
صوبے میں یخ بستہ موسم کی وجہ سے گھروں اور دفاتر میں ٹینکیوں اور نلکوں کا پانی بھی جم گیا ہے، گیس پریشر کی کمی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کے معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں، بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ میں شدید سردی کے باعث سڑکوں ، گلیوں اور گھروں کی پائپ لائنوں میں بھی پانی جم گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اب کوئٹہ اور گرد و نواح میں مطلع صاف ہے جبکہ موسم انتہائی سرد ہے، دوسری جانب کوئٹہ شہرمیں گیس پریشر کم اور کئی علاقوں میں نہ ہونے کے برابر ہے، قلات اور زیارت میں بھی گیس پریشر غائب ہو گیا جس کے باعث خواتین کو امور خانہ داری میں مشکلات کا سامنا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کوئٹہ میں آج کم سے کم درجہ حرارت منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہر کے مضافاتی علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت اس سے بھی کم محسوس کیا جا رہا ہے۔

قومی ٹیم کے جلد فارم میں واپس آنے کیلئے پر اعتماد ہوں، شاہد آفریدی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کے اختتام پر عبوری چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے الوداعی پیغام میں کہا ہے کہ قومی ٹیم کے جلد واپس فارم میں آنے کیلئے پر اعتماد ہوں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق کپتان شاہد آفریدی نے مہمان ٹیم نیوزی لینڈ کو 3 ایک روزہ میچز کی سیریز جیتنے پر مبارکباد پیش کی اور چیف سلیکٹر کی ذمہ داری سونپنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا بھی شکریہ ادا کیا۔
اپنے الوداعی پیغام میں سابق کپتان نے قومی کرکٹر فخر زمان اور محمد رضوان کی اچھی بیٹنگ پر اظہار مسرت کیا، جبکہ کیویز بیٹر گلین فلپس کی شاندار بیٹنگ کی تعریف کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا لپ فلپس نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہم سے فتح چھین لی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے بطور چیف سلیکٹر اپنی ذمہ داری کا بھرپور لطف اٹھایا، امید ہے کہ اپنے دلیرانہ فیصلوں کے باعث مداحوں کی امیدوں پر پورا اترا ہوں گا، میں ہمیشہ کسی بھی مدد کے لئے حاضر رہوں گا۔

آصف زرداری نے پیپلز پارٹی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کو بلاول ہاؤس لاہور طلب کر لیا

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری نے موجودہ ملکی سیاسی صورتحال بارے مشاورت کے لیے پیپلز پارٹی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کو بلاول ہاؤس لاہور طلب کر لیا۔
ذرائع کے مطابق پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ ملاقات کے لیے بلاول ہاؤس لاہور پہنچ گئے، ارکان پنجاب اسمبلی علی حیدر گیلانی، مخدوم عثمان سمیت دیگر ایم پی ایز بھی سابق صدر آصف علی زرداری کی ہدایت پر بلاول ہاؤس لاہور پہنچ چکے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں پنجاب اسمبلی کے تحلیل ہونے کے بعد پنجاب کی سیاسی صورتحال کے بارے مشاورت کی جائے گی۔

چین سے مال گاڑیوں کو لگنے والی 70 مزید بوگیاں پیر کو کراچی پہنچیں گی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چین سے مال گاڑیوں کو لگنے والی 70 مزید نئی بوگیاں پیر کو کراچی پہنچیں گی، رواں سال 820 ویگنوں میں سے مزید 130 ویگنز مارچ میں ریلوے سسٹم میں شامل ہوجائیں گی۔
ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی معاہدے کے تحت باقی 620 ویگنیں پاکستان میں بنیں گی، ملک میں مینوفیکچرنگ سے قومی خزانے کا پیسہ بچے گا اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔
نئی ویگنز سے ریلوے آمدن میں سالانہ ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہو گا، موجودہ ویگنز 60 ٹن وزن کے ساتھ 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑ سکتی ہیں، نئی ویگنز میں 70 ٹن وزن کے ساتھ 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کی صلاحیت ہے۔
جدید ویگنز کی سسٹم میں شمولیت سے ریلوے کے ذریعے مال کی ترسیل کے رجحان میں اضافہ ہو گا۔

اعتماد کا ووٹ لینا پڑا تو کوئی خطرہ نہیں، اپنے نمبرز پورے دکھائیں گے: بلاول بھٹو

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اعتماد کا ووٹ لینا پڑا تو ہم اپنے پورے نمبرز دکھائیں گے، اس حوالے سے ہمیں کوئی خطرہ نہیں، ہمارا فوکس اس وقت بلدیاتی انتخابات پر ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بلدیاتی ہوں یا عام انتخابات پیپلز پارٹی نہیں ڈرتی، الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد کنفیوژن کلیئر ہو چکی ہے، کل ہی الیکشن کیلئے پولنگ ہو گی، پیپلزپارٹی کی مکمل تیاری ہے، انشااللہ ہم پرامید ہیں ہم اپنی اسپیس لیں گے، کارکن بھرپور تعداد میں نکل کر ووٹ کا حق استعمال کریں۔
وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کی وجہ سے معیشت مشکل میں تھی، ان کو نظر آ رہا ہے معیشت مشکل سے نکل آئے گی، وہ اسی وجہ سے معاملات کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، پاکستان نے تاریخ کی سب سے بڑی قدرتی آفت کا سامنا کیا، ضروری ہے پاکستان کو پہلے مشکل صورتحال سے نکالا جائے، ملک کے مفاد میں نہیں کہ فوری عام انتخابات میں جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری جنیوا کانفرنس کامیاب رہی، دوست ممالک نے پاکستان کی امداد کیلئے بڑے اعلان کیے ہیں،عمران خان نے پہلے بھی آئی ایم ایف معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی، وہ عوام کی خدمت کرنے اور دہشت گردوں کو شکست دینے کے بجائے ذاتی مفادات کا سوچ رہے ہیں، امید کرتا ہوں ایم کیو ایم ایک بہت پرانی سیاسی جماعت ہے، وہ غیر سیاسی فیصلہ نہیں کرینگے اور الیکشن میں حصہ لیں گے۔

41 نوری سال کے فاصلے پر موجود زمین جیسا سیارہ

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) ناسا کی جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ نے اپنا پہلا سیارہ دریافت کر لیا اور اس چٹانی سیارے کا حجم تقریباً ہماری زمین جیسا ہی ہے۔
LHS 475 b نامی یہ ایگزو پلینٹ 99 فی صد زمین کے قطر کے برابر ہے۔ تاہم، زمینی سطح ہونے کے باوجود سائنس دانوں کو یہ نہیں معلوم کہ آیا اس کا کوئی ماحول ہے کہ نہیں۔ ایگزو پلینٹ ان سیاروں کو کہا جاتا ہے جو نظامِ شمسی سے باہر موجود ہوتے ہیں۔
اگرچہ ماہرین کی ٹیم یہ نہیں بتا سکتی کہ وہاں کیا موجود ہے لیکن اس بات کی نشان دہی ضرور کرسکتی ہے کہ وہاں کیا موجود نہیں ہے۔ سائنس دانوں نے اس سیارے میں میتھین کی موٹی تہہ کی موجودگی نہ ہونے کے امکانات ظاہر کیے ہیں۔
زمین سے 41 نوری سال کے فاصلے پر موجود اس سیارے کا درجہ حرارت زمین کے مقابلے میں کچھ سو ڈگری زیادہ ہے اور یہ اپنے مرکزی ستارے کے گرد دو دن میں چکر مکمل کر لیتا ہے۔
ایسے ایگزو پلینٹ خلائی دور بینوں سے اب تک چھپے ہوئے تھے لیکن اس کی دریافت کے بعد یہ بات ایک بار پھر ثابت ہوگئی کہ جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ کی ٹیکنالوجی کتنی جاندار ہے۔
واشنگٹن میں ناسا ہیڈکوارٹرز کے آسٹروفزکس ڈویژن کے ڈائریکٹر مارک کلیمپِن نے ایک بیان میں کہا کہ زمین کے حجم کے چٹانی سیارے سے ملنے والے ان ابتدائی مشاہداتی نتائج سے مستقبل میں جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ کے ذریعے چٹانی سیاروں کے ماحول کے مطالعے کے متعدد امکانات کا باب کھلتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ٹیلی اسکوپ ہمیں ہمارے نظامِ شمسی سے باہر موجود زمین کے جیسے سیاروں کے متعلق نئے فہم سے قریب سے قریب تر لے جارہی ہے۔

نارووال: ٹریفک حادثے میں 2 موٹر سائیکل سوار جاں بحق

نارووال: (ویب ڈیسک) پسرور روڈ قلعہ احمد کے قریب ٹریفک حادثے میں 2 موٹر سائیکل سوار جاں بحق اور ایک زخمی ہوا ہے۔
تیز رفتار بس نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری جس کی زد میں آ کر 2 موٹر سائیکل سوار موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری بھجوانے کے باوجود وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا۔
پنجاب کابینہ کے اہم اجلاس میں گیارہ نکاتی ایجنڈا پر غور کیا گیا، نیا پرائیویٹ ائیرکرافٹ لیز پر لینے، پنجاب سیف سٹی کے ایم ڈی کی تعیناتی اور محکمہ خوراک میں 225 نئی بھرتیوں کی منظوری ایجنڈے میں شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کابینہ کے اجلاس میں میانوالی کو ڈویژن بنانے کی منظوری دی جائے گی، اس کے علاوہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کو بھی فنڈز کی منظوری دی جائے گی۔
کابینہ اجلاس میں زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے وائس چانسلر کی تقرری اور شیخوپورہ بار ایسوسی ایشن کیلئے فنڈز کی فراہمی کی بھی منظوری دی جائے گی۔