عمران خان کی زیر صدارت اجلاس، اہم سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران کی صدارت میں پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں اہم سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
زمان پارک میں ہونے والے اہم اجلاس میں فواد چودھری، سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان، سینیٹراعظم سواتی، صوبائی وزیر خیال کاسترو، مشیر داخلہ عمر سرفراز چیمہ اور مسرت جمشید چیمہ شریک جبکہ سینئر رہنما ویڈیو لنک کے ذریعے بھی شامل ہوئے۔
اجلاس میں صوبائی اسمبلی کی تحلیل، آئندہ عام انتخابات، پنجاب اور کے پی کے نگران سیٹ اپ کے بارے میں مشاورت ہوئی اس کے علاوہ شہباز شریف کے خلاف اعتماد کے ووٹ کی کارروائی سے متعلق بھی حکمت عملی اور ن لیگ کے ارکان قومی اسمبلی سے رابطوں پر غور کیا گیا۔

ہم الیکشن کیلئے تیار ہیں، عمران خان کو نانی یاد آئے گی: قمر زمان کائرہ

گجرات: (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ہم الیکشن کیلئے تیار ہیں عمران خان کا شوق بھی پورا کر دیں گے، عمران خان کو الیکشن میں نانی یاد آئے گی، جب میدان لگے گا پتہ لگ جائے گا، بلاول بھٹو کے وزیر خارجہ بننے کے بعد سعودی عرب راضی ہوا ہے۔
گجرات میں گفتگو کرتے ہوئے مشیر وزیر اعظم قمرزمان کائرہ نے کہا کہ عمران خان فوج کے سربراہوں کو غدار کہتا ہے، فوج کو گالیاں دیتا ہے، امیرصادق، امیر جعفر کہتا ہے، آج پاکستان بڑے مشکل حالات میں ہے، پنجاب حکومت نے اسمبلی توڑ کر کوئی غیر آئینی کام نہیں کیا، سعودی عرب نے 1 ارب ڈالر کے تیل دینے کا معاہدہ کیا ہے، لیڈر قوموں کا خواب دیکھاتے ہیں، عمران خان خواب نہیں سراب دیکھاتا ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما قمرزمان کائرہ نے مزید کہا کہ عمران خان کو ہاتھ جوڑ کر کہتے ہیں الیکشن لڑو مگر پاکستان کیساتھ نہ لڑو، ہماری جماعتوں کے اندر بھی خرابیاں ہیں، اب ان کیلئے بھی لڑنا ہو گا، روز ہمارے ساتھ فراڈ ہوتے ہیں عوام نے ساری قیادتوں کو دیکھ لیا ہے، فوجی قیادتوں کو بھی عوام نے دیکھ لیا ہے، بلاول بھٹو کے وزیر خارجہ بننے پر جماعت میں بڑا مباحثہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پورے چار سال میں عمران خان نے حکومت کی وہ اپنا کوئی ایک کام بتا دے، ہمارا دل تھا 5 سال تک تمام حکومتیں اپنا مقررہ وقت پورا کریں، پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا قرضہ عمران خان کے دور میں لیا گیا تھا، ان کے دور میں مہنگائی بڑھ رہی تھے، سعودی عرب، چین، دبئی، یورپ والے ناراض تھے، ہم روز امداد لینے جاتے ہیں اور ابھی بھی اکڑے بیٹھتے ہیں۔

اعتماد کا ووٹ یا اہم قانون سازی، حکومت کی اراکین پارلیمنٹ کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اعتماد کے ووٹ کا ڈر یا کوئی اہم قانون سازی کا ارادہ، وفاقی حکومت نے اراکین پارلیمنٹ کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کر دی۔
پارلیمانی ذرائع کے مطابق پارلیمانی لیڈران کے ذریعے اراکین قومی اسمبلی و سینیٹ کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، سینیٹ و قومی اسمبلی اجلاس سے قبل مشاروتی اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سینیٹ میں حکومتی اتحادیوں کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پیر کو طلب کیا گیا ہے، اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا کریں گے۔

اسمبلی کی تحلیل اہم ذمہ داری، نہیں چاہتا یہ کام عجلت میں ہو، گورنر پنجاب

لاہور: (ویب ڈیسک) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کی تحلیل اہم ذمہ داری ہے، میں نہیں چاہتا کہ یہ کام عجلت میں ہو۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ آج رات تک کا وقت ہے، آئین کی پاسداری کے لیے قدم اٹھانا پڑے گا لیکن یہ فیصلہ بھاری دل کے ساتھ کروں گا۔
محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ میری دعا ہے جو بھی فیصلہ ہو ملک و قوم کی بھلائی کے لیے ہو۔

سندھ حکومت بھی کراچی میں بلدیاتی الیکشن کرانے کیلئے تیار ہو گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق سندھ حکومت بھی کراچی میں بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے تیار ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق سندھ حکومت کے 2 اہم وزراء کا کراچی میں کل بلدیاتی انتخابات ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے پر مکمل طور پر عملدرآمد کیا جائے گا۔
دوسری جانب آئی جی سندھ نے الیکشن کمیشن سندھ کے آفس میں سیکریٹری الیکشن کمشنر اور صوبائی الیکشن کمشنر سے ملاقات کی ہے، اس حوالے سے آئی جی نے بتایا کہ ہماری ایف سی، رینجرز تعینات کرنے پر بات ہوئی، حساس پولنگ سٹیشنز پر رینجرز تعینات کرنے سے متعلق بھی بات کی۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے مزید کہا کہ شہر میں 600 اہلکاروں پر مشتمل ایف سی کی 20 پلاٹونز تعینات ہوں گی، اس الیکشن کیلئے 68 ہزار پولیس اہلکاروں کی ضرورت ہے، تمام اہلکار الیکشن کمیشن کو دے دیں تو روٹین پولیسنگ کیلئے مسئلہ ہوگا، ہدایات کے مطابق سکیورٹی دیں گے۔

پنجاب حکومت کا ایک اور ڈویژن بنانے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے صوبے میں ایک اور ڈویژن میانوالی کے اضافے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
کیبنٹ ونگ ایس اینڈ جی اے ڈی کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب صوبائی کابینہ کے اجلاس میں نئی ڈویژن بنانے کی منظوری دیں گے۔
پنجاب کابینہ کے اجلاس میں ضلع میانوالی کو ڈویژن بنانے کی منظوری دی جائے گی، اجلاس کچھ دیر بعد شروع ہوگا۔

سابق صدر آصف علی زرداری وزیراعظم سے ملاقات کیلئے لاہور پہنچ گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری لاہور پہنچ گئے ہیں جہاں وہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔
ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری کچھ اہم تجاویز لے کر لاہور پہنچے ہیں، آصف علی زرداری اہم تجاویز وزیراعظم شہبازشریف کے سامنے رکھیں گے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں مستقبل کی سیاسی صورتحال سے متعلق بھی اہم معاملات زیر غور آئیں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ان کی رہائشگاہ ماڈل ٹاؤن میں ون آن ون ملاقات کی تھی جس میں پنجاب اسمبلی کی تحلیل سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

پی ٹی آئی کا وزیراعظم کے خلاف اعتماد کے ووٹ کی کارروائی کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کا بڑا فیصلہ، وزیراعظم کے خلاف اعتماد کے ووٹ کی کارروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے وزیراعظم کے خلاف اعتماد کے ووٹ کی کارروائی کرنے کی منظوری دے دی ہے، صدر مملکت بہت جلد وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ لینے کے لئے کہیں گے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے یہ فیصلہ ایم کیو ایم کے تحفظات کو دیکھتے ہوئے کیا، پی ٹی آئی پرامید ہے کہ ایم کیو ایم وزیراعظم کو ووٹ نہیں دے گی،مسلم لیگ ن کے 5 ایم این اے بھی غیر حاضر رہیں گے۔
یاد رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ اور پی ڈی ایم کے درمیان حلقہ بندیوں کے معاملے پر اختلافات ہیں اور ایم کیو ایم حکومت کا ساتھ چھوڑنے کی دھمکی بھی دے چکی ہے۔

سعودی مسلح افواج میں بھرتی کیلئے 225 خواتین کی ٹریننگ مکمل

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں پہلی بار مسلح افواج میں خواتین بھی شامل ہونے جارہی ہیں اور اس سلسلے میں 225 خواتین نے ٹریننگ مکمل کرلی۔
سعودی میڈیا کے مطابق گزشتہ برس فروری میں پہلی بار خواتین کو مسلح افواج میں شریک ہونے کا موقع دیئے جانے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور ستمبر میں 225 خواتین افسران نے آرمڈ فورسز ویمن کیڈر ٹریننگ سینٹر میں گریجویشن مکمل کی تھی۔
خواتین افسران نے مختلف شعبہ جات میں خدمات انجام دینے کے لیے ڈپلومیٹک سیکیورٹی کے علاوہ حج اور عمرے کی سیکیورٹی کے سپیشلائزیشن کورسز مکمل کرلیے اور اب فرائض کی انجام دہی کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
خواتین کی ٹریننگ اور گریجویشن کے مکمل ہونے پر وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود اور ڈائریکٹر پبلک سیکیورٹی لیفٹیننٹ جنرل محمد البسّامی کے تعاون سے تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب میں خواتین افسران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ملک کے ہر ایک محاذ پر خواتین بھی سیسہ پلائی ہوئی دیوار تک کھڑی ہوں۔

برطانیہ کا ایرانی پاسداران انقلاب کو دہشتگرد تنظیم قرار دینے پر غور

لندن: (ویب ڈیسک) پہلے سے پابندیاں عائد کرنے کے بعد برطانیہ نے ایران کی پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے پر بھی غور شروع کر دیا۔
برطانوی وزیر مملکت برائے امور خارجہ لیو ڈوچرٹی نے پارلیمنٹ سے خطاب میں کہا کہ برطانیہ ایرانی پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے پر غور کر رہا ہے تاہم اس نے ابھی تک اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
ایران کی صورتحال پر بحث کے دوران کچھ ارکان پارلیمان نے پاسداران انقلاب پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ڈوچرٹی نے اس حوالے سے کہا کہ میں غلط ہوں گا اگر میں اس تحقیق کے نتائج کے بارے میں قیاس آرائیاں کروں، یہ ایک مطالعہ ہے جو سنجیدگی سے کیا جا رہا ہے۔
تاہم میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ مجھے یقین ہے کہ اس ایوان کے ہر طرف سے یہ مطالبہ سامنے آیا ہے۔ جس اتحاد سے ہر جانب سے مطالبات آئے ہیں حکومت اس پر غور کرے گی ، یہ وہ چیز ہے جسے ہم بہت زیادہ توجہ کے ساتھ دیکھتے ہیں۔
اگر ایرانی پاسداران انقلاب کو ایک دہشت گرد گروپ کے طور پر درجہ بندی دے دی گئی تو اس صورت میں پاسداران انقلاب سے تعلق رکھنے والے افراد پر پابندی لگ جائے گی، برطانیہ میں تنظیم کے اجلاسوں میں شرکت اور تنظیم کے لوگو کو عوامی مقامات پر لےجانا برطانیہ میں ایک جرم شمار ہوگا۔
یاد رہے 16ستمبر سے ایران میں 22 سالہ نوجوان خاتون مہسا امینی کی تہران میں اخلاقی پولیس کی حراست میں موت کے بعد سے ایران میں احتجاج جاری ہے۔