ایم کیو ایم کا جنرل ورکرز اجلاس سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ملتوی

کراچی: (ویب ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) ترجمان کا کہنا ہے کہ کل ہونےوالا جنرل ورکرز اجلاس ناگزیر وجوہات کی بنا پر ملتوی کردیا گیا ہے، اجلاس کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر اور ایم کیو ایم کے رہنما امین الحق نے کہا کہ استعفوں کے آپشن پر غور کیا گیا ہے لیکن معاملات بہتر انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں، خالد مقبول صدیقی کی وزیراعظم سے بھی بات چیت ہوئی ہے، کل کا جنرل ورکرز اجلاس سکیورٹی خدشات کے پیش نظرنہیں ہوگا۔

الیکشن روکنے کی کوشش کی تو بھرپور ردعمل دیں گے، نعیم الرحمان

کراچی: (ویب ڈیسک) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کراچی کی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، اگر الیکشن کو روکنے کی کوشش کی گئی تو بھرپور ردعمل دیں گے۔
رہنما جماعت اسلامی نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی کے ساتھ مسلسل زیادتی ہو رہی ہے، 4 دفعہ بلدیاتی الیکشن کو ملتوی کیا گیا، ایم کیوایم کی فرمائش ہے کہ بلدیاتی الیکشن نہیں ہونا چاہیے، پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم دونوں جماعتیں الیکشن سے بھاگ رہی ہیں، 3 مرتبہ ہائی کورٹ نے ان کی پٹیشن کو مسترد کیا، ان کو کراچی کے عوام سے کیا خوف ہے جو الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر ایک کو ابہام میں رکھنا ان کی پالیسی ہے، ہم ہرسازش کا مقابلہ کر رہے ہیں، رات کے اندھیرے میں انہوں نے شب خون مارا تو ہم احتجاج کے لئے نکلے، ہم کہہ رہے ہیں کہ دہشت گردی ہوگی، یہ الیکشن کراچی کی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، اگرانہوں نے الیکشن کو روکنے کی کوشش کی تو بھرپور ردعمل دیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ ہم عدالت اورسڑکوں پر بھی جنگ لڑیں گے، جب ادارے کہتے ہیں کہ غیرسیاسی ہیں تو اداروں کوغیرسیاسی رہنا چاہیے، ہم نہیں چاہتے کہ ہمارے اداروں پر کوئی حرف آئے۔

شاہ چارلس سوئم پر انڈا پھینکنے والے نوجوان پر 100 پاؤنڈ جرمانہ عائد

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ کے شاہ چارلس سوئم پر انڈا پھینکنے کا اعتراف کرنے والے 21 سالہ نوجوان کو جرمانہ عائد کردیا گیا۔
لندن کے شمال میں لوٹن کے 21 سالہ ہیری مے پر 100 پاؤنڈ (122 ڈالر ) جرمانہ عائد کیا گیا اور پبلک آرڈر کے جرم کا اعتراف کرنے کے بعد اسے 85 پاؤنڈ کے اخراجات ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق انڈہ پھینکنے کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب 74 سالہ شاہ چارلس 6 دسمبر کو کمیونٹی لیڈروں سے ملنے اور سکھوں کا نیا مندر کھولنے کے لیے لوٹن میں تھے۔
پراسیکیوٹر جیسن سیٹل نے کہا کہ مے کی طرف سے پھینکا گیا انڈا چارلس کے قریب اس وقت گرا جب وہ مقامی لوگوں سے بات کر رہے تھے۔ مے نے پولیس کو بتایا کہ اس نے انڈہ اس لیے پھینکا کیونکہ اس کا خیال تھا کہ بادشاہ کا لوٹن جیسے غریب اور محروم قصبے کا دورہ مناسب نہیں تھا۔
چیف مجسٹریٹ پال گولڈ اسپرنگ نے ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کورٹ میں سماعت کے دوران مئی کو بتایا کہ آپ کا کسی سے جو بھی اختلاف ہے، اسے حل کرنے کا طریقہ یہ نہیں ہے کہ آپ ان پر میزائل پھینک دیں۔

سیاسی طور پر اسمبلیوں کی تحلیل ہمارے لیے فائدہ مند ہو گی، اسد عمر

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ سیاسی طور پر اسمبلیوں کی تحلیل ہمارے لیے فائدہ مند ہو گی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پہلے خطرہ تھا کہ اسمبلی تحلیل نہیں کرنے دی جائے گی، اسمبلی تحلیل کرنے کا مرحلہ ہم نے طے کر لیا ہے، اب لوگوں کو خدشہ ہے کہ الیکشن نہیں کرائے جائیں گے، ملک کے نظام کے بارے میں اتنے شکوک و شہبات ہیں۔
اسد عمر نے کہا کہ کوئی شک نہیں الیکشن کمیشن ایک جانبدار الیکشن کمیشن ہے، الیکشن کمیشن نےعمران خان اور میرے وارنٹ گرفتاری جاری کیے، یہ جمہوریت کے لیے اچھا نہیں کہ جانبدارالیکشن کمیشن الیکشن کرائے، چیف الیکشن کمشنر کےخلاف ہمارا ریفرنس فائل ہوا ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ امید ہےعدالت اس حوالے سے کوئی فیصلہ کرے گی، چاہےاسی الیکشن کمیشن کےنیچے الیکشن لڑنا پڑے الیکشن سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، ہماری لیگل ٹیم اگلے مرحلے کا بھی مقابلہ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ آئین میں دوٹوک لکھا ہے کہ 90 دن کےاندر الیکشن کرائے جائیں، وکلا کی ایک یہ بھی رائے تھی کہ جوڈیشری پر پریشر بھی آجاتے ہیں، لیکن کوئی بھی جوڈیشری اتنا بوجھ برداشت نہیں کرے گی کہ کھلم کھلا آئین کی خلاف ورزی کی اجازت دیدے۔
اسد عمر نے کہا کہ بھارت میں ریاستوں کے الیکشن الگ اور عام انتخابات الگ ہوتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں ایک ہی دفعہ انتخابات کرائے جائیں، مردم شماری چلتی رہے گی اس کی وجہ سے الیکشن نہیں رکے گا، پرانی مردم شماری کی بنیاد پر الیکشن ہو گا۔

الیکشن ریفارمز کرکے فوری عام انتخابات کا اعلان کیا جائے، سراج الحق

دیربالا: (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی سیاسی مقاصد کے لئے عوام کو ذلیل و خوار کر رہے ہیں، الیکشن ریفارمز کر کے فوری طور پر عام انتخابات کا اعلان کیا جائے۔
میڈیا سے گفتگو میں امیر جماعت سراج الحق نے کہا کہ عوام چاہتے ہیں جتنی جلدی ہو سکے پی ٹی ائی حکومت کا خاتمہ ہو جائے، دس سالوں میں تحریک انصاف کی خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے کو کنگال کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے بلدیاتی انتخابات سے پیپلز پارٹی راہ فرار اختیار کر رہی ہے، ایم کیو ایم کے سارے گروپ جماعت اسلامی سے شکست کے ڈر کی وجہ سے متحد ہو گئے ہیں، پی ڈی ایم کی صورت میں چوروں کا ٹولہ اکٹھا ہوا ہے جو ملک کو دیوالیہ کر رہا ہے۔
امیر جماعت کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں وافر مقدار میں گندم موجود ہے پھر بھی ذخیرہ اندوزی کی وجہ سے مہنگائی ہے، آٹے کا بحران نااہل حکمرانوں کی وجہ سے ہے۔

میڈیکل ایجوکیشن کی عالمی معیار سے مطابقت انتہائی اہم ہے، صدر مملکت

کراچی: (ویب ڈیسک) صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ میڈیکل ایجوکیشن کی عالمی معیار سے مطابقت انتہائی اہم ہے۔
کالج آف فزیشنزاینڈ سرجنز آف پاکستان کی بین الاقوامی کانفرنس میں صدر مملک ڈاکٹر عارف علوی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
تقریب سے خطاب میں صدر عارف علوی نے کہا کہ کانفرنس کا انعقاد خوش آئند ہے، کانفرنس میں شرکت کرنے والوں کو خوش آمدید کہتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ طب کا شعبہ بڑی اہمیت کا حامل ہے، میڈیکل ایجوکیشن کی عالمی معیارسے مطابقت یقینی بنانا انتہائی اہم ہے۔

بلاول بھٹو ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کریں گے

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے ورلڈ اکنامک فورم کے صدر کی دعوت پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 16 جنوری کو سوئٹزرلینڈ کا دورہ کریں گے، وزیر خارجہ کے ساتھ وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر بھی ہوں گی، وزیر خارجہ اور وزیر مملکت عالمی اور علاقائی مسائل پر ورلڈ اکنامک فورم کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔
ورلڈ اکنامک فورم ہر سال سیاسی اور کاروباری رہنماؤں کو اکٹھا کرتا ہے، ورلڈ اکنامک فورم میں معاشی، سماجی اور ماحولیاتی چیلنجز پر قابو پانے کے راستے کی نشاندہی کی جاتی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق رواں سال ورلڈ اکنامک فورم کا انعقاد ایک بکھری ہوئی دنیا میں تعاون کے عنوان سے کیا جا رہا ہے، وزیر خارجہ جغرافیائی سیاسی حقیقتوں کے معاشی اور سماجی اثرات اور خطے کو درپیش چیلنجز پر پاکستان کے نقطہ نظر پیش کریں گے۔

ایم کیو ایم کی حکومت سے علیحدگی کی دھمکی؛ وزیرعظم کی تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی

کراچی: (ویب ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے کراچی میں حلقہ بندیوں کے معاملے پر وفاقی حکومت سےعلیحدگی پر غور ہوا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے خالد مقبول صدیقی کو فون کرکے تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت سے علیحدگی کے معاملے پر ایم کیو ایم پاکستان رابطہ کمیٹی نے ہنگامی اجلاس طلب کیا جبکہ ایم کیوایم کے وفاقی وزرا نے اپنے استعفے خالد مقبول صدیقی کے پاس جمع کرادیے۔
ذرائع نے بتایا کہ اگر حکومت حلقہ بندیوں میں مدد نہیں کرسکتی حکومت میں رہنے کا جواز نہیں ہے جس کے بعد ایم کیوایم کی علیحدگی سے وفاقی حکومت خطرے میں پڑسکتی ہے جبکہ ایم کیوایم نے اہم فیصلوں کی تجدید کیلئے کل جنرل ورکرز اجلاس بھی بلوایا ہوا ہے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور ان کے قریبی ساتھیوں کے مابین مشاورت سے متعلق بتایا گیا تھا کہ صدر مملکت وزیراعظم شہباز شریف کو قومی اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ لینے کا کہہ سکتے ہیں۔
رونما ہونے والی سیاسی صورتحال کے پیش نظر اگر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان وفاقی حکومت سے علیحدگی اختیار کرتی تو وزیراعظم شہباز شریف کو اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں ناکامی ہوسکتی ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی جانب سے کراچی میں حلقہ بندیوں کے معاملے پر وفاقی حکومت سےعلیحدگی پر غور کے ساتھ ہی وزیراعظم شہباز شریف نے خالدمقبول صدیقی سے رابطہ کرکے آج رات ہی مثبت پیش رفت کی یقین دہانی کرادی۔
اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ خالد مقبول صدیقی نے وزیراعظم کو کہا کہ اب عمل درآمد چاہیے ، عوام اور کارکنان کا پریشر ہے اور آج دن سے آپ کے مثبت جواب کا انتظار کررہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ایم کیو ایم پاکستان کا وفد 14 جنوری (بروز ہفتے) کو اسلام آباد میں وزیراعظم سے ملاقات کرے گا، وفد کی قیادت خالد مقبول صدیقی کریں گے جبکہ وفد میں فاروق ستار، مصطفی کمال اور وسیم اختر بھی شامل ہوں گے۔

پرواز کے دوران گمشدہ بیگ 4 برس بعد خاتون کو واپس مل گیا

ہیوسٹن: (ویب ڈیسک) امریکی ایئرلائن سے چار برس قبل گمشدہ ہونے والا سوٹ کیس خاتون کو واپس مل گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی فضائی کمپنی یونائیٹڈ ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے شکاگو سے گھر لوٹنے والی خاتون کا سامان سے بھرا ہوا بیگ دوران پرواز گم ہوگیا تھا جسے 4 برس بعد ایئرلائن نے خاتون کو واپس لوٹا دیا ہے۔
خاتون نے ٹک ٹاک پر شیئر کی جانے والی ویڈیوز میں بتایا کہ میں ہیوسٹن ایئرپورٹ پہنچی تو مجھے فون کال موصول ہوئی کہ آپ کا کھویا ہوا بیگ مل گیا ہے جو ہونڈورس سے بذریعہ پرواز آیا ہے۔
اپریل گیون نامی خاتون نے کہا میں بیگ ملنے اور پھر بیگ کے ہونڈورس سے پہنچنے اور واپس آنے پر ششدر رہ گئی۔
گیون نے اپنی ویڈیو میں بتایا کہ وہ اگست 2018 میں ایک کاروباری دورے پر شکاگو گئی تھی جہاں سے گھر لوٹتے ہوئے ان کا بیگ گم ہوگیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اتنے برس میں بیگ کو تھوڑا سا نقصان پہنچا تاہم بیگ کے اندر موجود سامان ٹھیک حالت میں موجود تھا۔
اپریل گیون کا کہنا تھا کہ ایئرلائن نے انہیں بیگ کھونے کی وجہ کچھ یوں بتائی کہ چیک ان کرتے وقت میرا بیگ مشین پر درست طریقے سے اسکین نہیں ہوا تھا، اسی لیے ٹریک نہیں ہوسکا۔

تیسرا ون ڈے؛ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی

کراچی: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ نے پاکستان کو تیسرے ایک روزہ میچ میں 2 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے ایک روزہ سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں نیوزی لینڈ نے 281 رنز کا ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر 49 ویں اوور میں پورا کیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے گلین فلپس 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 42 گیندوں پر 63 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
کپتان کین ولیمسن 53 اور ڈیوون کانوے 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ڈیرل مچل 31 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
پاکستان کی جانب سے سلمان آغا اور محمد وسیم نے 2،2 جبکہ محمد نواز اور اسامہ میر نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 280 رنز بنائے.
ابتداء میں پاکستان کے بلے بازوں کی کارکردگی مایوس کن رہی۔ اوپنر شان مسعود صفر جبکہ کپتان بابراعظم 4 رنزبناکر پویلین لوٹ گئے، 21 کے مجموعی اسکور پر دو وکٹیں گرنے کے بعد فخز زمان اور محمد رضوان نے 153 رنز کی پارنٹرشپ قائم کی تاہم رضوان 77 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے، فخرزمان 101 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ حارث سہیل بھی 22 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔
آغا سلمان نے 45 رنز کی اہم اننگ کھیلی تاہم وہ نصف سینچری مکمل نہ کرسکے اور گیند کو باؤنڈری سے باہر پھینکنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ساوتھی نے 3، لوکی فرگوسن نے 2 جب کہ مچل بریسویل اور ایش سودھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ فخر زمان اور حارث سہیل رن آؤٹ ہوئے۔