سری لنکا کا معاشی بحران سے نکلنے کیلیے فوج کی تعداد میں کمی کرنے کا فیصلہ

کولمبو: (ویب ڈیسک) سری لنکا نے معاشی بحران سے نکللنے کے لیے دیکر اخراجات میں کٹوتی کے ساتھ ساتھ فوجیوں کی تعداد میں بھی کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا اگلے سال تک بتدریج فوجیوں کی تعداد میں ایک تہائی تک کمی کردے گا جب کہ 2030 تک یہ تعداد ایک لاکھ تک کردی جائے گی۔
سری لنکا کی مسلح افواج کا حجم 2017 اور 2019 کے درمیان 3 لاکھ 17 ہزار تھی جو ورلڈ بینک کے مطابق 2009 میں ختم ہونے والے لبریشن ٹائیگرز آف تامل ایلم کے ساتھ 25 سالہ طویل تنازع کے دوران اس سے بھی کہیں زیادہ تھی۔
دارالحکومت کولمبو میں مقیم تھنک ٹینک ویریٹ ریسرچ کے مطابق سری لنکا کے کل اخراجات میں دفاعی شعبے کا حصہ 2021 میں جی ڈی پی کے 2.31 فیصد پر پہنچ گیا تھا گو 2022 میں اس میں کچھ کمی آئی تھی۔
سری لنکا کے وزیر دفاع نے پریمیتھا بندارا تھینکون کا کہنا ہے کہ ملک کو اس وقت سات دہائیوں کے دوران پہلے بدترین معاشی بحران کا سامنا ہے جس سے نبرد آزما ہونے کے لیے اخراجات کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ فوجیوں کی تعداد اور اخراجات میں کمی اس اقدام کا مقصد 2030 تک ایک تکنیکی اور حکمت عملی کے لحاظ سے صحیح اور متوازن دفاعی قوت بنانا ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں صدر رانیل وکرما سنگھے نے ریاستی اخراجات میں پانچ فیصد کمی کا حکم دیا تھا اور ان کی انتظامیہ نے اس ہفتے کے شروع میں متنبہ کیا تھا کہ خط غربت سے نیچے 1.8 ملین خاندانوں کے لیے فلاحی ادائیگیوں میں اس ماہ تاخیر ہو سکتی ہے۔
شدید معاشی بحران کے شکار سری لنکا کو 2.9 بلین ڈالر کا IMF قرض حاصل کرنے کے لیے پیشگی شرط کے طور پر قرض کی پائیداری حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔
جس کے لیے آئی ایم ایف نے سری لنکا سے اپنی 1.5 ملین مضبوط عوامی خدمات کو کم کرنے، ٹیکسوں میں تیزی سے اضافہ کرنے اور خسارے میں جانے والے سرکاری اداروں کو فروخت کرنے کو بھی کہا ہے۔
ادھر روس اور چین نے بھی سری لنکا کو علاقائی قرض دینے کے معاملے میں سست روی کو اپنا رکھا ہے جس سے عدم استحکام میں مزید اضافہ ہوگیا۔

قابض اسرائیلی فوج کی جارحیت میں مزید 2 فلسطینی نوجوان شہید

غزہ: (ویب ڈیسک) قابض اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں مزید 2 فلسطینی شہید ہوگئے اس طرح صرف 24 گھنٹوں میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 3 ہوگئی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی کنارے کے علاقے جنین کے پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوج نے چھاپہ مار کارروائی کی جس کے دوران مزید 2 فلسطینی نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا گیا۔
گزشتہ روز ایک اور پناہ گزین کیمپ میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران اسرائیلی فوج کے اسنائپر کی فائرنگ سے چھت پر کھڑے فلسطینی شہری 41 سالہ سمیر اسلان گولی سے شہید ہوگئے تھے۔
رواں برس کے پہلے مہینے کے دو ہفتوں میں اسرائیلی فوج کی جارحیت میں شہید ہونے والے فلسطینی نوجوانوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے جب کہ گزشتہ برس فلسطینی نوجوانوں کی شہادتوں کی تعداد اسرائیلی قبضے کے بعد سے سب سے زیادہ تھی۔
اسرائیل میں حالیہ ہونے والے انتخابات میں سابق وزیر اعظم نیتن یاہو ایک بار پھر وزارت عظمیٰ کی کرسی پر براجمان ہوگئے ہیں اور اس بار ان کی اتحادی کٹر یہودی جماعت ہے۔
یہی وجہ ہے کہ اس مسلم دشمن گٹھ جوڑ نے اقتدار میں آتے ہی قانون سازی کرتے ہوئے یہودی آباد کاروں کو اسرائیل کے مستقل شہریوں کے برابر حقوق دیدیئے جب کہ ان کے پڑوسی فلسطینیوں کے مقدمات فوجی عدالت میں چلائے جائیں گے۔

لاہور : رائیونڈ روڈ پر شوہر کے ہاتھوں بیوی کا قتل

لاہور : (ویب ڈیسک) لاہور کے علاقے رائیونڈ روڈ پر شوہر نے بیوی کو گلا دبا کر قتل کردیا ۔
پولیس کے مطابق ملزم ارشاد مقتولہ کلثوم بی بی کو گلا دبا کر قتل کرنے کے بعد تھانے پہنچ گیا، ون فائیو کی کال پر نہ پہنچنے والی پولیس نے تھانے سے ملزم کوگرفتار کرلیا ۔
لاہور پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر مقتولہ کی لاش کو قبضے میں لے لیا ، پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے لاش کو پوسٹمارٹم کیلئے منتقل کردیا ہے۔

پنجاب اسمبلی کے انتخابات 12 اپریل کو کرانے کی تجویز

لاہور: (ویب ڈیسک) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات 12 اپریل کو کرانے کی تجویز پیش کر دی۔
ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کی پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے آئینی ماہرین سے مشاورت مکمل ہو گئی، گورنر پنجاب آج رات وزیراعلیٰ پنجاب کی سمری پر دستخط کر سکتے ہیں، جس کے بعد پنجاب اسمبلی آج رات ہی تحلیل ہونے کا امکان ہے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے وزیر اعظم کو پنجاب اسمبلی کے انتخابات 12 اپریل کو کرانے کی تجویز پیش کر دی۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے گزشتہ رات پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری گورنر پنجاب کو ارسال کی تھی۔

سپریم کورٹ: اٹارنی جنرل کی تعیناتی سے متعلق ریکارڈ طلب کرنے کا تحریری حکم جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان نے اٹارنی جنرل کی تعیناتی سے متعلق ریکارڈ طلب کرنے کا تحریری حکم جاری کر دیا ہے، 3 صفحات پر مشتمل حکمنامہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے تحریر کیا ہے۔
حکم نامے کے مطابق اشتر اوصاف نے بطور اٹارنی جنرل کچھ ماہ قبل استعفیٰ دے دیا تھا، کافی وقت گزرنے کے باوجود نیا اٹارنی جنرل تعینات نہیں کیا گیا، ڈپٹی اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل سادہ سوال کا جواب بھی نہ دے سکے کہ اٹارنی جنرل کون ہے۔
تحریری حکم میں سپریم کورٹ نے کہا اٹارنی جنرل آئینی عہدہ ہے جسے خالی نہیں چھوڑا جا سکتا، آئین میں کسی قائم مقام اٹارنی جنرل کی کوئی گنجائش نہیں، قانون کے مطابق معاونت کے لئے اٹارنی جنرل کو نوٹس کیا جاتا ہے کسی ڈپٹی کو نہیں۔
سپریم کورٹ کا اپنے تحریری حکم نامے میں مزید کہنا تھا کہ ایڈیشنل اور ڈپٹی، اٹارنی جنرل کے متبادل نہیں ہو سکتے، ایڈیشنل اور ڈپٹی اٹارنی جنرل، اٹارنی جنرل کی ہدایت پر ہی عدالت آتے ہیں، آئندہ سماعت پر سیکرٹری قانون اور جو بھی اٹارنی جنرل ہوں حاضری یقینی بنائیں۔

کراچی ون ڈے؛ فخر زمان نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا

کراچی: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز فخر زمان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں سینچری بنانے والے 11 ویں پاکستانی کھلاڑی بن گئے۔
نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے تیسرے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف قومی ٹیم کے بلے باز فخر زمان نے سینچری بنالی۔
فخر زمان اس اسٹیڈیم میں ایک روزہ میچ میں سینچری بنانے والے 11 ویں کھلاڑی بن گئے۔ اس میدان پر ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 33 سنچریز اسکور کی گئیں، پہلی سنچری ظہیر عباس نے 1983 میں بنائی تھی اور ان کا اسکور 113 رنز تھا۔
قبل ازیں سلمان بٹ نے 2008 اور 2009 میں، محمد یوسف نے 2002 اور 2004 نے دو دو بار سنچریز بنائیں جب کہ عامر سہیل 1996، انضمام الحق 2004، کامران اکمل 2005، یونس خان 2008، شعیب ملک 2008 اور بابر اعظم 2019 میں ایک ایک بار سینچری بناچکے ہیں۔
خیال رہے کہ اب تک ون ڈے انٹرنیشنل میں نیشنل اسٹیڈیم پر سب سے زیادہ انفرادی اسکور 181 ہے اور یہ کارنامہ ویسٹ انڈیز کے ویوین رچرڈز نے سرانجام دیا تھا۔
نیشنل اسٹیڈیم میں بھارت کے 5 کھلاڑیوں نے 6 سینچریز اسکور کی ہیں جس میں سریش رائنا کی 2 سنچریز بھی شامل ہیں،ویسٹ انڈیز کی جانب سے 4 کھلاڑیوں نے 5 سینچریز بنائی ہیں، ویوین رچرڈز نے 2 مرتبہ سینچری جڑی۔
اسی طرح سری لنکا کی جانب سے 4 کھلاڑیوں نے 6 سنچریز بنائیں، جے سوریا اور کمار سنگاکارا نے 2،2 مرتبہ یہ کارنامہ انجام دیا۔ اسی طرح آسٹریلیا اور انگلینڈ کے ایک ایک کھلاڑی نےاس میدان میں سنچری اسکور کی ہے۔

فیصلہ کن ون ڈے: فخر زمان کی سنچری، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 281 رنز کا ہدف دے دیا

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان نے تیسرے اور فیصلہ کن ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 281 رنز کا ہدف دے دیا۔
پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں پر 280 رنز بنائے، فخر زمان 101 اور محمد رضوان 77 رنز بناکر نمایاں رہے۔
قومی ٹیم کی جانب سے فخر زمان اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا لیکن شان مسعود دوسری ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ 21 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کے کپتان بابر اعظم 13 گیندوں پر صرف 4 رنز بنا کر بریسویل کی گیند پر اسٹمپ آؤٹ ہو گئے۔
دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد فخر زمان اور محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور اسی دوران فخر زمان نے ایک روزہ میچوں میں اپنی 16 ویں نصف سنچری اسکور کی، محمد رضوان نے بھی سیریز کی دوسری اور اپنے کیرئیر کی آٹھویں نصف سنچری مکمل کی۔
قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
بابر اعظم کا کہنا تھا امام الحق کی جگہ شان مسعود اور نسیم شاہ کی جگہ محمد حسنین پلینگ الیون کا حصہ ہیں، امام الحق انجری کا شکار ہیں جبکہ نسیم شاہ بھی بخار میں مبتلا ہیں۔
قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا بولرز کی کارکردگی سے مطمئن ہوں، پچ بیٹنگ کے لیے اچھی لگ رہی ہے ، بیٹنگ میں زیادہ سے زیادہ رنز بنانے کی کوشش کریں گے۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور دوسرا ایک روزہ میچ جیتنے والی ٹیم کو ہی برقرار رکھا گیا ہے۔
یاد رہے کہ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہے، پہلے ون ڈے میں پاکستان نے 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ دوسرے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 79 رنز سے شکست دیکر سیریز ایک ایک سے برابر کر دی تھی۔

پرویز الہٰی نے ہم سےکہا تھا تحریک عدم اعتمادلائیں تاکہ اسمبلی نہ ٹوٹے: رانا ثنااللہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے دعویٰ کیا ہےکہ وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی نے ہم سےکہا تھا کہ تحریک عدم اعتمادلائیں تاکہ اسمبلی نہ ٹوٹے لیکن ہم نے انکارکردیا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اسمبلی توڑنےکے عمل کو غیر آئینی اور غیر جمہوری سمجھتے ہیں، پنجاب اسمبلی ٹوٹےگی تو نگراں سیٹ اپ آجائےگا ، الیکشن ہوگا تو پتا چلےگا کہ ان کی شہرت کہاں ہے؟ پنجاب کا الیکشن اکثریت سے جیت کر دکھائیں گے ۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان جھوٹا ہے، کبھی درست بات نہیں کرسکتا، ہم نے پہلے بھی کوئی عذرپیش نہیں کیا کہ اسمبلی نہ توڑیں، پہلے وہ کہہ رہے تھےکہ 23 تاریخ کو اسمبلی توڑ دیں گے، ہم نےگورنرکے ذریعے ایڈوائس بھیجنےکا حق استعمال کیا، سیلاب کی وجہ سےسندھ اسمبلی توڑنے کے لیے تیار نہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ یہ تاریخ پرتاریخ دے رہے تھے تو ہم بھی گورنرکا آئینی رول استعمال کرسکتے تھے، اعتماد کے ووٹ سے قبل ان کے 12، 13 لوگ ہمارے ساتھ رابطے میں تھے، 12، 13 میں سے 7 لوگ ان کے پاس واپس چلےگئے، ہم کسی کو پیسے دیتے تو اس کی جرات تھی کہ واپس جاتا ؟ بلال وڑائچ اپنے بھائی سے جھگڑے کی وجہ سے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن ہم بھی جیتتے رہے ہیں، ملک کو انہوں نے پھنسایا تھا، ہم نےبدترین صورت حال سے نکالا، جنیوا کانفرنس بہت بڑا اقدام ہے، اب وزیراعظم امارات گئے ہیں، تین سے چھ ماہ میں ملک کی معاشی صورت حال بہترکریں گے۔
انہوں نےکہا کہ کراچی میں ایم کیو ایم بلدیاتی الیکشن سے نہیں بھاگ رہی، حلقہ بندی کا ایشو ہے۔

صوبے میں انتخابات کے لیے ہم 100 فیصد تیار ہیں، ملک احمد خان

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن پنجاب کے سینئر رہنما ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ صوبے میں انتخابات کے لیے ہم سو فیصد تیار ہیں۔
مسلم لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ملک میں سب سے زیادہ گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کا حامی ہوں، اگر ملک میں استحکام لانا ہے تو پھر گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کرنا ہو گا، معیشت، سیاست، عدالت کے لیے ایک گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کی ضرورت ہے۔
ملک احمد خان نے کہا کہ اس وقت آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات چل رہے ہیں، نگران حکومت تو مالیاتی امور پر فیصلے نہیں کر سکتی، گزشتہ 8 ماہ میں وفاقی حکومت مشکل فیصلے کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دو صوبوں میں انتخابات کرانا ان کا حق ہے، جب ایک اسمبلی تحلیل ہو جائے تو مقررہ وقت میں انتخاب ہوں گے، ایک صوبے میں انتخاب کے ذریعے حکومت آئے گی تو جب جنرل انتخابات ہوں گے تو ایک جماعت کی حکومت پہلے ہی موجود ہو گی، نگران حکومت کے تصور کو کیسے ختم کر سکتے ہیں۔

بلاول بھٹو کا افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ٹیلیفونک رابطہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ٹیلیفون پر بات کی اور افغانستان کی وزارت خارجہ پر بدھ کو ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے شہری بدترین دہشت گردی کا شکار ہیں، دہشت گردی کی لعنت کو شکست دینے کیلئے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔