وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے چینی سفیر اور برطانوی ہائی کمشنر کی الوداعی ملاقاتیں

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے چینی سفیر نونگ رونگ اور برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر نے الوداعی ملاقاتیں کیں۔
کرسچن ٹرنر سے ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر وزیر خارجہ نے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے 90 لاکھ پاؤنڈ کی اضافی مدد کے اعلان پر شکریہ ادا کیا۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے برطانوی ہائی کمشنر کی جانب سے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق آگاہی کے اقدامات کو سراہا، وزیرخارجہ نے برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
اس کے علاوہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے چینی سفیر نونگ رونگ نے بھی وزارت خارجہ میں الوداعی ملاقات کی، اس دوران دو طرفہ تعلقات، سی پیک منصوبے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ نے پاکستان اور چین کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے چینی سفیر کی خدمات کو سراہا، اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے چینی سفیر نونگ رونگ کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

اب اسمبلی تحلیل کرنے میں کوئی ممانعت نہیں، بیرسٹر علی ظفر

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ اب اسمبلی تحلیل کرنے میں کوئی ممانعت نہیں ہے، اگر تحریک عدم اعتماد لائی جاتی ہے تو پھر اس سے نمٹا جائے گا۔
زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ اعتماد کے ووٹ کا معاملہ حل ہو گیا ہے، آئین میں تحریک عدم اعتماد لانے کی شق موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر تحریک عدم اعتماد لائی جاتی ہے تو پھر اس سے نمٹا جائے گا، اب اسمبلی تحلیل کرنے میں کوئی ممانعت نہیں ہے۔

پنجاب حکومت نے اعتماد کے ووٹ کے دوران وفاقی اداروں کے استعمال کا نوٹس لے لیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے اعتماد کے ووٹ کے دوران وفاقی اداروں کے استعمال کا سخت نوٹس لیتے ہوئے وفاقی ادارے استعمال کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کا موقف ہے کہ لیگی رہنماؤں اور وفاقی حکومت کے عہدیداروں نے کس قانون کے تحت جیو فینسنگ کرائی؟ رانا ثناء اللہ اور عطا تارڑ نے ایف آئی اے کے ذریعے ارکان کی جیوفینسنگ کا اعتراف کیا۔
پنجاب حکومت نے کارروائی کے لئے قانونی ماہرین کو طلب کر لیا، اعتماد کے ووٹ کے دوران وفاقی اداروں کو استعمال کرنے والوں کے خلاف عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔

عدم اعتماد کی تمام حکمت عملی عمران خان کی اپنی تھی: حماد اظہر

لاہور: (ویب ڈیسک) رہنما پاکستان تحریک انصاف اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا ہے کہ عدم اعتماد سے متعلق تمام حکمت عملی عمران خان کی اپنی تھی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں رہنما پی ٹی آئی حما د اظہر نے کہا کہ عمران خان مقابلے کے ماہر ہیں، اس جیت کی تمام حکمت عملی عمران خان کی اپنی تھی۔
انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد لینے کا بولڈ فیصلہ، وقت کا تعین اور سب کو سرپرائز دے کر عمران خان نے مخالفین کو چاروں شانے چت کر دیا۔

 

مغربی کنارے میں فائرنگ کے مختلف واقعات ، 2 فلسطینی جاں بحق

یروشلم: (ویب ڈیسک) مغربی کنارے میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں 2 فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔
غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایک فلسطینی نامعلوم شخص کی فائرنگ سے جبکہ دوسرا نوجوان اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے جاں بحق ہوا۔
اس حوالے سے فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز نابلس کے پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوج نے فائرنگ کی تھی ، فائرنگ سے زخمی ہونے والا 21 سال کا فلسطینی نوجوان ہسپتال میں انتقال کرگیاتھا۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نےفلسطینی شہری کے سر میں گولی ماری تھی ، اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں بھی اسی علاقے میں اسرائیلی فوج نے فلسطینی نوجوان کے سر میں گولی ماری تھی۔

فلپائن میں طوفانی بارشیں اور لینڈ سلائیڈنگ ، 11 افراد ہلاک

منیلا: (ویب ڈیسک) فلپائن میں جاری طوفانی بارشوں کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
خبررساں ادارے کے مطابق فلپائن کے بیکول، ویسایاس اور میڈاناو سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں جاری طوفانی بارشوں کے بعد آنے والے سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بعض مقامات پر بارانیز میں کی سطح 3 میٹر تک بلند ہو گئی اور کئی دیہات، سڑکیں اور زرعی اراضی زیرِ آب آ گئیں ہے۔
فلپائن محکمہ سِول ڈیفنس کے مطابق 2 جنوری سے جاری قدرتی آفات کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک ،63 ہزار 101 ا ور 815 خاندان بے گھر ہو گئے ہیں۔

کراچی : سفاک باپ نے دو بچوں کو سمندر میں پھینک دیا

کراچی: (ویب ڈیسک) منوڑہ کے قریب باپ نے گھریلو جھگڑے سے تنگ آکر اپنے 2 بچوں کو سمندر میں پھینک دیا۔
کراچی پولیس کے مطابق منوڑہ میں باپ نے سفاکیت کی انتہا کردی ، گھریلو جھگڑے سے تنگ آ کر اپنے 2بچوں کو سمندر کے حوالے کردیا ، پولیس نے سفاک باپ کو گرفتار کرلیا۔
گرفتار شخص نے ویڈیو بیان میں اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنےبچوں کوخود پانی میں پھینکا، اہلیہ کےکسی شخص سےتعلقات تھے جس کی وجہ سے جھگڑا رہتا تھا، بیوی اور سسرال والےکہتےتھے جوکر سکتےہو کرلو، اشتعال میں آکربچوں کوپھینک دیا۔
ملزم نے ویڈیو میں مزید بتایا کہ عیسی نگری کا رہائشی ہوں، نرسنگ کاکام کرتا ہوں، میں نےخودبھی ڈوب کرمرنےکی کوشش کی لیکن مرنہیں سکا۔
پولیس کے مطابق بچوں کی تلاش کےلیےرات سےآپریشن جاری ہے۔

آج ہاؤس میں 186 ارکان کا نمبر شو، کل اعتماد کا ووٹ لیا جائے گا، ڈپٹی سپیکر واثق قیوم

لاہور: (ویب ڈیسک) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم نے کہا کہ آج 186 ارکان کا نمبر ہاؤس میں شو کیا جائے گا، آج نمبرز گیم شو کریں گے، اعتماد کا ووٹ کل لیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ ہماری پوری تسلی ہے، 186 کو کراس کر چکے ہیں، کل ہی کہا تھا ہمارے پاس سرپرائز ہے، سرپرائز کیلئے موقع چاہیے تھا، ہم نے جو کہا تھا پورا کر دیا۔
ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ ہم نے ان کونمبرز پورے کر کے بتانے تھے وہ کر دیئے، اعتماد کے ووٹ کے لیے ایجنڈے پر لانا ضروری ہے، ہمارا مقصد نمبرز پورے کرنا تھا وہ آج ہم نے دکھا دیئے۔
واثق قیوم نے مزید کہا کہ یہ کہتے تھے ہمارے پاس نمبرز پورے نہیں، آج ہم نے دکھا دیئے، عمار یاسر بھی ایوان میں آگئے ہیں، ہمارے پاس ایک اور سرپرائز بھی ہے اس کا ابھی انتظار کریں۔

سعودی عرب نے ملکی شہریت دینے کے قانون میں بڑی تبدیلی کردی

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں شہریت دینے کے قانون آرٹیکل 8 میں ترمیم کردی گئی جس کے تحت شہریت دینے کا اختیار وزیر داخلہ سے لیکر ولی عہد کو دیدیا گیا۔
سعودی میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کی ہدایت پر شہریت دینے کے قانون میں ترمیم متعارف کرائی گئی۔ قانون میں درج جملے ’’وزیر داخلہ کے فیصلے کے ذریعے‘‘ کو ’’وزیر داخلہ کی تجویز پر اور وزیراعظم کے حکم سے” سے بدل دیا گیا۔
قانون میں ترمیم کے بعد اب شہریت دینے کا اختیار ولی عہد اور وزیر اعظم کے پاس چلا گیا۔ وزیرداخلہ بس تجویز کرسکیں گے اور شہریت دینے یا نہ دینے کا فیصلہ وزیراعظم (ولی عہد) کریں گے۔
اس قانون کے تحت سعودی شہریت غیر ملکی باپ اور سعودی ماں کے بچے کو ملک میں پیدا ہونے پر چند شرائط مکمل کرنے پر دی جاسکے گی۔
شرائط میں شہریت کے لیے قانونی عمر کو پہنچنے، مملکت میں مستقل رہائش، اچھے اخلاق و کردار کا ہونا اور کسی جرم میں ملوث نہ ہونا شامل ہے۔
علاوہ ازیں شہریت کے حصول کے درخواست گزار کو کسی بے حیائی کے جرم میں چھ ماہ سے زیادہ کی قید کی سزا نہ دی گئی ہو اور وہ عربی زبان پر عبور رکھتا ہو اور روانی سے بول سکتا ہو۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس 27 ستمبر کو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو ویراعظم کا عہدہ بھی دیدیا گیا تھا۔ اس تبدیلی کو سعودی عرب میں بادشاہت کے ساتھ ساتھ جمہوری طرز حکومت کا سیٹ اپ اختیار کرنے سے تعبیر کیا گیا تھا۔

پیوٹن کو رواں برس قتل کردیا جائے گا: روسی سیاستدان کی حیران کن پیشگوئی

کیف : (ویب ڈیسک) روسی جلاوطن اپوزیشن رہنما الیا پانو ماریف نے حیران کن پیشگوئی کی ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو رواں سال اکتوبر تک ان ہی کے قریبی ساتھی قتل کردیں گے۔
الیا پانو ماریف روسی پارلیمنٹ کے واحد رہنما تھے جنہوں نے 2014 میں روس کی جانب سے یوکرینی علاقے کریما پر حملے اور اس کے الحاق کے خلاف ووٹ دیا تھا،الیا پانو ماریف اس وقت یوکرین میں رہتے ہیں جہاں وہ ایک تحریک چلا رہے ہیں، ان کا مقصد روس کو جدید جمہوریت میں بدلنا ہے۔
امریکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے پیش گوئی کی کہ روسی صدر پیوٹن اپنی اگلی سالگرہ پر زندہ نہیں ہوں گے، ناکام حملے پر بڑھتی ہوئی تشویش کی وجہ سے پیوٹن کو ان کی سالگرہ سے پہلے قتل کردیاجائے گا۔
انہوں نے خواہش ظاہر کہ میں بھی روسی صدر کو بین الاقوامی عدالت میں دیکھنا چاہتا ہوں لیکن مجھے لگتا ہے کہ ایسا ہوگا نہیں ، اس سے قبل ہی ان کے قریبی ساتھیوں کی جانب سے ان کا قتل کردیا جائے گا۔
گزشتہ سال روسی انٹیلی جنس افسر نے دعویٰ کیا تھا کہ صدر ولادیمیر پیوٹن صرف 3 سال مزید زندہ رہیں گے کیونکہ ان میں تشخیص کیا گیا کینسر تیزی سے بڑھ رہا ہے۔