وزیر اعظم کی زیر صدارت ملک میں آٹے کی صورتحال پر ہنگامی اجلاس

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم کی زیر صدارت گندم اور آٹے کی مصنوعی قلت کے حوالے سے ہنگامی اجلاس ہوا جس میں شہباز شریف کو گندم کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے دوران وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ ملک میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں، 1.3 ملین میٹرک ٹن درآمدی گندم کا سٹاک بھی پہنچ گیا ہے، جنوری کے اختتام تک مزید اتنا ہی سٹاک پہنچ جائے گا، رواں سیزن کے اختتام تک گندم کے کیری فارورڈ سٹاک 1.4 ملین میٹرک ٹن ہوں گے جو نئے سیزن سے پہلے ملکی غذائی ضروریات پوری کرنے کیلئے کافی ہیں۔
بریفنگ کے بعد وزیرِاعظم شہباز شریف نے گندم کے موجودہ ذخائر پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گندم کی مصنوعی قلت پیدا کر کے ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دیں گے، صوبے اپنے اور پاسکو کے ذخائر سے گندم کی فلور ملز تک بروقت رسد یقینی بنائیں اور گندم اور آٹے کی بروقت ترسیل کیلئے گورننس بھی بہتر کریں۔
وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ گزشتہ 5 دن میں 40 کلو کے تھیلے کی قیمت میں تقریباً ایک ہزار روپے کی کمی ہوئی، متعلقہ وفاقی و صوبائی ادارے آٹے اور گندم کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت اقدامات کریں، حکومت آٹے کی مصنوعی قلت سے مہنگائی پیدا کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دے گی۔

حکومتی اتحاد کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس شروع، اعتماد کے ووٹ بارے مشاورت

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ق اور پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کے زیر صدارت شروع ہو گیا جس میں اعتماد کے ووٹ اور ایوان میں پاور شو بارے مشاورت کی جا رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کے زیر صدارت اجلاس میں سردار عثمان بزدار، میاں اسلم اقبال، میاں محمود الرشید سمیت دیگر وزرا اور اراکین شریک ہیں۔
اجلاس میں حکومتی اتحاد کی جانب سے آج کی تمام صورتحال پر تبادلہ خیال اور ایوان میں پاور شو کرنے یا اعتماد کا ووٹ لینے پر مشاورت کی جا رہی ہے۔

 

لندن میں پکڑی گئی یورینیم کے حوالے سے رپورٹس حقائق پر مبنی نہیں: دفتر خارجہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے قبضے میں لیے گئے یورینیم پیکج کے معاملے کا ہمیں یقین ہے کہ رپورٹس حقائق پر مبنی نہیں ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا معاملے کے حوالے سے مزید کہنا ہے کہ ہم نے میڈیا رپورٹس دیکھی ہیں، کوئی بھی معلومات ہمارے ساتھ باضابطہ طور پر شیئر نہیں کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ برطانوی خبر ایجنسی نے خبر میں دعویٰ کیا تھا کہ یورینیئم پیکیج پاکستان سے عمان کے راستے ایک پرواز کے ذریعے برطانیہ پہنچا تھا۔

پیپلز پارٹی کو ناظم آباد عید گاہ گراؤنڈ میں جلسہ کرنا مہنگا پڑ گیا

کراچی: (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کو ناظم آباد عید گاہ گراؤنڈ میں جلسہ کرنا مہنگا پڑ گیا، الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابی مہم کے دوران پیپلز پارٹی کی جانب سے جلسہ منعقد کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے جرمانہ عائد کر دیا۔
ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کے مطابق پیپلز پارٹی کے ضلعی عہدیداروں نے الیکشن کمیشن قوانین کی خلاف ورزی کی، جس کے باعث صدر پیپلز پارٹی ضلع وسطی مسرور خان پر جرمانہ عائد کر دیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق جلسہ عام، جلسوں اور گاڑیوں پر مشتمل ریلیوں کی اجازت نہیں ہے، پیشگی اطلاع کے ساتھ امیدوار کو صرف کارنر میٹنگ کی اجازت ہے۔

200 بھکاری جنیوا گئے، ایک دھیلا، ایک پائی، ایک آنا پاکستان نہیں آیا، فیاض الحسن چوہان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ 200 بھکاری، چور جنیوا گئے، 9 ارب ڈالر میں سے ایک دھیلا، ایک پائی، ایک آنا پاکستان نہیں آیا۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ دنیا اتنی بے وقوف ہے کہ ان جھوٹے حکمرانوں کو 9 ارب ڈالر دیں گے، دو سو بھکاری دو سو چور جنیوا جہاز بھر کر لے گئے، دنیا کو معلوم ہے کہ شہباز شریف نکما حکمران ہے، شرم سے سر جھکا کر واپس آئے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ 10 اپریل 2021ء سے ٹوپی ڈرامہ شروع ہوا، آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن ساڑھے تین سال کہتی رہی اقتدار میں آئیں گے، نہروں میں دودھ و شہد نکلے گا۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ عمران خان ایوان وزیر اعظم سے نکلا تھا تو خزانے میں 17 ارب ڈالر تھا اب 4 ارب ڈالر تھے، عمران خان اقتدار میں آیا بہترین ٹیم سے مل کر ملکی تاریخ میں 61 سو ارب ٹیکس اکٹھے کئے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف بڑے بھائی کی منتیں تو کبھی بوٹ پالش کرتا کہ مجھے وزیراعظم بناؤ، 35 سے 50 فیصد پیسے کھا کر سڑکیں بنانا آسان کام ہے لیکن وزارت عظمیٰ پر پرفارمنس بہت مشکل کام ہے، مونچھوں والے سے ڈنٹونک اشتہار کے بجائے عمران خان ملک کو ترقی کی طرف لے کر گیا۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ انہوں نے اپنی طرف سے عمران خان کو نکالا جو اب جن نہیں دیو بن گیا ہے، ان کو رات و دن چلتے پھرتے کھاتے پیتے عمران خان نظر آتا ہے، جس طرح بندر کے ہاتھ میں ماچس آئی، اسی طرح ان کے ہاتھ وزارت عظمی آ گئی ہے، جنہوں نے غیر ملکی طاقتوں سے عمران خان کو اتارا ان کا یوم حساب آئے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف کل سے یو اے ای کے دورے پر روانہ ہوں گے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کل سے متحدہ عرب امارات کے صدر کی دعوت پر دو روزہ دورے پر یو اے ای روانہ ہوں گے۔
وزیراعظم اپنے دورے کے دوران صدر شیخ محمد بن زید النہیان سمیت اہم اماراتی رہنماؤں، تاجروں اور سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کریں گے، اس حوالے سے وزیراعظم کی زیر صدارت دورہ یو اے ای کے حوالے سے جائزہ اجلاس بھی ہوا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ یو اے ای کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، اقتصادی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، مکمل تیاری کے ساتھ یواے ای کے دورے پر جارہے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی اظہار تعزیت کیلئے اکرم خان درانی کے گھر آمد

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف تعزیت کیلئے سابق وزیر اعلیٰ اکرم خان درانی اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی کی رہائشگاہ پہنچ گئے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اکرم خان درانی سے ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا، مرحومہ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی دادی ہیں۔
اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے مرحوم کے روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور ان کے بلند درجات کیلئے دعائے مغفرت بھی کی۔

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے میں شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کر دی

کراچی: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے میں 79 رنز سے شکست دیکر 3 میچز پر مشتمل سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔
نیوزی لینڈ کے 262 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 43 اوورز میں 182 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، کپتان بابر اعظم 79 رنز بناکر نمایاں رہے۔
اس کے علاوہ محمد رضوان 28 ، آغا سلمان 25 ، حارث سہیل 10 ،اسامہ میر 12 ، محمد وسیم 10 ، امام الحق 6 اور محمد نواز نے 3 رنز بنائے، فخرزمان اور حارث رؤف صفر پر آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤٹھی اور اش سودھی نے 2،2 جبکہ فرگوسن،سینٹنر، بریسویل اور فلپس نے ایک ،ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
نیشنل بینک ارینا میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں کیوی کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیتا اور پاکستان کو فیلڈنگ کی دعوت دی، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے 262 رنز کا ہدف دیا ۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم ایک گیند قبل 261 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، ڈیون کونوے 101 اور کین ولیم سن نے85 رنزکی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 38 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ نسیم شاہ نے 3 وکٹیں حاصل کیں، حارث رؤف اور اسامہ میر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
تین ون ڈے میچز کی سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی ہے، تیسرا اور فیصلہ کن میچ جمعہ کو کراچی میں ہی کھیلا جائے گا۔

سعودی عرب میں چار ملکی ویمن ٹورنامنٹ میں پاکستان کا فاتحانہ آغاز

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں چار ملکی ویمن ٹورنامنٹ میں پاکستان نے فاتحانہ آغاز کیا ہے۔
پاکستان نے پہلے میچ میں کیمروس کو شکست دی۔ پاکستان نے کیمروس کو 0-1 سے شکست دی۔
پاکستان کی جانب سے میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول انمول حرا نے آخری منٹ میں کیا۔
ایونٹ میں پاکستان اگلا میچ 15 جنوری کو ماریشسس سے کھیلے گا۔

پرویز الہیٰ کا کچھ دیر بعد پنجاب اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا امکان

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلی پنجاب پرویز الہیٰ کا کچھ دیر بعد اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا امکان ہے۔
ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ نمبر پورے ہیں، آدھے گھنٹے میں اعتماد کا ووٹ لینے والے ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ الحمدللہ 187 کا نمبر مکمل ہے۔