بی اے پی کا پیپلز پارٹی میں شامل ہونیوالے ارکان کو شوکاز جاری کرنے کا فیصلہ

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان عوامی پارٹی نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے ارکان صوبائی اسمبلی کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت پر ایم پی ایز سے جواب طلب کیا جائے گا، ، ایم پی ایز نے جواب جمع نہ کرایا تو الیکشن کمیشن سے رجوع کیا جائے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے ارکان صوبائی اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے پر بھی مشاورت کی جائے گی۔

10 لاکھ نوجوانوں کو آن لائن آئی ٹی کورسز سکھائیں گے، پرویز الٰہی

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ صوبے کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لئے سالانہ 10 لاکھ نوجوانوں کو خود روزگار کے لئے فری آن لائن آئی ٹی کورسز کی ٹریننگ دی جائے گی۔
چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ آن لائن پلیٹ فارم کے کورسز کی مدد سے 10 لاکھ نوجوان گھر بیٹھے لاکھوں روپے آمدن کما سکیں گے، آن لائن ٹریننگ سے خود روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوں گے، 16 سے 30 برس کے نوجوانوں کو فری آف کاسٹ آن لائن ٹریننگ دی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ٹیکنیکل گرانٹ (مفت سبسکرپشنز) جس کی کاسٹ 12 ملین ڈالر ہے نوجوانوں کی تربیت کے لیے ملائیشین کمپنی فری آف کاسٹ پنجاب حکومت کو دے گی، آن لائن ٹریننگ کی کاسٹ کی مد میں 3 ارب روپے کی بچت کی گئی ہے، نوجوانوں کو خود روزگار کے لئے آن لائن ٹریننگ کی سہولت ملائیشیا کی کمپنی ری سکلز کے تعاون سے مہیا کی جائے گی۔
چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ نوجوانوں کو ایک سال تک پریمیم لرننگ اکاؤنٹس تک مفت رسائی حاصل ہو گی، نوجوان گھر بیٹھے مختلف آن لائن پروفیشنل کورسز کی تربیت سے اپنی آمدنی میں اضافہ کر سکیں گے، سمارٹ فون رکھنے والے نوجوان اس پلیٹ فارم کے ذریعے بآسانی ٹریننگ حاصل کر سکیں گے اور اپنی آمدن بڑھا سکیں گے، مقامی اور عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو ہر قسم کی سہولیات مہیا کریں گے۔

آزادکشمیرکے مختلف اضلاع میں برفباری سے رابطہ سڑکیں بند

مظفرآباد: (ویب ڈیسک) آزادکشمیرکے مختلف اضلاع میں برفباری سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔
وادی نیلم میں شاردہ کو کیل سے ملانے والی شاہراہ برفباری سے بند ہوگئی، ضلع جہلم میں ہٹیاں کو لیپہ سے ملانے والی شاہراہ بھی برفباری کے بعد بدستور بند ہے، چکار کو لیپہ سے ملانے والی شاہراہ سدھن گلی کے مقام پر بند ہے۔
ضلع حویلی میں حاجی پیرکو حویلی سےملانے والی شاہراہ برفباری سے بند ہوگئی ہے، ضلع باغ کو حویلی سے ملانے والی شاہراہ لسڈنہ کے مقام سے بند ہے، محمود گلی کو عباس پور سے ملانے والی شاہراہ محمود گلی کے مقام سے بند ہے، راولاکوٹ میں تولی پیرکو علی سوجل سے ملانےوالی شاہراہ بھی برفباری سے بند ہے۔
رابطہ سڑکیں بند ہونے سے سخت سردی میں لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

پنجاب اسمبلی میں اعتماد کے ووٹ کے لیے حکومت کے نمبرز مکمل ہوگئے : فواد چوہدری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں اعتماد کے ووٹ کے لیے حکومت کے نمبرز مکمل ہوگئے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اس وقت اسمبلی میں 185 ارکان موجود ہیں، ہمارے ایک رکن اسمبلی حافظ عمار چکوال سے نکل چکے ہیں، رکن اسمبلی حافظ عمارکا ہم انتظار کر رہے ہیں، بہاولپورسےایک اور رکن اسمبلی نکلے ہوئے ہیں ان کابھی انتظارکررہے ہیں۔
فوادچوہدری نے کہا کہ دونوں ارکان اسمبلی کے پہنچنے سے تعداد 187 ہوجائے گی، 187 ارکان اسمبلی کی تعداد 45 منٹ میں پوری ہوجائے گی، دونوں ارکان جیسے ہی پہنچ جائیں گے تو پرویز الہٰی کو اعتماد کا ووٹ دے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اعتماد کا ووٹ خفیہ نہیں اوپن ہوتا ہے، عدالت کا حکم ہےکسی بھی وقت اعتماد کا ووٹ لیا جاسکتا ہے، اس وقت ہمارے نمبرزپورے ہیں، سندھ ہاؤس سے جو سلسلہ شروع ہوا تھا وہ بڑھتا جارہا ہے۔
پرویز الہٰی کی آج عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے، پرویز الہٰی بھی کچھ دیرمیں پنجاب اسمبلی میں پہنچ رہے ہیں۔ اگرآج اعتماد کا ووٹ لےلیا توکل عدالت سے درخواست واپس لے لیں گے اور کل ہی خیبرپختونخوا اور پنجاب اسمبلی توڑنے کی ایڈوائس بھیج دیں گے۔

مریم اورنگزیب کا کامیڈین ماجد جہانگیر کے انتقال پر اظہار افسوس

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے معروف کامیڈین ماجد جہانگیر کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ماجد جہانگیر کے انتقال سے ڈرامہ انڈسٹری میں پیدا ہونے والا خلا کبھی پُر نہیں ہو سکے گا.
وفاقی وزیر اطلاعات نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شوبز انڈسٹری کیلئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، واضح رہے کہ ماجد جہانگیر نے اسماعیل تارا کے ساتھ ڈرامہ ففٹی ففٹی میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

ن لیگ کے انٹرا پارٹی انتخابات، کیس کل سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے انٹرا پارٹی انتخابات کے سلسلہ میں کیس کی سماعت کل ہو گی۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں فل کمیشن مسلم لیگ ن کے انٹرا پارٹی انتخابات کیس کی سماعت کرے گا۔
وزیراعظم و صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف اور سیکرٹری جنرل احسن اقبال کو کیس کی سماعت بارے نوٹسز جاری کر دئیے گئے ہیں۔

امریکی ایوی ایشن کا سسٹم ڈاؤن؛ ملک بھر میں پروازیں مؤخر

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا میں فیڈرل ایوی ایشن کے سسٹم نے اچانک کام کرنا بند کردیا جس کے باعث ملک بھر کی پروازیں بند ہوگئیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کے فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کا کہنا ہے کہ سسٹم ڈاؤن ہونے کی وجہ پروازوں میں تاخیر ہوئی ہے اس لیے مسافر اپ ڈیٹس کے لیے اپنی ایئر لائنز سے رابطہ کریں۔
امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے تمام ایئر لائنز کو ہدایت کی ہے کہ ڈومیسٹک پروازوں کو کل صبح 9 بجے تک مؤخر کر دیں تاکہ پروازوں اور ان کی حفاظتی معلومات کی سالمیت کی توثیق کی جاسکے۔
فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری بیان میں یہ نہیں بتایا کہ خرابی کس نوعیت کی ہے تاہم ترجمان کا کہنا ہے کہ سسٹم کی خرابی کو درست کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کردیا ہے۔
ترجمان ایوی ایشن کا مزید کہنا تھا کہ وہ ایک ایسے نظام کو بحال کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں جو پائلٹوں کو خطرات سمیت ہوائی اڈے کی سہولیات اور طریقہ کار میں تبدیلیوں سے آگاہ کرتا ہے۔

90 سال کی عمر میں بھی یہ ٹرک ڈرائیور کام جاری رکھنے کے خواہشمند

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ کے سب سے معمر ٹرک ڈرائیور 90 سال کی عمر میں بھی روزانہ 12 گھنٹے کام کرتے ہیں اور کم از کم ایک سال تک ریٹائر ہونے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔
برائن ولسن 1953 سے ٹرک کے ذریعے مختلف مقامات میں پیٹرول پہنچانے کا کام کررہے ہیں اور اب 70 سال بعد بھی وہ صبح 4 بجے سے سہ پہر 4 بجے تک ٹرک چلاتے ہیں۔
اس دوران وہ برطانیہ کے متعدد مقامات جیسے نیو کیسل، برمنگھم اور دیگر کا سفر کرتے ہیں۔
ہر سال ان کا مکمل طبی معائنہ ہوتا ہے جس کے بعد ہی انہیں ڈرائیونگ جاری رکھنے کی اجازت ملتی ہے۔
گزشتہ دنوں سالانہ طبی معائنے میں صحت مند قرار دیے جانے بعد انہوں نے مزید ایک سال تک اپنے کام کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ خود کو فٹ محسوس کرتے ہیں اور اس عمر میں بھی اپنا کام جاری رکھنے کے خواہشمند ہیں۔
جس کمپنی میں وہ کام کررہے ہیں، اس کی بنیاد ان کے والد نے رکھی تھی اور 1970 سے وہ اس کا انتظام سنبھالے ہوئے ہیں۔
ساؤتھ یارک شائر سے تعلق رکھنے والے برائن ولسن پہلے ہر سال لاکھوں میل تک سفر کرتے تھے مگر اب وہ 150 میل تک کے سفر کو ہی ترجیح دیتے ہیں۔
وہ 2024 میں ریٹائرمنٹ کا سوچ رہے ہیں اور اس کے بعد اپنی 89 سالہ اہلیہ کے ساتھ تھائی لینڈ جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
دونوں کی ملاقات اس وقت ہوئی تھی جب برائن ولسن کی عمر 15 سال تھی اور 21 سال کی عمر میں انہوں نے شادی کرلی تھی۔
اب ان کی شادی کو 70 سال ہونے والے ہیں جبکہ برائن خود مارچ میں 91 سال کے ہوجائیں گے۔
اتنے عرصے کے دوران ان کی بس کا کبھی حادثہ نہیں ہوا اور نہ کبھی چھٹی کی، البتہ ایک بار ٹانگ ٹوٹ جانے پر انہیں 7 ہفتوں تک آرام کرنا پڑا تھا۔

دنیا کا سب سے چھوٹا خرگوش جو ہتھیلی میں سما سکتا ہے

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) دنیا میں اپنی سب سے چھوٹی جسامت کے خرگوش کا نام کولمبیا بیسن پگمی خرگوش ہے لیکن اس کی بقا کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ امریکہ میں واشنگٹن کے ایک علاقے میں یہ نسل پائی جاتی ہے اور اس کا وزن زیادہ سے زیادہ 500 گرام تک ہوسکتا ہے۔
اپنی چھوٹی جسامت کی بنا پر ’کولمبیا بیسن بگمی خرگوش‘ ہتھیلی پر سما سکتے ہیں لیکن ان کی بقا کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ اپنی چھوٹی جسامت کے باوجود یہ خرگوش پالےنہیں جاسکتے ہیں اور اپنے قدرتی ماحول میں ہی رہنا پسند کرتے ہیں۔ ان کی بہت معمولی تعداد ہی دنیا میں موجود ہے۔
شرمیلے اوربہت ہی نایاب کولمبیا پگمی خرگوش کے بارے میں سال 2001 میں کہا گیا تھا کہ وہ جنگلی ماحول سے مکمل طور پر ختم ہوچکے ہیں۔ تاہم جانوروں کو بچانے والے ماہرین نے 14 خرگوش اپنے قبضے میں لے کر انہیں ایک ماحول فراہم کیا تاکہ وہ اپنی نسل خیزی کرسکیں۔
لیکن سال 2006 میں ایک خالص نسل کا نرخرگوش مرگیا اور اس کے بعد 2008 میں آخری نر بھی فوت ہوگیا۔ اس کے بعد خالص نسل (نوع) کے خرگوش کا ڈی این اے ایسے ہی قریبی نوع کے خرگوش میں منتقل کیا گیا۔
مشکل یہ ہے کہ کولمبیا بیسن پگمی خرگوش ایک قسم کی نایاب گھاس کھاتا ہے جو صرف موسمِ سرما میں ہی اگتی ہے۔ زراعت نے اس گھاس (سیگ برش) کو تباہ ردیا اور یوں وہ ختم ہونے لگے اور چھوٹے ہونے کی وجہ سے شکار بھی بن گئے۔
تاہم اب بھی ماہرین انہیں بچانے کی سرتوڑ کوششیں کررہے ہیں۔

کھیتوں میں لڑھک کر فصلوں کی نگہداشت کرنے والا روبوٹ

پیرس: (ویب ڈیسک) اگرچہ کھیتوں اور فصلوں کا جائزہ لینے والے ڈرون کی بات کی جائے تو وہ پرواز کے دوران ویڈیو یا تصاویر لے کر مصنوعی ذہانت سے ان کی صحت کا جائزہ لیتے ہیں۔
تاہم سینٹائی وی نامی روبوٹ کے دونوں اطراف تارنما ابھار ہیں جو اسے آگے لے جاتے ہیں۔ اس کی بدولت روبوٹ ہر طرح کی ناہموار جگہ پر سفر کرسکتا ہے اور ہرسمت میں مڑ بھی سکتا ہے۔ اسے میروپی نامی اسٹارٹ اپ کمپنی نے تیار کیا ہے۔ تاہم اپنے ہلکے پھلکے وزن کی وجہ سے نازک فصلوں کو کوئی نقصان نہیں ہوتا جس کا مظاہرہ ویڈیو میں بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
کسان کھیت کےمحلِ وقوع کی تفصیل ایک کمپیوٹر ڈیش بورڈ میں لکھتا ہے۔ کھلیان میں جانے کے بعد یہ گلوبل نیوی گیشن سیٹلائٹ سسٹم) جی این ایس ایس کی مدد سے اپنا راستہ خود بتاتا ہے اور آگے پیچھے گھومتا رہتا ہے۔
اس پر دو کیمرہ نصب ہیں جو فصل اور سبزے پرنظر رکھتے ہیں۔ لیکن اس کی بلندی کو کم یا زیادہ کیا جاسکتا ہے۔ تمام ویڈیو اور تصاویر کمپیوٹر تک جاتی ہیں اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) پرمبنی ایک سافٹ ویئر اس کا جائزہ لیتا ہے۔ سافٹ نشاندہی کرتا ہے کہ کس مقام پر خود رو جھاڑیاں ہیں، فصل میں بیماری کہاں ہیں اورکس جگہ حشرات نے نقصان پہنچایا ہے۔ اس کے علاوہ روبوٹ کھاد اور پانی کی ضرورت کی نشاندہی بھی کرتا ہے۔
سینٹائی وی زرعی روبوٹ کا کل وزن 15 کلوگرام ہے اور یہ ایک دن میں 49 ایکڑ رقبے کی نگرانی کرسکتا ہے۔