اوگرا نے گیس گیزر میں کونیکل بیفلز کی تنصیب کو لازمی قرار دے دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے موجودہ اور نئے گیزروں میں مخروطی بیفلز کی تنصیب لازمی قرار دے دی۔
ترجمان کے مطابق فیصلہ توانائی بچانے اور ملک میں گیس کی قلت پر قابوپانے کیلئے کیاگیا۔
ان کا کہنا تھاکہ گیزروں میں مخروطی بیفلز لگانے سے گیس کے بلوں میں20 سے 25 فیصد بچت ہوگی، گیزروں میں کونیکل بیفلزلگانےکیلئے ڈیڈلائن دسمبر 2023 ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ تقریباً 30 لاکھ 88 ہزار صارفین گیزر استعمال کرتے ہیں۔

دوسرا ون ڈے، دوران میچ دو تماشائی گراؤنڈ میں داخل ہوگئے

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ کے دوران دو تماشائی گراؤنڈ میں داخل ہوگئے۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں میں جاری پاکستان اور نیوزی لینڈ سریز کے دوسرے ون ڈے میچ کے دوران ،الگ الگ واقعات میں دو مرتبہ تماشائی حفاظتی رکاوٹیں عبور کرکے گراؤنڈ میں داخل ہوگئے۔
تماشائیوں کے گراؤنڈ میں داخل ہونے پرسیکورٹی اہلکاروں کی دوڑیں لگ گئیں، پہلے واقعہ میں نوجوان لڑکا وکٹ کیپر محمد رضوان سے ملنے وکٹ پر پہنچ گیا، قومی نائب کپتان نے گرم جوشی کے ساتھ تماشائی سے ہاتھ ملایا۔
دوسرے واقعے میں تماشائی بولنگ کراتے وسیم جونیئر کے پاس آگیا، سکیورٹی اہلکار فوری طور پر گراؤنڈ میں پہنچ گئے اور گراونڈ میں گھسنے والے تماشائیوں کو پکڑ کر باہر لے گئے اور ان کی تواضع بھی کی۔

کوئٹہ: یوٹیلیٹی سٹورز پر سستے آٹے کی پہلی کھیپ پہنچ گئی

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے عوام کو سستا آٹا فراہم کر دیا گیا، حکومت کی جانب سے کوئٹہ شہر کے تمام یوٹیلیٹی سٹورز پر سستے آٹے کی پہلی کھیپ پہنچ گئی۔
یوٹیلیٹی سٹور انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اگلے چند دنوں میں کوئٹہ میں آٹے کا بحران کافی حد تک کم ہو جائے گا، یوٹیلٹی سٹورز پر 20 کلو آٹے کا تھیلا 1296 روپے میں دستیاب ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند روز سے کوئٹہ شہر سمیت بلوچستان بھر میں گندم اور آٹے کا شدید بحران چل رہا تھا، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی کوششوں اور پنجاب حکومت کی جانب سے اخلاقی امداد کے بعد اب بلوچستان میں آٹا کی بحرانی کیفیت ختم ہونے میں مدد ملے گی۔

ہمارے لوگوں کو کہا جا رہا ہے عمران خان پر ریڈ لائن لگا دی: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پیسوں کی آفر اور دھمکیاں بھی دی گئیں، لوگوں کو کہا جا رہا ہے کہ ہم نےعمران خان کو مائنس کر دیا ہے، اس کا کوئی فیوچر نہیں اس پر ریڈ لائن لگا دی ہے۔
لاہور میں پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہمارے اتحادیوں کو دھمکیاں دی گئیں، کہا گیا (ن) لیگ میں چلے جاؤ، چودھری پرویز الہٰی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، مجھے احساس ہے کس طرح کے آپ پر پریشر تھے، مظفر گڑھ کے ایم پی ایز نے بتایا سوا ارب روپے 5 ممبران کو خریدنے کیلئے لگایا گیا، بلال وڑائچ کی شمولیت پر مبارکباد دیتا ہوں۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ اللہ کے بعد پاکستان کی وارث پاکستان کی عوام ہے، ریڈ لائن صرف اللہ کی ذات ڈال سکتی ہے، جن میں یہ تکبر، فرعونیت ہے ان میں کوئی عقل نہیں، جس نے تاریخ پڑھی ہو کبھی ایسی احمقانہ بات نہیں کر سکتا، کسی پر بھی سرخ لکیر صرف عوام ڈال سکتی ہے، ڈنڈے کے زور پرعوام کی اوپنین کو موڑنے کا فیصلہ ہوا۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پتا نہیں کون سے جینئس ایسے فیصلے کرتے ہیں، 25 مئی کو جانوروں کی طرح ڈنڈے مارے گئے،30 سال ان چوروں کی حکومت کی وجہ سے پاکستان دنیا سے پیچھے رہ گیا، 30 سال تک دو خاندان لوٹ مار کرتے رہے، ان دو خاندانوں کا ایک ہی کام پیسہ چوری اور این آراو لینا تھا، انہوں نے معیشت ٹھیک کرنے کیلئے کبھی کوئی روڈ میپ نہیں دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم اتحاد نے اقتدار میں آتے ہی اپنے 1100 ارب کے کرپشن کیسز معاف کرائے اور اکانومی ڈوبنا شروع ہو گئی ہے، ان کا ماضی ہے جب بھی اقتدار میں رہے اکانومی کا برا حال کیا، یہ سوچ رہے تھے شہباز شریف بڑا جنیئس ہے، ہم نے اقتدار سنبھالا تو بینک کرپٹ اکانومی کو سنبھالا، کورونا کے باوجود ہماری معیشت بہتری کی طرف جا رہی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللہ نے تحریک انصاف کو وہ مقبولیت دی جو کسی اور جماعت کو نہیں مل سکی، ہمارے جلسوں میں عوام نے بار بار بتایا وہ کدھر کھڑی ہے، ہماری حکومت ایک سازش کے تحت گرائی گئی، پہلےحکومتوں کو ہٹایا جاتا تو مٹھایئاں بانٹی جاتی تھیں اس بارایسا نہیں ہوا، ریڈ لائن ڈالنے والوں کو جب عوام باہر نکلے تو شاک لگا۔
عمران خان نے کہا کہ رحیم یار خان، میانوالی جلسے میں دینی انتہا پسند کے نام پر اپنے قتل کی واردات کا بتا دیا تھا، اسی سکرپٹ کے مطابق سب کچھ وزیر آباد میں ہوا، سیاست نہیں کر رہا ملک کیلئے حقیقی آزادی کا جہاد کر رہا ہوں، میں اس کو سیاست نہیں جہاد سمجھتا ہوں، مجھے پتا تھا انہوں نے مارچ کے دوران میرے اوپر واردات کرنی ہے، گوجرانوالہ میں پولیس کا پورا میرے ارد گرد سرکل تھا۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ وزیر آباد میں حیران ہوا پولیس میرے ارد گرد نہیں تھی، میری اہلیہ اور مجھے بھی پتا تھا واردات ہوگی، جیسے میری ٹانگ ٹھیک ہو گی پھر سے عوام میں جاؤں گا، اللہ قربانی کے بغیر آزادی نہیں دیتا، چور، جرائم پیشہ، رانا ثنا جیسے بدمعاش مسلط ہوں وہ قوم تباہ ہو جاتی ہے، ہمارے اوپر جہاد فرض ہے، اللہ حکم دیتا ہے ظلم، نا انصافی کا مقابلہ کرو سر نہ جھکاؤ،
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ہمارے اوپر ہر قسم کے چور، جرائم پیشہ لوگوں کو مسلط کیا گیا ان کے خلاف کھڑا ہونا سب کی ذمہ داری ہے، اگر ہم ان چوروں کے خلاف کھڑے نہ ہوئے تو آگے تباہی ہے، ان کی شکلیں، کرتوت، ریکارڈ دیکھیں تو کسی کو پاکستان سے امید نہیں، آپ سب اس کو سیاست نہیں جہاد سمجھیں، آپ کھڑے رہیں انشااللہ ہم سب کامیاب ہوں گے، ہماری کامیابی زیادہ دور نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کا سابق وزیراعظم ہوں اور میرے ساتھ ایسا سلوک ہوا،فاران، اعظم سواتی، شہباز گل سے جو کیا دہشت پھیلائی گئی، اعظم سواتی کے ساتھ جو سلوک ہوا وہ گوانتاناموبے جیل میں بھی نہیں ہو سکتا، ارشد شریف کو دھمکیاں دی گئیں اور پاکستان چھوڑ کر گیا، مونس الہٰی کے قریبی دوست فارن کو اٹھایا گیا، فاران زخمی اور اتنا خوفزدہ تھا ، عدالت میں ڈرا ہوا تھا۔
عمران خان نے کہا کہ پوچھنا چاہتا ہوں کیا پاکستان بنانا ری پبلک بن چکا ہے؟ کیا اس ملک میں کسی کے کوئی حقوق ہے؟، انصاف کے اداروں سے اپیل کر رہا ہوں، آرٹیکل 14 ہمارے انسانی حقوق کی حفاظت کرتا ہے، عدلیہ پر تنقید نہیں کرنا چاہتا مضبوط عدلیہ دیکھنا چاہتا ہوں، 25 مئی کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی گئیں، لوگوں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے، ہم کونسا جرم کر رہے تھے جو لوگوں پر تشدد کیا گیا۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ 25 مئی کو پرامن احتجاج ہمارا آئینی حق تھا، ہمارے حقوق کی حفاظت نہیں کی گئی عدلیہ کی طرف ہی دیکھیں گے، جس وقت ہم نے ان چوروں کو تسلیم کر لیا تو مطلب اپنے ڈیتھ وارنٹ پر دستخط اور پھر کوئی مستقبل نہیں، پاکستان کے عوام آج مایوس ہو چکے ہیں، عوام کو تحریک انصاف سے امید ہے، ساڑھے 7 لاکھ پاکستانی گزشتہ چند ماہ میں ملک چھوڑ چکے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے مزید کہا کہ پاکستان کو ادھر کھڑا کر دیا ہے آئی ایم ایف پروگرام میں جائیں نا جائیں تب بھی مہنگائی ہے، یہ کینسر کا علاج ڈسپرین سے کر رہے ہیں، الیکشن جمہوری عمل ہے الیکشن کرانے سے کیوں ڈر رہے ہیں، اپنے آپ کو جمہوری کہنے والے الیکشن سے کیوں ڈر رہے ہیں، ان کو پتا ہے جب بھی الیکشن ہو گا وہ ہار جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری ان کا سپیشلسٹ ہے جس نے پہلے سندھ ہاؤس میں بھی منڈی لگائی تھی، وہ چوری اور حرام کے پیسوں سے لوگوں کے ضمیرخریدتا ہے، پیپلز پارٹی کے لوگ زرداری کی فوٹو نہیں لگاتے کیونکہ لوگ ووٹ نہیں دیتے، آصف زرداری لاہور آیا اور فیل ہوا، ہمارے لوگوں نے اسے مسترد کر دیا، آصف زرداری کا شکریہ بھی ادا کرتا ہوں گندے انڈوں کو پارٹی سے نکلوا دیا۔
عمران خان نے کہا ہماری حکومت کی آزاد خارجہ پالیسی تھی لیکن یہاں کے غلاموں کو پسند نہیں آئی، ہمارے دور میں ہر چیز بہتر ہو رہی تھی، نریندر مودی کہہ رہا ہے کہ پاکستان بھکاریوں کی طرح پھر رہا ہے، جنیوا میں بھیک مانگنے گئے اور اتنے بڑے وفد کے ساتھ گئے اور وہاں مہنگے ہوٹلوں میں ٹھہرے، جنیوا کانفرنس میں حصہ ویڈیو لنک کے ذریعے بھی لیا جا سکتا تھا، ان کی اکنامک پالیسی’’بھیک ‘‘مانگنا ہے۔

اگر متحدہ نے الیکشن نہیں لڑا تو پھرکراچی میں کوئی الیکشن نہیں ہوگا: خالد مقبول

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں انتخابی حلقہ بندیوں کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاج کیا جس سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ اگر ایم کیو ایم نے الیکشن نہیں لڑا تو پھرکراچی میں کوئی الیکشن نہیں ہوگا۔
سندھ بالخصوص کراچی میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کے خلاف ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے الیکشن کمیشن کے دفترکے باہر احتجاجی مظاہرے میں پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے چیئرمین مصطفیٰ کمال اور تنظیم بحالی کمیٹی کے سربراہ فاروق ستار نے اپنے کارکنان کے ہمراہ شرکت کی۔
کنوینر ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نےکہا کہ انہوں نے صحیح وقت پر صحیح راستہ اختیارکیا ہے، اب سب ٹھیک ہوگا، سندھ کے سارے شہری علاقوں میں حلقہ بندیوں کی صورت میں دھاندلی ہوچکی ہے اگر انصاف نہیں ہوگا تو وہ امن کی ضمانت نہیں لیں گے۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم صاحب اگر آپ نے فیصلے نہ کیے تو ہم پھر اپنے فیصلوں میں آزاد ہوں گے، ہم آپ کو بلیک میل نہیں کر رہے، وارننگ دے رہے ہیں، آپ اپنا فیصلہ بتائیں، ہم اپنے فیصلے میں آزاد ہیں، اگر ایم کیو ایم نے الیکشن نہیں لڑا تو پھرکراچی میں کوئی الیکشن نہیں ہوگا۔
اس موقع پر مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ انہوں نےکل بھی شہر کے لوگوں کے لیے آواز اٹھائی تھی اور آج بھی شہرکے لوگوں کے لیے ایم کیو ایم کے ساتھ کھڑے ہیں، اگر آصف زرداری کو بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنانا ہے تو آپ کو کراچی والوں کو ساتھ رکھنا پڑےگا۔
ان کا کہنا تھا کہ منصوبہ بندی کے تحت کراچی پر قبضے کی کوشش کی جارہی ہے، شہر کی آبادی کو کم گنا گیا ہے،کراچی کے مسائل حل کرنا وزیر اعلیٰ سندھ کی ذمہ داری ہے۔
فاروق ستار نےکہا کہ جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی کا گٹھ جوڑ سامنے آگیا ہے،کراچی کو سندھ کے وڈیروں کی کالونی نہیں بننے دیں گے، یہ احتجاج نئے سال کے آغاز میں نئے سفر کا آغاز بھی ہے، یہ ایم کیو ایم کی بحالی کا سال ہے، ہم سب ایک ہیں۔
مظاہرے کے اختتام پر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں وفد نے الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان کو یاداشت بھی پیش کی جس کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منشتر ہوگئے۔

پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا۔
نسیم شاہ کیریئر کے ابتدائی 5 ون ڈے میچز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے۔
نسیم شاہ نے اپنے کیریئر کے پانچویں ون ڈے میں 18 وکٹیں مکمل کیں اور یوں انہوں نے آسٹریلیا کے ریان ہیرس کا ریکارڈ توڑا۔ نسیم شاہ نے یہ کارنامہ نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں انجام دیا، انہوں نے میچ میں مجموعی طور پر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
ریان ہیرس نے ابتدائی پانچ ون ڈے میں 17 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ نسیم شاہ نے پچھلے میچ میں 4 ون ڈے میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی بنایا تھا۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن کا شور شرابہ،’اعتماد کا ووٹ لو’ کے نعرے

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن ارکان نے خوب شور شرابہ کیا اور  احتجاج کرتے ہوئے اسپیکر ڈائس کے سامنے آگئے۔
اسپیکر سبطین خان کی سربراہی میں پنجاب اسمبلی کا اجلاس جاری ہے جس میں اپوزیشن ارکان کا مطالبہ ہےکہ آج ہی اعتماد کا ووٹ لیا جائے، مسلم لیگ ن کے ارکان کی جانب سے پنجاب حکومت کے خلاف مسلسل نعرے لگائے گئے، ایوان میں ‘اعتماد کا ووٹ لو ‘ کے نعرے بھی لگائےگئے۔
اس دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اراکین سعدیہ سہیل رانا،سیمابیہ طاہر اور ثانیہ کامران نے بھی اپوزیشن کےخلاف نعرے لگائے۔
اسپیکر سبطین خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ارکان نشستوں پر تشریف رکھیں، دوسری صورت میں آئین کے مطابق کارروائی کروں گا۔
اجلاس کے دوران وزیر پارلیمانی امور راجہ بشارت نے اپوزیشن کو منانےکی کوشش بھی کی اور ان سے نشستوں پر بیٹھنےکی درخواست کی۔
مسلم لیگ ن کی رکن راحیلہ خادم حسین نے وقفہ سوالات میں بات کرنے سے انکار کر دیا، ان کا کہنا تھا کہ گورنرپنجاب وزیراعلیٰ پر عدم اعتمادکرچکے،گزارش ہے پہلے وزیراعلیٰ اعتمادکا ووٹ لیں۔
اسپیکر سبطین خان کا کہنا تھا کہ حکومت کو اعتماد کا ووٹ لینا ہے یا نہیں اس پر ہائی کورٹ کو فیصلہ کرنے دیں، اگر اعتماد کا ووٹ نہیں لیں گے تو حکومت میں نہیں رہیں گے،عدم اعتماد کی تحریک لے آئیں فیصلہ ہوجائےگا۔

سیلاب زدگان کیلئے اکٹھی ہوئی امداد 80 فیصد قرضے ہیں: حماد اظہر

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا ہے کہ سیلاب زدگان کیلئے جو امدادی رقم اکٹھی ہوئی ہے 80 فیصد پرانے پاکستان کے قرضے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ قرضوں کا صرف نام بدلا گیا ہے یہ پیسے اگلے تین سال کیلئے اسی رفتار سے آئیں گے جیسے نئے پیسے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 5 بلین ڈالر کو بھی آتے سال لگ جائے گا، ہماری معاشی حکمت عملی درست نہیں ہے جب تک سنجیدگی کے ساتھ آگے نہیں بڑھتے معاشی حالات ٹھیک نہیں ہوں گے۔

دوسرا ون ڈے؛ نیوزی لینڈ کا پاکستان کو جیت کیلیے 262 رنز کا ہدف

کراچی: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں کیویز نے مہمان ٹیم کو جیت کیلیے 262 رنز کا ہدف دے دیا۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، ابتدا میں کیوی اوپنر فن ایلن جلد وکٹ گنوا بیٹھے تاہم کین ولیمسن اور ڈیون کانوے میں 181 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرکے نیوزی لینڈ کی پوزیشن مستحکم کردی۔
فن ایلن ایک، ڈیرل مچل 5، ڈیون کانوے نے 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 101 رنز بنائے جبکہ کپتان کین ولیمسن 85 رنز بناکر آپٹ ہوئے۔
کیویز کی ٹیم 49.5 اوورز میں 261 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی، کانوے 101 اور کین ولیمسن 85 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ قومی ٹیم کے بولر محمد نواز نے چار، نسیم شاہ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ حارث رؤف اور اسامہ میر کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
قبل ازیں ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ پاکستان کو شکست دیکر سیریز میں کم بیک کرنا چاہتے ہیں، کوشش ہوگی بڑا ٹارگٹ سیٹ کریں۔ پاکستان کے خلاف ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اِش سودھی کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ کیویز کو جلد آؤٹ کرکے سیریز میں کامیابی حاصل کریں، ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

صدر علوی سے سبکدوش ہونے والے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کی ملاقات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے سبکدوش ہونے والے برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے ملاقات کیا ہے۔
ملاقات کے دوران صدر مملکت نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے کیلئے اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی استحکام کو یقینی بنا کر دوطرفہ تجارت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے، معاشی تعلقات میں اضافے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
صدر نے کہا کہ باہمی تجارت سے مستقبل میں ترقی کی شرح کو برقرار رکھا جا سکے گا، عارف علوی نے برطانیہ کی ترقی پذیر ممالک کیلئے تجارتی سکیم میں پاکستان کی شمولیت کو سراہا، دونوں ممالک کے مابین آزاد تجارتی معاہدے میں پیش رفت کو تیز کرنے پر بھی زور دیا۔