جونی لیور کے کامیڈی مناظر سے بڑے اداکار کیوں خوف کھاتے ہیں؟

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ کے معروف کامیڈی اداکار جونی لیور نے کہا ہے کہ آج کل کی فلموں میں کامیڈی مشکل سے نظر آتی ہے۔
انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ماضی میں فلم کے مرکزی اداکار کامیڈی مناظر ملنے کا مطالبہ کیا کرتے تھے تاکہ ان کو میری طرح داد و تحسین مل سکے۔
ایک تازہ انٹرویو میں کامیڈی آئیکون کا کہنا تھا کہ کامیڈی اب فلموں سے ختم ہوچکی ہے اور وہ جس طرح کا مزاح کرتے ہیں اس کی اب فلموں میں ضرورت نہیں رہی۔
جونی لیور نے بتایا کہ شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’بازیگر‘ میں کوئی رائٹر نہیں تھا چناں چہ کامیڈی مناظر کیلئے آئیڈیاز وہ خود اپنے دماغ سے بناتے تھے۔
انہوں نے زیادہ فلموں میں کام نہ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ آج کل بہت برے اسکرپٹ لکھے جاتے ہیں جس کو کرنے سے وہ انکار کردیتے ہیں، وہ سمجھے ہیں کہ ’جونی بھائی سنبھال لیں گے‘ جبکہ ہمیں کام کرنے کیلئے ایک اچھے اسکرپٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔
جونی لیور نے انکشاف کیا کہ ماضی میں مجھے اپنی کامیڈی کی وجہ سے بہت پذیرائی ملتی تھی جس کی وجہ سے مرکزی اداکاروں کو خوف آنے لگا، انہوں نے خود بھی کامیڈی مناظر کے مطالبے شروع کردیئے جس کی وجہ سے میرے کردار مختصر ہوتے گئے اور اب کامیڈی ختم ہوچکی ہے۔
اداکار نے فلمساز روہت شیٹی کی تعریف کی ہے کہ وہ اب بھی کامیڈی کی قدر کرتے ہیں اور یاد رہے کہ جونی لیور کی تازہ فلم ’سرکس‘ بھی روہت شیٹی کے ساتھ ہے۔

ایف آئی اے نے خاتون کو ہراساں کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ادارے نے سوشل میڈیا کے ذریعے خاتون کو ہراساں کرنے والے ملزم کو فیصل آباد سے گرفتار کرلیا۔
فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم سرکل فیصل آباد نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو ہراساں کرنے والے حیدر علی خان نامی شخص کو گرفتار کیا ہے۔
ملزم فیس بک اور انسٹاگرام کے ذریعے خاتون کی قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے میں ملوث تھا اور متاثرہ خاتون کو جنسی طور پر ہراساں اور بلیک میل بھی کر رہا تھا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے متعدد جعلی فیس بک اور نسٹاگرام اکاونٹ بنائے ہوئے تھے جسے فیصل آباد سے گرفتار کیا گیا۔
ترجمان نے جاری بیان میں مزید کہا کہ ملزم کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جب کہ مزید تفتیش جاری ہے۔

اعتماد کے ووٹ بارے مشاورت: ن لیگ کی قیادت نے گورنر ہاؤس میں سر جوڑ لیے

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے اعتماد کے ووٹ بارے مسلم لیگ ن کی سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئیں، سینئر لیگی قیادت نے گورنر ہاؤس میں سر جوڑ لیے۔
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماؤں وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی گورنر ہاؤس لاہور آمد، پارٹی کے اہم رہنماؤں نے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے ملاقات کی، سینئر رہنما ملک احمد خان اور رانا مشہود بھی ملاقات میں شریک تھے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق ملاقات میں لیگی رہنماؤں نے موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال اور مسلم لیگ ن کی حکمت عملی کے تیاری کے بارے مشاورت کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام آئنیی اور قانونی پہلوؤں پر نظر ثانی کی جارہی ہے اور قیادت کی طرف سے کل عدالت میں پاکستان مسلم لیگ ن کے اراکین کو جمع ہونے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

ثانیہ مرزا کو ایڈیلیڈ انٹرنیشنل ٹو اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں ہی شکست کس سامنا

ایڈیلیڈ: (ویب ڈیسک) بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اور ان کی قزاخستان کی جوڑی دار اینا سرجیوینا ڈینیلینا ایڈیلیڈ انٹرنیشنل ٹو اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز ڈبلز کے ابتدائی رائونڈ میں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔
ثانیہ مرزا کی جوڑی کو ایڈیلیڈ انٹرنیشنل ٹو اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز ڈبلز کے ابتدائی رائونڈ میں آسٹریلیا کی سٹروم ہنٹر اور ان کی جمہوریہ چیک کی جوڑی دار باربورا کریجکووا سے 6-3، 3-6 اور 6-10 کے مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
واضح رہے آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ میں جاری ایڈیلیڈ انٹرنیشنل ٹو اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میموریل ڈرائیو ٹینس سینٹر پر کھیلا جا رہا ہے جس کے خواتین کے ڈبلز مقابلوں کے ابتدائی رائونڈ میں آسٹریلیا کی سٹروم ہنٹر اور ان کی جمہوریہ چیک کی جوڑی نے دوسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے۔

کھلاڑیوں کی سلیکشن، بابر اعظم جو فیصلہ کرینگے من و عن قبول ہوگا: نجم سیٹھی

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو چئیرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے فیصلے کرنے کے مکمل اختیارات دے دئیے۔
چئیرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے بابر اعظم کو پیغام بھجوایا جس میں کہا گیا کہ آپ جس کھلاڑی کو چاہتے ہیں پلئینگ الیون میں شامل کریں آپکو مکمل اختیار ہے، جس کھلاڑی کو چاہتے ہیں کہ وہ پلئینگ الیون میں شامل نہیں ہوسکتا اسکو ڈراپ کرنے کا اختیار بھی آپکے پاس ہے۔
نجم سیٹھی نے پیغام میں کہا کہ آپ جو فیصلہ کرینگے ہم سب اسکو من و عن قبول کرینگے ، آپ کے فیصلوں میں کوئی بھی عمل دخل نہیں کرے گا۔
چئیرمین مینجمنٹ کمیٹی پی سی بی نے بابر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ دنیا کے بہترین کھلاڑی ہیں ہماری خوش قسمتی ہے آپ ہمارے کپتان ہیں۔
گزشتہ دنوں بابر اعظم نے سکواڈ اور شان مسعود کو نائب کپتان بنانے سے متعلق لاعلمی اور ناراضگی کاا اظہار کیا تھا۔

پی سی بی نے مکی آرتھر کی کنسلٹنٹ بننے کی پیشکش مسترد کردی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے (پی سی بی) نے مکی آرتھر کی کنسلٹنٹ بننے کی پیشکش مسترد کردی ہے جس کے بعد اُنکا قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر ہونے کا قصہ ختم ہوگیا۔
کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی نے مکی آرتھر کو ہیڈکوچ بنانے کی آفر کی تھی، تاہم مکی آرتھر نے فل ٹائم کوچ کی ذمہ داری لینے کے بجائے کنسلٹنٹ بننے کی پیشکش کی تھی۔
مکی آرتھر کے ساتھ معاملات ختم کرنے کے بعد اب پی سی بی حکام نے کسی دوسرے غیرملکی کوچ کے ساتھ رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
قبل ازیں منگل 27 دسمبر کو پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا تھا کہ وہ مکی آرتھر کو پہلے بھی لائے تھے اور کھلاڑیوں کے کھیل میں نکھار پیدا کرنے کیلیے اُن سے دوبارہ رابطہ کریں گے۔

نیب نے گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا آغاز کر دیا

ایبٹ آباد: (ویب ڈیسک) گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں بڑے پیمانے پر مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا، نیب نے جی ڈی اے سے معاہدوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔
نیب کے مطابق جی ڈی اے نے پارکنگ پلازہ اراضی کی کم قیمت پر الاٹمنٹ کی، ایوبیہ چئیرلفٹ کو غیر قانونی طور پر مورال کمپنی کو دیا گیا، نتھیا گلی میں زپ لائن کا ٹھیکہ بھی غیر قانونی طور پر پہلے دیا گیا اور اس کی مدت بھی بڑھا دی گئی۔
نیب نے کہا کہ چھانگلہ گلی میں 11 کنال اراضی کیمپ پوڈز الائٹمنٹ کے حوالے سے 25 ملین رشوت لی گئی، گلیات کے ماسٹر پلان کیلئے بیس سال کا معاہدہ پہلے 25 ملین روپے میں کیا گیا، معاہدہ غیر قانونی طور پر دوبارہ دے دیا گیا۔
نیب کے اعلامیے کے مطابق ٹھنڈیانی میں 300 کنال اراضی 99 سال کیلئے اصل قیمت کے بغیر الاٹ کر دی گئی، جی ڈی اے ملازم نے بطور مڈل مین 16 کنال اراضی ہدا اسٹیٹ کو فروخت کر کے کروڑوں روپے کمائے۔

پنجاب میں اعتماد کا ووٹ، آصف علی زرداری کا کل لاہور آنے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب کے اعتماد کے ووٹ کے معاملے پر سابق صدر آصف علی زرداری نے لاہور میں ڈیرے ڈالنے کا فیصلہ کر لیا۔
امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کل لاہور پہنچیں گے، اس موقع پر سابق صدر لاہور میں وفاقی وزراء کی معاونت کریں گے، پی ڈی ایم کی جانب سے پنجاب میں سیاسی بقاء کی جنگ جیتنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے پی ڈی ایم رہنماؤں نے مسلم لیگ (ق) اور تحریک انصاف کے ارکان کو توڑنے کیلئے بیک ڈور رابطوں سلسلہ تیز کر دیا ہے، وزیراعلیٰ کے اعتماد کے ووٹ کے موقع پر ارکان کو ایوان سے غیر حاضر رہنے کیلئے مختلف پیشکشیں کی جا رہی ہیں۔

ایسا نہیں ہو سکتا کہ پرویز الٰہی کیس کی دو ہفتے تاریخ ڈال دی جائے، عطا تارڑ

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم کے مشیر اور مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے کہا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ پرویز الہیٰ کیس کی دو ہفتے تاریخ ڈال دی جائے۔
مسلم لیگی رہنما نے کہا کہ گورنر کےاعتماد کا ووٹ لینے کے آرڈر کو تین ہفتے گزر گئے، یہ معاملہ تاخیر کا شکار نہیں ہونا چاہیے، گورنر کا بھی ایک استحقاق ہے، مونس الہیٰ نےاتنا پیسہ کمایا اور آفرز تو ان کی طرف سے ہو رہی تھیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ فواد چودھری کا ایجنسیوں پر الزام لگانا انتہائی افسوس ناک ہے، تحقیقات اس کام کی کرائی جائے جس کا شبہ ہو، ان کا اپنا وزیراعلیٰ پنجاب ان کے کنٹرول میں نہیں، یہ الزام ایجنسیوں پر لگا رہے ہیں۔
مشیر وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اسمبلیوں کے تسلسل میں آخری حد تک تگ و دو کریں گے، اب ہم پرویز الہیٰ کے ساتھ تو سسٹم نہیں چلانا چاہتے۔

فواد کے ہوتے ہوئے عمران خان کو دشمن کی ضرورت نہیں: مومنہ وحید کا ردعمل

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن پنجاب اسمبلی مومنہ وحید نے اپنی ہی پارٹی کے رہنما فواد چوہدری پر تنقید کی ہے۔
فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل میں مومنہ وحید نے کہا ہے کہ فواد چوہدری خود بکے اورپی ٹی آئی میں آئے، فواد چوہدری کا کام صرف الزام تراشی کرنا ہے۔
مومنہ وحید نے کہا کہ فواد چوہدری کے ہوتے ہوئے عمران خان کو دشمن کی ضرورت نہیں ہے، فواد چوہدری پہلے ق لیگ، پھر پیپلز پارٹی میں تھے۔
انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری یہ بھی بتا دیں کہ کتنے پیسے لے کر وہ جماعتیں چھوڑیں؟
مومنہ وحید نے کہا کہ ان کی طرح پی ٹی آئی کے مزید 25 ارکان صوبائی اسمبلی میں وزیراعلی پرویزالہیٰ کو اعتماد کا ووٹ نہیں دیں گے۔ میں اپنےضمیرکی آوازپر پرویز الہیٰ کوووٹ نہیں دوں گی۔
خیال رہے کہ فواد چوہدری نے الزام عائد کیا ہے کہ خاتون رکن اسمبلی مومنہ وحید کو 5 کروڑ روپے دے کر لوٹا بنایا گیا۔