سیلاب سے 33 ملین پاکستانی متاثر ہوئے، عمران کہیں مدد کرتے نظر نہیں آئے، مرتضیٰ وہاب

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیلاب سے 33 ملین افراد متاثر ہوئے لیکن عمران خان کہیں بھی سیلاب متاثرین کی مدد کرتے نظر نہیں آئے۔
نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عمران خان کا 4 سال کا دور تباہ کن تھا، کل پی ٹی آئی والوں نے کہا ڈونرز کانفرنس ناکام ہو گئی، کسی نے ٹویٹ کیا ڈونرز کانفرنس میں کوئی نہیں آیا جبکہ ڈونرز کانفرنس میں احسن انداز میں پاکستان کا مقدمہ دنیا کے سامنے رکھا گیا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سیلاب متاثرین کا مقدمہ پیپلز پارٹی نہیں ریاست پاکستان کا تھا، اگر ان لوگوں کو پاکستان سے محبت ہوتی تو وزیراعظم، وزیر خارجہ کو شاباش دیتے۔

13 جماعتی ٹولہ پھر ارکان کی منڈی لگانے کی کوشش کر رہا ہے: عمر چیمہ

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق گورنر پنجاب اور پی ٹی آئی کے رہنما عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ 13 جماعتی ڈاکوؤں کے ٹولے نے پہلے بھی واردات کرنے کی کوشش کی تھی، اب یہ دوبارہ ارکان کی منڈی لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ ہمیں پتا تھا ان کے پاس نمبرز پورے نہیں، عدم اعتماد کا ایک طریقہ کار ہے، عدم اعتماد کا ہمیں کوئی مسئلہ نہیں، گورنر پنجاب کا اعتماد کا ووٹ لینے کا طریقہ کار غلط تھا، عدالت نے گورنر کے آرڈر کو مسترد کیا، یہ میڈیا میں آکر بڑھکیں مارتے ہیں، بڑھکیں مارنے کا مقصد اپنی نالائقی سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔
سابق گورنر پنجاب نے کا مزید کہنا تھا کہ ایک طرف ملک کو دہشت گردی کا سامنا دوسری طرف وزیر داخلہ پنجاب میں ووٹوں کی سودے بازی کر رہا ہے، یہ لوگ اپنے بندوں کی فکر کریں، آصف زرداری، شہباز شریف گینگ مسلسل اسی کوشش میں ہے، یہ این آر او ٹو کے تحفظ کیلئے اقتدار سے چمٹے رہنا چاہتے ہیں۔

لاہور: سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش کرنیوالا ‘ سنجے دت’ گرفتار

لاہور: (ویب ڈیسک) گلشن اقبال پولیس نے سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش کرنے والے ملزم حسنات کھوکھر عرف سنجے دت کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش کی ویڈیو منظر عام آنے پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم حسنات کھوکھر عرف سنجے دت کو گرفتار کرکے پستول اور گولیاں برآمد کرلیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اکثر سکول چوک کے باہر ہوائی فائرنگ کرکے ٹک ٹاک ویڈیوز بناتا اور انہیں سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرتا تھا۔

مہاجروں اور مظلوموں کو ان کے حقوق واپس دلوائیں گے، فاروق ستار

کراچی: (ویب ڈیسک) سربراہ تنظیم ایم کیو ایم پاکستان بحالی کمیٹی فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی اور حیدر آباد کے مہاجروں اور تمام مظلوموں کو ان کے حقوق واپس دلوائیں گے۔
فاروق ستار نے کہا کہ ہمیں مردم شُماری میں کم گنا جاتا ہے، کراچی اورحیدرآباد میں غیر منصفانہ، متنازعہ حلقہ بندیاں کی گئیں، ہمیں ہمارے بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے، اس ظلم اور ناانصافی کے خلاف بھر پور احتجاج کرنا ہے۔
سربراہ تنظیم ایم کیو ایم پاکستان بحالی کمیٹی کا کہنا تھا کہ کب تک ظلم سہیں، آگے بڑھیں اور طاقتور ایوانوں تک آواز پہنچائیں، مہاجروں اور تمام مظلوموں کو اُن کے حقوق واپس دلوانے ہیں۔

مسلم لیگ ن نے اعتماد کے ووٹ کے مطالبے کی قرار داد جمع کرا دی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن نے اعتماد کے ووٹ کے مطالبے کی قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی، قرار داد 4 لیگی ارکان کے دستخطوں کے ساتھ جمع کرائی گئی ہے۔
قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ گورنر نے اعتماد کے ووٹ کے لیے جو حکم دیا ہے اس پر آئین کے مطابق عمل کیا جائے، اعتماد کے ووٹ کا مرحلہ سپیکر یا ڈپٹی سپیکر کے بجائے غیر جانبدار ممبر کی سربراہی میں کرایا جائے۔
قرار داد ایم پی اے محمد ارشد اور علی حیدر گیلانی کی جانب سے جمع کرائی گئی، اپوزیشن نے وزیراعلیٰ کے اعتماد کے ووٹ کیلئے سپیکر، ڈپٹی سپیکر اور پینل آف چیئرمین پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا۔
قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب، اعتماد کے ووٹ کے لیے سپیکر، ڈپٹی سپیکر اور چیئرمین پینل کے بجائے غیر جانبدار افراد کی ذمہ داری لگائی جائے، وزیر اعلیٰ کے اعتماد کا ووٹ اور نئے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے ابزرور مقرر کیا جائے۔

جس دن ہماری حکومت آئی والیم 10 کھلے گا، مسرت جمشید چیمہ

لاہور: (ویب ڈیسک) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ جس دن ہماری حکومت آئے گی والیم 10 کھلے گا، آدھا تتر،آدھا بٹیراب نہیں چلےگا۔
ترجمان پنجاب حکومت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں انڈسٹریز بند ہو رہی ہے، جو بکنے والے تھے وہ دفعہ ہو چکے ہیں اب کوئی بکاؤ مال نہیں، یہ سوشل میڈیا کا دور ہے کسی کو شب خون نہیں مارنے دیں گے۔
مسرت چیمہ نے کہا کہ زرداری تین میں نا تیرہ میں، زرداری کمپنی کی مشہوری کے لیے صرف ایک اشتہار ہے، ہم نے ان کے لیے بھی سرپرائز رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں دہشت گردی بڑھ رہی ہے، ہمارے پاس پنجاب اسمبلی کے نمبرز پورے ہیں، ملک دشمن، ہارے ہوئے ٹولے کے پاس اب جانے کو کوئی تیار نہیں۔

پنجاب میں غیر آئینی اقدام کیا گیا تو گورنر راج نافذ کرسکتے ہیں، وزیر داخلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی غیر آئینی اقدام کرے گی تو حکومت گورنر راج نافذ کر سکتی ہے۔
رانا ثنا اللہ نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئین میں لکھا ہے کہ وزیر اعلیٰ اعتماد کا ووٹ نہ لیں تو وہ وزیر اعلیٰ نہیں رہیں گے، گورنر کی مرضی ہے ان سے جب بھی اعتماد کا ووٹ لینے کا کہہ دیں۔
رانا ثنا اللہ نے زور دیا کہ ہمیں معلوم ہے کہ انکے پاس نمبر پورے نہیں ہیں ، اگر ہیں تو ووٹ آف کانفیڈینس لے لیں، حمزہ شہباز ہی وزیر اعلیٰ کے متفقہ امید وار ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرے علم میں نہیں کہ وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی سے کوئی مذاکرات ہو رہے ہیں، اگر یہ غیر آئینی اقدام کریں گے تو حکومت گورنر راج نافذ کر سکتی ہے۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ الیکشن تو تب ہی ہوتے کہ اسمبلیاں توڑ دی جاتیں، ابھی تو کے پی کے کی اسمبلی توڑنے سے بھی بھاگ رہے ہیں، اگر گورنر راج لگ گیا تو اسکا وقت 6 مہینے تک ہو گا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک دشمن ایجنڈے پر کام کر رہا ہے، وہ اور اسکے ورکرز گمراہی کی آخری حد کو پہنچے ہوئے ہیں، ایک مہینے سے اسمبلیاں توڑنے کا رونا رو رہے ہیں اس صورت حال میں گورنر کا حق ہے کہ وہ اپنا اختیار استعمال کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سوائے عمران خان کے اسٹیبلشمنٹ، عدلیہ، سیاست دان اور قوم یہی چاہتی ہے کہ ملک میں استحکام ہو، عدالت سے عمران خان کو کوئی ریلیف نہیں ملنے والا۔

امریکا میں چور ٹرک کے تالے توڑ کر 9 کروڑ کی پینٹنگز لوٹ کر فرار

کولاراڈو: (ویب ڈیسک) بولڈر شہر میں ایک مکمل طور پر مقفل ٹرک سے 5 شاہکار پینٹنگ چوری ہوگئیں جس کی تلاش میں پولیس سرگرداں ہیں۔
مصوری کے ان شاہکار کی قیمت 4 لاکھ ڈالر تھی جو پاکستانی روپوں میں 9 کروڑ 12 لاکھ روپے بنتی ہے۔
شہری انتظامیہ کے مطابق یہ پیٹنگ 14 دسمبر کی شام سے لے کر صبح تک کے وقت میں چوری ہوئی ہیں، ٹرک ڈرائیور اور اس کا معاون عملہ شام کو ایک ہوٹل میں رکا تھا، جب صبح وہ ٹرک پر پہنچے تو اس کا مضبوطی سے بند کیا گیا دروازہ اور تالا وغیرہ ٹوٹا ہوا تھا، معلوم ہوا کہ اندر رکھی 5 پینٹنگ اور ان کے ساتھ کچھ اوزار بھی غائب ہیں۔
ٹرانسپورٹ سٹاف کے مطابق اس خزانے میں امریکی فن کار ارنسٹ مارٹن ہیننگز کی مشہور تخلیق ’لگونا پیبلو‘ بھی موجود تھی۔
اس کےعلاوہ جوزف ہنری شارپ کی تخلیق ’ویوز آف ٹاؤس پیبلو‘ ایلن ڈی کوننگ، جین فرائلیشر اور اینگر ارونگ کوز کا اہم کام بھی شامل تھا، ان تصاویر میں لینڈ اسکیپ پینٹنگ بھی شامل تھی۔
تاہم افسران نے یہ نہیں بتایا کہ قیمتی تصاویر کس میوزیئم سے لی گئی تھیں اور کہاں لے جائی جا رہی تھیں۔

اوزون کی سطح جلد اپنی پرانی حالت میں واپس آجائے گی، رپورٹ

نیروبی: (ویب ڈیسک) گلوبل وارمنگ کے پیشِ نظر اوزون کی تہہ کو بچانے کے لیے کی جانے والی کوششیں رنگ لانے لگ گئیں۔
پیر کے روز دنیا بھر کے سیکڑوں سائنس دانوں کی جانب سے مرتب کی جانے والی رپورٹ کے مطابق اوزون کو نقصان پہنچانے والی اشیاء کے استعمال میں کمی کے نتیجے میں اوزون کی تہہ بحال ہونا شروع ہوگئی ہے اور اس صدی کے آخر تک زمین کو گلوبل وارمنگ کے سبب بڑھنے والے درجہ حرارت میں 0.5- 1 ڈگری تک کمی کا سامنا متوقع ہے۔
اوزون سطح کرہ ارض کو ڈھانپنے والی ایک حفاظتی سطح ہے جو سورج سے آنے والی نقصان دہ الٹرا وائلٹ شعاؤں کو زمین کے ماحول میں گھسنے سے روکتی ہے۔
ماضی کے مطالعوں میں روز مرہ کی اشیاء میں استعمال ہونے والے کلوروفلورو کاربن (سی ایف سیز) کو اوزون سطح، انسان کی صحت اور ماحول کے لیے نقصان دہ پایا گیا ہے۔
1987 میں درجنوں ممالک نے موٹریال پروٹوکول پر دستخط کیے جس کے تحت دستخط کنندہ سی ایف سیز کے استعمال کو ختم کرنے کے پابند ہوگئے۔
پیر کے روز شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق تک اوزون سطح کی اینٹارکٹک میں 2066 تک، آرٹک میں 2045 اور باقی دنیا میں 2040 تک اس ہی حالت میں واپسی متوقع ہے جس حال میں وہ 1980 میں تھی۔
اقوام متحدہ کے اوزون سیکریٹریٹ کے انوائرنمنٹ پروگرام کی ایگزیکٹِیو سیکریٹری میگ سیکی کا کہنا تھا کہ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق اوزون تہہ کی بحالی ایک زبردست خبر ہے۔ موسمیاتی تغیر کو کم کرنے کے لیے مونٹریال پروٹوکول اس سے زیادہ اثر انداز نہیں ہوسکتا۔ 35 سال سے زیادہ کے عرصے میں یہ معاہدہ ماحولیات کے لیے حقیقی چیمپئن بن گیا ہے۔

رواں سال کا پہلا فیچر ٹک ٹاک صارفین کی بڑی مشکل میں معاون ثابت ہوگا

لاہور: (ویب ڈیسک) ٹک ٹاک صارفین کی جانب سے اکثر شکایات کے بعد ایپ انتظامیہ نے نیا فیچر متعارف کروانے کی ٹھان لی۔
کمپنی کی جانب سے ایک نیا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے جس کا مقصد مناسب وقت تک نیند کو یقینی بنانا ہے، کمپنی کی جانب سے نئے فیچر سلیپ ریمائنڈرز کی آزمائش کی جا رہی ہے۔
اس فیچر کے تحت سونے کے وقت کے الرٹس لگانے جبکہ نیند کے دوران نوٹیفکیشنز کو میوٹ کرنے جیسے آپشنز دستیاب ہوں گے، نئے فیچر کی آزمائش دنیا بھر میں صارفین کی محدود تعداد میں کی جا رہی ہے، یہ نیا فیچر سکرین ٹائم سیٹنگز میں سلیپ ریمائنڈرز کے نام سے موجود ہوگا۔
کمپنی نے بتایا کہ اس فیچر سے صارفین کو ٹک ٹاک پر سکرولنگ کے دوران معلوم ہوسکے گا کہ اب ان کے سونے کا وقت ہوگیا ہے، اس کے لئے صارفین کو سونے کے ایک وقت کو سلیکٹ کرنا ہوگا اور وہ وقت قریب آنے پر ایپ کی جانب سے یاد دلایا جائے گا کہ نیند کا وقت آگیا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ پش نوٹیفکیشنز 7 گھنٹوں کے لئے میوٹ ہوجائیں گے تاکہ صارف کی نیند متاثر نہ ہوسکے۔
ٹک ٹاک کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ہم صارفین کی بہتری کے لئے متعدد نئے ذرائع پر کام کر رہے ہیں اور یہ نیا ٹول بھی اسی مقصد کے لئے تیار کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ٹک ٹاک نے فروری 2020 میں سکرین ٹائم منیجمنٹ ٹولز متعارف کرائے تھے اور اس کے بعد سے ایسے متعدد فیچرز کا اضافہ کیا گیا جو صارفین کو ایپ کے استعمال کے حوالے سے زیادہ اختیار فراہم کر سکیں۔