جنیوا کانفرنس، پاکستان کیلئے ساڑھے 8 ارب ڈالرز سے زائد کی امداد

جنیوا: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جنیوا میں منعقدہ عالمی کانفرنس کے پہلے سیشن میں پاکستان کے لیے مجموعی طور پر ساڑھے آٹھ ارب ڈالرز سے زائد کی امداد کے وعدے کیے گئے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ جنیوا کانفرنس میں یورپی یونین نے 93 ملین ڈالرز دینے کا وعدہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ منعقدہ کانفرنس میں جرمنی نے 88 ملین ڈالرز، چین نے 100 ملین ڈالرز،اسلامی ترقیاتی بینک نے چار ارب 20 کروڑ ڈالرز اورعالمی بینک نے دو ارب ڈالرز دینے کا وعدہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کے مطابق عالمی کانفرنس میں پاکستان کے سیلاب متاثرین کی بحالی اور امداد کے لیے جاپان نے 70 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے ڈیڑھ ارب ڈالرزدینے کا وعدہ کیا ہے۔

جارح مزاج بیٹر اعظم خان نے ٹی ٹوئنٹی میں پہلی سنچری جڑ دی

ڈھاکا: (ویب ڈیسک) پاکستان کے جارح مزاج بیٹر اعظم خان نے اپنے کیریئر کی پہلی سنچری جڑ دی۔
بنگلا دیش پریمیئر لیگ کے میرپور میں ہونے والے میچ میں کھلنا ٹائیگرز کی جانب سے کھیلتے ہوئے اعظم خان نے 109 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی۔
اعظم خان نے 58 گیندوں پر 109 رنز بنائے جس میں 9 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔
یہ اعظم خان کے کیریئر کی پہلی ٹی ٹوئنٹی سنچری ہے۔
خیال رہے کہ ان دنوں بنگلادیش پریمیئر لیگ جاری ہے جس میں متعدد پاکستانی کرکٹرز ایکشن میں ہیں۔
اعظم خان سابق وکٹ کیپر بیٹر معین خان کے بیٹے ہیں۔

امیتابھ بچن نے ٹویٹر پر ’خوفناک غلطی‘ کا اعتراف کرتے ہوئے معافی مانگ لی

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے ٹویٹر پر اپنی ایک ’خوفناک غلطی‘ کا اعتراف کرتے ہوئے معافی مانگی ہے جس پر انہیں مداحوں کی جانب سے ٹرول کا سامنا کرنا پڑا۔
امیتابھ بچن ہمیشہ اپنی ٹویٹوں کے ساتھ ٹویٹ نمبر بھی لکھتے ہیں اور شاید عام لوگوں کیلئے یہ بات اتنی اہم نہ ہو لیکن بگ بی ان نمبروں پر نہایت سنجیدہ ہیں۔
سپر اسٹار نے ایک ٹویٹ میں مداحوں کو بتایا کہ پچھلی ٹویٹس کے نمبر غلط لکھ کر انہوں نے ایک ’خوفناک غلطی‘ کی ہے جس پر وہ معافی کے طلبگار ہیں۔
اگرچہ یہ اتنا سنجیدہ معاملہ نہیں تھا لیکن اداکار کی تشویش کو دیکھ کر انٹرنیٹ ٹرولز کو موقع مل گیا اور انہوں نے بگ بی کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ اتنی ’سنگین غلطی‘ کرنے کے بعد آپ نے انگریزی میں معافی کے ہجے بھی غلط لکھے ہیں، یہ بات بہت ’خوفناک‘ ہے۔
کچھ ٹرولز نے بگ بی سے کہا کہ آپ کی معافی قابلِ قبول نہیں ہے، چناں چہ آپ اپنا اکاؤنٹ ڈی ایکٹیویٹ کردیں۔
بعض صارفین نے مزاحیہ کمنٹس بھی کیے ہیں، ایک نے لکھا کہ آپ کی غلطی کی وجہ سے عالمی مارکیٹ میں گڑبڑ ہوگئی ہے کہ جبکہ ایک صارف نے کہا کہ شکر ہے آپ نے اس کو واضح کردیا مجھے رات کو نیند نہیں آئی تھی۔

روہت شیٹی زخمی حالت میں شوٹنگ کیلئے سیٹ پر پہنچ گئے

بھارتی حیدرآباد: (ویب ڈیسک) بھارتی ہدایتکار روہت شیٹی زخمی حالت میں فلم کی شوٹنگ کیلئے سیٹ پر پہنچ گئے۔
بالی ووڈ کے نوجوان اداکار سدھارتھ ملہواترا نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ہدایتکار روہت شیٹی کے ساتھ ویڈیو شیئر کی ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ روہت شیٹی کے ہاتھ پر پٹی بندھی ہوئی ہے ویڈیو میں سدھارتھ بتاتے نظر آرہے ہیں کہ روہت ایک کار اسٹنٹ کے دوران زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا اور وہ 12 گھنٹے سے بھی کم وقت میں واپس شوٹنگ پر پہنچ گئے ہیں اور فلم کریو بھی یہاں موجود ہے۔
سدھارتھ نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ’ہم سب روہت شیٹی کی اسٹنٹ اور ایکشن سے محبت اور جنون کو جانتے ہیں وہ ایک ایکشن سین پرفارم کرتے ہوئے زخمی ہوگئے تھے مگر وہ ایک معمولی سرکری کے بعد 12 گھنٹے سے بھی کم وقت میں سیٹ پر واپس آگئے ہیں‘۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق روہت شیٹی گزشتہ دنوں حیدرآباد میں اپنی آنے والی ویب سیریز ’انڈین پولیس فورس‘ کی شوٹنگ کے دوران ایک ایکشن سین فلماتے ہوئے زخمی ہوئے تھے۔
یاد رہے کہ مذکورہ ویب سیریز میں سدھارتھ ملہوترا، وویک اوبرائے اور شلپا شیٹی مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

سینیگال میں مسافر بسوں میں ہولناک تصادم؛ 40 ہلاک اور 87 زخمی

ڈاکار: (ویب ڈیسک) افریقی ملک سینیگال میں مخالف سمت سے آنے والی دو تیز رفتار مسافر بسیں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں 40 افراد ہلاک اور 87 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق خوفناک ٹریفک حادثہ سینیگال کے دارالحکومت ڈاکار کے علاقے کافرین میں قومی شاہراہ پر پیش آیا۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ بسوں کے پرخچے اُڑ گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ رات سوا تین بجے پیش آیا۔ ممکنہ طور پر اندھیرے اور دھند کے باعث حادثہ پیش آیا۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ریسکیو ٹیم کے انچارج نے بتایا کہ رات کی تاریکی کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا رہا۔ زخمیوں میں سے 15 کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کیا گیا ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب کچھ زخمیوں نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ بسوں کی رفتار تیز تھی اور ڈرائیور کو اونگھ آجانے کی وجہ سے حادثہ پیش آٓیا۔
ادھر حکومت نے تین دن کے سوگ اعلان کیا ہے اور واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دیدی گئی۔

ایران میں مزید 3 مظاہرین کو سزائے موت سنادی گئی

تہران: (ویب ڈیسک) ایران کی عدالت نے مھسا امینی کی ہلاکت پر ملک گیر احتجاج کے دوران گرفتار ہونے والے مزید 3 مظاہرین کو سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں پر قاتلانہ حملے کے الزام میں سزائے موت سنادی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایران میں مزید 3 مظاہرین کو سزائے موت سنانے کے بعد مجموعی تعداد 17 ہوگئی ہے اب تک 4 مظاہرین کو پھانسی بھی دی جا چکی ہے۔
ایران کی عدالت نے آج جن 3 مظاہرین کو سزائے موت سنائی ان پر اللہ کے قانون سے جنگ، ملک دشمنوں کے ہاتھوں کھیلنے اور ریاست کے نظریات کو نقصان پہنچانے کے علاوہ سیکیورٹی فورسز پر قاتلانہ حملے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔
عدالت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ان ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد ملنے کے بعد سزا سنائی گئی ہے، ملزمان کو سزا کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کرنے کا حق حاصل ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں نوجوان کرد لڑکی کی پولیس کی زیر حراست ہلاکت پر پھوٹنے والے احتجاج کے دوران اب تک 400 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں 46 سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔

بھارتی فوج کے لیفٹیننٹ کرنل نے بیوی کو قتل کرکے خودکشی کرلی

چندی گڑھ: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست پنجاب میں آرمی آفیسر نے گھر میں اپنی اہلیہ کو گولیاں مار کر قتل کردیا اور پھر خود بھی خودکشی کرلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پنجاب ہاؤس سے گولیوں کی آواز آنے پر پہنچنے والی ٹیم نے دو لاشیں دیکھیں جن پر گولیوں کے نشان تھے۔
لاشوں کی شناخت لیفٹیننٹ کرنل نشانت اور ان کی اہلیہ ڈمپل کے ناموں سے ہوئی۔ لاشوں کے نزدیک آرمی آفیسر کے ہاتھوں سے لکھا ہوا خط بھی ملا۔
لیفٹیننٹ کرنل نے خودکشی نوٹ میں لکھا کہ جھگڑے کے نتیجے میں اپنی بیوی کو قتل کردیا اور خود کو بھی گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر رہا ہوں۔
خودکشی کرنے والے آرمی آفیسر کے رشتہ داروں کا کہنا تھا کہ میاں بیوی کے درمیان گھریلو ناچاقی تھی اور دنوں کونسلنگ بھی کرا رہے تھے۔
لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ملٹری اسپتال منتقل کردیا گیا۔

جنیوا کانفرنس سے پیسے تو آئے نہیں، کئی لاکھ ڈالرز دورے پر لگ گئے، فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے ہیڈ آف میڈیا افیئرز فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جینیوا کانفرنس سے پیسے تو نہیں آئے لیکن کئی لاکھ ڈالرز کابینہ کے دورے پر لگ گئے۔
سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے یہ بات سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ بیان میں کہی ہے۔
فواد چوہدری نے اپنے ٹویٹر بیان میں کہا کہ ڈونر کانفرنس میں میزبان فرانس نے دس ملین ڈالر دیے، ایک بھی اہم لیڈر کانفرنس میں شریک نہیں ہوا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اگر ساری کانفرنس ویڈیو لنک پر کرنی تھی تو جینیوا جانے کی کیا ضرورت تھی؟ پیسے نہیں آئے لیکن کئی لاکھ ڈالر وزیراعظم اور ان کی کابینہ کے دورے پر لگ گئے ہیں۔

شہباز شریف 10 جنوری کو متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کل 10 جنوری کو متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف جنیوا سے واپسی پر کل متحدہ عرب امارات پہنچیں گے، وزیراعظم کے ساتھ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی ہوں گے، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی سعودی عرب سے متحدہ عرب امارات روانہ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق ملک کی معاشی صورتحال کے تناظر میں وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ متحدہ عرب امارات انتہائی اہم نوعیت کا حامل ہے۔

روس سے گندم لے کر دو جہاز پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) گندم کی درآمد کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے، روس سے گندم لے کر دو جہاز پاکستان پہنچ گئے۔
وزارت فوڈ سکیورٹی حکام کے مطابق روس سے حکومتی سطح پر منگوائی جانے والی گندم کی پہلی کھیپ کراچی پہنچ گئی، ساڑھے 4 لاکھ ٹن گندم بذریعہ گوادر پاکستان پہنچے گی۔
حکام کے مطابق مختلف ممالک سے بھی درآمدی گندم لے کر جہاز کراچی پورٹ پہنچ چکے ہیں، جن میں ساڑھے تین لاکھ ٹن گندم کراچی پورٹ پہنچ چکی ہے، حکومتی سطح پر روس سے مجموعی طور پر ساڑھے 7 لاکھ ٹن گندم درآمد کی جائے گی۔