اسرائیلی وزیر کے مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے پر سلامتی کونسل کا اجلاس طلب

نیویارک: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات اور چین نے مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی وزیر کے زبردستی داخل ہونے پر پیدا ہونے والی صورت حال پر سلامتی کونسل کا اجلاس طلب
کرلیا جو جمعرات کے روز متوقع ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سخت گیر دائیں بازو کے اسرائیلی وزیر اتمار بن گویر کے مسجد اقصیٰ کے صحن میں داخل ہونے پر متحدہ عرب امارات اور چین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس جمعرات کے روز طلب کرلیا۔
خیال رہے کہ مسجد اقصیٰ کا یہ حصہ صرف مسلمانوں کے لیے مختص ہے اور یہاں یہودیوں کے داخلے پر مکمل پابندی ہے۔ اس پابندی پر اسرائیل اور فلسطین کے رہنماؤں نے دستخط بھی کیے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر کے پروٹوکول کے ساتھ مسجد اقصیٰ کے صحن میں داخل ہونے پر فلسطینیوں نے شدید احتجاج کیا اور عالمی سطح پر بھی اسرائیلی وزیر کے اس اقدام کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیل کے قریبی اتحادی ملک امریکا نے بھی تشویش کا اظہار کیا۔ محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ ہمیں کسی بھی ایسی یکطرفہ کارروائی پر گہری تشویش ہے جو تناؤ میں اضافے کا باعث ہو۔
انھوں نے اسرائیل وزیراعظم نیتن یاہو سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ بیت المقدس میں مقدس مقامات کی حیثیت کو برقرار رکھنے کے وعدوں کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے 1967 کی جنگ میں فلسطین پر قبضہ کرلیا تھا تاہم بعد میں ایک معاہدے کے تحت بیت المقدس کے انتظام اردن کو دیا گیا تھا۔ اسرائیلی وزیر نے مسجد اقصیٰ کے صحن میں داخل ہوکر اسی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔

مہنگائی سے تنگ ارجنٹینی مصور نے اصل نوٹوں پر احتجاج درج کروادیا

ارجنٹینا: (ویب ڈیسک) اپنے ملک میں مہنگائی سے تنگ مشہورارجنٹینائی مصور نے بطوراحتجاج اصل نوٹوں پر اپنی تخلیقات جاری کی ہیں جنہیں دیکھ کر ان کے غصے کا اظہار دکھائی دیتا ہے۔
سرگیو گیولیرموڈیاز نے اس کام کے لیے قیمتی ترین نوٹ بھی استعمال کئے ہیں حالانکہ اب ایک ڈالر 178 ارجنٹینا روپے (پیسو) کے برابر ہوگیا ہے یہاں تک کہ وہاں بھی ڈالر عنقا ہوچکے ہیں اور بلیک مارکیٹ میں فروخت ہورہے ہیں۔ لیکن مقامی کرنسی کی قدر میں تیزی سے کمی ہورہی ہے اور رک نہیں رہی۔ اسی وجہ سے ملک کی 40 فیصد آبادی غربت میں گھرچکی ہے۔
ہر نوٹ پر تصویر بنانے میں انہیں بہت وقت لگتا ہے لیکن جب نوٹ کی بدلی شکل سامنے آتی ہے تو وہ ایک خاموش احتجاج کی صورت پیش کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے یورو اور ڈالر پر بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے فٹبالر لائنل میسی کی تصویر بھی نوٹوں پر بنائی ہے۔
سرگیو کے مطابق اس کے ہم وطن قوتِ خرید کھوچکے ہیں اور سخت پریشان ہیں اور ایک حساس فنکار کی حیثیت سے وہ اپنا ردِ عمل پیش کرتے رہیں گے۔

ایف آئی اے کا جہانگیرترین اورعلی ترین کے خلاف منی لانڈرنگ کیس ختم کرنے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے پی ٹی آئی کے سابق رہنما جہانگیر خان ترین اور ان کے بیٹے پر بننے منی لانڈرنگ کیس کو ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے اس سلسلے میں وزارت داخلہ سے جواب مانگ لیا ہے، ایف ائی اے حکام کی جانب سے لائحہ عمل تیار کر لیا گیا۔ ایف آئی اے کہ مطابق جہانگیر ترین اور علی ترین پر منی لانڈرنگ ثابت نہیں ہوئی۔
خیال رہے کہ ایف آئی کی جانب سے جہانگیر ترین اور علی ترین پر 7 ارب روپے منی لاںڈرنگ کا مقدمہ درج کیا گیا تھا جبکہ ایف آئی اے وزارت داخلہ کی طرف سے احکام موصول ہوتے ہی بہت جلد اخراج مقدمہ کے لیے متعلقہ مجسٹریٹ سے رجوع کیا جائے گا۔

جنرل باجوہ کا منصوبہ تھا کہ مجھے قتل کرا کے ایمرجنسی لگا دیتے ، عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیر اعظم عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل باجوہ کا منصوبہ تھا کہ مجھے قتل کرا کے ایمرجنسی لگا دیتے لیکن اللہ کا اپنا منصوبہ ہے , اللہ نے مجھے زندگی دینا تھی ان کا کہنا تھا کہ مجھے باجوہ کیخلاف بیان نہ دینے کا پیغام پہنچایا گیا ہے، میں نے جواب دیا ہے اس کے جرائم پر پردہ نہیں ڈال سکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام جنرل یحییٰ سے بھی زیادہ جنرل باجوہ سے نفرت کرتے ہیں۔

حکومت نے بنگلہ دیش ہجرت کرنے والوں کے 10 گھروں کی الاٹمنٹ کا فیصلہ کر لیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بنگلہ دیش ہجرت کرنے والوں کے اسلام آباد میں 10 گھر کس کو ملیں گے؟ وفاقی حکومت نے الاٹمنٹ سے متعلق فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق متروکہ وقف املاک کے گھروں کی الاٹمنٹ وزیراعظم کی منظوری سے مشروط ہوگی، ایک گھر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیلئے مختص کیا جائے گا، وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے سمری کی منظوری دیدی۔
سیکرٹری کابینہ کے مطابق وزیر اعظم کی منظوری سے گھروں کی شفاف الاٹمنٹ یقینی بنائیں گے، سول سرونٹس کو الاٹ شدہ گھروں کی تعمیر و مرمت سی ڈی اے کرے گی، غیر قانونی قبضہ کرنے والوں سے گھر خالی کروائے جائیں گے۔

‘ انٹرنیشنل میچ میں سنچری بنانے کا خواب بھی پورا ہو گیا، سعود شکیل

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل میچ میں سنچری بنانا کا خواب بھی پورا ہو گیا۔
نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا آئیڈیل کھلاڑی سری لنکا کے کمار سنگاکارا ہیں، سرفراز احمد نے بہت حوصلہ بڑھایا، سیفی بھائی کیساتھ کم عمری سے کھیلتا آرہا ہوں۔سعود شکیل نے کہا کہ میں سوئپ شارٹ اسی وقت کھیلتا ہوں جب زائد رنز بن نہ رہے ہوں۔ اس طرز کا شاٹ کھیلتے ہوئے انگلینڈ سیریز میں آوٹ ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ مخالف ٹیم کے پلان کو سمجھ کر کھیلا ہوں،ہر دن سیکھنے کو ہی ملتا ہے،اگلے میچز کے لیے مزید اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کروں گا۔

جماعت اسلامی نے ایم کیو ایم کے احتجاج میں شرکت سے انکار کر دیا

کراچی: (ویب ڈیسک) جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔
ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم پاکستان کی ملاقات بے نتیجہ رہی، حافظ نعیم الرحمان نے ایم کیو ایم کے احتجاج میں شرکت کرنے سے انکار کر دیا، جماعت اسلامی کی توجہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پر دھرنے اور 8 جنوری کے جلسے پر ہے۔
جماعت اسلامی کے حافظ نعیم نے سوال کیا کہ حکومت نے آپکی بات نہ مانی تو کیا کریں گے کیا حکومت سے باہر آئیں گے؟ جس پر خالد مقبول صدیقی نے جواب دیا پھر ہم اس وقت صورتحال پر غور کریں گے، جواب میں حافظ نعیم نے کہا اس سے لگتا ہے کہ آپ سنجیدہ ہیں نا اگلی حکمت عملی ہے۔
جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان نے ایم کیو ایم کے سربراہ کو کہا کہ آپ کو بلدیاتی امور سے متعلق مطالبات تسلیم کرائے بغیر حکومت میں شامل نہیں ہونا چاہئیے تھا، جس پر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کچھ فیصلے کرنے پڑتے ہیں۔

 

سی ٹی ڈی کے شہید افسروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

لاہور: (ویب ڈیسک) خانیوال میں فرض کی ادائیگی کے دوران شہید ہونے والے حساس ادارے کے شہید افسروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
ڈائریکٹر نوید صادق شہید، انسپکٹر ناصر عباس شہید کی نماز جنازہ ملتان، خانیوال اور لاہور میں ادا کی گئی، جس میں سول ملٹری حکام اور شہداء کے لواحقین نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سی ٹی ڈی کے افسران خفیہ کارروائی کے دوران خانیوال کے قریب ہوٹل پر کھانا کھا رہے تھے کہ ایک ملزم نے فائرنگ کر کے ایک ڈائریکٹر اور انسپکٹر کو شہید کر دیا تھا۔

پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کا مہنگائی کے خلاف احتجاج کا شیڈول جاری

پشاور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبرپختونخوا نے مہنگائی کے خلاف احتجاج کا شیڈول جاری کر دیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ مہنگائی کے خلاف صوبے بھر کے تمام حلقوں میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔
پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے خلاف احتجاجی ریلی کا آغاز 7 جنوری کو پشاور سے ہو گا، احتجاجی ریلیاں 7 جنوری سے لے کر 31 جنوری تک جاری رہیں گی۔

اداکاراؤں کی کردار کشی کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے: مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اداکاراؤں کی کردار کشی کرنے والے عناصر کے خلاف ایف آئی اے سے قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اداکاراؤں کی کردار کشی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بدتمیزی، بدتہذیبی اور کردار کشی کی غلیظ مہم کا کلچر پھیلانے والوں کی پورے معاشرے کی طرف سے مذمت ہونی چاہئے، صرف اپنی ماؤں بہنوں کی عزت کی فکر اور باقی دنیا کی عورتوں کی عزت نہ کرنے والے عناصر ذہنی بیمار ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اختلاف رائے کرنے والوں کو گالیاں دینا، ماؤں بہنوں بیٹیوں کی عزت نہ کرنا گھریلو تربیت کی علامات ہوتی ہیں، اداکار ملک کا اثاثہ اور پاکستان کی پہچان ہیں، بیمار ذہن ہی ان پر حملے کرتے ہیں، فنکار معاشرے میں اپنی محنت سے مقام حاصل کرتے ہیں، فنکار مشکلات کا سامنا کر کے قبولیت عام پاتے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ خواتین کے خلاف یہ بدنما مہم صرف عورت ہونے کی وجہ سے چلائی جاتی ہے، عورتوں کی محنت، جدوجہد اور صلاحیتوں کا اعتراف کرنے کے بجائے گند اچھالنا شرمناک ہے، خواتین حوصلے، ہمت اور منزل کو حاصل کرنے کے عزم کی علامت بن چکی ہیں، خواتین سیاست، صحافت، فن یا کسی بھی شعبے میں کوئی مقام پائیں تو ان کی کردار کشی شروع کر دی جاتی ہے۔