ٹوئٹر نے سیاسی اشتہارات پر عائد پابندی ختم کر دی

سین فرانسیسکو: (ویب ڈیسک) ٹوئٹر نے سیاسی اشتہارات پر عائد پابندی کو 3 سال کے عرصے کے بعد ختم کر دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں ٹوئٹر انتظامیہ نے کہا کہ ٹوئٹر پر ایسے اشتہارات کو ترجیح دی جائے گی جو اہم موضوعات پر عوامی مباحثے کے لئے اہم ہوں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ آنے والے ہفتوں میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں سیاسی اشتہارات کو جگہ دی جائے گی، سیاسی اشتہارات کی پالیسی کو ٹی وی یا دیگر میڈیا اداروں کی پالیسیوں جیسا بنایا جائے گا۔
یاد رہے کہ سال 2019ء میں ٹوئٹر کے شریک بانی جیک ڈورسی نے دنیا بھر میں امیدواروں، منتخب حکام اور سیاسی جماعتوں کے اشتہارات پر پابندی عائد کر دی تھی۔

نواز شریف کے ویژن کے مطابق پارٹی کو مضبوط کرنے کیلئے کام کروں گی: مریم نواز

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پارٹی میں نئی ذمہ داری کیلئے اعتماد کرنے پر قائد نواز شریف اور صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کی مشکور ہوں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر نے کہا کہ نواز شریف کے ویژن اور شہبازشریف کی رہنمائی میں پارٹی کو آرگنائز اور مضبوط کرنے کیلئے کام کروں گی۔
اہم ذمہ داری کو نبھانے کیلئے ملک بھر میں پارٹی عہدیداروں اور ورکرز سے ملاقاتیں کروں گی اور جہاں ضرورت پڑی، پارٹی میں بہتری لائی جائے گی اور جدید طریقے اختیار کیے جائیں گے۔

کوشش کر رہے ہیں کالعدم ٹی ٹی پی کو مذاکرات کی ٹیبل پر لائیں: رانا ثناء اللہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کو ٹیبل پر لانے کی پہلی شرط ہے کہ وہ ہتھیار رکھیں، کوشش کی جا رہی ہے کہ انہیں مذاکرات کی ٹیبل پر لایا جائے۔
اسلام آباد میں آئی جی اسلام آباد کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ میٹنگ میں دہشت گردی کیخلاف زیرو ٹالرنس پر اتفاق ہوا، جو فیصلے ہوئے آنے والے دنوں میں ان پرعمل ہوتا دیکھیں گے، افغانستان اور وہاں پر کالعدم ٹی ٹی پی ایک حقیقت ہے، تمام صوبوں کی سی ٹی ڈی کو فیڈریشن کی طرف سےمدد دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگرد کو روک کر ہلاک کرنا اسلام آباد پولیس کا بڑا کارنامہ ہے، پولیس کی کاوش کی وجہ سے بڑے نقصان سے محفوظ رہے، دو زخمی ہونے والے جوانوں کو بھی قوم سلام پیش کرتی ہے، اسلام آباد پولیس پہلے بھی اور اب پہلے سے بہتر طریقے سے اپنی ذمہ داری نبھا رہی ہے، ان کے تمام دیرینہ مطالبات پورے کیے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ ہم نے سی ٹی ڈی کا اسٹرکچر تیار کیا اور سہولیات فراہم کیں، تحقیقات چل رہی ہیں اس لیے تمام چیزیں سامنے نہیں لا سکتے، یہ خوف وہراس پھیلانے کا طریقہ ہوتا ہے، پارلیمنٹ پر حملے کا معاملہ میڈیا پر اٹھایا گیا، سی ٹی ڈی نے پنجاب میں بہت زبردست کام کیا، گزشتہ دنوں سی ٹی ڈی کے 2 اہلکار بھی شہید ہوئے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ شہید عدیل کی فیملی کو شہداء پیکج دیا جا رہا ہے ، پینشن اور بچوں کے سکول کے اخراجات بھی حکومت برداشت کرے گی، شہید قوم کا محسن ہوتا ہے اس کے احسان کا حق ادا نہیں ہو سکتا، کم از کم اہل خانہ کا معاشی تحفظ ہونا چاہئیے، ان کی بیوہ کو ایک کروڑ روپے کا چیک دیا ہے اس کے علاوہ ایک کروڑ پچیس لاکھ روپے مالیت کا گھر بھی حکومت دے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ ایس پی رینک کے افسر ہر بدھ کو تمام شہدا کے لواحقین کے مسائل کو سنیں گے، آج سے 5،6 ماہ پہلے جب مجھے معلوم ہوا تو شہدا کے 1 ارب 22 کروڑ واجب الادا تھے، حکومت کی مالی حالت آپ کے سامنے ہے لیکن یہ رقم ادا کی گئی۔

وزیر آباد حملہ: منصوبہ بندی سے عمران خان کو قتل کرنے کی کوشش کی گئی، فواد چودھری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ گجرات میں پولیس کی تعداد کم کر کے حملے کا موقع فراہم کیا گیا، منصوبہ بندی کے ذریعے عمران خان کو قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔
پی ٹی آئی رہنما نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں جو انکشاف ہوئے سامنے رکھیں گے، 3 تاریخ کو وزیر آباد میں عمران خان پر حملہ ہوتا ہے، ابتدائی پولیس تفتیش میں ثابت ہوا حملہ آور 3 تھے، جائے وقوعہ سے 14 خول برآمد ہوئے، ایک حملہ آور گرفتار ہے 2 کی تلاش جاری ہے، 9 خول سامنےموجود بلڈنگ سے ملے ہیں۔
فواد چودھری نے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات پر بہت سے سوالات موجود ہیں، عمران خان کے گارڈز کی طرف سے کوئی فائر نہیں ہوا، عمران خان کے تمام گارڈز کے اسلحہ کی فرانزک کرائی گئی، ملنے والے 14 خول 3 مختلف اسلحہ کے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان پر حملے کے بعد ہسپتال پہنچنے سے پہلے ایک اعترافی ویڈیو ریلیز کی جاتی ہے، وقار ستی، مرتضیٰ سولنگی اور حامد میر بھی یہ ویڈیو ٹویٹ کرتے ہیں، ڈی پی او گجرات نے کیمرہ ایس ایچ او کو دیا اور کہا حملہ آور کی ویڈیو بنائیں، ڈی پی او کو تفتیش کیلئے بلایا گیا لیکن وہ شامل تفتیش نہیں ہوئے، آخر ڈی پی او کو شامل تفتیش ہونے سے کون روک رہا تھا، سابق آئی جی فیصل شاہکار سے رابطہ کیا تو ڈی پی او کا فون حوالے کرنے سے انکار کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ معظم کو جو گولی لگی یہ بات یقینی ہے کہ گولی اس شوٹر نے ماری، ملزم نوید کو قتل کرنے کیلئے شوٹر کو بھیجا گیا تھا، ملزم نوید کو قتل کرنےکیلئے جو شوٹر تھا اس کی گولی سے معظم شہید ہوا۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی کو کون روک رہا تھا کہ ریکارڈ اور دستاویز پیش نہ کرے، جس دفترمیں ویڈیو بنائی گئی اس میں رنگ و روغن کر دیا گیا، ملزم نوید جو آئی پیز استعمال کر رہا تھا وفاقی ایجنسی نے ڈیٹا دینے سے انکار کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ معاملے کو مذہبی رنگ دینے کیلئے ملزم نوید کو بھی قتل کرنے کا پروگرام تھا، 16 نومبر کو اس واقعے پر جے آئی ٹی بنی تھی، عمران خان پر حملے کے وقت 3 اطراف سے فائر کیے گئے۔
فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ جاوید لطیف نےعمران خان پرتوہین مذہب کا الزام پریس کانفرنس میں لگایا، مریم اورنگزیب، راناثنا اللہ بھی وہی گفتگو کرتے ہیں، لیگی رہنماؤں نے جو کہا وہی گفتگو خواجہ آصف بھی دہراتے ہیں۔

امارات میں پٹرول کی قیمت 11 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی

ابوظہبی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں پٹرول کی قیمت 11 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی، امارات میں گزشتہ سال دسمبر میں آئندہ ماہ کے لئے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کیا گیا تھا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اماراتی حکام کی جانب سے 30 دسمبر کو پٹرول کی نئی قیمت کا اعلان کیا گیا تھا، نئی قیمتوں کے تحت سپر 98 پٹرول 3.30 درہم سے 2.78 درہم فی لٹر کردیا گیا، جبکہ سپر 95 پٹرول کی قیمت 3.18 درہم سے 2.67 درہم فی لٹر پر آگئی۔
رپورٹس کے مطابق اگست 2015ء میں حکام نے پٹرول کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کیا اور اسے تیل کی عالمی قیمتوں کے ساتھ جوڑا گیا جس کے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جو ماہانہ بنیادوں پر تیل کی قیمتوں کا تعین کرتی ہے۔

عمران خان کو سب کچھ دے دو پھر بھی سکون نہیں ملے گا: خواجہ سعد رفیق

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کسی ایئرپورٹ کی کوئی نجکاری نہیں ہو رہی، جھوٹ بولنے والوں کی بس نہیں ہوئی سننے والوں کی بس ہو گئی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ 3 ایئر پورٹس کے آپریشنل آؤٹ سورس کرنا ہیں جس سے فوری سرمایہ کاری ہو گی اور ہماری سروسز انٹرنیشنل معیار کی ہو جائیں گی، پاکستانیوں کو بھی بہترین سروس ملے گی جو ان کا حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست پیسے لگاتی ہے تو ایئرپورٹ بنتا ہے، چاروں صوبوں میں حکومتیں عمران خان کی ہیں مگر ملک کو عذاب میں ڈالا ہوا ہے، کام کریں اور کام کرنے دیں، ان کو سب کچھ دے دو پھر بھی اس کو سکون نہیں ملے گا، وقت پر الیکشن ہونے دیں۔

عمران خان پی ٹی آئی لاہور کے عہدیداروں کی کارکردگی سے مایوس، قیادت کی سرزنش

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی کے لاہور کے عہدیداروں کی کارکردگی سے مایوسی کا اظہار کیا اور قیادت کی سرزنش کی۔
لاہور زمان پارک میں عمران خان کی زیر صدارت پارٹی اجلاس ہوا جس میں تنظیمی امور پر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے پی ٹی آئی لاہور کے عہدیداروں کی کارکردگی سے مایوسی کا اظہار کیا اور قیادت کی سرزنش کی۔
ذرائع نے بتایا کہ لبرٹی جلسے میں کارکنوں اورعوام کو متحرک نہ کرنا ناراضی کا باعث بنا۔
اجلاس میں انصاف اسٹوڈنٹ فیڈریشن (آئی ایس ایف) کو آزادانہ کام کرنے سے روکنے کے الزامات پر عمران خان نے کہا کہ آئندہ آئی ایس ایف اپنےمعاملات پرتنظیمی قیادت کو جوابدہ ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ الیکشن کراؤ ملک بچاؤ مہم کو تیز کیا جائےگا، عوام تک امپورٹڈ حکومت کی کارکردگی اور رجیم چینج کی حقیقت پہنچائی جائے۔

شاہ رخ خان کی ماہانہ آمدنی کتنی ہے؟ اس سوال پر اداکار کا جواب جانیں

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان دنیا کے امیر ترین اداکاروں میں سے ایک ہے مگر وہ ہر ماہ کتنا کما لیتے ہیں؟
یہ وہ سوال ہے جو ان کے بیشتر افرادکے ذہن میں ہوتا ہے اور اس کا جواب شاہ رخ خان نے خود دیا۔
ٹوئٹر اکاؤنٹ کے 13 سال مکمل ہونے پر شاہ رخ خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر مداحوں کے متعدد سوالات کے دلچسپ جوابات دیے۔
ایک مداح نے ان سے پوچھا کہ ‘ایک مہینے میں کتنا کما لیتے ہیں’۔
اس کے جواب میں شاہ رخ خان نے دلچسپ جواب دیتے ہوئے کہا کہ ‘پیار بے شمار کماتا ہوں، ہر دن’۔
ایک اور فرد نے سوال پوچھا کہ ان کے خاندان کا تعلق کشمیر سے ہے تو انہوں نے اپنے نام میں خان کیوں لگایا ہوا ہے۔
جس پر شاہ رخ خان نے کہا کہ ‘پوری دنیا میرا خاندان ہے، خاندان کا نام، نام نہیں ہوتا، کام سے نام ہوتا ہے، چھوٹی باتوں میں مت پڑو پلیز’۔
ایک ٹوئٹر صارف نے کہا کہ پٹھان ناکام ہونے والی ہے تو وہ ریٹائر ہوجائیں جس پر شاہ رخ خان نے کہا کہ ‘بیٹا بڑوں سے ایسی بات نہیں کرتے’۔
واضح رہے کہ فلم پٹھان 25 جنوری کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی جبکہ اس کا ٹریلر 10 جنوری کو جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
فلم کی ہیروئن دیپیکا پڈوکون کے لباس کے رنگ پر ہندو انتہا پسندوں نے تنازع کھڑا کر رکھا ہے لیکن انٹرنیٹ پر فلم کے گانوں کو خوب پذیرائی مل رہی ہے۔
فلم پٹھان کے گیت ’بے شرم رنگ’میں ہیروئن دیپیکا پڈوکون کے زعفرانی لباس کو وجہ بنا کر بھارتی انتہا پسندوں نے فلم کے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے۔

یمنیٰ زیدی ڈراموں سے مقبولیت کے بعد فلموں کی دنیا میں قدم رکھنے کو تیار

کراچی: (کویب ڈیسک) پاکستانی ڈراموں کی مشہور اداکارہ یمنیٰ زیدی نے فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔
یمنیٰ زیدی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی پہلی فلم کا پرومو شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو یہ خبر دی ہے کہ وہ جلد نئی فلم ’نایاب‘ میں ڈیبیو دینے والی ہیں۔
اداکارہ نے فلم پرومو کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ’میں پاکستان کے لیے اپنی پہلی فیچر فلم ’نایاب‘ کا ٹائٹل موشن پوسٹر شیئر کرتے ہوئے بے حد پرجوش ہوں، اس فلم کا خیال اور تشکیل میرے دل کے بہت قریب ہے‘۔
فلم کا پرومو دیکھ کر اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ یمنیٰ زیدی اس میں کرکٹر کا کردار نبھائیں گی اور یہ فلم خواتین کی مضبوطی انہیں بااختیار بنانے اور ان کے کیرئیر کو فروغ سے متعلق ہوگی۔
فلم کی کاسٹ میں یمنیٰ زیدی کے ساتھ جاوید شیخ اور محمد فواد خان اہم کردار نبھاتے نظر آئیں گے، فلم کی ہدایتکاری عمیر علی نے کی ہے جبکہ فلم کے رائٹر عباس نقوی اور باسط نقوی ہیں۔

سبز، ماحول دوست اور رات میں ازخود چمکنے والی لائبریری کی تعمیر شروع

نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکی کاؤنٹی برانکس میں ایک نئی لائبریری کی بنیاد ڈالی گئی ہے جو دیکھنے میں دیدہ زیب ہے لیکن اس میں دہکتے ہوئے سبزے کو شامل کیا جائے گا۔ کتب خانے کی بجلی شمسی پینل بنائیں گے اور بارش کا پانی بھی جمع کیا جائے گا۔ اسے وینچسٹر اسکوائر لائبریری کا نام دیا گیا ہے۔
اسے سنوہیتا نامی کمپنی نے ڈیزائن کیا ہے جو دیکھنے میں بہت خوبصورت ہے لیکن مرکزی حیثیت ماحول کو دی گئی ہے۔ اس کی بنیاد کنکریٹ سے بنے گی اور اوپر شیشے کا بڑا ڈبہ نما کمرہ بنایا جائے گا۔ اس طرح دن کی روشنی چار اطراف سے اندر آئے گی اور مصنوعی روشنیوں کی ضرورت کم ہوگی۔ شیشے پر خاص انداز سے درخت اور پودوں کے ڈیزائن بنائے جائیں گے جو رات کے وقت غیر معمولی روشنی خارج کریں گے۔
اندرونی گنجائش 12000 مربع فٹ ہوگی جہاں مطالعے کے کئی کمرے، دو کمرہ جماعت، کمیونٹی روم اور تحقیق کے گوشے بنائے جائیں گے۔ عمارت میں قدرتی روشنی کی آمد کا خاص خیال رکھا جائے گا۔ ڈیزائن کے مطابق جہاں لوگوں کی تعداد زیادہ بیٹھی ہوگی اس کی سڑک کے پار ایک اور باغیچہ قائم کیا جائے گا جو بارش کے پانی اور فلٹریشن سے تعمیر کیا جائے گا۔ اس کی اطراف پھولدار درختوں کا ہالہ بنایا جائے گا۔
منصوبے کے تحت اس لائبریری کی بنیاد پڑچکی ہے اور تعمیرات کا کام سال کے اختتام سے شروع ہوجائے گا۔