ٹوئٹر اور تھریڈز کا مقابلہ، نیا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ بلیو سکائی‘ عوام کیلئے کھول دیا گیا

وئٹر کے شریک بانی جیک ڈورسی کا نیا سوشل میڈیا پلیٹ فارم بلیو اسکائی اب ایکس کو ٹکر دینے کے لیے تیار ہے۔

بلیو سکائی کے چیف ایگزیکٹو Jay Graber نے کہا کہ اس پلیٹ فارم کی پوسٹس دیکھنے کے لیے اکاؤنٹ بنانے یا لاگ ان ہونے کی ضرورت نہیں، درحقیقت اب ہر فرد بلیو سکائی ایپ یا ویب ورژن پر لوگوں کی پوسٹس کو دیکھ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلیو اسکائی کا لوگو (logo) بھی تبدیل کر دیا گیا ہے اور اب ایک تتلی کو استعمال کیا جا رہا ہے، اس سے پہلے بادلوں والے نیلے آسمان کو لوگو کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔

فی الحال تو بلیو اسکائی کا صارف بننے کا انحصار انوائیٹ پر ہے مگر پھر بھی اس کی ایپ کو لاکھوں بار ڈاؤن لوڈ کیا جا چکا ہے۔

جیک ڈورسی اس نئے پلیٹ فارم پر کافی عرصے سے کام کر رہے تھے اور ایکس کے برعکس اس نئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں صارفین کا ڈیٹا خود مختار سرورز میں محفوظ کیا جاتا ہے، یعنی اس تک رسائی ممکن نہیں۔

جیک ڈوسی ماضی میں کہہ چکے ہیں کہ انہیں ٹوئٹر کو کمرشلائز کرنے پر پچھتاوا ہے اور انہیں موقع ملا تو وہ ایک اوپن سورس پراجیکٹ پر کام کرنا پسند کریں گے۔

بلیو اسکائی پراجیکٹ پر 2019 میں کام شروع ہوا تھا اور آغاز میں ٹوئٹر نے ہی اس پلیٹ فارم کے لیے سرمایہ فراہم کیا تھا، بعد ازاں 2022 میں اسے ایک خودمختار کمپنی کے حوالے کر دیا گیا۔

جاپان چاند پر پہنچنے والا دنیا کا 5 واں ملک بننے کے قریب

جاپان چاند پر پہنچنے والا دنیا کا 5 واں ملک بننے کے قریب ہے۔

جاپان کا ستمبر میں روانہ ہونے والا مشن چاند کے مدار میں کامیابی سے داخل ہوگیا ہے۔

جاپان ایرو اسپیس ایکسپلوریشن ایجنسی (جے اے ایکس اے) کے مطابق 25 دسمبر کو چاند پر بھیجے گئے مشن نے اہم سنگ میل حاصل کیا۔

یہ مشن کامیابی سے چاند کے مدار میں داخل ہوگیا ہے مگر ابھی یہ لینڈ نہیں کرے گا۔

جاپان کی ایک اور کوشش، چاند کو سر کرنے کیلئے مشن روانہ کردیا

لگ بھگ ایک ماہ تک یہ مشن چاند کے مدار میں چکر لگاتا رہے گا اور پھر لینڈنگ کی کوشش کرے گا۔

اسمارٹ لینڈر فار انویسٹی گیٹنگ مون (سلم) نامی یہ مشن چھوٹے اسپیس کرافٹ اور لینڈر پر مشتمل ہے جس کا وزن 200 کلوگرام ہے۔

اس مشن کا بنیادی مقصد منتخب کردہ لینڈنگ کے مقام کے 100 میٹر کے اندر پن پوائنٹ لینڈنگ کی صلاحیت کا اظہار کرنا ہے۔

جاپانی مشن کو چاند کے استوائی خطے کے ایک چھوٹے گڑھے Shioli کے قریب اتارنے کی کوشش کی جائے گی۔

یہ پہلی بار ہے جب جاپان کے سرکاری خلائی ادارے کی جانب سے چاند پر مشن بھیجا گیا ہے۔

اس سے قبل ایک نجی جاپانی کمپنی نے کچھ عرصے قبل چاند پر مشن روانہ کیا تھا مگر وہ لینڈنگ میں ناکام رہا تھا۔

مشن کے چاند کے مدار میں داخل ہونے کے بعد جاپانی خلائی ادارے نے ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے۔

اس سے قبل امریکا، روس، چین اور بھارت کے مشنز کامیابی سے چاند کی سطح پر اتر چکے ہیں۔

فوج انتخابات میں الیکشن کمیشن کو مطلوبہ تعاون فراہم کرے گی: کور کمانڈرز کانفرنس کا فیصلہ

کورکمانڈر کانفرنس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشارے پرکام کرنے والے تمام دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کیخلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی، جب کہ پاک فوج انتخابات میں الیکشن کمیشن کوتعاون فراہم کرے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، جس میں فورسز اور شہریوں سمیت شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اور کہا کہ شہدا نے ملک میں امن واستحکام کو یقینی بنانےکیلئے جانوں کی قربانیاں دیں۔

کانفرنس میں ڈیرہ اسماعیل خان حملے کے شہدا کےایصال ثواب کیلئے بھی فاتحہ خوانی کی گئی، جب کہ ملکی خود مختاری، علاقائی سالمیت کے دفاع کیلئے پاک فوج کےعزم کا اعادہ کیا گیا۔

کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم پرشدید تشویش کا اظہار اور بھارتی فوج کی اغوا، تشدد، قتل کی حالیہ کارروائیوں کی مذمت کی گئی۔

کانفرنس کے شرکا نے کہا کہ بھارتی فوج کی یہ کارروائیاں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم ہیں جو بہادر کشمیریوں کے جائز حق خوداردیت کے جذبے کو پست نہیں کرسکتیں، پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ہر طرح کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

فورم کو خطے کی صورتحال، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے ہوئے خطرات کے جواب میں اپنی حکمت عملی کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

کانفرنس کے شرکاء نے کالعدم ٹی ٹی پی اور دیگر دہشتگرد گروپوں کی پڑوسی ملک میں محفوظ پناہ گاہوں، وہاں سے آزادی کیساتھ کارروائیوں اور جدید ترین ہتھیاروں کی دستیابی کو پاکستان کی سیکیورٹی کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا۔

کانفرنس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشارے پرکام کرنے والے تمام دہشتگردوں،ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کیخلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔

فورم نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی مذمت کرتے ہوئے غزہ میں فوری جنگ بندی اور جاری تنازعہ کے پرامن حل کے مطالبہ کے حکومتی موقف کا اعادہ کیا۔

فورم نے سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے تحت غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے جاری کوششوں کے لیے اپنی حمایت کا بھی اعادہ کیا

فورم نے سمگلنگ، منی لانڈرنگ، بجلی چوری اور دیگر غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے علاوہ ذخیرہ اندوزی کے خلاف جاری کارروائیوں کا بھی جامع جائزہ لیا گیا اور اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ پاک فوج ایسے جرائم کی روک تھام کے لیے متعلقہ سرکاری اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر طرح کی مدد فراہم کرتی رہے گی۔

فورم نے کہا کہ پاک فوج آئندہ عام انتخابات میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مطلوبہ اور ضروری تعاون فراہم کرے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم کو فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بھی بریفنگ دی گئی، اس موقع پر آرمی چیف نے آپریشنز کے دوران پیشہ ورانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے، ذہنی اور جسمانی شعبوں میں فارمیشنز کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کے حصول پر زور دیا۔

فورم نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کی گئی۔ اور غزہ میں جنگ بندی،پرامن حل کے مطالبہ کے حکومتی مؤقف کااعادہ کیا گیا۔

توشہ خانہ ریفرنس: عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم کیلئے نئی تاریخ مقرر

توشہ خانہ ریفرنس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فرد جرم کے لیے 4 جنوری کی تاریخ مقرر کردی گئی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے توشہ خانہ ریفرنس کی اڈیالہ جیل میں سماعت کی، ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی اور نیب ٹیم عدالت پیش ہوئی۔

ملزمان کو توشہ خانہ ریفرنس کی نقول اور دیگر ضروری دستاویزات فراہم کر دی گئیں

عدالت نے ملزمان پر فرد جرم کے لیے 4 جنوری کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی کردی۔

دوسری جانب نیب کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس میں درخواست ضمانت پر دلائل جاری ہیں۔

عدالت نے سماعت 30 دسمبر تک ملتوی کردی جبکہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں ضمانت کی درخواستوں پر بھی سماعت30 دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔

شفاف الیکشن نہ ہوئے تو ملکی معیشت کا نقصان ہوگا، چیئرمین پی ٹی آئی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شفاف الیکشن نہ ہوئے تو ملکی معیشت کا نقصان ہوگا، ہارس ٹریڈنگ کرنا آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے، سارے پراسس کو کون داغدار کررہا ہے، عمران خان کا پیغام ہے کارکنان پرامن رہیں جیت آپ کی ہوگی۔

روالپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ شفاف الیکشن نہ ہوئے تو ملکی معیشت کا نقصان ہوگا، سارے پراسس کو کون داغدار کررہا ہے، ہارس ٹریڈنگ کرنا آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنان سے درخواست ہے آپ حوصلہ رکھیں، بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے کارکنان پرامن رہیں جیت آپ کی ہوگی، بانی پی ٹی آئی الیکشن لڑنے کے لیے اہل ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف پلان کے تحت آیا وہ کسی کو الیکشن لڑنے نہیں دے رہا، عدلیہ سے امید ہے بانی پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی منظور ہوں گے، امیدواروں کے کاغذات جمع کرنے میں دشواری ہورہی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے کہا تھا جو پریس کانفرنس کرچکے انہیں ٹکٹ نہیں دیں گے، شیخ رشید کی اپنی پارٹی ہے وہ اپنے حلقے سے الیکشن لڑرہے ہیں۔

نائن الیون کے بعد حکمرانوں کی ترجیحات اسلامی پاکستان کی نہیں رہی، مولانا فضل الرحمان

جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت مصلحتوں کا شکار ہو کر اپنا وقت گزار دیتی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ نائن الیون کے بعد حکمرانوں کی ترجیحات اسلامی پاکستان کی نہیں رہی، بدقسمتی سے آج بھی وطن عزیز کو ایک اسلامی ملک کی شناخت نہ دے سکے۔

انھوں نے کہا کہ ملک اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا تھا، ماؤں بہنوں سمیت لاکھوں مسلمانوں نے اس ملک کیلئے جانوں کی قربانی دی۔

ان کا کہنا تھا کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ مسائل مذاکرات سے حل کرنا چاہتے ہیں، مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق حل کرنا چاہتے ہیں۔

امیر جے یو آئی نے کہا کہ عوام سے ہمارا رابطہ اور تعلق نظریات کی بنیاد پر ہے، ہماری جماعت انتخابات میں حصہ لے گی۔

سپریم کورٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کو عدالت کے تین جج بلاتے ہیں اور پٹیشن لانے کا کہتے ہیں، عشاء کے وقت عدالت کھلتی ہے اور الیکشن کمیشن کو حکم دیتی ہے کہ الیکشن شیڈول جاری کرو۔

اپنی سکیورٹی کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ ہمیں ضلعی انتظامیہ کے نوٹس ملیں ہیں کہ سکیورٹی خطرناک ہیں آپ الیکشن مہم نہیں کرسکتے، ایسی صورتحال میں ہم الیکشن میں جائیں تو کم از کم ماحول تو ساز گار بنایا جائے۔

ایم کیو ایم (ن) لیگ سے قومی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 10 نشستوں پر بات چیت کیلئے تیار

کراچی: عام انتخابات میں ایم کیو ایم اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملے میں پیشرفت ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق کراچی سے قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی کی 10 نشستوں پر ایم کیو ایم مسلم لیگ (ن) سے بات کرنے پر تیار ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ ایم کیوایم این اے 243 کیماڑی، این اے 229، 230 اور 231 ملیر کی سیٹ ایڈجسمنٹ پر بات چیت کے لیے تیار ہے جب کہ ایم کیوایم این اے 239 ضلع جنوبی پر بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر تیار ہے۔

ذرائع کے مطابق پانچوں قومی اسمبلی کی نشستوں میں آنے والی 10 صوبائی نشستوں پربھی ایم کیوایم بات چیت کے لیے تیار ہے تاہم ایم کیو ایم ان سیٹوں کے علاوہ کراچی کی کسی نشست پر بات چیت کے لیے تیار نہیں ہے۔

انسداد دہشتگردی عدالت؛ پی ٹی آئی کارکن خدیجہ شاہ کو رہا کرنے کا حکم

کوئٹہ: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی آئی کارکن خدیجہ شاہ کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں خدیجہ شاہ کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی، جس میں سید اقبال شاہ ایڈووکیٹ نے مقدمے کی پیروی کی۔ پولیس کی جانب سے خدیجہ شاہ کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پورا ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ خدیجہ شاہ کو 2 ہفتے قبل لاہور سے راہداری ریمانڈ پر کوئٹہ منتقل کیا گیا تھا، جس کے بعد آج انہیں عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے خدیجہ شاہ کو جرم ثابت نہ ہونے پر رہا اور فیملی سمیت لاہور روانہ کرنے کا حکم جاری کردیا۔

خیبر پختونخوا سے افغانستان بھیجے گئے تارکین وطن کی تعداد 2 لاکھ 71 ہزار ہوگئی

پشاور: خیبر پختونخوا سے افغانستان روانہ ہوگئے غیر قانونی تارکین وطن کی تعداد 2 لاکھ 71 ہزار سے زائد ہوگئی جب کہ ملک بھر سے گئے تارکین وطن کی تعداد علیحدہ ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کا دیگر سرحدوں کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخوا کے راستے بھی انخلا کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز طورخم سرحد کے راستے 537 افراد افغانستان بھیجے گئے۔

محکمہ داخلہ کے مطابق گزشتہ روز ملک بھر سے مجموعی طور پر 6595 تارکین وطن کو افغانستان بھیجوایا گیا، پختونخوا سے 5282، اسلام آباد سے 129 ، پنجاب سے 1150 ، آزاد کشمیر سے 34 تارکین وطن افغانستان بھجوائے گئے۔
محکمہ داخلہ نے بتایا ہے کہ طورخم بارڈر کے راستے اب تک مجموعی طور پر 2 لاکھ 67 ہزار، 111 افراد کے پی سے افغانستان بے دخل کیے گئے، دیگر سرحدات انگور اڈہ اور خرلاچی سے بھی تارکین وطن کو افغانستان بھجوانے کاسلسلہ جاری ہے۔

محکمہ داخلہ نے مزید بتایا ہے کہ مجموعی طور پر انگور اڈہ بارڈر کے راستے 3693 افراد خرلاچی بارڈر سے 698 افراد افغانستان واپس گئے جب کہ خیبر پختونخوا کی تینوں سرحدوں سے اب تک 2 لاکھ 71 ہزار 503 افراد کو افغانستان بھیجا گیا ہے۔

مانسہرہ سے نواز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور

پشاور: مانسہرہ سے سابق وزیراعظم نواز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے۔

ریٹرنگ آفیسر این اے 15ہاجرہ سمیع کے سامنے دونوں اطراف سے وکلاء نے دلائل دیے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے نواز شریف کے خلاف دائر اعتراض مسترد ہوگئے۔

پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی نے نواز شریف کے کاغذات پر اعتراضات دائر کیے تھے۔

درخواست گزار کے مطابق آئین پاکستان کی روح سے کوئی عدالتی فورم سپریم کورٹ کے فیصلے سے منحرف نہیں ہو سکتا ہے، نواز شریف نے اپنی تاحیات نااہلی کو سپریم کورٹ میں جائزہ لینے کی استدعا کی جو مسترد ہو چکی ہے۔

اعظم سواتی کا درخواست میں موقف تھا کہ متعلقہ ریٹرننگ آفیسر مجاز نہیں کہ وہ نواز شریف کو الیکشن کے لیے اہل قرار دیں کیونکہ نواز شریف آئین کی شق 62 (1 او ایف) کے تحت بے ایمان اور کرپشن کے مرتکب پائے گئے اور نواز شریف مجاز نہیں کہ الیکشن لڑ سکیں یا کوئی سرکاری عہدہ رکھ سکیں۔ نواز شریف کو سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے تاحیات نااہل قرار کر رکھا ہے۔

اعتراضات پی ٹی آئی کے لیڈر شاہد رفیق اور شہری زکریا طارق نے ریٹرننگ آفیسر این اے 15 کے پاس داخل کروائے تھے۔