قانون سازی کرنا پارلیمان کا اختیار ہے، سپریم کورٹ اصلاحات بل کا فیصلہ جاری

پریکٹس اینڈ پروسجیر ایکٹ کے تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ قانون سازی کرنا پارلیمان کا اختیار ہے، آئین کے مطابق چیف جسٹس کو اکیلے ہی فیصلے کرنے کا اختیار نہیں۔

سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسجیرایکٹ کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا گیا ہے، فیصلہ چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے لکھا ہے۔

تحریری حکم نامہ 22 صحفات پر مشتمل ہے۔

سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ قانون سازی کرنا پارلیمان کا اختیار ہے، باہمی احترام کا تقاضا ہے کہ سپریم کورٹ پارلیمان کے رائے کو اپنی رائے سے تبدیل نہ کرے، باہمی احترام کا تقاضا ہے پارلیمان کی رائےکو تبدیل نہ کیا جائے۔

فیصلے کے مطابق پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ آئین اور عدلیہ کی آزادی کے منافی نہیں، اس ایکٹ سے شفافیت اور انصاف تک رسائی میں مدد ملے گی۔

سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ فیصلے کے خلاف اپیل کا حق دنیا بھر کے قوانین کے ساتھ شرعی تقاضا بھی ہے۔ درخواست گزاروں کی جانب سے اٹھائے گئے دیگر نکات پر غور کرنا اکیڈمک بحث ہی ہوگی، آئین چیف جسٹس کو اکیلے ہی فیصلے کرنے کا کوئی اختیار نہیں دیتا، چیف جسٹس اور دو سینئر ججز پر مشتمل کمیٹی سے عدلیہ زیادہ با اختیار ہوگی۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون بننے سے پہلے ہی عدالت نے حکم امتناع جاری کر دیا، آئین سپریم کورٹ کو لامحدود اختیارات نہیں دیتا، پارلیمنٹ سپریم کورٹ کو ریگولیٹ کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔

فیصلے کے مطابق چیف جسٹس کا ماسٹر آف روسٹرز ہونا آئین میں کہیں نہیں لکھا، جمہوریت کی بنیاد پر قائم آئین میں ماسٹر کا لفظ تضحیک آمیز ہے، ماسٹر کا لفظ غلامی کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے، جو آئین اور شرعی اصولوں کیخلاف ہے، شرعی اصول بھی ایک سے زائد افراد کے درمیان ہونے والے معاملے میں مشاورت لازمی قرار دیتے ہیں۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے اپنی رائے دوسروں پر مسلط کرنا دراصل دوسروں کو اہمیت نہ دینے کے مترادف ہے، عدلیہ کی ساکھ متاثر ہونے سے ملک اور عوام کو ہمیشہ نقصان ہوتا ہے، سپریم کورٹ کا فیصلہ دیگر عدالتوں پر لاگو ہوتا ہے مگر خود سپریم کورٹ پر نہیں، سپریم کورٹ کے لارجر بنچ کے فیصلے کو چھوٹے بنچز کے فیصلوں پر فوقیت دی جاتی ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آئینی روایات کو قانون کی طرز پر لاگو نہیں کیا جا سکتا، اس قانون کے خلاف درخواستوں کا فیصلہ پہلی سماعت پر ہو جانا چاہیے تھا، 8 رکنی بینچ نے پہلی سماعت حکم امتناع جاری کیا جب قانون بل کی شکل میں تھا۔

فیصلے کے مطابق وکلا کی جانب سے گھنٹوں اس نکتے پر بحث کی گئی کہ عدلیہ کی آزادی خطرے میں پڑ گئی ہے، وکلا کی جانب سے کہا گیا چیف جسٹس کا عہدہ بطور ماسٹر آف روسٹر غیرمتعلقہ ہو جائے گا، آئین سپریم کورٹ یا چیف جسٹس پاکستان کو لامحدود اختیارات نہیں دیتا۔

جعلی شناختی کارڈ بنانے میں ملوث سابق نادرا افسران گرفتار

ایف آئی اے نے جعلی شناختی کارڈ بنانے میں ملوث 4 رکنی گینگ گرفتار کرلیا، ملزمان نادرا کے سابقہ افسران ہیں، جنہوں نے 2019 اور 20 میں غیرملکیوں کو شناختی کارڈ جاری کئے۔

شناختی کارڈز کے غیر قانونی اجراء کیس میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، اور ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی شناختی کارڈ بنانے میں ملوث 4 رکنی گینگ گرفتار کرلیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان نادرا کے سابقہ افسران ہیں، جنہیں اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں محمد طاہر،عدنان عمار، محمد عامر خان اور محمد طیب شامل ہے، جو نادرا میگا سینٹر اسلام آباد میں بطور ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور سنئیر ایگزیکٹیو تعینات رہے، اور دوران تعیناتی سال 2019 اور 2020 میں غیرملکیوں کو شناختی کارڈ جاری کئے۔

ترجمان کے مطابق ملزمان احساس پروگرام کے نام پر مزدور طبقے کا بائیو میٹرک لیتے، اور بعد میں فیملی ٹری میں افغان شہریوں کا اندراج کرتے تھے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان سادہ لوح شہریوں کو رقوم کا لالچ دے کر اپنے جال میں پھنساتے تھے، اور ان کے فیملی ٹری کا غیر قانونی استعمال کرتے تھے، ملزمان نے متعدد مزدورں کی فیملی ٹری میں افغان شہریوں کا اندراج کیا۔

ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان نے دوران تعیناتی متعدد شناختی کارڈز جاری کئے، ملزمان نے شناختی کارڈ جاری کرنے کی آڑ میں بھاری رقوم وصول کیں۔

پاکستان کا جدید ترین نیویگیشن سسٹم سے لیس میزائل کا کامیاب تجربہ

پاکستان نے جدید ترین نیویگیشن سسٹم سے لیس فتح 2 میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فتح 2 جدید ترین ایویونکس اور پرواز کی منفرد رفتار سے لیس میزائل ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فتح 2 جدید ترین نیویگیشن سسٹم سے لیس میزائل ہے،
یہ ویپن سسٹم 400 کلومیٹر کی حد تک اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

تینوں سروسزکے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے فتح 2 میزائل کے کامیاب تجربے کا مشاہدہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق صدر اور وزیراعظم نے کامیاب میزائل تجربے پر فوج اور سائنسدانوں کو مبارکباد  دی جبکہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف نے بھی کامیاب میزائل تجربے پرفوجیوں اور سائنسدانوں کی کاوشوں کو سراہا۔

اسرائیل سے ٹرک میں 80 فلسطینیوں کی لاشیں برآمد، اعضا بھی چرا لیے گئے

اسرائیل سے ایک ٹرک میں 80 فلسطینیوں کی لاشیں برآمد کی گئیں۔

غزہ میں اسرائیل کے بھیانک جرائم جاری ہیں اور میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ اسرائیل سے ایک ٹرک میں 80 فلسطینیوں کی لاشیں جنوبی غزہ لائی گئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 80 فلسطینیوں کی لاشوں کی غزہ کے علاقے رفح میں اجتماعی تدفین کر دی گئی۔

فلسطینی حکام کا کہنا ہےکہ لاشوں کی بے حرمتی کی گئی، لاشوں سے اعضا بھی چرائے گئے جبکہ لاشیں کن فلسطینیوں کی ہیں اور یہ سب لوگ کیسے مرے، اس بارے میں کچھ بھی نہیں بتایا گیا۔

دوسری جانب غزہ کے رہائشی علاقوں پر گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی فوج نے 100 سے زائد حملے کرکے مزید 240 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔

خان یونس میں بے گھر فلسطینیوں کی پناہ گاہ فلسطینی ہلال احمر کے ہیڈکوارٹر پر بھی بمباری کی گئی، اسرائیلی بمباری سے ہلال احمر ہیڈکوارٹرز میں متعدد شہادتوں کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔

اس کے علاوہ اسرائیلی جارحانہ حملوں کے ردعمل میں فلسطینی مزاحمت تنظیم حماس کے جوابی وار بھی جاری ہیں، اسرائیلی فوج نے مزید 2 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔

واضح رہے 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی وحشیانہ بمباری سے 20 ہزار 977 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ 54 ہزار 536 افراد زخمی ہوئے ہیں، شہدا اور زخمیوں میں نصف سے زائد تعداد صرف بچوں اور خواتین پر مشتمل ہے۔

والد کی کمپنی دیوالیہ ہو گئی تھی ،سیٹ پرلوگوں کیلیے چائےبناتا تھا، ابھیشیک بچن

ممبئی: بالی ووڈ اداکار ابھیشیک بچن نے انکشاف کیا ہے کہ خراب مالی حالات میں وہ فلم کے سیٹ پر لوگوں کے لیے چائے بناتے تھے۔

بالی ووڈ کے لیجنڈ امیتابھ بچن کے بیٹے اور اداکار ابھیشیک بچن کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ والد نے ایک کمپنی بنائی جو دیوالیہ ہوگئی۔ خراب مالی حالات کے باعث کالج کی پڑھائی بھی ادھوری چھوڑنا پڑی۔

ابھیشیک بچن نے انکشاف کیا کہ پیسے نہ ہونے کے باعث فلموں کے سیٹ پر چائے بنایا کرتا تھا۔ میں نے پیسے کمانے کے لیے اپنے دوست کے ساتھ مل کر فلم کا ایک اسکرپٹ لکھا جسے میرے والد امیتابھ بچن نے مسترد کردیا۔
اداکار نے کہا کہ 20 سال قبل فلم فئیر ایوارڈ کی تقریب میں شرکت کے لیے مہینوں پہلے تیاری کی جاتی تھی کہ کیا پہنا جائے گا اورکیسے تیار ہو کر تقریب میں شرکت کی جائے گی۔ میرے پاس نئے کپڑے خریدنے کے لیے پیسے نہیں تھے اس لیے دو سال قبل بہن کی شادی میں جو شیروانی پہنی تھی وہ پہن کر ایوارڈ فنکشن میں شرکت کی۔

توشہ خانہ: سپریم کورٹ کا عمران خان کی سزا معطلی کی اپیل چھٹیوں کے دوران سننے سے انکار

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آٸی عمران خان کی نااہلی ختم کرنے کے لیے اپیل فوری سماعت کیلیے مقرر کرنے کی استدعا مسترد کردی جب کہ لیول پلئینگ فیلڈ کے لیے پی ٹی آئی کی دائر کردہ اپیل کل مقرر کرنے کا عندیہ دے دیا۔

سپریم کورٹ میں پی ٹی آٸی کی توشہ خانہ فیصلہ معطلی اور لیول پلیئنگ فیلڈ سے متعلق داٸر درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کرنے کا معاملہ سامنے آیا۔ معاملہ قاٸم مقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود کی عدالت میں آیا۔

وکیل شہباز کھوسہ نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں نااہلی ختم کرنے کی درخواست کو تین رکنی بنچ کے سامنے مقرر کر دیں۔
جسٹس طارق نے کہا کہ اسلام آباد میں صرف دو ہی ججز دستیاب ہیں، توشہ خانہ کیس کم از کم تین رکنی بنچ کو سننا چاہیے، اس ہفتے توشہ خانہ نااہلی کیس کی سماعت ممکن نہیں ہے۔

جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا کہ نااہلی سے متعلق فیصلہ معطل ہونے سے سزا معطل نہیں ہوتی، ہمارے سامنے درخواست ہے کہ توشہ خانہ کیس کا فیصلہ معطل ہوا تو سزا بھی ختم ہو، فیصلہ معطل ہونے سے سزا ختم ہونے کی کوئی عدالتی نظیر پاکستان کی تاریخ میں نہیں ہے۔

وکیل شہباز کھوسہ نے کہاکہ مخدوم جاوید ہاشمی کے خلاف فیصلے کے ساتھ سزا بھی ختم کی گئی تھی، پوری قوم اس کیس کو دیکھ رہی ہے جس میں بانی پی ٹی آئی کو تین سال کے لیے نااہل کیا گیا، عدالت دیکھے کہ کیسے ہمایوں دلاور نے ایک ہی دن میں پانچ بار سماعت کر کے سزا سنائی۔

قاٸم مقام چیف جسٹس طارق نے کہاکہ آپ کی درخواست کو دو رکنی بنچ صرف خارج کر سکتا ہے، کر دیں؟ دو رکنی بنچ آپ کو عبوری ریلیف بھی نہیں دے سکتا کیونکہ ہائی کورٹ میں ڈویژن بنچ کا فیصلہ ہے، کیا پتا کہ یہ کیس اہم نکات سے متعلق ہو اور اس کی سماعت پانچ رکنی بنچ کرے؟ اگلے ہفتے قاضی فائز عیسی صاحب بھی آجائیں گے۔

وکیل نے کہا کہ عدالت ججز بلا کر ابھی بھی بینچ بناسکتی ہے جس پر جسٹس طارق مسعود نے کہا کہ ججز یہاں دستیاب نہیں آپ بتا دیں کس کو بٹھا کر سماعت کریں؟ ججز کمرہ عدالت سے اٹھ کر چلے گئے۔

قبل ازیں جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کی درخواست کے اندر بہت ہی سنجیدہ الزامات ہیں۔ اس پر جواب میں وکیل لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ اگر بروقت کیس درج ہوتا تو آج اتنی ایمرجنسی نہ ہوتی۔

جسٹس سردار طارق مسعود نے کہا کہ کیس تین رکنی بینچ ہی سنے گا، لیول پلیئنگ فیلڈ پر توہین عدالت والی درخواست ہوسکتا ہے کل مقرر ہوجائے۔

ٹیسلا فیکٹری میں روبوٹ نے انجینئر پر حملہ کرکے خون میں نہلا دیا

آٹوموبائلز،آٹومیکر اورانرجی کمپنی ’ٹیسلا‘ کی گاڑیاں بنانے والی فیکٹری میں اپنی نوعیت کا منفرد اورخوفزدہ کر دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں روبوٹ نے انجنیئرپرحملہکر کے اسے خون میں نہلا دیا۔

آسٹن کے قریب گیگا ٹیکساس فیکٹری میں روبوٹ کی خرابی کے دوران اسے صحیح کرنے والا ٹیسلا انجینئراپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

انجینئرایلومینیم گاڑیوں کے تازہ تیارکیے جانے والے پرزوں کو پکڑنے اور لے جانے کیلئے ڈیزائن کےجانے والے روبوٹ کی سافٹ ویئر پروگرامنگ میں نقص ٹھیک کررہا تھا جب روبوٹ نے غیر متوقع طور پر اس پر حملہ کردیا۔

روبوٹ کے دھاتی پنجے کارکن کی کمر اور بازو میں گھسنے سے فیکٹری کے فرش پر ’خون کی ندی‘ بہتی دکھائی دی۔

وہاں موجود دیگر ٹیسلا ملازمین نے فوری طور پر ہنگامی بٹن دبایا جس کے بعد حملہ آور روبوٹ رُک گیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ 2021 میں پیش آیا تھا لیکن رپورٹ اب کیا گیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق 2022 میں بھی ہر 21 میں سے ایک ٹیسلا ٹیکساس گیگا فیکٹری ملازم اپنے کام کے دوران زخمی ہوا تھا۔

مریم، بلاول کے بعد عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر بھی اعتراض دائر

مریم نواز، بلاول بھٹو زرداری کے بعد سابق وزیراعظم عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر بھی اعتراض دائر کردیا گیا۔

کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا سلسلہ آج تیسرے روز بھی جاری ہے اور اسی دوران چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بعد ایک ہی میں عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض داخل کیا گیا ہے۔

لاہور کا حلقہ این اے 122 میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے کاغذات پراعتراض مسلم لیگ ن کے امیدوار میاں نصیر کی جانب سے دائر کیا گیا۔

میاں نصیر نے عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض کی درخوقاست ریٹرننگ افسر میں جعم کرادی جس میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سزا یافتہ ہیں، لہٰذا وہ الیکشن لڑنے کے اہل نہیں۔

مریم نواز پر جعلی دستخط کا الزام

واضح رہے کہ سرگودھا کے شہری کی جانب سے مریم نواز کے خلاف ریٹرننگ آفیسر کو درخواست دے دی گئی جس میں الزام عائد کیا گیا کہ امیدوار پی پی 80 کے دستخط جعلی کیے گئے ہیں۔

درخواست گزار نے کہا کہ مریم نواز مختلف مقدمات میں سزا یافتہ ہیں، اعتراض لگا کر کاغذات مسترد کیے جائیں۔

پیپلز پارٹی اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز الگ الگ سیاسی جماعتیں ہیں، بلاول کے کاغذات پر اعتراض

اس سے قبل بلاول بھٹو کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض لاہور کے حلقہ این اے 127 سے شہری کی جانب سے دائر کیا گیا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ بلاول بھٹو نے اپنے کاغذات نامزدگی میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز سے وابستگی ظاہر کی، پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز الگ الگ سیاسی جماعتیں ہیں۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور آصف زرداری پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز كے صدر ہیں، الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق ایک شخص ایک وقت میں ایک جماعت کا رکن ہوسکتا ہے، لہذا یہ الیکشن ایکٹ کی خلاف وزری ہورہی ہے۔

عمران خان کے لاہور سے کاغذات نامزدگی پر اعتراض دائر

 لاہور: بانی پی ٹی آئی عمران خان کے لاہور سے کاغذات نامزدگی پر اعتراض دائر کردیا گیا۔

عام انتخابات 2024ء کے سلسلے میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بعد بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے  کاغذات نامزدگی پر بھی اعتراض دائر کردیا گیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار میاں نصیر سابق وزیراعظم عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض دائر کرنے کے لیے ریٹرننگ آفیسر کے دفتر پہنچ گئے۔ سابق رکن صوبائی اسمبلی میاں نصیر احمد کا کہنا ہے کہ عمران خان سزا یافتہ ہے اس لیے وہ انتخابات میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بھی لاہور سے کاغذات نامزدگی پر اعتراض دائر کیا گیا ہے، جس میں شہری محمد ایاز نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو نے اپنے کاغذات نامزدگی میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز سے وابستگی  ظاہر کی ہے جب کہ وہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین ہیں اور دونوں الگ الگ جماعتیں اور ان کے انتخابی نشان الگ ہیں۔

دورہ آسٹریلیا؛ ٹیم مینجمنٹ نے سختی شروع کردی، کھلاڑیوں پر جرمانہ ہوگا

قومی کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ نے دورہ آسٹریلیا کے دوران کھلاڑیوں پر سختی کرنا شروع کردی۔

میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ کی جانب سے کھلاڑیوں کیلئے نئے ایس او پیز واضح کردئیے گئے ہیں، جسکی خلاف ورزی کرنے پر کھلاڑیوں کو جرمانہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دورہ آسٹریلیا کے دوران اگر کوئی بھی کھلاڑی گراونڈ میں سویا ہوا دکھائی دیا یا وہ ایکٹیو دکھائی نہ دیا تو اسے 500 ڈالر جرمانہ ہوگا۔