مدثر نذر، حفیظ کو کئی ذمہ داریاں ساتھ سونپنے کے مخالف

مدثر نذر نے محمد حفیظ کو ایک ساتھ کئی ذمہ داریاں سونپنے کی مخالفت کردی،ان کے مطابق اس کا ٹیم کو نقصان ہی ہو گا۔

پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کو خصوصی انٹرویو میں مدثر نذر نے کہا کہ محمد حفیظ ٹیم ڈائریکٹر بھی ہیں، ہیڈ کوچ کا کام بھی انھوں نے ہی سنبھالا ہوا ہے، یہ درست نہیں ہے، ماضی میں مصباح الحق کو دہری ذمہ داریاں دینے کا تجربہ ناکام ہوچکا، ان کو خود بھی یہ سب قبول نہیں کرنا چاہیے تھا، اگر وہ کسی ایک ہی شعبے میں کام کرتے تو شاید بہتر نتائج دے پاتے، اسی طرح محمد حفیظ کی متعدد ذمہ داریوں کا بھی نقصان ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ وہاب ریاض بطور سلیکٹر بالکل نئے ہیں،ان کی سلیکشن کے معیار کا سیریز میں اندازہ ہوجائے گا،آسٹریلیا میں 17افراد پر مشتمل معاون عملہ گیا ہے، نجانے کون اس طرح کے فیصلے کررہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ بابر اعظم کی ٹیسٹ میں کارکردگی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی جیسی نہیں ہے، پرتھ میں ان کو گیندیں بھی اچھی پڑگئیں۔

مدثر نذر نے کہا کہ کسی کو اس بنیاد پر کپتان نہیں بنانا چاہیے کہ اسے انگریزی اچھی آتی ہے، شان مسعود اچھے کرکٹر ہیں،اگر وہ ٹیم کے مستقل رکن ہوتے تو ٹھیک تھا، اب ایک مشکل ٹور میں کپتان بنا دیا حالانکہ محمد رضوان کو نائب کپتان بنایا تھا تو قیادت بھی سونپ دیتے، لیک آڈیوز سے تو ظاہر ہوا کہ ان کو کپتان نہیں بنایا جاسکتا تھا۔

فہیم اشرف بیٹنگ یا بولنگ آل رائونڈر ہیں سمجھ نہیں پایا

مدثر نذر نے کہا کہ آل رائونڈر پاکستان کا مسئلہ رہا ہے، مجھے تو سمجھ نہیں آتا کہ فہیم اشرف بطور بیٹنگ یا بولنگ آل رائونڈر کھیلتے ہیں،آسٹریلوی ٹیم میں 5لیفٹ ہینڈرز کی موجودگی میں کسی آف اسپنر کو کیوں نہیں کھلایا؟ سلمان علی آغا پارٹ ٹائم بولر ہیں، دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو 2ریگولر اسپنرز کو کھلانا چاہیے، ہوسکتا ہے کہ میزبان بورڈ سڈنی کی پچ تھوڑی فاسٹ بنا دے۔

انجری سے واپسی کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی اسپیڈ کم ہوگئی

مدثر نذر نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی نے ورلڈکپ میں اگرچہ بعد میں وکٹیں لیں مگر انجری سے واپسی کے بعد ان کی اسپیڈ کم ہوئی ہے، وکٹیں کم ملیں گی تو اعتماد میں بھی کمی آتی ہے،بولنگ کرتے ہوئے نئی گیند یا تو بہت فل یا پیچھے گررہی تھی،آتے ہی اچھی لینتھ پر بال کرتے ہوئے اسے برقرار رکھنا بھی اہم ہوتا ہے، شاہین کو پرتھ ٹیسٹ میں ابتدا میں ہی چوکے چھکے بھی لگ گئے، لنچ کے بعد انھوں نے اسٹارٹ چھوٹا کیا، اسپیڈ بھی کم ہوکر 132پر آگئی تھی، اس طرح کی بولنگ پر پٹائی تو ہونا تھی، انھوں نے رفتار کم کرکے بھی لائن ولینتھ بہتر کرنے کی کوشش کی مگر کامیاب نہ ہوئے۔

سابق اسٹار نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کا یہ مسئلہ کافی دنوں سے چل رہا ہے، اس کا حل یہ ہے کہ ساتھ بولنگ کرنے والے دیگر 2پیسرز 140سے زیادہ کی اسپیڈ سے گیندیں کرتے ہوں ورنہ ان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انھوں نے کہا کہ عامر جمال تیز بولنگ کرتے ہیں، خرم شہزاد نے بولنگ بْری نہیں کی مگر دوسرے روز 120کی رفتار سے گیندیں کررہے تھے،وہ تھکے ہوئے نظر آئے،ان کی فٹنس ٹیسٹ کرکٹ کے معیار کی نہیں، ان کو ایسی کنڈیشنز چاہئیں کہ پچ پر تھوڑی گھاس ہو۔

کوئی سینئر غیر معمولی پرفارم کرے تو کیویز کیخلاف اچھے نتائج آسکتے ہیں

مدثر نذر نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم مضبوط ہے، مڈل آرڈر بیٹرز بڑے اسکور کرتے ہیں،ورلڈکپ کے بعد آسٹریلیا میں بھی پاکستان کی بولنگ خوب پٹائی برداشت کر چکی، کوئی سینئر غیر معمولی کارکردگی سے ٹیم کو اٹھا دے توکیویز کیخلاف سیریز میں بھی اچھے نتائج سامنے آسکتے ہیں، البتہ اگر ایسی ہی کارکردگی کا سلسلہ جاری رہا تو نیوزی لینڈ میں بھی مورال کافی نیچے ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان سے بہتر کارکردگی کی امید ہے،ایونٹ سے قبل اعتماد کی بحالی کیلیے وقت موجود ہے، امریکا اور ویسٹ انڈیز کی کنڈیشنز بھی آسٹریلیا سے مختلف ہوں گے، وہاں پاکستان ٹیم بہتر پرفارم کرسکتی ہے۔

سعودی عرب کا ویزا لینا آسان، نیا پلیٹ فارم لانچ کردیا گیا

سعودی عرب نے ویزا کے لیے درخواست کا طریق کار آسان بنانے کا اعلان کیا ہے۔ اس لسلسے میں نیا ویزا پلیٹ فارم شروع کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد مختلف مقاصد کے تحت سعودی عرب آنے والوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے۔

عربیہ بزنس ڈاٹ کام کے مطابق نئے یونیفائیڈ ویزا پلیٹ فارم کے ذریعے حج، عمرے، کاروبار، سیاحت اور کام کاج کے سلسلے میں ویزا جاری کیے جائیں گے۔ اس ویزا پلیٹ فارم سے 30 نجی صنعتیں اور ادارے جڑے ہوئے ہیں۔ مصنوعی ذہانت کے موثر استعمال سے سعودی عرب آنے کے خواہش مند افراد مطلوب دستاویزات کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔

معاون وزیر خارجہ عبدالہادی بن احمد المنصوری نے کے ایس اے ویزا نامی پلیٹ فارم کا افتتاح کیا۔ جو ڈجیٹل گورنمنٹ فورم کا حصہ ہے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے ویزا جاری کرنے سے متعلق افعال کے درمیان ہم آہنگی پیدا کی گئی ہے۔ سعودی عرب آنے کے خواہش مند افراد کے لیے اسمارٹ سرچ انجن بھی رکھا گیا ہے تاکہ وہ اپنی ضرورت کے مطابق مطلوب ویزا تیزی اور آسانی سے حاصل کرسکیں۔

ہر کیٹیگری کے لیے مطلوب دستاویزات اور درخواست جمع کرانے کے طریق کار کی مکمل صراحت کی گئی ہے۔ اپ ڈیٹیڈ پرسنل پروفائل کی مدد سے وزیٹرز اپنے ویزا کی آسانی سے تجدید کرسکیں گے اور دوبارہ درخواست دینا بھی آسان ہو جائے گا۔ اس ویزا پلیٹ فارم کو مصنوعی ذہانت اور دیگر نئی ٹیکنالوجیز سے آراستہ کیا جاتا رہے گا۔ رواں سال سعودی عرب نے ایک کروڑ 86 لاکھ سے زائد ویزا جاری کیے ہیں۔

کاغذات نامزدگی کا آج آخری روز, وکلا میدان میں اتر ائے، یاسمین راشد خصوصی نشست پر امیدار

عام انتخابات 2024 میں حصہ لینے کے لیے کاغذات نامزدگی کی وصولی اور جمع کرانے کا آج آخری دن ہے۔

اسلام آباد کے تین حلقوں کے لیے اب تک 320 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کیے ہیں، راولپنڈی سے قومی و صوبائی حلقوں کے لیے ایک ہزارسے زائد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی وصول کرلیے۔

اسلام آباد کے تین حلقوں این اے 46 ،47 اور48 کے لیے کاغذات نامزدگی کا وصولی کا عمل زورشور سےجاری ہے، این اے 46 سے 116 امیدوار، این اے 47 سے 100 جب کہ این اے 48 سے 104 افراد نے کاغذات نامزدگی حاصل کیے۔

کاغذات جمع کرانے کا عمل انتہائی سست روی کا شکارہے، جماعت اسلامی کے میاں اسلم، کاشف چوہدری اورملک عبدالعزیز نے کاغذات جمع کروا دیے، ذیشان شاہ ، راجہ خرم نواز، سید ظفرعلی شاہ، شعیب شاہین سمیت 320 امیدواروں نے اب تک کاغذات نامزدگی حاصل کیے ہیں۔

راولپنڈی سے قومی وصوبائی حلقوں کیلئے ایک ہزارسے زائد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی وصول کیئے، شیخ رشید، راشد شفیق، فیاض الحسن چوہان سمیت کچھ امیدواروں نے کاغذات جمع کروا دیے۔

اس کے علاوہ نثارعلی خان، قمرالسلام راجہ، نعیم اعجاز، اجمل صابر اور راجہ راشد حفیظ سمیت کئی امیدواروں نے کاغذات نامزدگی وصول کیئے۔

کاغذات نامزدگی کے اجراء اور وصولی کا سلسلہ 22 دسمبر تک جاری رہے گا 23 دسمبر کوامیدواروں کی عبوری فہرست جاری کی جائے گی۔

عام انتخابات میں تختِ لاہور کیلئے کاغذات نامزدگی حاصل اور جمع کروانے کا سلسلہ جاری ہے، ۔سنیئر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز کیلئے این اے 130سے کاغذات نامزدگی حاصل کر لیے گئے۔

رہنما پی ٹی آئی لطیف کھوسہ نے این اے 122 اور سلمان اکرم راجہ نے این اے 128 سے کاغذات نامزدگی وصول کئے، نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے این اے 128 اور این اے 123، مہر اشتیاق کیلئے این اے 129 جبکہ آئی پی پی رہنما شعیب صدیقی کیلئے این اے 119 سے کاغذت نامزدگی جمع کروا دئیے گئے۔

خواتین کی مخصوص نشست پر رہنما پی ٹی آئی یاسمین راشد جبکہ مسلم لیگ ن کی سابق رکن اسمبلی تحمینہ دولتانہ،صبح صادق اور عظمی کاردار نے بھی کاغذات جمع کروا دیے۔

ترجمان الیکشن کمیشن ہدا علی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہر وقت تیار ہے۔، الیکشن کمشنر پنجاب پرامن انتخابات کے انعقاد کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران سے ملاقات کر رہے ہیں۔

لاہور سے دو روز میں مجموعی طور پر 400 سے زائد امیدوار کاغذات نامزدگی حاصل کر چکے ہیں۔

ملک بھر کی طرح خیبرپختونخوا میں عام انتخابات کے لئے کی کاغذات نامزدگی کی وصولی اور جمع کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

سیاسی جماعتوں کے جن مرکزی اور صوبائی قائدین نے خیبر پختونخوا میں کاغذات نامزدگی جمع کیے ہیں ان میں میاں محمد نواز شریف، مولانا فضل الرحمان، سراج الحق، آفتاب احمد خان شیرپاو، ایمل ولی خان، فیصل کریم کنڈی، پرویز خٹک، حاجی غلام بلور اور پی ٹی آئی کے کئی رہنما شامل ہیں۔

چارسدہ کے حلقہ این اے 25 پر عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان جبکہ قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاو نے این اے 24 پر اپنے کاغذات نامزدگی جمع کر دیئے، اس موقع پر آفتاب احمد خان شیر پاو کا کہنا تھا کہ پختونخوا میں لیول پلئینگ فیلڈ نظر نہیں آرہا۔

پی ٹی آئی پارلیمنٹرین چئیرمین پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ وہ نوشہرہ کے ایک قومی اور دو صوبائی حلقوں پر انتخابات میں حصہ لیں گے اور 70 فیصد نشستوں پر اپنے امیدوار کو ٹکٹ جاری کریں گے۔
بلوچستان میں بھی عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی کے حصول اور جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔

بی این پی کے سربراہ سردار اخترمینگل نے این اے دو264 کوئٹہ تین سے کاغذات وصول کرلیے۔ حاجی لشکری رئیسانی نے این اے 263 کوئٹہ ٹو اور پی بی 43 سے کاغذات نامزدگی حاصل کیے۔

سابق نگراں وزیر نوابزادہ جمال رئیسانی نے این اے 264 سے کاغذات نامزدگی حاصل کیے۔ سینیٹر نصیب اللہ بازئی نے پی بی 38، سابق صوبائی وزیر خالد لانگو نے این اے 264 اور پی بی 44 جب کہ سینیٹر پرنس عمر اورسابق وفاقی وزیر ہمایوں عزیز کرد، سابق گورنر بلوچستان ظہور آغا نے بھی این اے 264 سے کاغذات حاصل کیے۔

دوسری جانب کراچی کے 7 اضلاع میں قومی اسمبلی کی 22 اور صوبائی اسمبلی کی 47 نشستوں پر کاغذات نامزدگی کی وصولی اور جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔

کیماڑی کے حلقہ این اے 242 میں ایم کیوایم پاکستان کے مصطفیٰ کمال اور حلقہ این اے 243 سے ہمایوں عثمان نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

پیپلزپارٹی کےسلیم مانڈوی والا، قادرپٹیل، خواجہ سہیل، حافظ عبدالبر، خواجہ سہیل منصور نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔

ایم کیو ایم کے۔امین الحق، رؤف صدیقی، ارشد وہرہ، ریحان ہاشمی نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔ ،معروف تاجر رہنما مرزا اختیار بیگ نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرادیے جب کہ حلقہ این اے 242 کمیاڑی سے ن کے صدر شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی حاصل کیے گئے ہیں۔

ماہرہ خان نے زندگی کی ایک اور بہار دیکھ لی، تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے زندگی کی ایک اور بہار دیکھ لی، اداکارہ نے گزشتہ روز اپنی 39ویں سالگرہ منائی۔

گزشتہ روز اداکارہ کی سالگرہ مناتے تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

ماہرہ خان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اپنے شوہر سلیم کریم اور بیٹے اذلان عسکری کے ہمراہ اپنی سالگرہ مناتی تصاویر و یڈیوز انسٹا اسٹوری پر ری شیئر بھی کیں۔

وائرل تصاویر و ویڈیوز میں ماہرہ خان کو بیٹے کے ساتھ سالگرہ کا کیک کاٹتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

اداکارہ کی سالگرہ میں ان کے قریبی دوستوں نے بھی شرکت کی تھی۔

ماہرہ خان نے 2007ء علی عسکری سے شادی کی تھی جو 2015ء میں ختم ہوئی، پہلی شادی سے ان کا ایک 13 سالہ بیٹا بھی ہے۔

اداکارہ رواں سال اکتوبر میں بزنس ٹائیکون سلیم کریم سے دوسری بار رشتہ ازدواج میں بندھی ہیں۔

سلامتی کونسل نے غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد پر ووٹنگ چوتھی بار موخر کردی

نہتے اور بے گھر فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوج کی جارحیت کے باوجود اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ میں جنگ بندی سے متعلق قرارداد پر ووٹنگ چوتھی بار موخر کردی گئی۔ عرب میڈیا نے بتایا کہ قرارداد پر ووٹنگ آج (جمعہ کو) کو متوقع ہے۔

غزہ میں جنگ بندی سے متعلق قرارداد مختلف وجوہ کی بنیاد پر اب تک ووٹنگ کے مرحلے سے نہیں گزر سکی۔ امریکہ نے قرارداد کے متن پر اعتراضات کیے ہیں۔ سلامتی کونسل میں امریکی مندوب تھامس گرین فیلڈ نے ایک بار پھر وضاحت کی ہے کہ اپنے تحفظات دور ہونے پر ہی امریکہ اس قرارداد کی حمایت کرے گا۔

دوسری طرف حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ نے کہا ہے کہ جب تک اسرائیل جارحیت نہیں روکتا تب تک قیدیوں کے تبادلے پر کسی بھی سطح کی بات چیت نہیں ہوسکتی۔ جارحیت کے خاتمے تک اسرائیل سے مذاکرات نہ کرنا قومی سطح کا فیصلہ ہے۔

اسماعیل ہنیہ نے بحیرہ احمر کی سلامتی یقینی بنانے کے نام پر امریکہ کی قیادت میں نئی مشترکہ فوج کی تشکیل کی بھی شدید مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس فوج کے قیام کا بنیادی مقصد اسرائیل کے جنگی جرائم کی پشت پناہی ہے۔ اسماعیل ہنیہ کا کہنا تھا کہ امریکہ کی سربراہی میں اس مشترکہ یا اتحادی فوج کا قیام خطے میں کشیدگی کو ہوا دے گا۔ انہوں نے علاقائی ممالک سے اپیل کی کہ وہ اتحادی فوج سے خود کو الگ رکھیں۔

میرا تجربہ زیادہ ہے، عمران کے بعد پارٹی عہدہ میرے پاس ہے، لطیف کھوسہ

سینئر نائب صدر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) لطیف کھوسہ نے موجودہ پارٹی چیئرمین کو طعنہ مارتے ہوئے کہا کہ بیرسٹر گوہر سے زیادہ میرا تجربہ ہے، میں پارٹی کا سینئر نائب صدر بھی ہوں عمران خان کے بعد پارٹی عہدہ میرے پاس ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو میں لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ ہم کوئی نواز شریف نہیں ہیں عدالتیں ہمارے لیے چشم براہ بیٹھی ہوں، توشہ خانہ کیس میں سیشن جج کا ٹرائل بلا اختیار تھا، اس کیس میں دی گئی سزا غلط تھی، یہ ججمنٹ نہیں عبوری آرڈر تھا جس کی تصحیح کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس سزا کو معطل کیا گیا اسی کی پاداش میں الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نااہل کردیا، کمیشن نے 30 روز انتظار کرنے کے بجائے تین دن میں ہی نااہل قرار دیا۔

لطیف کھوسہ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو طعنہ مارتے ہوئے کہا کہ بیرسٹر گوہر کا اتنا تجربہ نہیں جتنا میرا ہے، میں پارٹی کا سینئر نائب صدر بھی ہوں اور عمران خان کے بعد عہدہ میرے پاس ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جارہے ہیں، اسلام آباد ہائی کورٹ کا یہ فیصلہ سپریم کورٹ سے معطل ہوجائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کے بنیادی حقوق کو سلب کیا جارہا ہے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ہر فیصلہ عمران خان کے خلاف کیا ہے۔

سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ پی ٹی آئی مظلوم اور سیاسی شہید ہےپارٹی اس وقت عوام کے دلوں کی دھڑکن ہے، اتنی بڑی جماعت کو باہر رکھ کر الیکشن کی ساکھ متاثر کی جارہی ہے، ملک کو کیوں بے یقینی کی کیفیت میں دھکیلا جارہا ہے۔

تحریک انصاف رہنما نے کہا کہ جب تک سیاسی استحکام نہیں ہوگا معاشی صورتحال بہتر نہیں ہوسکتی، ہم نے ہر حوالے سے متبادل پلان بنا رکھے ہیں، اس ملک میں بدقسمتی سے اسکرپٹ ہمیشہ ایک ہی ہوتا ہے، پہلے بھی جنرل پرویز مشرف نے بینظیر بھٹو اور نواز شریف کیلئے مائنس ون فارمولا اپنایا تھا۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ سائیکل کی جگہ شیر اور پیپلز پارٹی نے تلوار کی جگہ تیر پر الیکشن لڑا تھا، اس ملک کے ساتھ کب تک فراڈ کیا جاتا رہے گا، بینظیر کیس میں سپریم کورٹ کہہ چکی ہے انٹراپارٹی الیکشن پر الیکشن کمیشن آف پاکستان ہیڈماسٹر نہیں ہے۔

کوپ 28 کانفرنس میں پاکستان کی چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کی خدمات لائق تحسین قرار

دبئی میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات پر قابو پانے سے متعلق منعقدہ سمٹ کوپ 28 ہوا جس میں صحت کی کیٹگری میں چائلڈ لائف فاؤنڈیشن نے پاکستان کا نام روشن کردیا۔ 

کوپ 28 کی صحت کی کیٹیگری میں ’’زید سسٹین ایبلٹی پرائز‘‘ کے لیے دنیا بھر سے 5 ہزار اداروں نے شمولیت اختیار کی جس میں صرف تین ممالک کے اداروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا جس میں پاکستان سے چائلڈ لائف فاؤنڈیشن شامل تھی۔ علاوہ ازیں دیگر دو ممالک میں فرانس اور انڈونیشیا کی مقامی تنظیم تھیں۔

کوپ 28 کی پُروقار تقریب میں چائلڈ لائف فاؤیشن کو حکومت کے ساتھ شراکت میں 200 ہسپتالوں میں ایمرجنسی رومز اور ٹیلی میڈیسن نیٹ ورک کے ذریعے بچوں کی ہنگامی دیکھ بھال کو بہتر بنانے میں اپنا حصہ ڈالنے کی وجہ سے صحت کے زمرے میں منتخب کیا گیا۔

اگرچہ چائلڈ لائف فاؤنڈیشن ’’زید سسٹین ایبلٹی پرائز‘‘ جیتنے میں ناکام رہی لیکن کوپ 28 میں اپنی نمایاں خدمات کی وجہ سے دنیا بھر کے رہنماؤں کی توجہ کا مرکز بنی اور کوپ 28 کے فورم پر پاکستان کا پرچم نمایاں ہوا۔

علاوہ ازیں کوپ 28 میں سینیٹر شیری رحمان نے بھی ذیلی اجلاس سے خطاب کیا تھا۔

شان کا گانا ‘ڈنکی‘ سے کیوں نکالا گیا؟ گلوکار کی وضاحت سامنے آگئی

 ممبئی: بھارتی گلوکار شان نے وضاحت دی ہے کہ ان کا گانا شاہ رخ خان کی نئی فلم ’ڈنکی‘ میں کیوں شامل نہیں کیا گیا۔ 

رواں برس کے آغاز میں بھارتی گلوکار نے مداحوں کو خبر دی تھی کہ فلم میں ان کا ایک رومانوی گانا موجود ہے جس میں شریا گھوشل نے ان کا ساتھ دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ایک نئی پوسٹ میں شان نے خبر دی ہے کہ ان کا گانا ’ڈنکی‘ میں شامل نہیں ہے کیوں کہ راج کمار ہیرانی نے اس کو فلم میں رکھنا مناسب نہیں سمجھا۔

انہوں نے لکھا کہ گانا ’دور کہیں دور‘ کی عکس بندی کشمیر میں کی گئی تھی لیکن فائنل کٹ میں ڈائریکٹر نے اسے فلم سے نکال دیا ہے۔

شان نے بتایا کہ گانے کو فلم سے نکالنے کے فیصلے پر راج کمار ہیرانی نے انہیں اعتماد میں رکھ کر مناسب طریقے سے وضاحت دی اور ممکن ہے ان کی کسی اور فلم میں یہ گانا شامل ہوجائے۔

سروے آ رہے ہیں اسوقت پیپلز پارٹی سب سے پسندیدہ جماعت ہے، شرجیل میمن

رہنما پیپلزپارٹی شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی لیڈرشپ کالے کرتوتوں کی وجہ سے جیل میں ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ 8 فروری کو الیکشن ہونے جارہے ہیں، پیپلز پارٹی شروع سے ہی الیکشن وقت پر کرانے کی بات کر رہی تھی، بلاول بھٹو نےمطالبہ کیاالیکشن میں تاخیر پر سمجھوتہ نہیں، جس کو مینڈیٹ ملے وہ عوام کے مسائل حل کرنے کی کوشش کرے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی لیڈر شپ کالے کرتوتوں کی وجہ سے جیل میں ہے، تحریک انصاف قیادت ملک اور اداروں کے خلاف سازشیں کر رہی تھی جب کہ ایک پارٹی وہ ہے جو صرف اپنے کیسزختم کرانے آئی ہے۔

پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ عوام کوکوئی انٹرسٹ نہیں کون جیل جا رہا ہے کس سے بدلہ لینا ہے، بلکہ عوام چاہتے ہیں کہ ہمیں مشکلات سے نکالا جائے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ یک لیڈرجیل میں ہےسہولت مانگ رہاہےکہ باہرجانےدیاجائے، ایک پارٹی کہتی ہےایٹم بم ہم نے دیا، سی پیک بھی ہم نے شروع کیا، شکرہے وہ پارٹی یہ نہیں کہتی کہ پاکستان بھی ہم نے بنایا.

پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے الیکشن جیتے گی، اسد قیصر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے دعویٰ کیا ہے کہ ہماری جماعت بھاری اکثریت سے الیکشن جیتے گی۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ کاغذات نامزدگی چھیننے کے واقعات سامنے آرہے ہیں، یہ الیکشن نہیں بلکہ سلیکشن پلس ہے۔

قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر نے کاغذات نامزدگی چھیننے کے واقعات کو جواز بناتے ہوئے سوال اٹھایا کہ اس وقت الیکشن کمشنر کا کیا کام ہے ؟

انھوں نے کہا کہ ہم قانون کے مطابق اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، ہمارا قانونی حق ہےکہ آزادی کے ساتھ الیکشن لڑیں، پاکستان کے بہتر مفاد میں ہےکہ شفاف الیکشن ہو۔