ایک دوسرے کو غدار کہہ کر ملک کیسے چلایا جاسکتا ہے، بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ایک دوسرے کو غدار کہہ کر ملک کیسے چلایا جاسکتا ہے ہمیں نفرت اور تقسیم کی سیاست کا خاتمہ کرنا ہوگا۔

حیدر آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اپنی ثقافت کا فروغ ہمارے لئے ضروری ہے،دنیا کے ساتھ چلنے کیلئے اپنی ثقافت کو اجاگر کرنا ہوگا، ہر صوبے کو اپنی ثقافت اور تاریخ کو اون کرنا ہوگا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کو ایک جدید ملک بنانا ہے، نوجوانوں کے ہاتھ سے اسلحہ لے کر قلم دینا ہوگا، دانشور اور نوجوان جاگ جائے تو ملک کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا، 2024 میں پاکستان کو اصلاحات کی ضرورت ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہماری بدقسمتی ہے کہ بڑے بڑے لیڈرز کو قتل کردیاگیا، ہمیں نفرت اور تقسیم کی سیاست کا خاتمہ کرنا ہوگا، ایک دوسرے کو غدار کہہ کر ملک کو کیسے چلایا جا سکتا ہے، ہر پاکستانی محب وطن پاکستانی ہے، اختلاف رائے رکھنا سب کاحق ہے، ذاتی دشمنی نہیں ہونی چاہئے، کچھ لوگ ہم میں نفرت اور تقسیم چاہتے ہیں، ہمیں مل کر تمام خطرات کا مقابلہ کرناہوگا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی سے سیاچن کی برف پگھل جائے گی، برف پگھلی تو پہلےسیلاب آئے گا اور پھر پیاس سے لوگ مریں گے، ہمیں اپنے مستقبل کی تیاری پہلے سے کرنی ہوگی، عوام میں آگاہی کیلئے مہم چلانی ہوگی، سندھ کے سیلاب متاثرین کے لئے گھروں کی تعمیر کا سلسلہ جاری ہے۔

پاک، ایران صدور کا رابطہ، غزہ میں انسانیت کیخلاف جرائم کے خاتمے پر زور

صدر مملکت ڈاکٹر عارف اور ان کے ایرانی ہم منصب ابراہیم رئیسی کے درمیان تیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔

عارف علوی اوران کے ایرانی ہم منصب ابراہیم رئیسی نے غزہ میں جاری قتل عام اور انسانیت کے خلاف جرائم کے خاتمے کے لیے اسلامی ممالک کی جانب سے مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

ایرانی صدر کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران ارف علوی نے غزہ سمیت مقبوضہ فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت اور قبضے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سنگین صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

صدر علوی نے جموں و کشمیر کے تنازع پر اصولی مؤقف اور فلسطینی نصب العین کی حمایت پر ایرانی قیادت کو سراہا۔ ٹیلیفونک گفتگو میں دونوں رہنماوں نے باہمی اقتصادی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ہو سکتا ہے کہ الیکشن کمیشن تاریخ کے بجائے شیڈول تبدیل کردے، خواجہ آصف

مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف 8 فروری کو عوامی عدالت میں جانے سے گھبرا رہی ہے، اور مظلومیت کی کہانی بیچنے کی کوشش کررہی ہے، ہو سکتا ہے کہ الیکشن کمیشن تاریخ کے بجائےشیڈول تبدیل کردے، اور کاغذات جمع کرانے کی تاریخ میں بھی توسیع ہوسکتی ہے۔

آج نیوز کے پروگرام ”فیصلہ آپ کا“ میں بات کرتے ہوئے ن لیگ کے سینئر رہنما خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ کل اپنے کاغذات نامزدگی جمع کراؤں گا، ہو سکتا ہے کہ الیکشن کمیشن تاریخ کے بجائےشیڈول تبدیل کردے، اور کاغذات جمع کرانے کی تاریخ میں بھی توسیع ہوسکتی ہے، انتخابات میں عوام کیلئے سازگار ماحول بنانا ہوگا، طاقت کا سر چشمہ پاکستانی عوام ہیں، ان کو حق رائے دہی استعمال کرنے کی اجازت ہونی چاہئے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے تمام معاملات بات چیت سے حل کرنے چاہیئں، بلوچستان کیلئے سیاسی جماعتوں کو کردار ادا کرنا چاہئے۔

پی ٹی آئی کے سابق رہنما عثمان ڈار ان کی والدہ کی جانب سے الزامات کے حوالے سے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ خاتون کی جانب سے الزامات کی تردید کرچکا ہوں، الیکشن سے قبل اس طرح کےالزامات لگائے جاتے ہیں، مجھ پر جو الزامات لگائے گئے میں اس کا سوچ بھی نہیں سکتا، الزامات لگانے والےعدالت سے رجوع کریں۔

لیگی رہنما نے کہا کہ وکلاء اور بار کونسلز بہت محترم اور متعبر ہیں، پاکستانی سیاست میں وکلاء کا کردار اہم رہا ہے، یہ لوگ مجھ سے زیادہ قانون کو سمجھتے ہیں، کسی آئینی عہدے پر بیٹھے شخص کا استعفیٰ مناسب نہیں، یہ سیاسی مطالبہ ہو سکتا ہے، قانونی اور آئینی نہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ الیکشن کو سازش کے تحت متنازع کیا جا رہا ہے، تحریک انصاف 8 فروری کو عوامی عدالت میں جانے سے گھبرا رہی ہے، اور مظلومیت کی کہانی بیچنے کی کوشش کررہی ہے، سابق امریکی صدر کو بغاوت کے الزام میں نااہل کر دیا گیا ہے، اب ڈونلڈ ٹرمپ اپنی سپریم کورٹ میں جا کر اپیل کریں گے، کیا 9 مئی کے واقعات کے خلاف کارروائی نہیں ہونی چاہئے، امریکا میں نااہلی ہو سکتی ہے تو یہاں کیوں نہیں۔

ن لیگ کے رہنما نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور میں میرے خلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی کی گئی، اور شفقت محمود نے پرانے ساتھ کا خیال نہ کیا اور پریس کانفرنس کی۔

لاہور میں تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری، مزید 60 افراد گرفتار، 30 دکانیں سیل

لاہورمیں تجاوزات مافیا کے خلاف گریند آپریشن دوسرے روز بھی جاری ہے۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر تجاوزات کے خلاف حکومتی مشینری حرکت میں ہے اور مختلف علاقوں میں کریک ڈاون کرکے مزید 60 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ نے پولیس کے ہمراہ آپریشن میں گرفتاریوں کے علاوہ 30 دکانوں کو سیل بھی کردیا۔

ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر کا کہنا ہے کہ تجاوزات مافیا کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مختلف علاقوں میں کریک ڈاون کے دوران 141 افراد کو گرفتار جب کہ 50 سے زائد پلازے اور دکانیں سیل کر دی گئی تھیں۔

فالج کے مریضوں کی دیکھ بھال کرنے والوں میں ڈپریشن عام

مشیگن، امریکا: حال ہی میں ہونے والی ایک تحقیق میں پایا گیا ہے فالج زدہ افراد کی دیکھ بھال کرنے والوں میں ذہنی تناؤ یا ڈپریشن کی کیفیات عام ہیں۔

نیورولوجی نامی میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ فالج زدہ افراد کی دیکھ بھال کرنے والے تقریباً 30 فیصد افراد مریض کی اسپتال سے چھٹی ہونے کے بعد پہلے سال کے دوران تناؤ اور جذباتی مسائل کا سامنا کرتے ہیں۔

مشی گن میڈیکل اسکول میں نیورولوجی، نیورو سرجری اور ایمرجنسی میڈیسن کے پروفیسر ڈاکٹر لیوس مورگنسٹارن کا کہنا تھا کہ ڈپریشن، اضطراب اور تناؤ بالخصوص ان خاندان کے افراد میں عام ہے جو اپنے شدید بیماری میں مبتلا عزیزوں کی زندگی اور موت کا فیصلہ کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بطور ڈاکٹر ہم عام طور پر اپنے مریضوں پر توجہ مرکوز کرتے ہیں جبکہ ہمیں مریضوں کی دیکھ بھال کرنے والوں کی صحت  پر بھی توجہ دینی چاہیے۔

ایک ہفتے کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر 13 کروڑ 80 لاکھ ڈالر مزید کم ہوگئے

  کراچی: ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 15دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں 13 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز مزید کم ہوگئے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جمعرات کو جاری ہونے والے اعدادوشمار کے مطابق 15دسمبر تک ملکی زرمبادلہ ذخائر کی مالیت گھٹ کر12.1ارب ڈالر ہوگئی۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک کے ذخائر کی مالیت میں 136ملین ڈالر کمی واقع ہوئی جس سے سرکاری ذرمبادلہ کے ذخائر کی مالیت بھی گھٹ کر 6.9ارب ڈالر ہوگئی۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق 15 دسمبر تک تجارتی بینکوں کے ذرمبادلہ کے ذخائر کی مالیت میں بھی 2ملین ڈالر کمی واقع ہوئی جس سے کمرشل بینکوں کے ذخائر کی مالیت بھی گھٹ کر 5.2ارب ڈالر ہوگئی۔

پی پی اور جے یو آئی کا سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر مذاکرات کا دوسرا دور آج ہوگا

جمعیت علمائے اسلام ف (جے یو آئی ف) اور پیپلز پارٹی کے درمیان خیبر پختونخوا میں سیٹ ایڈجسٹمنت کے معاملے پر مذاکرات کا دوسرا دور آج ہوگا۔

عوامی نیشنل پارٹی اور پیپلز پارٹی کے درمیان خیبر پختونخوا میں سیٹ ایڈجسمنٹ کے لیے مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔

ادھر جے یو آئی کا پی پی پی کے ساتھ صوبے میں سیٹ ایٹجسٹمنٹ پر مذکرات کے لیے دوسرا دور آج سے شروع ہوگا۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے اے این پی کے ساتھ مذکرات کے تین ادوار پہلے ہی مکمل ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پیپلز پارٹی کے وفد نے جمعیت علماء اسلام کے صوبائی سیکرٹریٹ کا رخ کیا۔ دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے آئندہ عام انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے مذاکرات کیے۔

قومی ترانے کے خالق حفیظ جالندھری کو بچھڑے 41 برس گزر گئے

 لاہور: قومی ترانے کےخالق حفیظ جالندھری کو اپنے پرستاروں سے جدا ہوئے41 برس گزر گئے۔

تفصیلات کے مطابق قومی ترانے کے بعد حفیظ جالندھری کا دوسرا بڑا کارنامہ شاہنامہ اسلام ہے،علمی و ادبی خدمات پر انہیں حکومت کی طرف سے ہلال امتیازسےبھی نوازا گیا۔

قومی ترانے کے خالق حفیظ جالندھری 14 جنوری 1900 کوجالندھر میں پیداہوئے، نامور شاعر کا ادب سے گہرا لگاؤ تھا۔ حفیظ جالندھری نےغزل اور نظموں کے ذریعے اپنی الگ پہچان بنائی اور غزل و نظموں کے میدان میں بھرپور کام کیا جبکہ متعدد شہرہ آفاق کتب بھی لکھیں۔

حفیظ جالندھری کےکلام پر ملکہ پکھراج نے آواز کا جادو جگایا اور ملک گیر شہرت حاصل کی۔ 1949 میں 723 شاعروں اور نغمہ نگاروں نے قومی ترانہ لکھنے کے مقابلے میں حصہ لیا، مقابلے میں حفیظ جالندھری کا لکھا ہوا قومی ترانہ منتخب ہوا ۔

ادبی اورفنی خدمات پرحفیظ جالندھری کوحکومت نے ہلال امتیاز سے نوازا گیا جبکہ انہیں شاعر پاکستان اور شاعر اسلام کےخطابات سے بھی دیے گئے۔ وہ 21 دسمبر 1982 کو 82 برس کی عمرمیں دار فانی سے رخصت ہو گئے تھے جس کے بعد انہیں گریٹر اقبال پارک میں مدفن ہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں ” ایکس” کی سروس ڈاؤن

سان فرانسسكو: پاکستان سمیت دنیا بھر میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ” ایکس”  کی سروس ڈاؤن ہوگئی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایکس(ٹوئٹر) کے صارفین کسی پوسٹ کو دیکھنا چاہیں تو کلک کرنے پر پوسٹ دکھائی نہ دینے کا پیغام یا سادہ صفحہ دکھائی دے رہا ہے۔

سوشل میڈیا صفحات پر ہیش ٹیگ ٹوئٹر ڈاؤن بھی ٹرینڈ کررہا ہے جس پر صارفین اپنے تجربات شئیر کررہے ہیں۔ ایکس کے ڈاؤن ہونے پر انتظامیہ کی جانب سے ابھی کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

آج 2023 کی طویل رات اور دن مختصر ترین ہوگا

  کراچی: آج رواں سال یعنی 2023 کی سب سے طویل ترین رات ہوگی جبکہ دن سب سے مختصر ہوگا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سردی کے موسم میں دن چھوٹے اور راتیں لمبی ہوجاتی ہیں، 21 اور 22 دسمبر کی درمیانی شب سال کی طویل ترین رات ہوگی جبکہ 21 دسمبر کے بعد سے راتیں مختصر اور دن طویل ہونا شروع ہوجائیں گے۔

آج کراچی میں طلوع آفتاب صبح 7 بج کر 12 منٹ پر ہوا جبکہ غروبِ آفتاب شام 5 بج کر 48 منٹ پر ہوگا یعنی دن کا دورانیہ 10 گھنٹے سے زائد پر مبنی ہوگا جبکہ رات 14 گھنٹے کی ہوگی۔

یہ موقع ہر سال دسمبر کے مہینے میں آتا ہے اور اس کی تاریخیں 20 سے 23 دسمبر تک کسی بھی دن ہوسکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات نے یہ بھی بتایا کہ 21 جون کو رواں سال کا طویل ترین دن اور مختصر ترین رات تھی۔

واضح رہے کہ وہ موقع جب شمالی نصف کرے اور سال کی طویل ترین رات ہو تو اسے فلکیات کی زبان میں ’’انقلابِ سرما‘‘ (winter solstice) یا ’’انقلابِ شمالی‘‘ (Northern solstice) بھی کہا جاتا ہے۔

اس حوالے سے ایک عام غلط فہمی یہ پائی جاتی ہے کہ انقلابِ سرما کے موقع پر زمین کا سورج سے فاصلہ سب سے زیادہ ہوتا ہے؛ ایسا نہیں ہوتا۔