عمران خان کیلئے چلہ کاٹا، اس کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا، شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے دوات کے نشان پر قومی اسمبلی کے دو حلقوں این اے 56 اور این اے57 سے الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نے الیکشن میں بھاری اکثریت سے جیت کا بھی دعویٰ کیا۔

اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ تین حلقوں سے الیکشن لڑنے کی خبر بے بنیاد ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے 8 فروری کو الیکشن کرانے کی تاریخ دی ہے، اب کوئی گنجائش نہیں رہی کہ انتخابات التوا کو شکار ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اللہ نہ کرے پی ٹی آئی کا سامنا ہو، پی ٹی آئی اور عمران خان کے لیے چلہ کاٹا ہے، قربانیاں دیں، میں نے اس کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے کسی کے خلاف کوئی پریس کانفرنس نہیں کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں اصلی اور نسلی ہوں، پی ٹی آئی کے ساتھ ڈٹا ہوا ہوں، پی ٹی آئی اور عوامی مسلم لیگ شروع سے اکٹھے ہیں، ہم نے کیا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرنی ہے۔

اس موقعے پر پرویزالٰہی نے بھی شیخ رشید کی حمایت کا اعلان کردیا، جس پر شیخ رشید نے کہا کہ میں پرویزالٰہی کا مشکور ہوں کہ انہوں نے میرا ساتھ دیا، خوشی ہے کہ پی ٹی آئی میرے ساتھ 56 اور 57 میں کھڑی ہے۔

لیول پلیئنگ فیلڈ کیلئے پی ٹی آئی کی سپریم کورٹ میں اہم درخواست

پی ٹی آئی نے 8 فروری کے عام انتخابات میں لیول پلیئنگ فیلڈ حاصل کرنے کیلئے جمعرات کو سپریم کورٹ میں اہم درخواست دائر کردی۔

یہ درخواست الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کے کچھ دیر بعد دائر کی گئی۔ اسی نوعیت کی ایک درخواست جمعرات کی صبح لاہور ہائیکورٹ میں بھی دائر کی گئی جس پر عدالت نے سماعت بھی کی۔

تاہم پی ٹی آئی حلقوں کے مطابق چونکہ ہائیکورٹس سے پارٹی کے حق میں حکم جاری ہونے کا امکان نہیں اس لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔

سپریم کورٹ میں درخواست چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے دائر کی۔ انہوں نے درخواست میں وفاق، الیکشن کمیشن اور چاروں حکومتوں کو فریق بنایا ہے۔

درخواست میں کہاگیا ہےکہ پی ٹی آئی کارکنوں کو ہراساں کرنے سے روکنے کے احکامات جاری کئے جائیں، پی ٹی آئی کو انتخابی عمل میں بلاتفریق شرکت کی اجازت کے احکامات دیئے جائیں۔

سپریم کورٹ میں درخواست ایڈووکیٹ شعیب شاہین کی وساطت سے دائر کی گئی۔

یہ درخواست آئین کے آرٹیکل 184(3) کے تحت دائر کی گئی ہے جو عوامی مفاد سے متعلق ہے۔

شعیب شاہین نے امیدواروں کو ہراساں کرنے کیخلاف اور لیول پلینگ فیلڈ مہیا نہ ہونے پر ھنعرات جو الیکشن کمیشن میں بھی درخواست دائر کی۔ درخواست دائر کرنے کے بعد شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ انہوں نے شواہد بھی جمع کرائے ہیں۔

بانی پی ٹی آئی کا انتخابات میں حصہ لینے کا راستہ بند، توشہ خانہ فیصلہ معطل کرنے کی درخواست مسترد

اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ فیصلہ معطل کرنے کی سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کردی، جس کے بعد عمران خان کا انتخابات میں حصہ لینے کا راستہ بند ہوگیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کا فیصلہ معطل کرنے درخواست پر محفوظ فیصلہ جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق توشہ خانہ فیصلہ معطل کرنے کی سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کردی گئی ہے۔

چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمور جہانگیری نے فیصلہ جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ قانون میں سزا معطلی کے آرڈر میں نظر ثانی یا ترمیم کی گنجائش نہیں، سپریم کورٹ کہہ چکی ہے سزا معطل ہوسکتی ہے فیصلہ نہیں، سپریم کورٹ واضح کر چکی ہے کہ سزا معطلی سے فیصلہ معطل نہیں ہوتا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے سزا معطلی کی درخواست میں فیصلہ معطل کرنے کی استدعا نہیں کی تھی۔

واضح رہے کہ سیشن کورٹ نے عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں سزا سنائی تھی۔ تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں بانی پی ٹی آئی کی قید اور جرمانے کی سزا معطل کردی گئی تھی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل بینچ نے فیصلہ جاری کیا، جس میں کہا گیا تھا کہ ٹرائل کورٹ کی جانب سے عمران خان کی تین سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا معطل کی جاتی ہے۔

سزا معطلی کے فیصلے میں سپریم کورٹ کے قائم علی شاہ کیس کا حوالہ بھی شامل کیا گیا اور کہا گیا کہ ٹرائل کورٹ نے الیکشن ایکٹ کے تحت الیکشن کمیشن کی کمپلینٹ پر سزا کا فیصلہ سنایا، سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے کہ ضروری نہیں ہر کیس میں سزا معطل ہو، سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ ضمانت دینا یا انکار کرنا ہائی کورٹ کی صوابدید ہے۔

سونے کی قیمت میں سیکڑوں روپے کی کمی

عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 05 ڈالر جب کہ پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 500 روپے کی کمی ہوئی۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 5 ڈالر کی کمی ہوئی جس کے بعد عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 2 ہزار 55 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔

دوسری جانب جمعرات کے روز مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمت میں بالترتیب 500 روپے اور 428 روپے کی معمولی کمی ہوئی۔

قیمتوں میں کمی کے نتیجے میں کراچی، حیدر آباد، ملتان، لاہور، پشاور، راولپنڈی، اسلام آباد، فیصل آباد اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت کم ہوکر 2 لاکھ 81 ہزار روپے اور 10گرام سونے کی قیمت گھٹنے کے بعد ایک لاکھ 86 ہزار 900 روپے ہوگئی۔

بی این اے کمانڈر کے ہتھیار ڈالنے پر مریم نواز کا آئی ایس آئی کو خراجِ تحسین

 لاہور: پاکستان مسلم لیگ(ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے آئی ایس آئی کو خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

انہوں نے ایکس پر لکھا کہ کالعدم بلوچ نیشنل آرمی (بی این اے) کے سابق کمانڈر سرفراز احمد بنگلزئی کا 70 ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہونا خوش آئیند اور لائق تحسین ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی دھارے میں شامل ہوکر آئینی و سیاسی اور جمہوری کردار ہی مسائل کا درست، طویل المدتی حل ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ گلزار امام شنبے کے بعد سرفراز بنگلزئی اور ان کے ساتھیوں کی قومی دھارے میں واپسی میں کردار ادا کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں۔ ہم سب آئی ایس آئی کو خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں.

امریکی سفیر فعال ہیں تاکہ الیکشن میں ایجنٹوں کو شکست نہ ہو، سراج الحق

 لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی، سینیٹ اور کابینہ میں 100 فیصد جاگیردار اور سرمایہ کار موجود ہیں۔

سراج الحق نے لاہور میں ریلوے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ داروں کے بنگلے اونچے ہوگئے مگر مزدور اپنے گھر سے بھی محروم ہے، میں خود ایک مزدور ہوں اور مزدور کا بیٹا ہوں، میں جانتا ہوں غریب کا دن کیسا گزرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ اور پی ٹی آئی ایک ہی نظام کے تحت چل رہے ہیں، یہ لوگ انگریز کے غلام ہیں ، ان لوگوں نے بینکوں سے قرضے لیکر اپنے بچوں کو صنعت کار بنایا، ، پاکستان میں پچاس گھرانے ملک کے تمام وسائل کو کنٹرول کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ فعال ہے، امریکی سفیر الیکشن کمشنر سے ملتے ہیں، خیبر پختون خوا اور پنجاب کے دورے کرتے ہیں تاکہ ان کے ایجنٹوں کو شکست نہ ہو اور کوئی انقلابی جماعت کامیاب نہ ہو۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ ریلوے کے نظام کو پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ اور پی ٹی آئی نے تباہ کیا، ریلوے کے مزدور کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے، جاگیرداروں، امریکی وفاداروں کی پارٹیوں کی حکومت میں مزدور ترقی نہیں کرے گا، ہر پاکستانی آئی ایم ایف کا مقروض ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ قومی اسمبلی، سینیٹ اور کابینہ میں 100 فیصد جاگیردار اور سرمایہ کار موجود ہیں، آٹا مافیا، پٹرول، شوگر مافیا صرف اپنے بارے میں سوچتے ہیں، جن لوگوں کو عوام اپنی بات سنانا چاہتے ہیں وہ اندھے اور بہرے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم وی آئی پی کلچر کا خاتمہ چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ معاشرے کے ہر طبقے میں غریب آدمی کو وی آئی پی کا درجہ ملے، جماعت اسلامی کی حکومت میں پیسہ غریبوں پر لگایا جائے گا۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ بلوچستان، سندھ کی ترقی کے راستے میں جاگیردار اور پنجاب کی ترقی کے راستے میں بدمعاش چوہدری رکاوٹ ہے، ہم 8 فروری کو ان ظالموں کا یوم حساب بنا دیں گے۔

چین کی سمندری حدود پر فلپائن کو سنگین نتائج کی دھمکی

بیجنگ: چین نے فلپائن کو خبردار کیا ہے کہ وہ جنوبی بحیرہ میں صورتحال کا ’غلط اندازہ‘ نہ لگائے اور بیرونی عناصر کی باتوں میں آکر کچھ ایسا نہ کرے جس کا خمیازہ صرف اسے بھگتنا پڑے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی جانب سے یہ دھمکی وزیر خارجہ وانگ ایی نے اپنے فلپائنی ہم منصب کو ٹیلی فون پر دی۔

چین کے وزیر خارجہ وانگ ایی نے فلپائنی ہم منصب سے کہا کہ پڑوسی ہونے کی وجہ سے ہمیں پیدا ہونے والے کسی بھی تنازع پر آپس میں بات کرلینی چاہیے اور میں سمجھتا ہوں کہ اس وقت موجودہ سمندری صورتحال کو سنبھالنا سب سے ضروری کام ہے۔

چینی وزیر خارجہ نے اپنے فلپائنی ہم منصب کو خبردار کیا کہ اگر آپ نے سمندری حدود سے متعلق صورتحال کا غلط اندازہ لگایا یا غیر ارادی طور پر بیرونی قوتوں سے ملی بھگت کی تو چین اپنے دفاع میں بھرپور جواب دے گا۔

وانگ ایی نے مزید کہا کہ چین اور فلپائن کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں سنگین مشکلات فلپائن کے پالیسی کو تبدیل کرنے اور وعدوں سے مکرنے کی وجہ سے آئیں۔

چین کے وزیر خارجہ نے فلپائن کو جلد از جلد پالیسی کو تبدیل کرکے “صحیح راستے پر واپس آنے” کا مشورہ بھی دیا۔

اس حوالے سے فلپائن کا مؤقف سامنے نہیں آیا۔

یاد رہے کہ چین اور تائیوان کا سمندر حدود کے حوالے سے تنازع کافی پرانا ہے۔ امریکا سمیت یورپی ممالک تائیوان کی ملکیت کو درست سمجھتے ہیں جب کہ روس چین کے ساتھ ہے اور فلپائن کا جھکاؤ بھی اب امریکا کی وجہ سے تائیواں کی جانب ہوتا جا رہا ہے۔

فلسطینیوں کی حمایت! عثمان خواجہ ایک مرتبہ پھر سرگرم ہوگئے

آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے اسرائیل کی غزہ میں مظلوم فلسطینیوں پر دہشتگردی کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کیلئے کرکٹ آسٹریلیا اور آئی سی سی کو باضابطہ درخواست دیدی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل اپنا پیغام پہنچانے کیلئے اجازت طلب کی ہے۔

پرتھ ٹیسٹ میچ کے دوران بھی عثمان خواجہ نے سیاہ پٹی باندھ کر میچ میں شرکت کی تھی اور احتجاج ریکارڈ کروایا تھا۔

قبل ازیں پریکٹس سیشن کے دوران فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرنے والے جوتے پہن کر فلسطینیوں کے حق میں نعرہ درج کیا تھا تاہم کرکٹ آسٹریلیا اور آئی سی سی نے انکے اقدام پر پابندی عائد کردی تھی۔

آئی سی سی نے قوانین کے قوائد و ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے عثمان خواجہ مبینہ سیاسی پیغام والے جوتے پہننے کی اجازت نہیں دی تھی جس پر کرکٹر نے سوشل میڈیا پر آئی سی سی کے فیصلے کیخلاف اپیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

خیال رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ کے دوران محمد رضوان نے فلسطینیوں کی حمایت کرتے ہوئے اپنا ایوارڈ بچوں اور بزرگوں کے نام کیا تھا جس پر بھارت اور اسرائیل نے ٹوئٹ ڈیلیٹ کرنے کا دباؤ ڈالا تھا تاہم کرکٹر ثابت قدم رہے تھے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ٹرک پر حملہ؛ بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کا خدشہ

سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ میں بھارتی فوج کے ٹرک پر نامعلوم مسلح افراد نے گھات لگا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں متعدد اہلکاروں کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ 

بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ میں بھارتی فوج کے ٹرک پر اس وقت حملہ کیا گیاجب یہ ٹرک اہلکاروں کو لے کر بیس کی جانب جا رہا تھا۔

اب تک ٹرک میں موجود بھارتی فوجیوں کی تعداد اور ان کی خیریت کے حوالے سے آگاہ نہیں کیا گیا۔ خبریں زیر گردش ہیں کہ بڑے پیمانے پر بھارتی فوجی مار گئے۔

مسلح افراد نے ٹرک کو چاروں طرف سے گھیر کر اتنا اچانک حملہ کیا کہ ٹرک میں موجود بھارتی فوجیوں کو سنبھلنے کا موقع نہیں مل سکا۔ حملہ آور کارروائی کے بعد بآسانی فرار ہوگئے۔

حملے کا شکار ہونے والے بھارتی فوجیوں کی مدد کے لیے مزید نفری طلب کرکے علاقے کا محاصرہ کرلیا گیا اور سرچ آپریشن کے نام پر اپنی ناکامیوں کا غصہ عام اور معصوم شہریوں پر اتارا جا رہا ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ابھی اطلاعات غیر مصدقہ ہیں اور تفصیلات کا انتظار ہے۔

یاد رہے کہ پلوامہ سمیت مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج پر حملوں میں مارے جانے والے اہلکاروں کی تعداد 100 سے زائد ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا لیول پلئینگ فیلڈ کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع

 اسلام آباد: چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے لیول پلئینگ فیلڈ کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔ 

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی جانب سے سپریم کورٹ میں آرٹیکل 184 کی شق تین کے تحت درخواست دائر کی گئی. درخواست میں وفاق، الیکشن کمیشن اور چاروں حکومتوں کو فریق بنایا گیا ہے.

درخواست میں موقف اختیار کیا کہ پی ٹی آئی کارکنوں کو ہراساں کرنے سے روکنے کے احکامات جاری کئے جائیں، پی ٹی آئی کو انتخابی عمل میں بلاتفریق شرکت کی اجازت کے احکامات دیئے جائیں۔