الیکشن کمیشن کے چاروں ممبران کا چیف الیکشن کمشنر پر اعتماد کا اظہار

اسلام آباد: الیکشن کمیشن کے چاروں ممبران نے چیف الیکشن کمشنر پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری بیان کے مطابق الیکشن کمیشن تمام فیصلے باہمی مشاورت اور قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مشترکہ طور پر کرتا ہے ۔ الیکشن کمیشن کے چاروں ممبران نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ پر غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

ارکان نے باور کروایا ہے کہ ابھی تک کے تمام فیصلے باہمی مشاورت سے ہوئے ہیں۔ تمام اضلاع کا سیٹوں کا کوٹہ بھی الیکشن کمیشن نے باہمی رضا مندی اور قانونی تقاضوں سے طے کیا۔

ترجمان کے مطابق حلقہ بندی کمیٹیوں نے ابتدائی حلقہ بندی کی اور پھر اعتراضات داخل ہونے کے بعد کمیشن نے ان پر فیصلے کئے ۔ ضلع حافظ آباد کے بارے میں اعتراضات کا فیصلہ بھی 5 ممبر بینچ نے مکمل ہم آہنگی سے کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان بار کونسل، سپریم کورٹ بار اور سندھ ہائیکورٹ بار نے چیف الیکشن کمشنر پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے حلقہ بندیوں پر اعتراض اٹھا دیے ہیں۔

پاکستان بار کونسل نے کہا ہے کہ ضلع ضلع حافظ آباد کی قومی اسمبلی کی دو نشستیں تھیں جو نئی حلقہ بندیوں کے بعد ایک رہ گئی ہے۔ جو کہ حلقہ بندیوں کو جان بوجھ کر تبدیل کرنے کے مترادف ہے۔

علیمہ خان اور بشریٰ بی بی کا الیکشن نہ لڑنے کا فیصلہ

اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی نے الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ میں صرف اپنے بھائی کا مقدمہ لڑوں گی، میں الیکشن نہیں لڑوں گی۔

صحافی نے سوال کیا کہ کیا ان کی کوئی اور بہن یا بشریٰ بی بی الیکشن میں حصہ لیں گی؟ جس پر انہوں نے واضح کیا کہ ہم میں سے کوئی بھی الیکشن نہیں لڑ رہا، ہم صرف بانی پی ٹی آئی کے کیسز کے لیے آتے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ بھٹو جیسا سلوک نہیں کیا جا سکتا۔
علمیہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے جیل میں بتایا تھا کہ اب نواز شریف نے اپنے 2 امپائر کھڑے کیے ہیں اور وہ اب کھلاڑیوں کو میدان میں ہی نہیں اترنے دے رہے۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن کا کہنا تھا کہ سائفر کیس مذاق کیس ہے، جتنی تیزی سے ٹرائل ہو رہا ہے خدشہ ہے 30 تک سزائے موت ہی نہ سنا دیں۔

عمران خان کیلئے چلہ کاٹا، اس کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا، شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے دوات کے نشان پر قومی اسمبلی کے دو حلقوں این اے 56 اور این اے57 سے الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نے الیکشن میں بھاری اکثریت سے جیت کا بھی دعویٰ کیا۔

اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ تین حلقوں سے الیکشن لڑنے کی خبر بے بنیاد ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے 8 فروری کو الیکشن کرانے کی تاریخ دی ہے، اب کوئی گنجائش نہیں رہی کہ انتخابات التوا کو شکار ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اللہ نہ کرے پی ٹی آئی کا سامنا ہو، پی ٹی آئی اور عمران خان کے لیے چلہ کاٹا ہے، قربانیاں دیں، میں نے اس کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے کسی کے خلاف کوئی پریس کانفرنس نہیں کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں اصلی اور نسلی ہوں، پی ٹی آئی کے ساتھ ڈٹا ہوا ہوں، پی ٹی آئی اور عوامی مسلم لیگ شروع سے اکٹھے ہیں، ہم نے کیا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرنی ہے۔

اس موقعے پر پرویزالٰہی نے بھی شیخ رشید کی حمایت کا اعلان کردیا، جس پر شیخ رشید نے کہا کہ میں پرویزالٰہی کا مشکور ہوں کہ انہوں نے میرا ساتھ دیا، خوشی ہے کہ پی ٹی آئی میرے ساتھ 56 اور 57 میں کھڑی ہے۔

ملک بھر کے بینک 3 دن بند رہیں گے

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے یومِ قائدِاعظم اور کرسمس کے موقع پر تعطیلات کا اعلان کردیا ہے۔ ملک بھر کے بینک 3 دن تک بند رہیں گے۔

حکومتِ پاکستان کے اعلان کے مطابق ملک بھر کے بینکس 25 دسمبر کو بند رہیں گے۔

اس کعلاوہ 23 اور 24 دسمبر کو بھی ہفتہ وار چھٹیوں کے باعث بینک بند رہیں گے۔

ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکرا کب ہوگا، متوقع تاریخ سامنے آگئی

پاکستان اور بھارت کا آئندہ برس امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے گروپ مرحلے میں ٹکرائے جانے کا امکان ہے۔

برطانوی اخبار ٹیلی گراف کے مطابق ورلڈ کپ 2024 کا پاک بھارت ٹکارا نیو یارک میں کھیلا جائے گا، امریکا جون میں ویسٹ انڈیز کے ساتھ ٹی 20 ورلڈ کپ کی مشترکہ میزبانی کر رہا ہے جس میں پاک بھارت ایک ہی گروپ میں شامل ہوں گے۔

یہ میچ نیو یارک کے مضافات میں واقع پاپ اپ اسٹیڈیم میں 9 جون کو کھیلا جائے گا۔ نیو یارک میں ٹورنامنٹ کے لیے 34 ہزار نشستوں پر مشتمل عارضی اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا۔

نیو یارک میں میچ اس لیے کھیلے جانے کی اطلاعات ہیں کیونکہ اعداد و شمار سے معلوم ہوا ہے کہ شہر میں تقریبا 7 لاکھ 11 ہزار بھارتی اور ایک لاکھ پاکستانی شہری مقیم ہیں۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے لیے امریکا میں صرف تین مقامات استعمال کیے جائیں گے اور ان میں فلوریڈا میں انٹرل برورڈ پارک، ٹیکساس کا گرینڈ پریری اسٹیڈیم اور مین ہٹن سے تقریبا 25 میل دور لانگ آئی لینڈ پر آئزن ہاور پارک شامل ہیں۔

جون میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں ون ڈے ورلڈ کپ چیمپیئن آسٹریلیا اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ چیمپیئن انگلینڈ کی ٹیمیں بھی ٹکرائٰیں گی۔ اس سے قبل 2010 میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو شکست دے کر ٹی 20 ورلڈ کپ جیتا تھا۔

واضح رہے کہ 9واں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں 4 سے 30 جون 2024 تک کھئیلا جائے گا۔

نوشین شاہ کو شادی نہ کرنے کا طعنہ مل گیا

لاہور: شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نوشین شاہ کو سوشل میڈیا صارف نے اب تک شادی نہ کرنے کا طعنہ دے دیا۔

رواں سال 2023 کے “برائیڈل کیٹیور وِیک” کا میلہ لاہور میں سج تھا جس میں پاکستان کی نامور شخصیات، ٹک ٹاکرز، یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا اسٹارز نے معروف فیشن ڈیزائنرز کے دلکش ملبوسات پہن کر ریمپ پر اپنے حُسن کے جلوے بکھیرے تھے۔

لاہور میں ہونے والے برائیڈل فیشن ویک میں نوشین شاہ، نیلم منیر، مہوش حیات، طوبیٰ انور، کنزہ ہاشمی، جویرہ سعود، ریشم، صبا قمر، آمنہ الیاس، دورفشان سلیم، لائبہ خان، حرا مانی، ربیکا خان، ایمان علی، زویا ناصر، مومل شیخ، کومل میر، صبا فیصل، فیروز خان، زاویار نعمان، عمران اشرف، مومن ثاقب، سبحان علی، احسن خان، فلک شبیر سمیت دیگر فنکاروں نے معروف ڈیزائنرز کے لیے ریمپ پر واک کی تھی۔

اس فیشن ویک میں اداکارہ نوشین شاہ نے معروف فیشن ڈیزائنر علی ذیشان کے عروسی لباس میں واک کرکے فیشن ویک کو چار چاند لگا دیئے تھے۔

نوشین شاہ کی عروسی لباس میں واک کو جہاں اُن کے مداحوں اور ساتھی اداکاروں نے سراہا تو وہیں اداکارہ کو بڑھتی عُمر کے باوجود شادی نہ کرنے کا طعنہ بھی مل گیا۔

سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر ایک صارف نے نوشین شاہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ “مجھے ان اداکاراؤں پر ترس آتا ہے، یہ بڑھتی عُمر کے باوجود بھی شادی نہیں کرتیں اورعروسی ملبوسات کو پہن کر صرف اُن کی نمائش ہی کرتی رہتی ہیں”۔

صارف کی تنقید اور طعنے کا جواب دیتے ہوئے نوشین شاہ نے غصے میں کہا کہ “جب ہم ایک دوسرے کو نہیں جانتے تو براہ کرم! آپ ہم پر ترس نہ کھائیں اور نہ ہی ہمارے لیے افسوس کریں”۔

نوشین شاہ نے مزید کہا کہ “کسی بھی انسان کی شادی ہونا یا نہ ہونا صرف اللہ کے ہاتھ میں ہے، اُسی نے ہمیں جوڑوں میں پیدا کیا ہے”۔

سائفر کیس کا ٹرائل فوری روکنے کی استدعا مسترد

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس میں ان کیمرہ ٹرائل کیخلاف بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر اٹارنی جنرل اور ایف آئی اے کو نوٹس جاری کر دیا۔ عدالت نے سائفر کیس کا ٹرائل فوری روکنے کی استدعا منظور نہیں کی۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے ریمارکس دیے اس معاملے پر اٹارنی جنرل کو سننا چاہتے ہیں۔ عدالت نے سائفر کیس ٹرائل مکمل کرنے کے لیے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے چار ہفتوں کی ڈیڈ لائن پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چار ہفتوں کا وقت تو ہم عام سے کیسز میں بھی نہیں دیتے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سائفر کیس کا ٹرائل ان کیمرا ڈیکلیئر کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

پٹیشنر کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا پراسکیوشن کی درخواست پر عدالت نے ٹرائل ان کیمرہ کرنے کا فیصلہ سنایا اور فیصلے میں لکھا کہ سائفر کیس کی کوریج پر بھی پابندی ہوگی کیونکہ عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ سے دوست ممالک کیساتھ تعلقات پر اثر پڑ سکتا ہے۔ میڈیا اور سوشل میڈیا پر بھی سائفر کیس کی کارروائی پبلش کرنے پر پابندی لگائی گئی ہے۔ ملزمان کے اہل خانہ کو ٹرائل میں بیٹھنے کی مشروط اجازت ہے لیکن انہیں بھی پابند بنایا گیا ہے کہ وہ عدالتی کارروائی سے متعلق بات نہیں کرسکتے۔

عدالت نے استفسار کیا اگر فرد جرم عائد ہوگئی ہے تو یہ بھی نہیں بتا سکتے کہ فرد جرم عائد ہو گئی ہے؟ وکیل نے کہا بالکل نہیں، انہیں پابند کیا ہے کہ وہ عدالتی کارروائی نہیں بتا سکتے۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا پراسیکیوشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عمران خان کے عمل نے سائفر سکیورٹی کو متاثر کیا۔انہوں نے یہ الزام تو لگایا مگر کوئی وضاحت نہیں کی گئی کہ سکیورٹی کیا تھی؟ متعلقہ حکام بتاتے ہیں کہ سائفر کے کوڈز ہر کچھ ماہ تبدیل ہوتے رہتے ہیں۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے استفسار کیا کہ کیا عدالت نے ان کیمرا پروسیڈنگ کی درخواست پر نوٹس جاری کیا تھا؟ ملزمان پر فرد جرم کب عائد ہوئی؟

عدالت نے کہا اس کیس میں ایک مسئلہ ہورہا ہے، ٹرائل کوئی وکیل کررہا ہے اور اپیلیں کوئی دوسرا وکیل۔ جس پر سلمان اکرم راجہ نے بتایا مسٹر پنجوتھہ یہاں ہیں یہ ٹرائل کررہے ہیں انہوں نے بتایا ہے 14 دسمبر کو فرد جرم عائد ہوئی۔ 13دسمبر کو ان کیمرہ کی درخواست پر 14 دسمبر کے لیے نوٹس ہوا تھا۔ ڈائریکشن کیس ہونے کے باعث ٹرائل کورٹ میں روزانہ کی بنیاد پر سماعت چل رہی ہے۔

عدالت نے پوچھا یہ ڈائریکشن کیس کیسے ہے؟

سلمان اکرم راجہ نے بتایا کہ شاہ محمود قریشی کی ضمانت مسترد کرتے ہوئے سنگل بینچ نے چار ہفتوں میں ٹرائل مکمل کرنے کی ڈائریکشن دی جس پر جج نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کیا واقعی یہ سچ ہے کہ چار ہفتوں کا وقت دیا گیا ہے؟ چار ہفتوں کا وقت تو ہم عام سے کیسز میں بھی نہیں دیتے۔ سلمان اکرم راجہ نے سائفر کیس کے ٹرائل پر حکم امتناع جاری کرنے کی استدعا کی

عدالت نے کہا کہ اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر رہے ہیں پہلے انہیں سن لیں۔ بعد میں سماعت کل تک کر دی گئی۔

چیف الیکشن کمشنر کے مستعفی ہونے سے انتخابات تاخیر کا شکار ہوں گے، بیرسٹر گوہر

پی ٹی آئی چئیرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ہمارے انٹرا پارٹی انتخابات پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔

پشاور ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد پی ٹی آئی چئیرمین بیرسٹر گوہر کی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ہمارا سرٹیفیکٹ جاری نہیں کیا،یہ خدشہ تھا کہ انتخابی نشان بلا کیا جا سکتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ہمارے انٹرا پارٹی انتخابات پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ چئیرمین شپ کا فیصلہ بڑا مشکل تھا، میں بانی چیئرمین کا نمائندہ ہوں، بانی چئیرمین کے باہر آتے ہی عہدے واپس کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں شکایات دینے والے پلانٹڈ لوگ ہیں، شکایت کنندہ پی ٹی آئی کا حصہ ہی نہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سے مستعفی ہونے کا مطالبے کی حمایت نہیں کرتے، الیکشن کمشنر کے مستعفی ہونے سے انتخابات تاخیر کا شکار ہوسکتے ہیں۔

چین کے ساتھ درآمد و برآمد کا کاروبار کرنے والوں کیلئے بڑی سہولت متعارف

نگراں وفاقی وزیر برائے خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے چین کے ساتھ درآمد اور برآمد کا کاروبار کرنے والوں کیلئے بڑی سہولت متعارف کرادی ہے۔ شمشاد اختر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ایگزم بینک کے آپریشن کا آغاز خوش آئند ہے۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شمشاد اختر کا کہنا تھا کہ ایکسپورٹ امپورٹ بینک پاکستان کا افتتاح اہم سنگ میل ہے، ایگزم بینک کے ذریعے سرمایہ کاری بڑھانے میں مدد ملے گی، بینک کے قیام سے درآمد اور برآمد کنندگان کو سہولت میسر آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایگزم بینک سے برآمد کنندگان کو اقتصادی تحفظ حاصل ہوگا، ایگزم بینک پاکستان کے مالیاتی ڈھانچے میں اہم کردار ادا کرے گا، بینک ایکسپورٹ کے فروغ اورپاکستانی ایکسپورٹرز کیلئے سہولت کاری میں معاون ہوگا۔

نگران وفاقی وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ بینک سے پاکستانی ایکسپورٹرز کو کریڈٹ انشورنس اور گارنٹی کی خدمات بھی میسر ہوں گی، ایگزم بینک ایکسپورٹرز کو تجارت، مالیات اور انشورنس کوریج فراہم کرے گا، بینک ایکسپورٹرز کی عدم ادائیگی کے خطرے سے بچانے میں معاون ہوگا،ایگزم بینک کی کامیابی ویتنام میں دیکھی جاسکتی ہے۔

پی ٹی آئی نے نئی انتخابی حکمت عملی کا اعلان کردیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے نئی انتخابی حکمت عملی کا اعلان کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ کارکنوں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بانی چئیرمین عمران خان نے ذیادہ سے ذیادہ کارکنان کو الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی ہدایت کی ہے تاکہ پارٹی کے پاس آپشنز موجود ہوں۔

ترجمان نے بتایا کہ پی ٹی آئی اگلے دوہفتوں میں ٹکٹس فائنل کرے گی۔

پی ٹی آئی کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ’بہتر ہے الیکشن عمل سے وابستہ کسی ماہر وکیل کی خدمات حاصل کر کے کاغذات اچھی طرح چیک کروا کر جمع کروائے جائیں‘۔

ترجمان پی ٹی آئی نے یاد دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کاغذات حاصل کرنے، جمع کروانے یا ان کی جانچ پڑتال کے لئے خود آپ کو جانا ضروری نہیں ہے۔ آپ وکیلوں کی ٹیم کو اس عمل کے لیے استعمال کریں۔

پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ہر حلقے سے متعدد مضبوط کورنگ امیدوار بھی کاغذات نامزدگی جمع کروائیں۔

ترجمان کے مطابق کاغذات نامزدگی حاصل اور جمع کرتے وقت یہ بتانا ضروری نہیں کہ آپ نے کس جماعت کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنا ہے۔

ساتھ ہی ہدایت کی گئی ہے کہ اثاثہ جات اور بنک قرض، ٹریولنگ ریکارڈ، ٹیکس ریکارڈ وغیرہ انتہائی احتیاط سے چیک کر کے کاغذات جمع کروائیں تاکہ کوئی کمی نہ رہے۔

مزید ہدایت کی گئی ہے کہ الیکشن کے طریقہ کار کے ماہرین اور حلقے کے اچھے اور ماہر وکلاء کو اپنی ٹیم کا لازمی جزو بنائیں۔