ارباز خان 24 دسمبر کو دوسری شادی کیلئے تیار، دلہنیا کون؟

ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار و فلمساز ارباز خان 24 دسمبر کو میک اپ آرٹسٹ شورہ خان سے شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ارباز خان اور اُن کی سابقہ گرل فرینڈ جارجیا اینڈریانی کے بریک اَپ کی خبروں کے بعد، اب یہ خبر سامنے آئی ہے کہ اداکار رواں ماہ 24 دسمبر کو میک اپ آرٹسٹ شورہ خان سے دوسری شادی کریں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ارباز خان اور شورہ خان کی شادی کی تقریب ممبئی میں منعقد ہوگی جس میں اس جوڑی کے چند قریبی دوست اور خاندان والے شرکت کریں گے۔
ارباز خان کی ہونے والی دلہنیا شورہ خان بالی ووڈ کی میک اپ آرٹسٹ ہیں، ان دونوں کی پہلی ملاقات نئی آنے والی فلم ‘پٹنہ شکلا’ کے سیٹ پر ہوئی تھی جہاں ارباز خان اور شورہ خان کی محبت کی کہانی کا آغاز ہوا۔

اس سے قبل ارباز خان کی سابقہ گرل فرینڈ جارجیا اینڈریانی نے اپنے بریک اَپ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اور ارباز خان بہت اچھے دوست ہیں اور ہمیشہ رہیں گے، اُن کے دل میں ہمیشہ اداکار کے لیے احساسات رہیں گے۔

جارجیا نے ملائکہ اروڑا سے متعلق زیرِ گردش خبروں پر وضاحت دیتے ہوئے کہا تھا کہ اُن کا اور ارباز خان کا بریک اَپ ملائکہ اروڑا کی وجہ سے نہیں ہوا بلکہ وہ اور ارباز شروعات سے ہی جانتے تھے کہ اُن کا رشتہ زیادہ عرصے تک نہیں چلے گا کیونکہ وہ دونوں ایک دوسرے سے بہت مختلف ہیں۔

واضح رہے کہ ارباز خان کی پہلی شادی دسمبر 1998 میں ملائکہ اروڑا سے ہوئی تھی، اُن کی پہلی شادی کامیاب نہ ہوسکی اور 19 سال بعد مئی 2017 میں دونوں میں طلاق ہوگئی تھی، اس جوڑی کا 21 سالہ بیٹا بھی ہے جس کا نام ارہان خان ہے۔

دکی میں باراتیوں کی بس الٹ گئی، 5 جاں بحق 8 زخمی

بلوچستان کی ضلع دکی کے علاقےغڑواس کے مقام پر گاڑی اُلٹ گئی۔ حادثے میں پانچ افراد جاں بحق جبکہ آٹھ زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق حادثے کا شکار گاڑی دکی سے بارات لے کر بارکھان جارہی تھی۔

جاں بحق افراد میں دو خواتین اور تین بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں زیادہ تر تین سال سے دس سال کے بچے شامل ہیں۔

لاشوں اورزخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول تک ان کیحمایت جاری رکھے گا، دفتر خارجہ

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت پر تشویش ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی جارحیت پر تشویش ہے اور اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔

ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیری بہن بھائیوں کے حق خود ارادیت کے حصول تک ان کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے نگراں وزیر خارجہ نے بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سے متعلق خطوط لکھے اور انہیں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات سے آگاہ کیا۔

دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے 166 ہندو یاتریوں کو ویزے جاری کیے، پاکستان ہندو اور سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتا ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ رواں ہفتے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کویت کا ایک روزہ دورہ کیا اور امیر کویت کے انتقال پر حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے اظہار تعزیت کیا۔

چیف الیکشن کمشنرکا نگراں وزیراعظم کے مشیراحد چیمہ کو آج ہی ہٹانے کا حکم

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے مشیر احد خان چیمہ کو آج ہی عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔

صاف شفاف الیکشنز کے لیے نگراں وزراء کو ہٹانے کے معاملے پر الیکشن کمیشن میں نگراں وزیر فواد حسن فواد کے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

درخواست گزار عزیز الدین کاکا خیل کمیشن کے سامنے پیش نہیں ہوئے جس پرالیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔

اس موقع پر وفاقی حکومت کے نمائندے الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے تو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے حکم دیا کہ احد چیمہ کو ہٹانے کا حکم دیا تھا، لہٰذا آج ہی عمل کروائیں۔

واضح رہے کہ دو روز قبل الیکشن کمیشن نے احد چیمہ کو فوری مشیر کے عہدے سے ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تھا کہ وہ عام انتخابات پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔

ڈیرہ اسماعیل خان حملے کے ماسٹر مائنڈ سمیت 9 دہشتگرد گرفتار

ڈیرہ اسماعیل خان حملے کے ماسٹر مائنڈ اور سہولت کاروں سمیت 9 دہشتگرد گرفتار کرلیے گئے۔ حملے میں ملوث ماسٹر مائنڈ کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ درابن سے جبکہ حملے میں ملوث 6 دہشتگردوں کا تعلق افغانستان سے ہے۔

سکیورٹی اداروں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کارروائی کرتے ہوئے ایک ہفتہ قبل سکیورٹی فورسز کے کمپاؤنڈ پر ہونے والے حملے کے ماسٹر مائنڈ اور 7 سہولت کاروں سمیت 9 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں خودکش حملہ کرنے والے دہشتگرد حسن عرف شاکر کا تعلق افغانستان سے ہے، جس نے حملے سے قبل ویڈیو بھی جاری کی تھی جبکہ حملے میں ہلاک دوسرے خودکش حملہ آور صفت اللہ مروت کا تعلق امارت اسلامی افغانستان سے ہے۔

وفاقی ٹیکس محتسب ایف بی آر کے خلاف کارروائی کرسکتے ہیں، صدرعارف علوی

صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ وفاقی ٹیکس محتسب (ایف ٹی او) کو از خود نوٹس کے تحت ایف بی آر کے کسی بھی عہدیدار کی مبینہ بدانتظامی کی تحقیقات شروع کرنے کا مکمل اختیار حاصل ہے۔

صدر علوی نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی طرف سے پیش کی جانے والی 6 دستاویزات مسترد کرتے ہوئے ٹیکس حکام کے خلاف تحقیقات سے متعلق وفاقی ٹیکس محتسب کے احکامات کی توثیق کردی ہے۔

بزنس ریکارڈر کی رپورٹ کے مطابق وفاقی ٹیکس محتسب نے ایف بی آر کو ہدایت کی ہے کہ 6 کیسز کے حوالے سے فوری تحقیقات کے نتائج سے متعلق وفاقی ٹیکس محتسب کے دفتر سے جاری معلومات کی روشنی میں اقدامات کرے۔

چیف کمشنر ایل ٹی او اسلام آباد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری اور بلا جواز تاخیر کے نتیجے میں وصولی میں کمی کا سبب بننے والے افسران کی شناخت اور نشاندہی کریں۔

ایف ٹی او سیکریٹریٹ کو شواہد کے ساتھ معلومات ملی تھیں کہ ایف بی آر کے حکام کی طرف سے مناسب فالو اپ نہ ہونے، بار بار تبادلوں اور دائرہ کار تبدیل کیے جانے سے مطلوب نتائج حاصل نہیں ہو پاتے۔ ایف ٹی او سیکریٹریٹ کی طرف سے تجزیے سے معلوم ہوا کہ ایف بی آر میں معقول ڈیٹا بیس اور ویب پورٹل سمیت تمام جدید طریقے اختیار کیے گئے ہیں تاہم ٹیکس وصولیوں کے لیے تعینات اور متحرک افسران سے جامع رابطوں اور ہم آہنگی کے حوالے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے۔

یہ بھی کہا گیا کہ ایف بی آر کے صدر دفتر اور دیگر فارمیشنز نے افسران کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لینے کے لیے جدید تری آئی ٹی سہولتوں کے تحت ٹریکنگ سسٹم وغیرہ کا اہتمام بھی نہیں کیا۔ بیشتر معاملات میں خاطر خواہ کارکردگی ممکن نہیں ہو پارہی۔

ایف بی آر نے رواں مالی سال کے ٹیکس اقدامات پر آئی ایم ایف کو پلان پیش کر دیا

ایف ٹی او سیکریٹریٹ کو یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ممکنہ ٹیکس چوری کے چند کیسز کے حوالے سے کی گئی تحقیقات کی رپورٹ اور کیس اسٹڈی کو ڈائریکٹریٹ نے تیار اور شیئر کیا جو ٹیکس بیس وسیع کرنے (بی ٹی بی) سے متعلق تھیں۔ قابلِ قدر معلومات دسمبر 2018 میں شیئر کی گئی تھیں تاکہ ٹیکس چوری کے خلاف اقدامات کیے جاسکیں تاہم متعلقہ افسران اپنے حصے کا کام موزوں طریقے سے نہ کرسکے۔

2019 میں ایف بی آر کی انتطامیہ نے راتوں رات بی ٹی بی سسٹم بند کردیا جس کے نتیجے میں اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں بی ٹی بی زون ختم ہوگئے۔ ڈائریکٹریٹ جنرل بی ٹی بی کا دفتر اضافی چارج کے ساتھ محض نمائشی حیثیت کا حامل بنادیا گیا۔ یوں ایک اہم اور موثرادارے کو ختم کرکے انتہائی کارآمد مواد اور معلومات کو اچانک ختم کردیا گیا۔

ایف ٹی او سیکریٹریٹ کے مطابق ایف بی آر کا یہ غیر ذمہ دارانہ رویہ واضح طور پر بدانتظامی، عدم توجہ، غفلت، تاخیر، نا اہلی اور عدم موزونیت کا عکاس ہے۔ غلطیوں سے پاک کیس تیار کرنے کے لیے ایف ٹی او سیکریٹریٹ نے متعلقہ کمپنیوں سے مجموعی وصولیوں کے بارے میں معلومات انٹرنیشنل ایڈ ٹرانسپیرنسی انشئیٹو سے حاصل کیں اور ان کا موازنہ ٹیکس ریٹرنز کے تحت ہونے والی وصولیوں سے کیا۔ تجزیے سے متعلقہ کاروباری اداروں کی طرف سے بڑے پیمانے پر ٹیکس چوری کا پتا چلا۔ تفصیلی تجزیہ محکمے کو بھیجا گیا تاکہ وصولیوں کے معاملات درست کیے جاسکیں۔ یہ بھی معلوم نہیں ہوسکا کہ بی ٹی بی کا دفتر بند کرنے کے بعد کیا پیش رفت ہوئی۔

ایف بی آر کو اپنے موقف کی وضاحت پر مبنی رپورٹ 90 دن کے اندر ایف ٹی او سیکریٹریٹ میں جمع کرانا ہوگی۔

غیر قانونی بھرتیوں کا کیس: پرویز الٰہی کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع

پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کردی گئی۔

لاہور کی مقامی عدالت کے جوڈیشل مجسٹریٹ عمران عابد نے سابق وزیراعلیٰ کے خلاف پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس کی سماعت کی۔

پرویزالٰہی کوجوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر لاہور کی ضلع کشہری پیش نہ کیا گیا تاہم جیل حکام نے ملزم کا ورانٹ عدالت میں پیش کیا۔

عدالت نے پرویز الٰہی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 جنوری 2023 تک توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

کچھ دن آگے پیچھے ہوسکتے ہیں لیکن الیکشن رکیں گے نہیں، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ ملک میں عام انتخابات مارچ سے پہلے ہوں گے۔

آرمی چیف نے واشنگٹن میں پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کی تقریب میں شرکت کی اور پاکستانی نژاد امریکیوں سے معیشت، دہشتگردی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زراعت سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

آرمی چیف نے پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو بھی سراہا۔   تقریب میں موجود پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیت طاہر جاوید نے امریکی نشریاتی ادارے ”وائس آف امریکا“ سے گفتگو میں بتایا کہ آرمی چیف نے کہا ’لاجسٹکس کی وجہ سے انتخابات کچھ دن آگے پیچھے ہوسکتے ہیں لیکن الیکشن رکیں گے نہیں اور ہر صورت سینٹ الیکشن سے پہلے ہوں گے‘۔

‏خیال رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کا جو شیڈول جاری کیا اس کے تحت ملک بھر میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو منعقد ہوں گے۔

جبکہ پاکستان میں سینیٹ کا اگلا الیکشن مارچ 2024 میں ہونا ہے۔

ٹی20 ورلڈکپ؛ پہلے میچ سے 178سال پرانی یاد تازہ ہوگی

لاہور: ٹی20 ورلڈکپ کا افتتاحی میچ 178 سال پرانی یاد تازہ کرے گا، 1844 میں تاریخ کا اولین انٹرنیشنل میچ کھیلنے والی امریکا اور کینیڈا کی ٹیمیں مقابل ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ آئندہ سال امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جائے گا، شیڈول کا اعلان رواں ہفتے ہی متوقع ہے۔ برطانوی اخبار کی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حیران کن طور پر افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ، بھارت اور آسٹریلیا سمیت فیورٹس میں شامل کوئی ٹیم ایکشن میں نہیں ہوگی۔

پہلا میچ امریکا اور کینیڈا کے مابین ہوگا، اس انوکھے فیصلے کی وجہ یہ بتائی گئی کہ انٹرنیشنل کرکٹ کا اولین مقابلہ بھی انھیں دونوں ٹیموں کے مابین 1844 میں مین ہیٹن میں ہوا تھا، اس 3 روزہ میچ میں کینیڈا نے 23 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی، پہلا ٹیسٹ میچ اس کے 33 سال بعد انگلینڈ اور آسٹریلیا نے کھیلا گیا تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایونٹ میں شریک 20 ٹیموں میں سے 10 اپنا پہلا میچ امریکا، باقی ویسٹ انڈیز میں کھیلیں گی، ٹیکساس، فلوریڈا اور نیویارک میزبان ہوں گے۔ سپر 8 مرحلہ، سیمی فائنلز اور فائنل ویسٹ انڈیز میں شیڈول کیے جائیں گے۔

بھارت کے 3 میچز امریکا میں ہونے ہیں، ان میں سے پاک بھارت ہائی وولٹیج مقابلہ لانگ آئی لینڈ میں بنائے جانے والے عارضی اسٹیڈیم پر ہوگا، براڈ کاسٹرز کی درخواست پر بھارت کے مقابلے صبح ساڑھے 9 بجے شروع ہوں گے تاکہ ایشیائی ناظرین کی بڑی تعداد انھیں دیکھ سکے۔

دوسری جانب انگلینڈ کے ویسٹ انڈیز میں میچز ایسی اینٹی گووا، سینٹ لوشیا اور بارباڈوس میں رکھے گئے ہیں، یہ تمام جزائر اپنے تفریحی مقامات اور سیروسیاحت کیلیے مشہور ہیں۔

یاد رہے کہ آخری ٹی20 ورلڈکپ 2022 میں ہوا تھا، آسٹریلیا میں منعقدہ ایونٹ کی ٹرافی انگلینڈ نے قبضے میں کی تھی، پاکستان کو فائنل میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

پاکستان میں کوئی نہیں ملا جو ہاتھی نما آدمی سے عشق کررہی ہیں؟

ممبئی: بالی ووڈ اداکار اور فلمی مبصر کمال راشد خان المعروف کے آر کے نے بھارتی گلوکار و ریپر آدتیہ پرتیک سنگھ سسودیا عرف بادشاہ کے ساتھ ڈیٹنگ کی زیرِ گردش خبروں پر پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر سے سوال کرلیا۔

سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر کمال راشد خان کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ بھارتی ریپر بادشاہ کی جسامت کا مذاق اُڑا رہے ہیں اور ہانیہ عامر سے سوال بھی کررہے ہیں کہ اُنہیں ڈیٹ کرنے کے لیے بادشاہ کے علاوہ کوئی اور لڑکا نہیں ملا؟

کمال راشد خان نے اپنی ویڈیو میں بھارتی ریپر بادشاہ کو ہاتھی کا بچہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ “آج کی تاریخ کی تازہ ترین خبر یہ ہے کہ اس ہاتھی نما گلوکار (بادشاہ) کے سر پر عشق کا بھوت سوار ہے”۔

اداکار نے کہا کہ “اس ہاتھی نما آدمی (بادشاہ) کو پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر سے عشق ہوگیا ہے اور یہ ہانیہ سے ملنے کے لیے کبھی دبئی جاتا ہے تو کبھی ویڈیو کال پر بات کرتا ہے اور قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ بادشاہ دنیا کو بھی بتاتا ہے کہ آج میں نے ہانیہ سے انسٹاگرام پر بات کی”۔

اُنہوں نے ہانیہ عامر سے سوال کیا کہ “آپ کو عشق کرنے کے لیے اس ہاتھی نما آدمی کے علاوہ کوئی اور نہیں ملا؟ کیا پاکستان میں لڑکے مرگئے ہیں جو آپ اس ہاتھی نما آدمی سے عشق کررہی ہیں؟”

کمال راشد خان نے مزید کہا کہ “ہانیہ عامر جی! کچھ تو خیال کریں، کچھ تو خوف کریں، یہ بادشاہ حد سے زیادہ کھاتا ہے اور یہ ٹھیک سے چل بھی نہیں سکتا”۔