غزہ؛ شہدا کی تعداد 20 ہزار ہوگئی، اقوام متحدہ کی قرارداد پر ووٹنگ پھرموخر

غزہ: اسرائیل کے 7 اکتوبر سے غزہ پر جاری وحشیانہ حملوں میں فلسطینی شہدا کی تعداد 20 ہزار ہوگئی۔

فلسطینی وزارت صحت کے حکام کے مطابق غزہ پر اسرائیل کی مسلسل بمباری سے اب تک 8 ہزار بچوں اور 6 ہزار 200 خواتین سمیت 20 ہزار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ پر اسرائیل کے حملے جاری ہیں۔ جبالیہ کے پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی بمباری سے ایک روز میں 46 افراد شہید ہوگئے۔ اسرائیلی کی وحشیانہ کارروائیوں کے باعث 66 فیصد فلسطینی اپنے روزگار سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
دوسری جانب غزہ میں انسانی بنیادوں پر امدادی سامان کی فراہمی سے متعلق اقوام متحدہ میں پیش کی گئی قرار داد پر ووٹنگ تیسری مرتبہ ملتوی کردی گئی۔

قرارداد پر ووٹنگ امریکا کی جانب سے اسرائیل کے حق میں قرارداد کو ویٹو کرنے کے خدشے کے پیش نظر ملتوی کی گئی۔

الیکشن کمیشن نے اے این پی انٹرا پارٹی انتخابات کیس پر فیصلہ محفوظ کرلیا

اسلام آباد: اے این پی انٹرا پارٹی انتخابات کے کیس پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔

عوامی نیشنل پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے 5 رکنی کمیشن نے کی۔ اس موقع پر اے این پی کے صدر اسفندیار ولی موجود تھے جب کہ ڈی جی پولیٹیکل فنانس ونگ مسعود شیرانی نے کمیشن کو اے این پی انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق بریفنگ دی۔

وکیل نے بتایا کہ ہمیں کہا گیا 6 ماہ دیتے ہیں، اگر 6 ماہ میں مکمل نہیں ہوسکا تو دوبارہ انتخابات کرائے جائیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ انٹرا پارٹی انتخابات کیوں نہیں کرائے، ایسی صورتحال میں آپ کو انتخابی نشان الاٹ نہیں کیا جائے گا، آپ الیکشن میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
الیکشن کمیشن حکام نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے التوا مانگا ہے۔ یکم مئی 2024 کو پانچ سال پورے ہوجائیں گے۔ وکیل اے این پی نے کہا کہ آئین کہتا ہے کہ 4 سال کے لیے عہدے ہوں گے لیکن انتخابات کی صورت میں کابینہ کام کرتی رہے گی ۔ 6 مہینوں میں تو یہ کنفیوژن رہی کہ انتخابات ہورہے ہیں یا نہیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ جس طرح آپ بات کررہے ہیں اس کا مطلب الیکشن کی ضرورت ہی نہیں ہے۔یہ کیا بات ہے کہ عام انتخابات ہوں گے یا نہیں اس سے آپ کی پارٹی انتخابات کا کیا تعلق ہے؟ 5 سال بعد تو کمیشن کی اتھارٹی ہی نہیں ہے۔

اسفند یار ولی نے کہا کہ اس موقع پر یہی درخواست کی جاتی ہے کہ 6 ماہ کا وقت دے دیا جائے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ کے دلائل سن لیے ہیں، یہ نہ سمجھیں کہ ایکسٹینڈ کردیا ہے۔ بعد ازاں الیکشن کمیشن نے اے این پی انٹرا پارٹی انتخابات پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

بابر، رضوان کو کس نے آرام کروانے کا کہا؟ ٹیم ڈائریکٹر کا بیان سامنے آگیا

قومی ٹیم کے ڈائریکٹر نے سابق کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچز میں آرام دینے کی بات پر محمد حفیظ کا موقف سامنے آگیا۔

ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ محمد رضوان اور بابراعظم نیوزی لینڈ میں ٹی20 میچز کھیلیں گے، مشکل سیریز کے دوران سینئیرز کو ہر گز آرام نہیں کرواسکتے۔

انہوں نے سلیکشن کمیٹی پر واضح کیا کہ دورہ نیوزی لینڈ کے دوران سینئیرز اور جونئیرز کے کمبینیشن کے ساتھ میدان میں اتریں گے تاکہ ورلڈکپ سے قبل ٹیم ردھم میں آجائے۔

محمد حفیظ نے سلیکشن کمیٹی کی میٹنگ میں محمد رضوان اور بابر اعظم کو آرام دینے کی بات بھی رد کرتے ہوئے کہا کہ نئے کھلاڑیوں کو مواقع دینے کے بعد ڈراپ نہیں کریں گے۔

قبل ازیں گزشتہ دنوں چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے کیویز کے خلاف ٹی20 سیریز میں تجربات کرنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں صاحبزادہ فرحان بطور اوپنر کھیلتے رہے ہیں، اگر وہ دورہ نیوزی لینڈ کے دوران اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہیں تو وہ اوپن کرسکتے ہیں۔

جس سے تاثر جارہا تھا کہ بابراعظم کو دورہ نیوزی لینڈ کے دوران آرام کروایا جاسکتا ہے تاہم ٹیم ڈائریکٹر نے موقف واضح کیا۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں ” ایکس” کی سروس ڈاؤن

سان فرانسسكو: پاکستان سمیت دنیا بھر میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ” ایکس” کی سروس ڈاؤن ہوگئی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایکس(ٹوئٹر) کے صارفین کسی پوسٹ کو دیکھنا چاہیں تو کلک کرنے پر پوسٹ دکھائی نہ دینے کا پیغام یا سادہ صفحہ دکھائی دے رہا ہے۔

سوشل میڈیا صفحات پر ہیش ٹیگ ٹوئٹر ڈاؤن بھی ٹرینڈ کررہا ہے جس پر صارفین اپنے تجربات شئیر کررہے ہیں۔ ایکس کے ڈاؤن ہونے پر انتظامیہ کی جانب سے ابھی کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

خرم شہزاد آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر

آسٹریلیا کے خلاف پرتھ ٹیسٹ کیلئے میلبرن میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کو ایک اور جھٹکا لگا ہے، فاسٹ باؤلر خرم شہزاد آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔

گزشتہ روز پی سی بی نے بتایا تھا کہ خرم شہزاد انجری کا شکار ہوئے ہیں اور ان کا ایم آر آئی کرایا گیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق فاسٹ باؤلر پسلی میں فریکچر کے باعث ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوئے، انہیں پہلے ٹیسٹ کے دوران بائیں پسلی میں تکلیف کی شکایت کی تھی۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی اسپیشلسٹ سے کنسلٹ کرنے کے بعد آئندہ کا پلان طے کرے گا۔

فاسٹ باؤلر کا این سی اے میں ری ہیب شروع کیا جائے گا۔

دوسری جانب پاکستان ٹیم نےایم سی جی میں کمرکس لی ہے، کھلاڑیوں نےفزیکل ٹریننگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کیں۔

قومی کرکٹرز نے نیٹس میں بیٹنگ اور بالنگ کی جم کر پریکٹس کی۔

دوسرا ٹیسٹ 26 دسمبر کو باکسنگ ڈے پر شروع ہوگا۔

لیمینیشن پیپرز کی دستیابی، پاسپورٹ کا اجراء معمول پر آگیا

اسپورٹ کے اجراء میں تاخیر کے معاملے میں اہم پیشرف سامنے آئی ہے، امیگریشن اور پاسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لیمینیشن پیپرز کا بندوبست کر لیا گیا ہے، جس کے بعد پاسپورٹ کا اجراء معمول پر آگیا ہے۔

ڈائریکٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس (ڈی جی آئی پی) کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس مصطفیٰ جمال قاضی کی خصوصی کاوشوں کی بدولت پاسپورٹ کی پرنٹنگ کے عمل کو بہتر بنا دیا گیا ہے۔ پاسپورٹ کی پرنٹنگ کے لئے درکار لیمینیشن پیپر کا وافر مقدار کا بندوبست کر لیا گیا ہے اور اب پاسپورٹ کی پرنٹنگ کا عمل معمول کے مطابق جاری ہے۔‘

بیان میں کہا گیا کہ ’فاسٹ ٹریک کیٹیگری میں جمع شدہ تمام درخواستیں تین کاروباری دنوں میں اور ارجنٹ پاسپورٹ کیٹگری میں جمع شدہ تمام درخواستیں پانچ کاروباری دنوں میں پرنٹ کی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ نارمل پاسپورٹ ایک ماہ کے اندر پرنٹ کئے جارہے ہیں۔‘

ترجمان کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ کی پرنٹنگ میں تاخیر کے حوالے سے بے بنیاد خبروں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں اور انہیں نظر انداز کیا جائے۔

نواز شریف کے کاغذات نامزدگی آج جمع کئے جانے کا امکان، مانسہرہ سے الیکشن لڑیں گے

عام انتخابات 2024 کے لیے الیکشن پروگرام کا دوسرا مرحلہ شروع ہوچکا ہے جس کے تحت کاغذات نامزدگی وصول کرنے اور جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔

اسلام آباد کی تین نشستوں پر مجموعی طور پر 345 نامزدگی فارم جاری ہو چکے ہیں، راولپنڈی کے سات حلقوں کے لیے 415 سے زائد فارم کا اجراء کیا گیا ہے۔

جمعرات کو جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان فیصل کریم کنڈی نے این اے 44 کیلئے کاغذات نامزدگی حاصل کئے۔

ن لیگی رہنما کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف کے کاغذات نامزدگی آج جمع کئے جانے کا امکان ہے۔

کیپٹن صفدر نے کہا کہ اگلے وزیر اعظم نواز شریف ہوں گے اور مانسہرہ سے ہوں گے، نوازشریف مانسہرہ کے حلقہ این اے 15 سے الیکشن لڑیں گے۔

دیر بالا کی خاتون رہنما حمیدہ شاہد نے بھی پی کے 11 کے لیے کاغذات نامزدگی حاصل کیے۔ حمیدہ شاہد دیربالا کی پہلی خاتون ہیں جو دوسری مرتبہ جنرل الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں،ی حمیدہ شاہد 2018 میں پی ٹی ائی کی امیدوار تھیں۔

حمیدہ شاہ نے کہا کہ پارٹی قائدین نے اعتماد کیا اور ٹکٹ دیا تو بھر پور کوشش کروں گی۔

صوبائی اسمبلی کی جنرل نشت پر پیپلز پارٹی کی دینا ناز نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔ پی ٹی آئی کی شبینہ گل نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔

اب تک 219 ریزرو سیٹوں پر خواتین کے کاغذات جاری کیے گئے ہیں، اقلیتی سیٹوں کے لیے 93 کاغذات نامزدگی جاری کیے گئے۔

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران (ڈی آر اوز) 20 دسمبر سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں.گزشتہ روز متعدد سیاسی رہنماؤں نے کاغذات نامزدگی وصول کیے اور جمع کرائے۔

امیدوار 22 دسمبر تک کاغذات نامزدگی جمع کروا سکتے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کی ابتدائی فہرست 23 دسمبر کو جاری ہوگی، کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی 24 سے 30 دسمبر تک ہوگی، جبکہ 13 جنوری کو امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔

عام انتخابات کے لیے پولنگ 8 فروری کو ہوگی۔

گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن معطل

سندھ ہائیکورٹ نے سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کی جانب سے جاری کیا گیا قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن معطل کردیا۔

جمعرات کو سندھ ہائیکورٹ میں ٹیکسٹائل صنعت کیلئے گیس کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

عدالت نے ایس ایس جی سی کی جانب سے جاری گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن معطل کرتے ہوئے کہا کہ معطلی کا اطلاق صرف درخواست گزاروں پر ہوگا۔

عدالت نے ایس ایس جی سی اور وفاقی حکومت کو نوٹسز جاری کر دیے۔

عدالت نے ہدایت کی کہ ٹیکسٹائل صنعتیں اضافی بل ناظر سندھ ہائیکورٹ کے پاس جمع کرائیں۔ حکم امتناع ان کیلئے ہے جو 7 روز میں بلز ناظر کے پاس جمع کرائیں گے۔

عدالت نے کہا کہ بلز ناظر کے پاس جمع نہیں کرائے تو حکم امتناع ختم ہوجائے گا۔

عدالت نے کہا کہ جب تک فیصلہ نہیں ہوتا رقم سندھ ہائیکورٹ کے پاس جمع رہے گی۔

عدالت نے درخواست گزاروں کو ہدایت کی کہ اضافے سے پہلے والے ٹیرف کے مطابق بل ادا کرتے رہیں۔

ڈی ایس پی بننے کے بعد شاداب کیا کرنا چاہتے ہیں

پنجاب پولیس کا حصہ بننے بننے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان نے نئی نسل کو پیٖغام دیا ہے کہ ملک کی خدمت کیلئے سرکاری محکمہ جوائن کریں۔

کرکٹر کو گزشتہ روز پنجاب پولیس نے برینڈ ایمبیسیڈر قرر کیا تھا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات میں انہیں آئی جی اور ایڈیشنل آئی جی پنجاب نے اعزازی ڈی ایس پی کے رینک لگائے۔ شاداب پنجاب پولیس کی وردی میں ملبوس تھے۔

یہ اعزازحاصل کرنے والے کرکٹر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ، ’ آئی جی پنجاب اور محکمے نے مجھے اعزازی ڈی ایس پی بنایا، ایک مختلف طریقے سے خدمت کرنے کی اجازت پر فخر ہے۔’

کرکٹر نے اپنی پوسٹ میں واضح کیا کہ، ’ ہم تبدیلی کی بات کرتے ہیں، آئیے وہ تبدیلی دیکھیں جو ہم دیکھنا چاہتے ہیں۔ میں اپنی اگلی نسل کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں کہ اگر ممکن ہو تو ملک کی خدمت کرنے کے لئے سرکاری شعبے میں شامل ہوں۔’۔

شاداب خان نے اعزازی ڈی ایس پی مقرر ہونے پر آئی جی پنجاب کو سلیوٹ بھی کیا تھا۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کی طرف سے برینڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا جانا میرے لیے اعزاز اور بہت خُوش کن ہے، کبھی سوچا نہیں تھا کہ پنجاب پولیس کا حصہ بنوں گا۔

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں آج بھی مندی کا سلسلہ جاری

کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بھی پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں مندی کا سلسلہ جاری ہے۔

جمعرات کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا آغاز مثبت ہوا، لیکن کچھ دیر بعد ہی 100 انڈیکس 100 پوائنٹس کمی کے ساتھ 62 ہزار 200 پر آگیا۔

دورانِ کاروبار 100 انڈیکس میں گراوٹ کا سلسلہ برقرار رہا اور 450 سے زائد پوائنٹس مزید کم ہونے کے بعد انڈیکس 61 ہزار 900 پر آگیا۔

گزشتہ روز کاروبار کے آغاز میں 100 انڈیکس 400 پوائنٹس اضافے سے 63 ہزار 200 پر جا پہنچا۔ تاہم پہلے سیشن کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس ایک دم 822 پوائنٹس مزید گرکر کل کی سطح سے بھی نیچے آگیا۔

کاروبار کے دوران 100 انڈیکس 822 پوائنٹس کمی کے بعد 62 ہزار 10 پوائنٹس پر آگیا، تاہم کاروبار کے اختتام پر 100انڈیکس میں 385 پوائنٹس کمی کے ساتھ 62 ہزار 448 پوائنٹس پر بند ہوگیا۔