ہمارے امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھینے جارہے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی

 راولپنڈی: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر  گوہر خان نے کہا ہے کہ ہمارے امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھینے جا رہے ہیں۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کا اعلان ہوچکا ہے، ہم چاہتے ہیں الیکشن وقت پر ہوں۔ اڈیالہ جیل میں شاہ محمود قریشی کے سیکرٹری سے ان کے کاغذات نامزدگی چھینے گئے ہیں۔ اگر لوگوں سے کاغذات نامزدگی چھینے گئے تو صاف و شفاف الیکشن کا تاثر ختم ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے کل کاغذات نامزدگی دستخط کرائیں گے۔ مجھے آج جیل میں سادہ کاغذ لے جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ الیکشن کمیشن یقینی بنائے کہ الیکشن صاف و شفاف ہوں گے۔ بانی پی ٹی آئی میانوالی، لاہور اور اسلام آباد سے الیکشن لڑیں گے۔

بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف امپائر کے ساتھ ہمیشہ مل کر ساتھ کھیلتے ہیں، اس بار ہمارے امیدواروں کو میدان میں ہی اترنے نہیں دیا جارہا۔ ہمارا ہمیشہ مطالبہ رہا ہے کہ الیکشن وقت پر ہوں۔ ہم نہیں چاہتے کہ اس وقت الیکشن کمشنر کو ہٹایا جائے نہ ہمارا یہ مطالبہ ہے۔ہمیں خدشہ ہے کہ اگر ہمارے لوگوں کو روکا گیا تو حالات خراب ہو جائیں گے۔ ہم نہیں چاہتے حالات خراب ہوں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ ٹکٹوں کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی سے مشاورت چل رہی ہے، اس میں مزید وقت بھی لگ سکتا ہے۔

دریں اثنا بیرسٹر علی ظفر نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کچھ پیغامات عوام تک پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔ پورے پاکستان سے افسوس ناک خبریں آرہی ہیں۔ جہاں جہاں سے ہمارے امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کرانے جارہے ہیں ان سے کاغذات چھینے جارہے ہیں۔ ہم نے فیصلہ کیا ہے اس معاملے پر عدالتوں میں جائیں۔امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھیننا فری اینڈ فیئر الیکشن کی عکاسی نہیں ہے۔

بیرسٹر علی ظفر کے مطابق ہم الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ الیکشن سے ہی ملک میں استحکام ممکن ہیں۔ اگر پی ٹی آئی کو بلے کو نشان نہیں دیا گیا اسے جمہوریت کو نقصان پہنچے گا۔ الیکشن کمیشن سے استدعا ہے کہ پی ٹی آئی کے انتخابی نشان پر فیصلہ کیا جائے۔ توشہ خانہ کیس کا فیصلہ بھی اسلام آباد ہائی کورٹ سے جلد آنا ہے۔ امید ہے ہمیں عدالتوں سے انصاف ملے گا۔

آئی سی سی رینکنگ؛ بابراعظم نے شبمن گل سے بادشاہت چھین لی

آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں سابق کپتان بابراعظم نے بھارتی بیٹر شبمن گل سے پہلی پوزیشن چھین لی۔

بھارت میں شیڈول ورلڈکپ کے دوران بھارتی بیٹر نے بابراعظم کی پہلی پوزیشن پر قبضہ جمایا تھا تاہم وہ زیادہ بادشاہت برقرار رکھنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔

آئی سی سی کے مطابق ون ڈے کے بیٹرز رینکنگ میں بابراعظم 824 پوائنٹس کے ہمراہ ایک مرتبہ پھر پہلی پوزیشن پر قابض ہوگئے ہیں جبکہ بھارتی اوپنر شبمن گل 810 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ تیسری اور چوتھی پوزیشنز پر بھی بھارتی بلےبازوں کا قبضہ ہے۔

ویرات کوہلی 775 پوائنٹس کے ساتھ تیسری جبکہ روہت شرما 754 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر براجمان ہیں۔

بابراعظم کے علاوہ کوئی پاکستان بیٹر ٹاپ 10 میں شامل نہیں البتہ فخر زمان 14ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

اس وقت حلقہ بندیوں کا معاملہ دیکھا تو کارکنان اور ووٹرز کے حقوق متاثر ہونگے، سپریم کورٹ

 اسلام آباد: سپریم کورٹ نے حلقہ بندیوں کے خلاف سماعت سے انکار کرتے ہوئے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ اگر اس وقت حلقہ بندی کا معاملہ دیکھا تو مقدمے بازی کا سیلاب امڈ آئے گا جس سے انتخابی شیڈول متاثر ہوگا، سیاسی کارکنان اور ووٹرز کے بنیادی حقوق متاثر ہوں گے اور ہم انتخابات میں تاخیر نہیں چاہتے۔

یہ فیصلہ سپریم کورٹ کے جج جسٹس مںصور علی شاہ نے تحریر کیا جسے سپریم کورٹ نے آج جاری کیا ہے۔ جج نے یہ فیصلہ بلوچستان کے دو اضلاع ژوب اور شیرانی میں حلقہ بندیوں کے خلاف درخواست پر دیا ہے۔

فیصلہ جسٹس منصور علی شاہ نے تحریر کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آئین میں ایک جج کا کردار جمہوریت اور آئین کے محافظ کا ہے، باقاعدگی کے آزادانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد سے ہی جمہوریت برقرار رہتی ہے، انتخابات کے بغیر حکومت کو جمہوری حکومت نہیں کہا جاسکتا، بروقت آزادانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد درحقیقت آئینی جمہوریت ہے، انتخابات سے عوامی رائے کا احترام ہوتا ہے قیادت عوام کے سامنے جواب دہ ہوتی ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جب انتخابی شیڈول جاری ہوجائے تو تمام مقدمہ بازی کو فوری حل ہونا ضروری ہے، انتخابات میں تاخیر یا انتخابات سے متعلق مقدمہ بازی میں تاخیر سے انتخابی عمل اور جمہوری نظام پر عوامی اعتماد متاثر ہوتا ہے، ایسا ہونے سے سیاسی ماحول عدم استحکام کا شکار ہوتا ہے، حلقہ بندیوں کیخلاف درخواستوں پر سماعت کی تو انتخابی شیڈول متاثر ہوگا، اگر حلقہ بندیوں کیلئے درخواستیں سنیں تو مقدمہ بازی کا سیلاب امڈ آئے گا۔

جج نے فیصلے میں تحریر کیا ہے کہ انتخابات کے انعقاد کیلئے گھڑی کی سوئی آگے بڑھ رہی ہے، اگر اس وقت حلقہ بندی کا معاملہ دیکھا تو لاکھوں سیاسی کارکنان اور ووٹرز کے بنیادی حقوق متاثر ہوں گے، عام انتخابات کے انعقاد کو حلقہ بندیوں کے خلاف اعتراضات پر ترجیح دے رہے ہیں۔

سپریم کورٹ نے ژوب اور شیرانی سے متعلق کہا کہ الیکشن کمیشن ان دونوں حلقوں میں اپنی حلقہ بندیوں کے تحت الیکشن کروائے،  مذکورہ دونوں حلقوں میں حلقہ بندیوں کے تنازع کا کیس عام انتخابات کے بعد دیکھیں گے، رجسٹرار آفس اس کیس کو 2024ء کے عام انتخابات کے بعد سماعت کے لیے مقرر کرے۔

پی آئی اے کی پرواز 24 گھنٹوں سے زائد تاخیر کے بعد جدہ روانہ

جدہ جانے والی پی آئی اے کی پرواز 24 گھنٹوں سے زائد تاخیر کا شکار ہوئی، انتظامیہ نے ٹیکنیکل خرابی کے باعث چار بار پرواز کا وقت تبدیل کیا اور پھر مسافروں کے احتجاج پر طیارہ بدل کر پرواز کو جدہ روانہ کیا۔

گزشتہ شام 5 بجے پی آئی اے کی پرواز پی کے 859 نے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنینشنل ائیر پورٹ سے جدہ کیلئے روانہ ہونا تھا، لیکن یہ پرواز 24 گھنٹے سے زائد تاخیر کے بعد جدہ روانہ ہوئی۔

پرواز میں خواتین اور بچوں سمیت عمرہ زائرین کی ایک بڑی تعداد بھی شامل تھی جنہوں نے گزشتہ رات سردی میں رات ائیرپورٹ پر گزاری۔

مسافروں کے مطابق پی آئی اے نے ٹیکنیکل خرابی کا بتا کر 4 بار پرواز کا وقت تبدیل کیا، اور پھر مسافروں کے احتجاج پر جہاز تبدیل کر کے پرواز کو آج شام 6.30 بجے جدہ کیلئے روانہ کیا گیا۔

’کراچی ایئرپورٹ کی بجلی کل صبح 9 سے شام 6 بجے تک بند رہے گی‘

کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لیاقت آباد میں صبح ساڑھے9 بجے سے ڈیڑھ بجے تک اور ائیرپورٹ پر صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک بجلی کی فراہمی میں تعطل آ سکتا ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق لیاقت آباد اور ایئرپورٹ پر گرڈ اسٹیشن میں کل مرمتی کام ہوگا، جس کے باعث لیاقت آباد میں صبح ساڑھے9 بجے سے ڈیڑھ بجے تک بجلی کی فراہمی میں تعطل آسکتا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ ائیر پورٹ پر صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک بجلی کی فراہمی معطل رہ سکتی ہے، جب کہ کلفٹن میں بھی مینٹیننس شٹ ڈاؤن، عارضی تعطل آسکتا ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ سسٹم کے استحکام کو برقرار رکھنے کیلئے مینٹننس ضروری ہے۔

عالمی بینک نے پاکستان کیلیے 35 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دیدی

 اسلام آباد: عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 35 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔

ورلڈ بینک کے مطابق پاکستان کے لیے قرض کی منظوری رائز ٹو پروگرام کے تحت دی گئی ہے، جس کا مقصد پاکستانی مالیاتی انتظام، پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی کے لیے مسابقت کو فروغ دینا ہے۔ پاکستان کو فوری مالیاتی اصلاحات کی ضرورت ہے۔ پاکستان کے پاس انتخابات کے بعد دیرینہ اسٹرکچرل مسائل حل کرنےکا موقع ہے، جسے اگر گنوا دیا توپاکستان کے دوبارہ معاشی مسائل میں گھرنےکا خدشہ ہے۔

پروگرام کے تحت پاکستان کی مالی پالیسی سے متعلق کوآرڈینیشن اور قرضوں میں شفافیت لائی جائے گی۔ پراپرٹی کے شعبے میں ٹیکسوں کو مضبوط بنانا پلان کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔ عالمی بینک کا کہنا ہے کہ ٹیکس قوانین پر عمل درآمدکی لاگت میں کمی اور ڈیجیٹل ادائیگی کی حوصلہ افزائی کی جائےگی۔ امپورٹ ٹیرف میں کمی کے ذریعے برآمدات کو فروغ دیا جائے گا۔

کنٹری ڈائریکٹر عالمی بینک ناجی بن حسین کا کہنا ہے کہ رائز ٹو پروگرام ٹیکس، توانائی، کاروباری اور موسمیاتی اصلاحات کا پہلا مرحلہ مکمل کرتا ہے۔ یہ پروگرام محصولات بڑھانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں یہ اخراجات کا ہدف بہتر بنانے،مسابقت، سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بھی بنایا گیا ہے۔ پروگرام سے پاکستان کے پاور سیکٹرکے بہتر انتظام میں بھی مدد ملے گی۔

امریکی ریاست کولوراڈو میں ٹرمپ کے الیکشن لڑنے پر پابندی

امریکی ریاست کولوراڈو کی سپریم کورٹ نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارتی انتخاب کے لیے نا اہل قرار دے دیا۔ عدالت کا کہنا ہے کہ سابق صدر دوبارہ صدارتی انتخاب کے علاوہ ریاست کے پرائمری بیلٹ میں بھی حصہ نہیں لے سکتے۔

سابق امریکی صدر کے خلاف نا اہلی کا یہ پہلا فیصلہ آئین کی 14ویں ترمیم کے تحت دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کو ملک کی سپریم کورٹ میں چیلنج کیے جانے کا قوی امکان ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ پر ان کے عہدِ صدارت میں مختلف اقدامات کے حوالے سے شدید تنقید کی جاتی رہی تھی۔ روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن سے غیر معمولی ذہنی ہم آہنگی اور خصوصی روابط کی بنیاد پر یہ بھی کہا گیا کہ انتخابی نتائج کو ان کے حق میں کرنے کے لیے روسی ہیکرز نے کلیدی کردارادا کیا تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا شمار امریکا کی بڑی کاروباری شخصیات میں ہوتا ہے۔ مختلف تنازعاات میں الجھنے پر ان کے خلاف مقدمات درج کیے جاتے ہیں اور کئی بار فرد جرم بھی عائد کی جاچکی ہے۔

عہدِ صدارت اور اس کے بعد مختلف متنازع معاملات میں ملوث ہونے کی بنیاد پر ان کے خلاف 30 امریکی ریاستوں میں مختلف مقدمات زیرسماعت ہیں۔

ان مقدمات کے فیصلے آنے سے اگلے صدارتی انتخاب میں ٹرمپ کی پوزیشن مستحکم یا کمزور ہوسکتی ہے۔ کولوراڈو کی سپریم کورٹ کے فیصلے کی تعمیل اپیلوں پر فیصلے آنے کی صورت میں 4 جنوری تک نہیں ہوسکتی۔

سندھ کے کئی اضلاع میں جمعے کو گرج چمک کیساتھ ہلکی بارش کا امکان

 کراچی: سندھ کے کئی اضلاع میں جمعے کے روز گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

ارلی وارننگ سینٹر کی جانب سے ایک نئے مغربی سلسلے کے پاکستان میں داخل ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے،  جس کے مطابق جمعرات کی رات سے ایک معتدل مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے ۔

نئے سلسلے کے داخل ہونے کے نتیجے میں  جمعے کے روز قمبر، شہدادکوٹ،لاڑکانہ،شکار پور،جیکب آباد،کشمور،گھوٹکی اور سکھرسمیت دیگر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اگلے 3 روز کے دوران موسم خشک اور رات میں سرد رہنے کا امکان ہے ۔ شہر قائد میں کم سے کم درجہ حرارت 13 سے15 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔

30 سیکنڈ میں 63 پینسلوں کو توڑنے کا عالمی ریکارڈ

آئڈاہو: امریکا کے ایک شہری جن کے نام پر 250 سے زائد گنیز ورلڈ ریکارڈ پہلے سے ہی موجود ہیں، انہوں نے ایک اور اعزاز اپنے حصے میں شامل کرلیا ہے۔

امریکی ریاست آئڈاہو کے رہائشی ڈیوڈ رش محض 30 سیکنڈز میں 63 پینسلوں کو توڑنے کر گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اپنی ایک اور جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں

ڈیوڈ رش نے بتایا کہ ابتدائی طور پر تو انہیں 30 سیکنڈ کی مدت میں 50 پینسلیں توڑنا بھی بہت مشکل لگ رہا تھا لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔

انہوں نے بتایا کہ پینسلیں توڑنے سے پہلے میں نے ایک لچکدار لکڑی کے ذریعے اپنے ہاتھوں کی طاقت اور ہینڈ گریپرز سے گرفت پر کنٹرول حاصل کرنے کی مشق کی۔ یہی وجہ ہے کہ ریکارڈ والے دن میں نے پہلے سے طے شدہ پینسلوں کی تعداد سے 2 زائد پینسلیں بھی توڑ ڈالیں۔

کراچی سے پشاور کے درمیان چلنے والی عوام ایکپسریس بحال

کراچی اور پشاور کے درمیان چلنے والی عوام ایکسپریس کو 15 مہینے 25 دن کے بعد بحال کردیا گیا۔

عوامی ایکسپریس کی پہلی ٹرین آج کراچی کینٹ اسٹیشن سے مسافروں کو لے کر روانہ ہوئی، اس موقع پر ڈپٹی ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ آپریشن اشفاق تبسم اور ڈویژنل کمرشل آفیسر میڈم صبا جبین موجود تھے جنہوں نے مسافروں کو الوداع کیا۔

کراچی کینٹ سے چلنے والی یہ ٹرین ڈرگ روڈ، لانڈھی، کوٹری، حیدرآباد، ٹندوآدم ،نواب شاہ ،روہڑی،خانپور،ملتان، ساہیوال،لاہور،جہلم اور راولپنڈی سے ہوتے ہوئے پشاور پہنچے گی، عوامی ایکسپریس 64 راستے میں 64 چھوٹے اور بڑے اسٹاپ بھی کرے گی۔

محکمہ ریلوے کے مطابق پہلی اور آخری منزل کے درمیان 1725 کلومیٹر کا فاصلہ 35 گھنٹے میں مکمل ہوگا۔ 13 اپ عوام ایکسپریس کراچی سے 7 بجے روانہ ہوکر ٹرین دوسرے دن شام 6 بجکر 5 منٹس پر پشاور پہنچے گی۔

19 بوگیوں پر مشتمل اس ٹرین میں مجموعی طور 1250 مسافروں کے سفر کرنے کی گنجائش ہے، ان میں  15 بوگیاں اکنامی کلاس، ایک اے سی اسٹینڈرڈ اور ایک اے سی بزنس کلاس ہے۔ مسافروں کی سہولت کے لیئے ریستوران والی کوچ بھی لگائی گئی ہے۔