قومی کرکٹر شاداب خان پنجاب پولیس کے اعزازی ڈی ایس پی بن گئے کبھی سوچا نہیں تھا کہ پنجاب پولیس کا حصہ بنوں گا، قومی کرکٹر

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان پولیس کا حصہ بن گئے، پنجاب پولیس نے شاداب خان کو اپنا برینڈ ایمبیسیڈر مقرر کر دیا۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان کی سنٹرل پولیس آفس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات ہوئی، اس دوران پنجاب پولیس نے کرکٹر شاداب خان کو اپنا برینڈ ایمبیسیڈر مقرر کر دیا۔

کرکٹر شاداب خان نے پنجاب پولیس کا یونیفارم زیب تن کیا جبکہ آئی جی اور ایڈیشنل آئی جی پنجاب نے شاداب خان کو اعزازی ڈی ایس پی کے رینک لگائے۔

شاداب خان نے اعزازی ڈی ایس پی مقرر ہونے پر آئی جی پنجاب کو سلیوٹ بھی کیا۔

اس موقع پر کرکٹر شاداب خان نے کہا کہ پنجاب پولیس کی طرف سے برینڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا جانا میرے لیے اعزاز ہے، نہایت خوشی ہے کہ پنجاب پولیس کا حصہ بن رہا ہوں، کبھی سوچا نہیں تھا کہ پنجاب پولیس کا حصہ بنوں گا۔

مودی امریکہ سے تعلقات بچانے کیلئے ”را“ کے افسر کو قربانی کا بکرا بنانے پر راضی

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی امریکہ سے تعلقات کو بچانے کی خاطر مرکزی خفیہ ادارے ”را“ کے افسر کو قربانی کا بکرا بنانے پر راضی ہوگئے ہیں۔

برطانوی اخبار فائنانسل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق نریندر مودی نے امریکا میں سکھ علیٰحدگی پسند رہنما کے قتل کی سازش سے متعلق امریکی حکومت کے الزام کی تفتیش پر بھی آمادگی ظاہر کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کوئی ٹھوس ثبوت موجود ہو تو بھارتی حکومت تفتیش کے لیے تیار ہے۔

امریکا کے محکمہ انصاف نے گزشتہ ماہ الزام لگایا تھا کہ ایک بھارتی باشندے نے امریکی سرزمین پر ایک سکھ علیٰحدگی رہنما کو قتل کرنے کی سازش تیار کی ہے اور ایک بھارتی سرکاری افسر بھی اس میں ملوث ہے۔

بھارتی وزیر اعظم نے بدھ کو ایک بیان میں کہا کہ اگر اس حوالے سے کسی کے پاس معلومات ہوں تو ہم تحقیقات کے لیے تیار ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر کوئی بھارتی سرکاری افسر اس معاملے میں ملوث ہو تو ہم اس کا جائزہ لینے کو بھی تیار ہیں کیونکہ ہم قانون کی علمداری اور بالادستی پر یقین رکھتے ہیں۔

اس سے قبل بھارتی وزارتِ خارجہ نے کہا تھا کہ اس معاملے کے مختلف پہلوئوں کا جائزہ لینے کے لیے اعلٰی سطح کی کمیٹی بنائی جاچکی ہے۔

امریکی محکمہ انصاف نے 29 نومبر کو 52 سالہ بھارتی باشندے نکھل کپتا پر نیو یارک میں ایک بھارتی نژاد امریکی شہری کے قتل کا منصوبہ تیار کرنے کا الزام عائد کیا تھا جس کے لیے کرائے کے قاتل کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

بھارتی باشندے نے جس امریکی شہری کی خدمات کرائے کے قاتل کے طور پر حاصل کی تھیں وہ سی آئی اے کا سابق اہلکار نکلا اور یوں یہ سازش بے نقاب ہوگئی۔

امریکی محکمہ انصاف نے بتایا کہ بھارتی باشندہ گرپتونت سنگھ پنوں کو نشانہ بنانا چاہتا تھا جو امریکہ کے ساتھ سساتھ کینیڈا کا بھی شہری ہے۔ گرپتونت سنگھ پنوں بھارتی نژاد اور مشرقی پنجاب کو بھارت سے الگ کرنے کا مطالبہ کرنے والی تنظیم کا لیڈر ہے۔

نکھل گپتا بھارت میں رہتا ہے۔ امریکا کے ساتھ مجرموں کے تبادلے کے معاہدے کے تحت اسے چیک جمہوریہ میں گرفتارکیا گیا ہے۔

نریندر مودی کا بیان امریکی ایوانِ صدر کے اس بیان کے بعد آیا ہے کہ وہ ایک بھارتی نژاد امریکی شہری کو نیو یارک میں قتل کرنے کی سازش کو سنجیدگی سے لے رہا ہے اور اس سلسلے میں بھارتی حکومت سے بھی بات کی گئی ہے۔

جون میں کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے سکھ علیٰحدگی پسند رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں نئی دہلی کو ملوث قرار دیا تھا۔ اس الزام پر بھارت اور کینیڈا کے تعلقات میں شدید کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔ نئی دہلی نے کینیڈا کے الزام کے کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔

امریکی سائنس دانوں نے 20 منٹ تک وھیل سے گفتگو کا دعویٰ کردیا

امریکی سائنس دانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک وھیل نے ان سے 20 منٹ تک گفتگو کی۔ سائنس دانوں کے مطابق جنوب مشرقی الاسکا میں 38 سالہ وھیل نے پہلے سے ریکارڈ کی ہوئی ٹیلی فون کال کا جواب دیا۔

خصوصی تحقیق مشن کے تحت کام کرنے والے امریکی سائنس دانوں کا یہ دعویٰ کسی سائنس فکشن فلم کی کہانی جیسا لگتا ہے۔ وھیل نے جب سائنس دانوں کی پہلے سے ریکارڈ کی ہوئی کال سنی تو ان کی کشتی کے قریب آگئی اور خوش ہوکر اپنی زبان میں جواب دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹوئین (Twain) نامی وھیل نے ایس ای ٹی آئی انسٹیٹیوٹ اور یو سی ڈیوس کے محققین سے 20 منٹ تک بات کی۔

محققین کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ وھیل اور انسانوں کے درمیان ان کی اپنی زبان میں گفتگو ہوئی ہے۔

ماہرین نے اس کامیاب تجربے کی بنیاد پر کہا ہے کہ اب روئے ارض پر موجود دیگر جانداروں سے بھی گفتگو ممکن بنائی جاسکتی ہے کیونکہ حیوانات سے گفتگو سے متعلق کوششوں میں یہ بڑی کامیابی ہے۔

چائے بنانے پر جھگڑا؛ شوہر نے 50 سالہ بیوی کو بےدری سے قتل کردیا

نئی دہلی: بھارت میں چائے بنانے کے تنازع پر شوہر نے بیوی کو بےدری سے قتل کردیا۔ 

واقعہ دہلی سے متصل غازی آباد کے بھوجپور گاؤں میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق چائے بنانے پر جھگڑے ہوا تو 52 سالہ دھرم ویر نے تلوار جیسی کسی تیز دھار آلہ سے اپنی 50 سالہ بیوی سندری پر حملہ کیا۔

پولیس کے مطابق تیز دھار والے آلہ کے پے در پے وار سے متقولہ کا سر دھڑ سے الگ ہوگیا۔ پولیس نے دھرم ویر کو سندری کے قتل کے الزام میں حراست میں لے لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم سندری پر غصے میں تھا کہ چائے بنانے میں وقت لگے گا جس سے میاں بیوی کے درمیان جھگڑا ہوا، اور واقعے کے وقت ان کے چار بچے دوسرے کمرے میں سو رہے تھے۔

شہباز شریف اور مریم نواز کا کراچی سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ

سابق وزیراعظم اور صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے عام انتخابات 2024 میں کراچی سے حصہ لینے کا فیصلہ کرلیا۔

ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی کاغذات وصول کرنے جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے، اسی دوران شہباز شریف نے بھی شہر قائد سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا۔

قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 242 کے لیے شہباز شریف کا فارم صالحین تنولی نے وصول کیا جو فارم لیکر آج کراچی سے لاہور کے لیے روانہ ہوں گے۔

صالحہن تنولی نے کہا کہ کل شہباز شریف کا فارم این اے 242 جمع کرادیں گے، مریم نواز کے لیے این اے 237 کراچی سے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے گئے۔

واضح رہے کہ عام انتخابات میں حصہ لینے کیلئے کاغذات نامزدگی حاصل کرنے اور جمع کروانے کا سلسلہ آج سے شروع ہو گیا ہے۔

امیدوار 20 سے 22 دسمبر تک کاغذات نامزدگی جمع کروا سکتے ہیں، ان کی ابتدائی فہرست 23 دسمبر کو جاری ہوگی جب کہ کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی 24 سے 30 دسمبر تک ہوگی۔

بجلی صارفین پر 22 ارب 29 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ ڈال دیا گیا

نیپرا نے ملک کے تمام بجلی صارفین پر 22 ارب 29 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ ڈال دیا ہے جس کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت تمام صارفین پر ہو گا۔

نیپرا نے عوام پر ایک اور بجلی بم گرادیا، اور ڈسکوز کے لیے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 1 روپے 15پیسے اضافے کی منظوری دے دی ہے۔

نیپرا اتھارٹی نے بجلی مہنگی کرنے کے حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے، اور حتمی منظوری کیلئے نوٹی فکیشن حکومت کو بھجوا دیا ہے، حکومتی منظوری کے بعد بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق ہو گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں اضافہ سہ ماہی ایڈجسمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے، اور اس کا اطلاق یکم جنوری 2024سے ہو گا جو تین ماہ مارچ 2024 تک لاگو رہے گا۔

قیمتوں میں اضافے سے صارفین پر 22 ارب 29 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا، اور اس کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت تمام صارفین پر ہو گا۔

ایف بی آر کے 10 ہزار نان فائلرز ملازمین کے معاملے میں بڑی پیش رفت

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے 10 ہزار نان فائلرز ملازمین کے معاملے میں بڑی پیش رفت سامنے آگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایف بی آرکے 10 ہزار نان فائلرز ملازمین کی بڑی تعداد نے فائلر اسٹیٹس حاصل کرلیا ہے، 9820 ملازمین نے ٹیکس ریٹرنز فائل کردیے ہیں جس کے بعد نان فائلر ملازمین کی تعداد 180 رہ گئی ہے۔

چیئرمین ایف بی آر امجد ٹوانہ نے اس حوالے سے بتایا کہ ایک دو دن میں باقی ملازمین بھی ٹیکس ریٹرن فائل کردیں گے۔

امجد ٹوانہ کا کہنا تھا کہ 10 ہزارنان فائلر ملازمین 50 ہزار سے کم تنخواہ لینے والے تھے۔

ایف بی آر کے 17 ہزارملازمین میں سے 10 ہزار کے نان فائلرز ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل خبر آئی تھی کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیوکے 300 سے زائد ملازم جو اہم عہدوں پر تعینات تھے نان فائلرز نکلے تھے۔

ایف بی آر نے کمشنرز کو ہدایت کی تھی کہ توسیع کی مدت ختم ہونے کے بعد بھی ریٹرن فائل نہ ہونے پر ایف بی آر افسران سمیت نان فائلرز کو نوٹس جاری کریں۔

چیف کمشنر آر ٹی او ون نے ایف بی آر کے 307نان فائلر افسران اور اہلکاروں کو نوٹسز جاری کیے تھے، جس میں تمام ایف بی آر کے نان فائلر افسران اور اہلکاروں کو فوری انکم ریٹرن فائل کرنے کا کہنا گیا تھا۔

خیال رہے کہ دوسروں کو فائلر بننے کی ترغیب دینے والے ادارے ایف بی آر آر ٹی او ون کے خود اپنے ملازمین بھی انکم ٹیکس ریٹرن کے نان فائلرز نکلے تھے۔

’عمران خان تین حلقوں سے الیکشن لڑیں گے‘

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل بیرسٹر علی ظفر کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان تین حلقوں سے الیکشن لڑیں گے۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے روکنا جمہوری عمل نہیں ہے، بانی پی ٹی آئی 3 حلقوں سے الیکشن لڑیں گے۔

بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ کارکنوں کو ہدایات کردی گئی ہیں کہ اپنے کاغذات فائل کر دیں، امیدواروں کیلئے جیل میں موجود پی ٹی آئی رہنماؤں کو ترجیح دی جائے گی۔

اس موقع چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ ہم آٹھ فروری کو ہر صورت میں الیکشن چاہتے ہیں، انشاءاللہ پارٹی ٹکٹ کا فیصلہ جلد ہوجائے گا۔

قبل ازیں، اڈیالہ جیل آمد پر بیرسٹر گوہر سے صحافی نے سوال کیا کہ پاکستان بار کونسل کی الیکشن کمشنر کو ہٹانے کی تجویز پر آپ کا کیا مؤقف ہے؟

جس پر انہوں نے جواب دیا کہ پولیٹیکل اسٹیج ہے ہم چاہ رہے ہیں الیکشن ہوں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں ایسا کوئی اقدام نہ ہو جس سے الیکشن میں تاخیر ہو، میں کہتا ہوں ہمیں الیکشن کی طرف جانا چاہئیے۔

امیر کویت شیخ مشعل الصباح نے منصب کا حلف اٹھا لیا

کویت سٹی: کویت کے نئے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے اپنے منصب کا حلف اٹھا لیا۔

کویت کی نیوز ایجنسی کے مطابق امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے آج پارلیمنٹ کے اجلاس میں اپنے منصب کا حلف اٹھایا۔ شیخ مشعل الأحمد الجابر الصباح کویت کے 17 ویں امیر ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ اور پنجاب بھر کی عدالتوں میں تعطیلات کا آغاز

لاہور ہائیکورٹ اور پنجاب بھر کی ماتحت عدالتوں میں موسم سرما کی تعطیلات کا آغاز 25 دسمبر سے ہوگا۔

خبر رساں ایجنسی ”اے پی پی“ کے مطابق اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں 25 دسمبر سے 8 جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات ہوں گی۔

نوٹفکیشن کے مطابق پنجاب کی ماتحت عدالتوں میں چھٹیاں پچیس دسمبر سے یکم جنوری تک ہوں گی۔

موسم سرما کی تعطیلات کے دوران صرف اہم نوعیت کے کیسز کی سماعت ہو گی۔