دنیا میں ٹیکنالوجی کی مدد سے ترقی ممکن ہوئی ، نگراں وزیراعظم

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ طلبا کو تسخیر اور دریافت پر توانائی صرف کرنا چاہیے۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے غلام اسحٰق خان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں ٹیکنالوجی کی مدد سے ہی ترقی ممکن ہوئی۔ طلبا کو تسخیر اور دریافت پر توانائی صرف کرنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی ادارے میرے دل کے قریب ہیں۔ میں ان لوگوں کی بہت تعریف کرتا ہوں جنہوں نےاس انسٹی ٹیوٹ کا تصور پیش کیا۔

عمران خان نے سائفر کیس کی ان کیمرہ سماعت کا ٹرائل کورٹ کا حکم چیلنج کردیا

اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے سائفر کیس کی ان کیمرہ سماعت کا ٹرائل کورٹ کا حکم اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔

عمران خان کی طرف سے وکیل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے درخواست دائر کی۔

درخواست میں موقف دیا کہ سائفر عدالت کا 14دسمبر کا حکمنامہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 21 نومبر کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے اور عدالت نے اپنے حکم میں سائفر کیس کی رپورٹنگ پر بھی پابندی عائد کر دی جو کہ خلاف آئین ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے درخواست میں کہا کہ انصاف کو صرف ہونا نہیں بلکہ ہوتا ہوا دکھائی دینا چاہیے، بانی پی ٹی آئی نے بطور وزیراعظم اپنی آئینی ذمہ داری پوری کی۔ انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے عوام اور میڈیا کی موجودگی میں اوپن ٹرائل ضروری ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ ٹرائل کورٹ کا 14دسمبر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور اس درخواست کے فیصلے تک ٹرائل کورٹ کو مزید کارروائی سے روکا جائے۔

بانی پی ٹی آئی کی طرف سے وکیل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے درخواست دائر کی۔

جعلی ڈگری اور کرپشن کیس میں سابق چیئرمین ڈریپ گرفتار

اسپیشل جج سینٹرل عدالت اسلام آباد شاہ رخ ارجمند نےجعلی ڈگری کیس میں سابق چیئرمین ڈریپ کی ضمانت قبل از گرفتاری خارج کر دی، جس کے بعد ایف آئی اے نے شیخ اختر حسین کو جعلی ڈگری اور کرپشن کے الزام میں گرفتار کر لیا۔

عدالت کی جانب سے ضمانت قبل از گرفتاری خارج کیے جانے کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے شیخ اختر حسین کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ ایف آئی اے کے مطابق سابق چیئرمین ڈریپ شیخ اختر پر ڈھائی ارب روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے کے ترجمان کے مطابق شیخ اختر حسین نے جعلی ڈگری پر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کے سی ای او کی تعیناتی حاصل کی تھی۔ملازمت کے لیے ملزم کی پیش کردہ پی ایچ ڈی کی ڈگری جعلی نکلی۔ ملزم 2018ء اور 2019ء کے دوران بطور سی ای او ڈریپ تعینات رہا۔ ملزم شیخ اختر حسین سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

’بسنتی‘ کو غصہ آگیا، 141 بھارتی اپوزیشن ارکان کی معطلی درست قرار دے دی

ماضی کی معروف بھارتی اداکارہ ہیما مالنی نے پارلیمنٹ کے 141 اپوزیشن ارکان کی معطلی کو بالکل درست قرار دیا ہے۔

اس حوالے سے خبر رساں ریجنسی اے این آئی سے ان کی گفتگو کی وڈیو بہت تیزی سے وائرل ہوئی ہے۔ ملک بھر میں اپوزیشن کے رہنما اور پارلیمانی ارکان اس وڈیو کی بنیاد پر مودی سرکار پر شدید تنقید کر ہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر بھی اس حوالے سے تبصروں کی بھرمار ہے۔

شہرہ آفاق فلم ”شعلے“ میں ”بسنتی“ کا کردار ادا کرنے والی ہیما مالنی کہتی ہیں اپوزیشن کے ارکان بہت سوال کرتے ہیں۔ ان کے سوالوں سے ناک میں دم ہو جاتا ہے۔ پارلیمنٹ میں اہم نکات پر بحث ہونی چاہیے مگر کسی اہم بات کی نشاندہی اور ہنگامہ آرائی میں بہت فرق ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ارکان کی معطلی میں حکومت کا کوئی کردار نہیں۔ انہیں تو انن کے طرزِعمل نے معطل کرایا ہے۔ یہ معطلی بالکل درست ہے کیونکہ پارلیمنٹ کے قواعد و ضوابط اور روایات کا خیال رکھنا جمہوریت کے استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔

بھارتی پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت کانگریس نے ہیما مالنی کے بیان پر تبصرے میں کہا کہ بالآخر اپوزیشن ارکان کی معطلی کی اصل وجہ سامنے آہی گئی۔

تلنگانا سے تعلق رکھنے والے کانگریس کے رکن سام رام موہن ریڈی نے ٹوئٹر (ایکس) پر ہیما مالنی کی گفتگو کی وڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ خود بی جے پی کی رکن نے اپوزیشن ارکان کی معطلی کا معاملہ بے نقاب کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں قومی اہمیت کے مختلف معاملات کو زیرِبحث لانا اپوزیشن ارکان کا حق ہی نہیں، فرض بھی ہے۔ سوال اپوزیشن ارکان نہیں کریں گے تو کون کرے گا؟

حکومت پر تنقید کی پاداش میں معطل کیے جانے والے اپوزیشن ارکان میں سے 95 کا تعلق ایوانِ زیریں لوک سبھا اور 56 کا تعلق ایوانِ بالا راجیہ سبھا سے ہے۔

پاکستان بلاک پالیٹکس سے پرہیز کرتا ہے، متوازن تعلقات چاہتے ہیں، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے دورہ امریکہ پر ممتاز امریکی تھنک ٹینکس اور میڈیا کے ساتھ خصوصی ملاقات کی۔ جہاں انہوں نے کہاکہ پاکستان بلاک پالیٹیکس سے پرہیز کرتا ہے اور تمام دوست ممالک کے ساتھ متوازن تعلقات چاہتا ہے۔

انہوں نے امریکہ کی سیاسی اور عسکری قیادت کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کو مثبت قرار دیا۔

آرمی چیف نے امریکی تھنک ٹینکس اور میڈیا کے ارکان کے ساتھ خصوصی گفتگو میں علاقائی سلامتی، بین الاقوامی دہشتگردی پر پاکستان کے نقطہ نظر کو اُجاگر کیا۔

آرمی چیف نے مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا۔

گزشتہ ہفتے واشنگٹن پہنچنے کے بعد آرمی چیف نے اہم امریکی حکومتی عہدے داروں اور فوجی حکام سے ملاقاتیں کی ہیں، جن میں امریکی وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن، سیکریٹری دفاع لائیڈ جے آسٹن، نائب وزیرِ خارجہ وکٹوریہ نولینڈ، نائب مشیر قومی سلامتی جوناتھن فائنر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل چارلس کیو براؤن شامل ہیں۔

اس کے علاوہ پیر کو انہوں نے فلوریڈا میں سینٹ کام مرکزی کمان کے دفتر کے دورے کے موقع پر کمانڈر جنرل مائیکل ایرک سے ملاقات کی۔

انہوں نے نے ایک ہفتے پرمحیط دورہ امریکہ کے آخری مرحلے میں امریکی اسکالرز اور خارجہ پالیسی کے ماہرین سے بھی ملاقاتیں کیں۔

امریکی تھنک ٹینکس اور میڈیا نمائندوں کے ساتھ اپنی حالیہ ملاقات میں آرمی چیف نے علاقائی سلامتی، بین الاقوامی دہشت گردی اور جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک استحکام کو برقرار رکھنے کی اہمیت کے بارے میں پاکستان کے نقطہ نظر کو اجاگر کیا۔

عدالتی حکم پر اسد قیصر کے خلاف تھری ایم پی او واپس لے لیا گیا، رہائی کا حکم

ڈپٹی کمشنر صوابی نے عدالتی حکم پر سابق اسپیکر اسد قیصر کے خلاف تھری ایم پی او واپس لے لیا۔

پشاور ہائیکورٹ میں اسد قیصر کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری پر سماعت ہوئی، جس کے بعد ڈپٹی کمشنر صوابی نے تھری ایم پی او واپس لینے کا حکم نامہ جاری کردیا۔

نو دسمبر کو سیشن کورٹ مردان سے اسد قیصر کو 9 مئی واقعات میں ضمانت ملنے کے فوراً بعد صوابی پولیس نے 3 ایم پی او کے تحت انھیں حراست میں لے لیا تھا۔

پشاور ہائیکورٹ میں سابق سپیکر اسد قیصر کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کے معاملے پر سماعت ہوئی۔

دوران سماعت وکیل درخواست گزار ارشد علی بتایا کہ عدالت نے کل ایڈوکیٹ جنرل کو ہدایت کیی تھی کہ ڈی سی سے بات کرلیں۔

جس پر چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ محمد ابراہیم خان نے کہا کہ ایڈوکیٹ جنرل نے کہا ہے ڈی سی تھری ایم پی او کا آرڈر واپس لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ آپ بھی سٹیٹ کے خلاف بات نہیں کریں گے۔

چیف جسٹس نے اسد قیصر کو کہا کہ آپ بھی تھوڑا گزارا کرلیں، سٹیٹ اور اداروں کے خلاف بات نہ کریں۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ الیکشن ہورہا ہے سیاسی رہنما جلسے تو کریں گے۔

وکیل درخواست گزار سید سکندر حیات شاہ نے کہا کہ ہم حلف دیتے ہیں سٹیٹ اور اداروں کے خلاف بات نہیں کریں گے۔

اسد قیصر سپیکر رہ چکے ہیں، وہ سٹیٹ کےخلاف کیو بات کریں گے۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر آرڈر واپس لیں تو ہمیں کاپی فراہم کریں۔

جس کے بعد عدالت نے ڈپٹی کمشنر کو تھری ایم پی اور کا آرڈر واپس لینے کا حکم دیا۔

ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا کہ اسد قیصر کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا تھا۔

حکم نامے کے مطابق ملزم و امان میں خلل نہیں ڈالیں گے۔ ملزم اسد قیصر صوبائی حکومت کی جانب سے سیاسی ایس او پیز پر عمل درآمد کے پابند ہوں گے، ملزم اداروں کے خلاف مہم اور نعرے بھی نہیں لگائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے حکم نامے میں لکھا کہ ملزم اسد قیصر ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرائیں گے۔ اگر دوسرے کیسز میں مطلوب نہ ہو تو ملزم کو مردان جیل سے رہا کیا جائے۔

عام انتخابات: سیاسی رہنماؤں نے کاغذات نامزدگی وصول اور جمع کرانے کا سلسلہ شروع کردیا

عام انتخابات 2024 کے لیے شیخ رشید اور چوہدری نثار سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے۔

اسلام آباد کے تینوں حلقوں 46 ، 47 اور این اے 48 کے لیے کاغذات نامزدگی کی وصولی اور جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔

تینوں حلقوں میں اب تک 82 سے زائد فارم حاصل کیے گئے ہیں، این اے 46 کے لیے 13، این اے 47 کے لیے 34 اور این اے 48 کیلئے 35 فارمز جاری کیے جا چکے ہیں، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفس میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ بھی 22 دسمبر تک جاری ہے۔

راولپنڈی میں عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی کے حصول کاسلسلہ جاری ہے، ن لیگ کے انجینئر قمراسلام اور نعیم اعجاز نے کاغذت نامزدگی حاصل کرلیے۔

پی ٹی آئی کے اجمل صابر، راشد شفیق اورشیخ رشید نے کاغذات نامزدگی حاصل کیے جب کہ چوہدری نثارنے بھی اپنے نمائندے کے ذریعہ کاغذات نامزدگی حاصل کیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق راولپنڈی کے سات حلقوں کے لیے اب تک 150 سے زائد فارم جاری کیے جا چکے ہیں۔

سپریم کورٹ : تاحیات نااہلی کے معاملے پر 7 رکنی لارجر بینچ تشکیل

سپریم کورٹ نے ارکان پارلیمان کی آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہلی کے معاملے کی سماعت کیلئے سات رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اس سات رکنی لارجر بینچ کی سربراہی کریں گے۔

سپریم کورٹ دو جنوری 2024 کو تاحیات نااہلی کیس کی سماعت کرے گی۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو اسی آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت پانامہ کیس میں نااہل قرار دیا گیا تھا۔

سپریم کورٹ نے نواز شریف کو اپنے بیٹے کی فرم سے لی جانے والی ممکنہ تنخواہ ظاہر کرنے میں ناکامی پر آرٹیکل ون ایف کے تحت کوئی بھی عوامی عہدہ سنبھالنے کیلئے نااہل قرار دیا تھا۔

نواز شریف کی اس نااہلی کو تاحال ختم نہیں کیا گیا ہے۔

گزشتہ سماعت پر سپریم کورٹ نے تاحیات نااہلی کے آرٹیکل 62 ون ایف سے متعلق تمام درخواستیں ایک ساتھ سننے کا فیصلہ کیا تھا۔

سپریم کورٹ نے گزشتہ سماعت کے تحریری حکمنامے میں کہا تھا کہ نااہلی کی مدت کے سوال والے کیسز جنوری کے آغاز پر مقرر کئے جائیں، کیس کے زیرِ التوا ہونے کو الیکشن میں تاخیر کیلئے استعمال نہیں کیا جائے گا۔

حکمنامے میں کہا گیا تھا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے نشاندہی کی آئینی سوال والے کیس پر کم از کم پانچ رکنی بنچ ضروری ہے۔

حکمنامے کے مطابق فریقین کے وکلا نے کہا ہے کہ نااہلی کی مدت کے تعین کے حوالے سے عام انتخابات سے پہلے اس عدالت کا فیصلہ ضروری ہے۔

ٹی20 میں پاکستان کے نئے اوپنر کون ہوں گے؟ چیف سلیکٹر نے بتادیا

جعفرآباد میں بڑھتی ہوئی بدامنی کے خلاف جمیعت علمائے اسلام ف (جے یو آئی) نے سندھ بلوچستان اور پنجاب کو ملانے والی قومی شاہراہ بلاک کرنے کی دھمکی دے دی۔
ضلعی امیر جے یو آئی مولانا عبدالاحد قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ اللہ یار سمیت جعفرآباد پولیس امن و امان قائم رکھنے میں مکمل نا کام ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکووں نے پولیس وردی اور گاڑی استعمال کرتے ہوئے جمیعت کے کارکن عبدالمجید کے گھرمیں گھس کر اہل خانہ کو یرغمال بنا کر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور اسلحے کے زور پر نقدی و زیورات چھین کر فرار ہوگئے۔

جے یو آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پولیس صرف اپنی منتھلی بنانے میں مصروف ہے، عوام کی جان و مال کا تحفظ ان کی ترجیحات میں شامل نہیں، اگر ملزمان کو گرفتار نہ کیا گیا تو 21 دسمبر کو قومی شاہراہ کو بلاک کیا جائے گا۔

ٹی20 میں پاکستان کے نئے اوپنر کون ہوں گے؟ چیف سلیکٹر نے بتادیا

قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے ٹی20 میں اوپنرز کے حوالے سے اہم انکشافات کردیئے۔

گزشتہ روز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے دورہ نیوزی لینڈ کے دوران 5 میچوں پر مشتمل ٹی20 سیریز کیلئے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا، چیف سلیکٹر سے سوال ہوا کہ مختصر فارمیٹ میں کیا بابر اور رضوان ہی اوپن کریں گے؟ جس پر وہاب ریاض نے جواب دیا کہ قومی ٹیم کو تجربات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ورلڈکپ سے قبل کمبینیشن بناسکیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں صاحبزادہ فرحان بطور اوپنر کھیلتے رہے ہیں، اگر وہ دورہ نیوزی لینڈ کے دوران اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہیں تو وہ اوپن کرسکتے ہیں۔

چیف سلیکٹر نے کہا کہ پاکستان کرکٹ میں بدقسمتی سے مسلسل کارکردگی دکھانے والے کو نئے آنے والے پر ترجیع دی جاتی ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ کھلاڑیوں کو مسلسل مواقع دیں تاکہ انہیں شکوہ نہ ہو۔