عراق میں الیکشن ڈیوٹی کے دوران ایئرفورس کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ

بغداد: عراقی فضائیہ کا ایک ہیلی کاپٹر الیکشن کی ڈیوٹی کی انجام دہی کے دوران گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ایک پائلٹ ہلاک اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق میں صوبائی الیکشن جاری ہیں جن کے دوران ملک میں دہشت گردی کی لہر کو پیش نظر رکھتے ہوئے سیکیورٹی فرائض کی انجام دہی کے لیے فوج بھی موجود ہے۔

عراقی فضائیہ کا ایک ہیلی کاپٹر نے بھی حساس علاقے کی نگرانی کے لیے کرکوک کے جنوب میں واقع طوز خورماتو کے باہر ایک ایئربیس سے پرواز بھری تھی تاہم کچھ ہی دیر بعد کنٹرول ٹاور سے رابطہ منتقل ہوگیا تھا۔

ہیلی کاپٹر کی تلاش کے لیے سرچ ٹیم کو بھیجا گیا جسے ہیلی کاپٹر کا ملبہ ایک پہاڑی علاقے سے مل گیا۔ ملبے سے ایک پائلٹ کی لاش نکالی گئی جب کہ ایک کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

عراقی فضائیہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر تکنیکی مسائل کے باعث گرکر تبا ہوا تاہم واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔

عراق میں آج ہونے والے صوبائی الیکشن میں ٹرن آؤٹ 41 فیصد رہا جب کہ ابتدائی نتائج اگلے روز سامنے آنے کا امکان ہے۔

چیف الیکشن کمشنر پر تحفظات ہیں استعفے کا مطالبہ نہیں کیا، صدر پاکستان بار کونسل

چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پاکستان بار کونسل حسن رضا کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، تاہم چیف الیکشن کمشنر سے استعفے کا مطالبہ نہیں کیا۔

آج نیوز کے پروگرام ”فیصلہ آپ کا“ میں بات کرتے ہوئے چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پاکستان بار کونسل حسن رضا پاشا کا کہنا تھا کہ ہم 8 فروری کو ہی عام انتخابات چاہتے ہیں، اور اس حوالے سے سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ اگر سپریم کورٹ اس کیس میں شامل نہ ہوتی تو الیکشن کمیشن 54 دن قبل الیکشن شیڈول والا وقت گزار چکی ہوتی

حسن رضا پاشا کا کہنا تھا کہ ہم نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ انتخابات میں شفافیت ہونی چاہئے، اس کی وجہ ہے کہ گزشتہ کچھ الیکشن پر انگلیاں اور آوازیں اٹھی ہیں، اور جو حکومت بھی بنی اس کے آخری دن تک یہی کہا جاتا رہا ہے کہ الیکشن متنازعہ تھے، سپریم کورٹ الیکشن کمیشن کو ایسی ہدایات جاری کرے کہ آنے والے الیکشن پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔

حسن رضا پاشا نے کہا کہ حلفاً کہتا ہوں کہ کسی سیاسی شخصیت نے بار کونسل سے رابطہ نہیں کیا، بلکہ پاکستان بار کونسل اپنے طور پر انتخابات میں شفافیت چاہتی ہے، سب پر لازم ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کو مانے، پاکستان بار کونسل نے چیف الیکشن کمشنر پر تحفظات کا اظہار کیا ہے کہ ان کی موجودگی میں فری اینڈ فیئر الیکشن نہیں ہوسکتے، تاہم چیف الیکشن کمشنر سے استعفے کا مطالبہ نہیں کیا، ہم نے کون سی بات حقائق سے ہٹ کر کی ہے، آرٹیکل 217 کے مطابق اگر چیف الیکشن کمشنر نہ رہے یا مستعفی ہوگئے تو کوئی سینئر بندہ چارج لے سکتا ہے، اور اس کے پاس بھی وہی تمام اختیارات ہوں گے جو چیف الیکشن کمشنر کے پاس ہوتے ہیں۔

پاکستان بار کونسل کے صدر نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سے ہماری کوئی ضد نہیں، بعض مواقع پر ہم ان کی حمایت بھی کرتے رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ سب کو لیول پلیئنگ فیلڈ ملے، چیف الیکشن کمشنر کی موجودگی نہ ہو، ہم الیکشن کے التواء کی طرف نہیں جائیں گے، ہم 8 فروری کو ہی شفاف انتخابات چاہتے ہیں۔

حسن رضا پاشا کا کہنا تھا کہ پاکستان بھر کے وکلا الیکشن کمیشن کے فیصلوں اور اقدامات پر نظر رکھے ہوئے ہیں، صدر سپریم کورٹ بار عمرے پر گئے ہوئے ہیں، وہ دو چار روز تک واپس آئیں گے تو ان سے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف وکلا تحریک حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔

خان کے حق میں نعرے لگنے پر خوش ہوں، سب ایک دوسرے کو محب وطن پاکستانی مانیں، بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہماری دو نسلیں انصاف مانگنے کیلئے آتی رہیں، آج تک لاہور ہائیکورٹ کو کرائم سین کی صورت میں دیکھا جاتا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ میں آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی کے حوالے سے تقریب خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ آصف زرداری کا 12 سال پہلے کا ریفرنس آج سپریم کورٹ میں سنا جارہا ہے، امید ہے قائد عوام کو اتنے سال بعد انصاف دیا جائے گا، امید ہے قائد عوام اور اس ملک کےعوام کو انصاف دیا جائے گا۔

چئیرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ چاہے وزیراعظم پی پی، ن لیگ یا پھر پی ٹی آئی سے ہی کیوں نہ ہو، عوام نے کم وسائل میں بھی محنت کرکے دکھائی کہ ہم کسی سے کم نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قائدعوام نے مسلم امہ کو لاہور میں جمع کیا اور او آئی سی اجلاس کرایا، قائد عوام نے مسلم ممالک کو سمجھایا کہ آپ کا تیل کمائی کا ذریعہ اور طاقت ہے، قائد عوام نے مسلم ممالک کو کہا تھا کہ اپنی اس طاقت کو استعمال کریں۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین میں اس وقت بھی ظلم ہورہا تھا جب ب دنیا میں لیڈرز ہوتے تھے، بھٹو نے مسلم امہ کو راضی کیا کہ فلسطین میں ظلم روکنے تک تیل نہ دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ خوف یہ نہیں تھا کہ پاکستان ایٹمی طاقت بن رہا ہے، ان کو خوف یہ تھا کہ پاکستان اٹامک بم ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آج یہاں عمران خان کے نعرے لگے تو دیکھ کر خوشی ہوئی۔ یہاں نعرے لگا رہے تھے تو پیچھے عمران خان کیلئے نعرے لگے، میں نعرے لگنے پر خوش ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس وقت سیاست میں پولرائزیشن ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا سب چورہیں میں کسی سے بات نہیں کروں گا، بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا خودکشی کرلوں گا لیکن چوروں سے بات نہیں کروں گا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سیاست میں تربیت دی جاتی ہے میرے ہو تو اچھے ہو، دوسری پارٹی سے تعلق پر تنقید کی جائے تو ایسے ملک نہیں چل سکتا، امید رکھتا ہوں ہم ایک دوسرے کو محب وطن پاکستانی مانیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ کے لیڈر سے سیاسی اختلافات رکھ سکتا ہوں، میں سیاسی کارکنوں کی عزت و احترام کرتا ہوں، سیاسی کارکن ن لیگ، پی پی یا پی ٹی آئی کا ہو سب کی عزت کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آپ کی مدد چاہیے کہ ہم یہ بخار توڑیں، ایک دوسرے کو جیل بھیجنا سیاست کی ناکامی ہے، نفرت اور تقسیم کی سیاست بانی پی ٹی آئی لے کر آئے ہیں۔

بلاول نے کہا کہ سیاسی اختلافات کو دشمنی میں نہیں بدلنا چاہیے، ہم سیاست میں رہ کر کام کریں تو کہا گیا مک مکا کرلیا۔

پاکستان سے خشک مرچوں کی پہلی کھیپ چین روانہ

 اسلام آباد: پاک چین تجارت کے حوالے سے اہم پیشرفت، پاکستان کی جانب سے چین کو خشک مرچوں کی پہلی کھیپ روانہ کردی گئی۔

نگراں وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے خشک مرچوں کی کھیپ کی روانگی کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ کامیابی ہمارے برآمد کنندگان کی صلاحیتوں کو ظاہر کرتی ہے اور پاک چین تجارتی تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہے۔

وزیر تجارت گوہر اعجاز نے کہا کہ پاکستانی اور چینی کاروباری اداروں کے درمیان مزید تعاون کے امکانات روشن ہیں۔ یہ اہم کامیابی لیٹونگ فوڈ کمپنی لمیٹڈ کی شاندار کاوشوں سے ممکن ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ چین کو پاکستانی مصنوعات کی برآمدات 20 بلین ڈالر سے تجاوز کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، ہدف کو حاصل کرنے کے لیے پاکستانی زرعی برآمد کنندگان کی جانب سے ٹھوس کوششوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ برآمد کنندگان اعلیٰ معیار کو برقرار رکھیں، پیداوار میں اضافہ کریں۔ برآمد کنندگان چینی مارکیٹ کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے موثر مارکیٹنگ کی حکمت عملیوں کو نافذ کریں۔

پشاور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی اور اے این پی وکلاء کے درمیان جھگڑا

 پشاور: پشاور ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی اور اے این پی کے وکلاء کے درمیان جھگڑا ہوگیا جس میں ایک وکیل زخمی ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملگری وکیلان نے عدالت کے خلاف احتجاج کیا جس پر ملگری وکیلان اور آئی ایل ایف ممبران آپس میں لڑپڑے، وکلاء نے ایک دوسرے پر مکوں کی برسات کردی اس دوران ملگری وکیلان کا ایک وکیل زخمی جسے اے این پی کے وکلا نے طبی امداد کے لیے بی ایچ یو منتقل کردیا۔

واقعے کے بعد معاملہ بڑھنے پر پی ٹی آئی کے وکلا نے بار روم میں پناہ لی۔

اے این پی کے وکلاء کی تنظیم ملگری وکیلان کی جانب سے پشاور ہائی کورٹ میں احتجاج کیا گیا اور الزام عائد کیا کہ مخصوص جماعت کو مقدمات میں خصوصی رعایت دی جارہی ہے، مخصوص جماعت کے رہنما لاڈلے بن کر ہائی کورٹ پہنچ جاتے ہیں، خاص سیاسی جماعت کو اتنی رعایت کیوں دی جارہی ہے؟ سوالات تو اٹھیں گے۔

صوبائی صدر ملکگری وکیلا احمد فاروق خٹک ایڈووکیٹ نے کہا کہ انصاف کے ترازو کا جھکاؤ ایک مخصوص جماعت کی طرف ہے، احتجاج کا مقصد عوام کا عدلیہ پر اعتماد بحال کروانا ہے۔

ملگری وکیلان کے صوبائی صدر فاروق احمد فاروق خٹک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کا پی ٹی آئی کی طرف جھکاؤ ٹھیک نہیں، ایمل ولی کی بات اآئے تو عدالت کہتی ہے یہ کون ہے، 3 دن میں عدالت قبلہ درست کرے بصورت دیگر صوبے بھر میں احتجاج کریں گے۔

فاروق خٹک نے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ کو سیاسی ہائی کورٹ نہ بنائیں، ایک سیاسی جماعت کو ریلیف دینے کے بجائے تمام سائلین کو یکساں ریلیف دیں۔

کراچی میں سردی مزید بڑھنے کا امکان

  کراچی: محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں سردی مزید بڑھنے کی پیش گوئی کردی۔ 

شہر بدستور بلوچستان سے آنےو الی یخ بستہ ہواؤں کی زد میں ہے، ہواؤں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 26 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی، کل سے ہواؤں کی رفتارمعتدل ہونے کی توقع ہے،سرد ہواوں کی وجہ سےزیادہ سے زیادہ درجہ حرارت گذشتہ روز کے مقابلے میں ایک ڈگری گرگیا،آج پارہ مزید گرنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہرمنگل کو دوسرے روز بھی کوئٹہ  سے آنے والی سرد ہواؤں کی لپیٹ میں ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرقی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتارابتدامیں 18 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ بعدازاں 26کلومیٹرتک بڑھی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق  بدھ  سےخنک/ سرد ہواؤں کی رفتار میں بتدریج کمی ہونے کی توقع ہے،منگل کی صبح کم سے کم پارہ 15.2 ڈگری ریکارڈ ہوا،صبح کے وقت ہلکی دھند کی وجہ سے حد نگاہ متاثر ہوکر 3 کلومیٹر ریکارڈ ہوئی۔

سرد ہواؤں کی وجہ سے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت گذشتہ روز کے مقابلے میں ایک ڈگری کمی سے 25.8ڈگری ریکارڈ ہوا۔ پیرکوزیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26.7ڈگری ریکارڈ ہواتھا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ سردہواؤں کی لہرمغربی سسٹم کے نتیجے میں ہے جبکہ بدھ کو درجہ حرارت میں مزید کمی متوقع ہے۔

ایک ہفتے میں زائرین کی ریکارڈ تعداد میں روضہ رسولؐ پر حاضری

مدینہ منورہ: ایک ہفتے کے دوران زائرین کی ریکارڈ تعداد نے روضہ رسولؐ پر حاضری کی سعادت حاصل کی۔

سعودی گزٹ کے مطابق مسجد نبوی کے امور کی نگرانی کرنے والی جنرل اتھارٹی نے بتایا ہے کہ 8 سے 15 دسمبر 2023 کے درمیان تقریباً 51 لاکھ 19 ہزار زائرین نے روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری دی۔

اتھارٹی کے مطابق 15 ہزار 295 بزرگوں اور خصوصی ضروریات کے حامل افراد نے نامزد سائٹوں تک رسائی حاصل کی جبکہ مختلف زبانوں میں ترجمہ کی خدمات کو مختلف قومیتوں کے 87 ہزار446 افراد نے استعمال کیا۔

اس کے علاوہ مسجد کی لائبریری نے 13 ہزار 584 زائرین کو اپنی جانب راغب کیا۔ 4 ہزار 783 لوگوں نے نمائشوں اور عجائب گھروں کی تلاش کی اور 8 ہزار 638 نے فون سروسز ودیگر مواصلاتی ذرائع کا استعمال کیا۔

اتھارٹی نے زمزم کے پانی کی 111,600 سے زیادہ بوتلیں اور 92,992 افطار باکس تقسیم کیے۔ نمازیوں اور زائرین میں 42 ہزار 125 تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔

دریں اثنا العربیہ نیوز کے مطابق ایرانی عمرہ زائرین کی بڑی تعداد میں سعودی عرب آمد کا سلسلہ جاری ہے اور آئندہ ماہ 85 ہزار ایرانی زائرین عمرہ ادا کرنے سعودی عرب پہنچیں گے۔

ایرانی عمرہ زائرین کی بڑی تعداد 2 جنوری کو جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترے گی۔ وہاں سے ایرانی عمرہ زائرین مدینہ منورہ جائیں گے اور عمرہ ادائیگی کے لیے مکہ معظمہ واپس آئیں گے۔

ٹکٹ کے معاملے پر جھگڑا، نواز شریف نے باپ بیٹے میں صلح کروادی

 لاہور: مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے ٹکٹ کے معاملے پر ہونے باپ اور بیٹے میں ہونے والی لڑائی ختم کروا کے دونوں میں صلح کروادی۔

تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کے لئے مسلم لیگ ن فیصل آباد کے امیدواروں کی ٹکٹیں فائنل کرنے کے لئے لاہور میں ہونے والے اجلاس میں میاں نواز شریف نے سابق ایم این اے میاں محمد فاروق اور ان کے بیٹے میاں معظم فاروق کے درمیان صلح کرا دی۔

سابق ایم این اے میاں محمد فاروق مسلم لیگ ن کے دیرینہ کارکن ہیں جبکہ ان کے بیٹے میاں قاسم فاروق مسلم لیگ ن فیصل آباد ضلع کی تنظیم کے صدر ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے این اے 99 فیصل آباد پانچ سے ٹکٹ کے لئے لیگی قیادت کو درخواست دے رکھی ہے جبکہ میاں معظم فاروق سابق چئیرمین ضلع کونسل ہیں انہوں نے بھی اسی حلقے سے پارٹی سے قومی اسمبلی کا ٹکٹ مانگا ہے۔

دونوں آج مسلم لیگ ن کے لاہور میں ہونے والے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں شریک تھے۔

میاں نواز شریف نے میاں معظم فاروق کو ہدایت کی کہ وہ اپنے والد میاں فاروق سے معذرت کریں۔ ان کی قدموں کو چھوئیں اور اپنے لئے دنیا و آخرت میں آسانیوں کے طلب گار ہوں۔

میاں معظم فاروق معذرت کے لئے اپنے والد کے پاس گئے اور معافی مانگی جس پر میاں فاروق نے اُن کی معافی کو قبول کیا اور معظم فاروق کے سر پر بوسا بھی دیا۔

ایرانی وزیر خارجہ کی پاکستانی حکام سے ملاقات، تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کا عزم

پاکستان اور ایران تعلقات میں نیا موڑ آگیا، ایرانی وزیرخارجہ امیر عبدالہیان نے پاک ایران تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ امیر عبدالہیان سے پاکستان کے سفیر مدثر ٹیپو نے ملاقات کی، پاکستانی سفیر نے اسناد سفارت کاری ایرانی وزیرخارجہ کے حوالے کیے۔

ایرانی وزیرخارجہ نے پاک ایران تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات میں بلندیوں کو کوئی حد نہیں۔

ملاقات میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے راسک حملے کی شدید مذمت کی۔

پاکستان کے سفیر نےغزہ کی خوفناک صورتحال کو اجاگر کرنے میں ایران کے کردار کو سراہا۔

ملاقات میں دونوں ممالک نے مل کرعلاقائی امن واستحکام کے لیے کام کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔

بنگلادیش؛ مسافر بردار ٹرین میں آتشزدگی سے 4 افراد ہلاک

ڈھاکا:  بنگلادیش کے دارالحکومت میں مسافر بردار ٹرین کی ایک بوگی میں لگنے والی آگ میں بری طرح جھلس کر 4 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلادیشن کے شمالی ضلع نیتروکونا سے دارالحکومت ڈھاکا جانے والی مسافر بردار ٹرین میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس میں ماں اور 4 سالہ بیٹا سمیت 4 افراد ہلاک ہوگئے۔

آگ سے 5 سے زائد مسافر زخمی بھی ہوئے جب کہ دھواں بھرنے کے باعث 4 کی حالت نازک ہوگئی جنھیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

تاحال آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی لیکن مہنگائی اور بیروزگاری کیخلاف اپوزیشن جماعت ملک گیر احتجاج جاری ہے اور اس دوران جلاؤ گھیراؤ کے واقعات بھی ہوئے اور املاک کو نذر آتش بھی کیا گیا۔

ڈھاکا ریلوے پولیس کے سربراہ انور حسین نے آتشزدگی کا الزام اپوزیشن جماعت پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ہفتے میں ٹرین پر یہ دوسرا مشتبہ حملہ ہے جس میں ممکنہ طور پر بنگلادیش نیشلسٹ پارٹی کے کارکن ملوث ہیں۔

یاد رہے کہ حسینہ واجد کے ایک دہائی سے زائد عرصے کے دور حکمرانی میں اپوزیشن لیڈر خالدہ ضیا سمیت تمام ہی سرکردہ رہنما جیل میں قید ہیں۔