پاکستان کے حذیفہ ابراہیم یو ایس اوپن انڈر 19 اسکواش چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئے

  کراچی: پاکستان کے حذیفہ ابراہیم یو ایس اوپن انڈر 19 اسکواش چیمپئن  شپ کے فائنل میں پہنچ گئے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق امریکا کے شہر فلاڈیلفیا میں جاری چیمپین شپ کے سیمی فائنل میں پاکستان آرمی سے تعلق رکھنے والے حذیفہ ابراہیم نے ایکوا ڈور کے جیوئیر ایمیلو رومو لوپز کو باآسانی 0-3 سے شکست دی۔

ٹائٹل کے لیے حذیفہ ابراہیم کا مقابلہ ٹاپ سیڈ بھارتی نژاد امریکی کھلاڑی رشی سری واستاوا سے ہوگا۔ کوارٹر فائنل میں حذیفہ نے ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ کولمبیا کے جیوان اریساری  کو سخت مقابلے کے بعد 2-3 سے قابو کیا تھا۔

آئی پی ایل 2024 کیلئے کھلاڑیوں کی نیلامی کا آغاز

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2024 کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی آج سے دبئی میں شروع ہوگئی۔

گزشتہ دنوں آئی پی ایل کے کھلاڑیوں کی نیلامی کے لیے روسٹر جاری کیا گیا تھا جس میں 333 کرکٹرز شامل ہیں۔

ان مجموعی 333 کھلاڑیوں میں سے 214 بھارتی اور 119 غیر ملکی کھلاڑی ہیں جن میں سے 2 کھلاڑی ایسوسی ایٹ ممالک سے ہیں۔

آئی پی ایل آکشن میں کیپڈ کھلاڑیوں کی تعداد 116 جب کہ اَن کیپڈ کھلاڑیوں کی تعداد 215 ہے اور 2 کھلاڑیوں کا تعلق ایسوسی ایٹ ممالک سے ہے۔

اب زیادہ سے زیادہ 77 سلاٹ دستیاب ہیں جن میں سے 30 غیر ملکی کھلاڑیوں کے لئے مختص کیے گئے ہیں۔

دو کروڑ بھارتی روپے سب سے زیادہ ریزرو قیمت ہے جس میں 23 کرکٹرز کو بریکٹ میں رکھنے کا انتخاب کیا گیا ہے۔

نیلامی کی فہرست میں 13 کھلاڑی ہیں جن کی بنیادی قیمت ڈیڑھ کروڑ روپے ہے، نیلامی مقامی وقت کے مطابق صبح 11:30 بجے سے جاری ہے۔

آئی پی ایل کیا ہے؟

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ٹی ٹوئنٹی مینز کرکٹ لیگ ہے جو ہر سال بھارت میں منعقد ہوتی ہے اور اس میں 10 فرنچائز ٹیمیں حصہ لیتی ہیں۔

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے 2007 میں لیگ کا آغاز کیا تھا، آئی پی ایل ہر سال عام طور پر ہر سال مارچ اور مئی کے درمیان موسم گرما میں منعقد ہوتا ہے۔

2023 کی چیمپیئن چنئی سپر کنگز ہے جس نے احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں فائنل میں گجرات ٹائٹنز کو شکست دی تھی۔

حکومت قانون کے تحت کسی پر بھی پابندی لگاسکتی ہے، نگراں وزیر اعظم

 کوئٹہ: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ تشدد کو جواز بنا کر اُسے انسانی حقوق کا نام دینا کسی صورت قابل قبول نہیں ہے، حکومت قوانین کے تحت کسی پر پابندی لگا سکتی اور اُسے ختم کرسکتی ہے۔

کوئٹہ میں طلبا سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ  معاشرے میں زبان، مذہب اور نسل کے نام پر گروہ بنانے والے جواز پیش کرتے ہیں مگر جواز کوئی نہیں ہے، تشدد کو جواز بنانے اور آواز اٹھانے کیلیے آئین نے قومی و صوبائی اسمبلی کے الیکشنز لڑنے کی اجازت دی ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ آٹھ فروری کو الیکشن ہورہے ہیں، جس کیلیے تمام شہری کاغذات نامزدگی جمع کرواسکتے ہیں اور کسی پر کوئی پابندی نہیں ہے، وہاں سیاسی طور پر منتخب ہوکر جائیں اور پھر اپنے مسائل پر ایک فورم پر بھرپور انداز سے آواز اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ تشدد کو جواز کی بنیاد پر تسلیم کرنا ہے یا نہیں اس کا فیصلہ ریاست کرے گی، کالعدم تنظیم کے لوگ تشدد اور قتل و غارت کرتے تھے، بی ایل اے اور بی ایل ایف بھی یہی کرتی ہے۔

نگراں وزیر اعظم نے نوجوان بالاچ قتل کا نام لیے بغیر کہا کہ ’ابھی ایک شخص ہلاک ہوا جس کی تحقیقات ہورہی ہیں مگر کوسٹل ہائی وے پر 15 لوگ جل گئے تھے، اُن پر کسی نے آواز نہیں اٹھائی‘۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ رحیم یار خان سے مزدور آئے تھے، انہیں حفاظت کیلیے تھانے میں رکھا گیا تھا، دہشت گردوں نے پولیس اور مزدوروں کو قتل کیا مگر کسی نے اُس واقعے پر انسانی حقوق کی آواز نہیں اٹھائی، کیا انسانی حقوق کیلیے مخصوص ہونا ضروری نہیں ہے۔

نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ ’حکومت کے پاس بہت ساری معلومات ہیں اور وہ قانون کے تحت میڈیا میں اظہار کی اجازت دینے یا نہ دینے کا استحقاق رکھتی ہے، میڈیا کو آزادی اظہار رائے بھی ایک قانون کے تحت ہی حاصل ہے‘۔

انوار الحق کاکڑ نے اس موقع پر اسامہ بن لادن اور ایمن الظواہری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں کیوں آکسفورڈ میں نہیں بلایا گیا؟ اسلیے کہ ہر چیز کے قوانین ہوسکتے ہیں۔

نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ قوانین کے تحت ہم کسی پر پابندی لگا سکتے اور ختم کرسکتے ہیں، نہ ہم ولن ہیں اور نہ ہی انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے ہیرو ہیں۔

صنم جاوید کا جیل سے مریم نواز کے مقابل الیکشن لڑنے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ صنم جاوید نے جیل سے الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا۔

صنم جاوید کے والد جاوید اقبال نے میڈیا کو بتایا کہ وہ لاہور سے صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 150 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گی۔

والد نے بتایا کہ صنم جاوید مریم نواز کے مدمقابل ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ ’صنم جاوید 100 فیصد الیکشن لڑیں گی اور پارٹی نے بھی کنفرم کر دیا ہے کہ آپ کاغذات نامزدگی جمع کریں۔ صنم جاوید مریم نواز کے مقابلے میں الیکشن لڑیں گی۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ صنم جاوید کے الیکشن میں حصہ لینے کے لیے متعلقہ دستاویزات اکٹھی کررہے ہیں، میں صنم جاوید کے کاغذات نامزدگی حاصل کروں گا۔

جاوید اقبال نے بتایا کہ صنم جاوید پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گی، اور خواتین کی مخصوص نشستوں پر بھی کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گی۔

صنم کے والد کا کہنا تھا کہ میں چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف الیکشن کمیشنر سے درخواست کرتا ہوں کہ مجھے صنم جاوید کے پاور آف اٹارنی پر دستخط کی اجازت دی جائے۔

جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ میری بیٹی اس وقت بہت پاپولر ہے اور ہمیں جیت کی امید ہے۔

عثمان ڈار کے گھر پولیس کا چھاپہ، والدہ سے مبینہ بدتمیزی

سیالکوٹ: ڈار برادران کے گھر پولیس نے چھاپہ مارا اور ڈار برادران کی والدہ کا ویڈیو بیان بھی سامنے آ گیا، ویڈیو میں عثمان ڈار کی والدہ کا گریبان پھٹا ہوا ہے۔

عمر ڈار نے کہا کہ آج پھر میری بوڑھی والدہ کے ساتھ بدتمیزی کی انتہاء کر دی گئی۔

والدہ عثمان ڈار نے کہا کہ خواجہ آصف کے ایما پر میرے گھر پر چھاپہ مارا گیا، میرے ساتھ بد سلوکی کی انتہاء کر دی گئی، میرا گریبان پھاڑ کر مجھے زدو کوب کیا گیا، گھر میں موجود خواتین کے کپڑے پھاڑے گئے، یہ سب کچھ خواجہ آصف کے ایماء پر ہوا اور مجھے الیکشن لڑنے سے روکنے کیلئے کیا گیا، لیکن میں ہر صورت الیکشن لڑوں گی، یہ میرے دل کا فیصلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس صاحب میں بطور والدہ آپ سے انصاف چاہتی ہوں، مجھے انصاف دیں، میرا گھر بلڈوزر سے بھی گرا دیں تب بھی خواجہ آصف کا مقابلہ کروں گی، ہتھ کڑیاں لگا دیں چاہے جیل بھیج دیں ، ہر صورت الیکشن لڑوں گی۔

پاکستانی کرکٹر فاطمہ ثناء کا سُپرسمیش ٹی 20 کے لیے نیوزی لینڈ میں معاہدہ

پاکستانی کرکٹر فاطمہ ثناء نے نیوزی لینڈ میں کینٹیبری میجیشنزسےمعاہدہ کیا ہے۔

فاطمہ ثناء خواتین سپرسمیش ٹی20 میں کینٹیبری میجیشئینز کی نمائندگی کریں گی۔

قومی ٹیم کے ساتھ دورہ نیوزی لینڈ کیلئے وہاں موجود فاطمہ کو ابتدائی 6 میچز کیلئے سائن کیا گیا ہے۔

فاطمہ ثناء کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ میں ٹی ٹوئنٹی لیگ کھیلنا میرے لیے اچھا موقع ہے، میں اپنی ٹیم کیلئے بھرپور کردار ادا کرنے کی کوشش کروں گی۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے فاطمہ ثناء کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ میں ٹی 20 لیگ کھیلنا میرے لیے اعزاز ہے۔ اپنی ٹیم کی جیت کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کی کوشش کروں گی۔

فاطمہ ثناء اس سے پہلے کیریبین پریمیئر لیگ بھی کھیل چکی ہیں۔

عام انتخابات: ملک میں کاغذات نامزدگی فارم کا اجراء شروع

راولپنڈی: عام انتخابات 8 فروری 2024 کے لیے ملک بھر میں کاغذات نامزدگی فارم کا اجراء شروع کر دیا گیا۔

آئندہ انتخابات کے لیے ضلع راولپنڈی کی 7 قومی ور 14 صوبائی سیٹوں کے لیے کاغذات نامزدگی فارم کا اجراء شروع ہوگیا ہے جس سے انتخابی گہما گہمی بھی شروع ہوگئی۔

راولپنڈی کی 7 قومی اور 14 صوبائی سیٹوں کے لیے 21 ریٹرننگ وار 43 اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران ہیں۔

پہلے روز اب تک 39 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی فارم امیدواروں نے وصول کر لیے ہیں۔ کاغذات نامزدگی کے لیے 100 روپے فیس مقرر ہے جبکہ شناختی کارڈ ہونا بھی لازمی ہے۔

تمام ریٹرننگ افسران کے دفاتر کے باہر سیکیورٹی سخت کر دی گئی، ریٹرننگ افسران کے دفاتر کے 100 میٹر اطراف پر ریلی، نعرہ بازی، جلسہ جلوس وار اسلحہ لہرانے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

دوسری جانب، الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی کے لیے ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔

فلم اینیمل میں بوبی دیول کی اہلیہ کا پاکستان سے کیا تعلق ہے؟

ممبئی: بالی ووڈ کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی سپر ہٹ فلم اینیمل میں اداکاربوبی دیول کی بیوی کا کردار نبھانی والی اداکارہ کا پاکستان سے تعلق نکل آیا۔

بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں رنبیرکپور اور بوبی دیول کی سپر ہٹ فلم اینیمل میں بوبی دیول کی دوسری بیوی کا کردار ادا کرنے والی شفینا شاہ نے انکشاف کیا کہ ان کا تعلق پاکستان ہے۔

شفینا شاہ نے بتایا کہ وہ خود انگلینڈ میں پیدا ہوئیں تاہم ان کی والدہ عطیہ شاہ کا پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے علاقے کوہاٹ سے تعلق رکھتی ہیں۔
شفینا شاہ کے والدین بھی شوبز انڈسٹری سے وابستہ ہیں اور وہ اپنے والدین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہی فلم انڈسٹری میں داخل ہوئیں۔ شفینا شاہ کئی برسوں سے بحیثیت اداکارہ، ماڈل اور ٹی وی پریزینٹر کام کر رہی ہیں اور انہوں نے ایک اشتہار میں شاہ رخ خان کے ساتھ بھی کام کیا ہے۔

اس سے قبل شفینا شاہ ایک پاکستانی شارٹ فلم ’لاہور ٹو لندن‘ میں بھی کام کر چکی ہیں ۔

عام انتخابات میں کسی جماعت کے ساتھ اتحاد نہیں کریں گے، چئیرمین پی ٹی آئی

پشاور ہائیکورٹ میں پیش ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی چئیرمین بیرسٹرگوہر علی خان کا کہنا ہے کہ انتخابی نشان ہم سے لینا عوام کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کیس پر ہائیکورٹ میں 21 دسمبر کو دلائل ہوں گے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ میرٹ پر فیصلہ نہ ہونے کی وجہ سے معاشرہ خراب ہوتا ہے، پاکستان کے 70 فیصد عوام پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کسی خاص فورم کو ریلیف نہیں مل رہا، عدلیہ آزاد ہے، پشاور ہائیکورٹ کا بہت اہم کردار ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ پر ہمیں بھروسہ ہے، پشاور ہائیکورٹ میں اس لیے آئے کیونکہ انتخاباب کے نتائج کا اعلان یہاں سے ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اگر ڈی سی، آر اوز ہوں تو وہ حکومت کا حصہ ہیں جو شفاف نہیں رہی، ہمارا خدشہ بجا ہے اس لئے عدلیہ سے الیکشن کروائے جائیں۔

پی ٹی آئی چئیرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ عام انتخابات میں کسی جماعت کے ساتھ اتحاد نہیں کریں گے، وکلاء کو ٹکٹس ضرور دیں گے لیکن حتمی فیصلہ بانی چئیرمین ہی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات کی صورت میں پی ٹی آئی ہی جیتے گی۔

الیکشن کو کسی صورت ڈی ریل نہیں ہونے دینگے، سپریم کورٹ

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے انتخابات مؤخر کرانے کی ایک اور درخواست مسترد کردی، درخواست میں انتخابی حلقہ بندی پر اعتراضات اٹھائے گئے تھے۔

قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی۔

قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود نے ریمارکس دیے کہ عام انتخابات کی تاریخ آنے سے ملک میں تھوڑا استحکام آیا ہے، کیا آپ ملک میں استحکام نہیں چاہتے؟ عام انتخابات کی تاریخ آنا کوئی معمولی بات نہیں۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ انتخابی حلقہ بندی کے حوالے سے غلط فیصلہ کیا گیا۔

جسٹس منصور شاہ نے وکیل درخواستگزار سے کہا کہ الیکشن پروگرام جاری ہو چکا اب کچھ نہیں ہو سکتا، انفرادی درخواستوں پر فیصلہ دینے لگ گئے تو الیکشن عمل متاثر ہوگا، ایسی درخواستوں پر عام انتخابات کیلئے 8 فروری کی تاریخ کو ڈسٹرب نہیں کرینگے، اگر آپ انتخابات وقت پر نہیں چاہتے تو عدالت میں بیان دیں، الیکشن کو کسی صورت ڈی ریل نہیں ہونے دینگے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ انتخابات میں کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہیے، کسی کو الیکشن تاخیر کا شکار کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔

سپریم کورٹ نے بلوچستان کے حلقہ پی بی 12 میں حلقہ بندی سے متعلق نظرثانی درخواست خارج کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد انتخابی حلقہ بندیاں تبدیل نہیں ہو سکتی۔

واضح رہے کہ درخواست گزار امیر خان نے بلوچستان ہائی کورٹ فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ رجوع کیا تھا۔