نو مئی جلاؤ گھیراؤ مقدمات: شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانتیں بحال کرانے کی درخواست خارج

لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے نو مئی جلاؤ گھیراؤ کے چھ مقدمات میں شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانتیں بحال کرانے کی درخواست خارج کردی۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کیس کی سماعت کی۔

شاہ محمود قریشی کی جانب سے عبوری ضمانتیں بحال کرنے کی استدعا کی گئی۔

تاہم، عدالت نے شاہ محمود قریشی کے وکیل کی عدم پیروی پر درخواست خارج کردی۔

ہم سے کوتاہیاں ہوئی ہیں لیکن ہماری نیت بری نہیں، نگراں وزیراعظم

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ م سےکوتاہیاں ہوئی لیکن ہماری نیت بری نہیں ہے۔

کوئٹہ میں ایک تقریب سے خطاب میں انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ہزارگی زبان میں نشریات شروع کرنے پر خوشی ہے، اس خطے میں پشتو، بلوچی، ہزارگی، فارسی زبانیں موجود ہیں، ایک اور زبان کو قومی سطح پر اجاگر کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں میڈیا صنعت کو فروغ دینا ترجیح ہے، آج میڈیا کے ذریعے دنیا سمٹ گئی، ہزارہ برادری کی تاریخ بہت قدیم ہے، ہزارویوں نے اپنے نئے سفر کا آغاز 1947 میں ہمارے ساتھ ہی کیا تھا۔

انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ بدقستمی سے ہمارے ہاں ایک خونی دور بھی آیا، ہزارہ برادری نے دہشت گردی کا ہمت اور حکمت سے سامنا کیا، ہم سے کوتاہیاں ہوئی ہیں لیکن ہماری نیت بری نہیں، ہمارے اور ہزارہ برادری کے حقوق میں تفریق نہیں یے جب کہ یہاں تمام عقائد سے تعلق رکھنے والے افراد دہشت گردوں کا شکار ہوئے۔

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کا مقابلہ اس وقت کیا جا سکتا ہے جب ہم اورآپ متحد ہوں گے، ہم اس دہشت گردی کے خلاف بھرپور لڑائی لڑ کر فتح یاب ہوں گے کیونکہ امن ہوگا تو ہی معاشرہ ترقی کرے گا۔

سپریم کورٹ کے ایڈہاک جج محمد الغزالی انتقال کر گئے

سپریم کورٹ آف پاکستان کے ایڈہاک جج محمد الغزالی انتقال کر گئے۔

مرحوم جج محمد الغزالی کی نمازِ جنازہ آج ادا کی جائے گی اور انہیں سہ پہر 3 بجے اسلام آباد کے ایچ 11 قبرستان میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔

محمد ال غزالی سپریم کورٹ کے ایڈہاک جج جب کہ سپریم کورٹ کے شریعت اپیلیٹ بنچ کے رکن تھے۔

’ناراض پھپو‘ ماہرہ سے معافی مانگنے کے مطالبے پر خلیل الرحمان تنقید کی زد میں

پاکستان کے مقبول مصنف خلیل الرحمان قمر کو پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان سے متعلق متنازع گفتگو مہنگی پڑ گئی۔

احمد علی بٹ کے پوڈ کاسٹ میں خلیل الرحمان نے ماہرہ خان سے اپنے غصے اور نفرت کی وجہ کا انکشاف کیا تھا۔

اداکارہ سے متعلق خلیل الرحمان قمر نے کہا کہ ’میں ماہرہ سے ناراض نہیں ہوں، مجھے ان کی ایک عادت سے شدید نفرت ہوگئی ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ناراض تو انسان کسی سے بھی ہوجاتا ہے، جو کہ آگے چل کر بعد میں ختم بھی ہوجاتی ہے لیکن نفرت کبھی ختم نہیں ہوتی‘۔

انہوں نے ماہرہ خان سے معافی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’نفرت ختم ہونے کیلئے ماہرہ کیلئے ضروری ہے کہ وہ مجھ سے معافی مانگے‘۔

خلیل الرحمان قمر نے مزید کہا تھا کہ ’میرا اور ماہرہ کا ایک عزت کا رشتہ تھا۔ میں اس کا اتنا احترام کرتا تھا کہ شاید ہی میں نے کسی ہیروئن کا کیا ہوگا‘۔

ماہرہ خان سے متعلق اس گفتگو کے بعد سے خلیل الرحمان قمر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

ایک صارف کا کہنا تھا کہ ’اس (خلیل الرحمان) کو ماہرہ سے توجہ چاہئیے‘۔

ایک صارف نے لکھا کہ ’صبا، ماہرہ، مہوش۔۔ کوئی رہ تو نہیں گیا جس سے انہیں مسئلہ نہ ہو‘۔

ایک صارف نے تو مصنف کو ’مردانہ انا‘ کہہ ڈالا۔

ایک صارف نے ان کو مذاق کہہ ڈالا۔

ایک نے معافی کے مطالبے پر تنقید کی۔

خلیل الرحمان کی باتیں سُن کر ایک چلپبلے صارف نے انہیں ’ناراض پھپو‘ کہہ ڈالا۔

خواہش تھی 100 ٹیسٹ کھیلتا لیکن ریٹائرمنٹ کا افسوس نہیں، اظہر علی

  کراچی: پاکستان کے سابق ٹیسٹ کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ میری خواہش تھی کہ ٹیسٹ کرکٹ میں 100 میچز مکمل کرتا تاہم 97 میچز کے بعد ریٹائرمنٹ کا کوئی افسوس نہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دینے کے بعد پی سی بی کے تحت جاری پریزیڈنٹ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں 49 ویں فرسٹ کلاس سینچری اسکور کرنے والے 38 سالہ اظہر علی کا کہنا ہے کہ میری ٹیسٹ کرکٹ سے رخصتی زیادہ بہتر انداز میں ہو سکتی تھی لیکن مجھے کسی بات کا غم نہیں۔

اظہر علی نے کہا آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شکست پر انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے کھلاڑیوں سے آئندہ  اچھی توقعات ہیں، میلبرن کے گراؤنڈ سے پاکستان کی بہت اچھی یادیں وابستہ ہیں۔ ماضی میں اسی میدان پر قومی ٹیم  نے ہمیشہ اچھا کھیل پیش کیا اور شاندار فتوحات اپنے نام کیں۔

انہوں نے کہا میلبرن ٹیسٹ میں بابراعظم، امام الحق اور  عبداللہ شفیق سے بہت توقعات ہیں۔ اس بات کا امکان ہے کہ ان بہترین بیٹرز میں سے کوئی میری طرح میلبرن کے میدان پر ڈبل سنچری اسکور کرنے میں کامیاب رہے گا۔

سابق کپتان کا مزید کہنا تھا کہ میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ضرور ہوا ہوں لیکن جب تک خود کو فٹ محسوس کروں گا کرکٹ کھیلتا رہوں گا۔ چاہتا ہوں کہ آنے والے کھلاڑیوں کو اپنا تجربہ منتقل کروں۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے میں نہروں کی بھل صفائی پراجیکٹ کی منظوری دے دی

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب میں 15300 میل طویل نہروں کی بھل صفائی پراجیکٹ کی منظوری دے دی جبکہ محسن نقوی نے تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن سے پہلے دی گئی ڈیڈلائن میں بھی 24 گھنٹے کی توسیع کردی۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا، جس میں نہروں کی بھل صفائی پراجیکٹ کی منظوری دے دی گئی۔

بھل صفائی کا طریقہ کار وضع کرنے کے لیے چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹریز آبپاشی، زراعت اور مائنز پر مشتمل کمیٹی بھی قائم کر دی گئی، سیکرٹری آبپاشی واصف خورشید نے 10 سال بعد ہونے والی بھل صفائی پر بریفنگ دی۔

سیکرٹری آبپاشی واصف خورشید نے بریفنگ دی دیتے ہوئے بتایا کہ پہلے مرحلے میں منگلا ڈیم کی نہریں 26 دسمبر سے 13 جنوری تک بند ہوں گی، دوسرے فیز میں تربیلا ڈیم کی نہریں 13 جنوری سے 31 جنوری تک بند رکھی جائیں گی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ 26 دسمبر سے پنجاب میں نہروں کی بندش کے بعد تین فیز میں بھل صفائی شروع کی جائے گی، جنوری کے پہلے ہفتے سے صوبہ بھر میں بھل صفائی کا باقاعدہ آغاز ہو گا، صوبہ بھر میں LIMS بھل صفائی کی صورتحال کے سیٹلائٹ امیج مہیا کرے گا، ایری گیشن مانیٹرنگ ایپ پر روزانہ 10 بجے ڈیٹا اپ لوڈ ہو گا۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ بھل صفائی کے دوران پانی چوری کے لیے غیر قانونی چینل ملنے پر پولیس مقدمہ درج کر کے کارروائی کرے گی۔

اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ بھل صفائی کی تکمیل سے 3 سے 4 لاکھ ایکڑ اراضی کو پانی میسر ہو گا، مہم کے دوران پانی چوری کے لیے غیر قانونی چینل ملنے پر مقدمات درج کرائے جائیں گے۔

صوبائی وزیر عامر میر، چیئرمین پی اینڈ ڈی، ایڈیشنل آئی جی، سیکرٹری زراعت، سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، کمشنر اور دیگر حکام اجلاس میں موجود تھے۔

دوسری جانب نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کے لیے دی گئی ڈیڈلائن میں 24 گھنٹے کی توسیع کردی۔

محسن نقوی نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن بدھ کی صبح شروع کیا جائے گا، کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی، تجاوزات کرنے والوں کو 24 گھنٹے مزید دے رہے ہیں تاکہ وہ خود تجاوزات ہٹا دیں اور قانونی کارروائی سے بچ سکیں۔

ایل این جی معاہدے سے بھاگنے والی 2 غیرملکی کمپنیوں کیخلاف پاکستان کے دعوے پر سماعت آئندہ ماہ متوقع

پاکستان معاہدے کے باوجود ایل این جی نہ دینے کے معاملے پر 2 غیرملکی کمپنیوں گنور (Gunvor) اور انی (Eni) کے خلاف عالمی ثالثی عدالت پہنچ گیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کی درخواست پر عالمی ثالثی عدالت لندن میں آئندہ ماہ کیس کی سماعت ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ غیرملکی کمپنی کی طرف سے معاہدے کے مطابق ایل این جی سپلائی نہیں کی گئی تھی اور ایل این جی نہ ملنے سے پاکستان کو کروڑوں ڈالرز کا نقصان ہوا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ غیرملکی کمپنی کے ساتھ 2022 تک ایل این جی فراہمی کا 5 سال کا معاہدہ تھا، غیرملکی کمپنی کے ساتھ معاہدہ برینٹ قیمت کے 11.62 فیصد کے برابر تھا، ایل این جی کارگوز منسوخی سے پاکستان کو مہنگی ترین ایل این جی خریدنی پڑی۔

ذرائع کے مطابق غیرملکی کمپنی نے کارگوز پاکستان کو دینے کے بجائے بھاری منافع پر امیر ملکوں کو بیچے، ایل این جی معاہدے کی خلاف ورزی پر پاکستان نے عالمی ثالثی عدالت سے رجوع کیا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستان نے 10 کارگوز کے لیے 2 غیرملکی کمپنیوں سے معاہدے کیے تھے، دونوں غیرملکی کمپنیوں نے معاہدے کے مطابق پاکستان کو کارگوز نہیں دیے، دوسری غیرملکی کمپنی سے منسوخ کارگوز کی فراہمی سے متعلق بات چیت جاری ہے اور دوسری غیرملکی کمپنی اپنے حصے کے کارگوز کی فراہمی کے پاکستان کے مطالبے پر غور کررہی ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ دوسری غیرملکی کمپنی کے ساتھ 2032 تک 15سال کا ایل این جی معاہدہ ہے اور یہ برینٹ قیمت کے 12.14 فیصد پر معاہدہ تھا، دوسری غیرملکی کمپنی کے خلاف فی الحال پاکستان نے عالمی ثالثی عدالت سے رجوع نہیں کیا۔

انضمام کے بعد انتخابات، ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت کا اصل امتحان شروع

  کراچی:  ایم کیوایم پاکستان میں پاک سرزمین پارٹی اور فاروق ستار کے انضمام کے بعد انتخابات کے حوالے سے  قیادت کا اصل امتحان شروع ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق عام انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم میں 5 فروری کی تاریخ دہرائی جاتی ہے یا باہمی مشاورت سے متحد ہوکر ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے الیکشن میں حصہ لیا جائیگا؟

الیکشن میں حتمی امیدواروں کے ناموں کے لئے متحدہ پاکستان کی قیادت سرجوڑ کر بیٹھ گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کی اہم نشستیں جوماضی میں ایم کیو ایم کے پاس تھیں اُس پر قیادت کے اہم رہنماؤں کا حصہ لینے کا امکان ہے تاہم اس سلسلے میں مشاورتی عمل جا ری ہے۔

ایم کیو ایم کے انتہائی قابل اعتماد ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم پاکستان کا اصل امتحان اب شروع ہوا ہے کیونکہ ایم کیوایم میں پاک سرزمین پارٹی اور پی آئی بی گروپ ضم ہونے کے بعد تینوں فریق اپنے اپنے امیدوار لانے کیلیے سرگرم ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں اب الیکشن میں کس کو ٹکٹ ملتا ہے یہ آنے والے چند روز میں واضح ہوجائے گا۔ ایم کیوایم کی قیادت امیدواروں کے انٹرویوز کررہی ہے جس میں سے کچھ کو بطور امیدوار شارٹ لسٹ بھی کیا گیا ہے تاہم اب حتمی ناموں کے لئے قیادت سرجوڑ کر بیٹھ گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ایم کیوایم کی اعلیٰ قیادت کے درمیان دو بڑی بیٹھکیں ہوئیں جن میں امیدواروں کے حتمی ناموں کے حوالے سے مشاورت کی گئی لیکن دو نشستیں نیتجہ خیز ثابت نہیں ہوئی۔

ایم کیو ایم پاکستان کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ امیدواروں پر اعتراضات سامنے آ ئے جبکہ کچھ ناموں پر اتفاق بھی پایا گیا، ایم کیوایم کی جانب سے مضبوط گڑھ تصور کئے جانے والے حلقوں میں اہم رہنماؤں کو ٹکٹ دئیے جانے کا امکان ہے جبکہ نوجوانوں کو بھی ٹکٹ دینے پر غور جاری ہے۔

اس سلسلے میں ایم کیو ایم قیادت کے مزید اجلاس ہوں گے اور حتمی ناموں کا اعلان آئندہ  چند دنوں میں کیا جائے گا، امیدواروں کے ناموں کا اعلان جنرل ورکرز اجلاس میں کیا جائے گا۔

انتخابات میں التوا یا ان کی شفافیت پر حملہ ملک کے مفاد میں نہیں،عمران خان

 اسلام آباد: بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ووٹ ہمارا بنیادی دستوری، قانونی اور جمہوری حق ہے، کارکنان اور عوام 8 فروری کے انتخابات کی تیاری کریں۔ 

کورکمیٹی کے توسط سے بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کارکنان اور عوام کے نام پیغام میں کہا ہے کہ عوام کسی کو اپنے ووٹ کے بنیادی حق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہ دیں اور اپنے ووٹ کو محفوظ طریقے سے فیصلے میں ڈھالنے کا اہتمام کریں۔

انہوں نے کہا کہ ووٹ ہمارا بنیادی دستوری، قانونی اور جمہوری حق ہے، کارکنان اور عوام 8 فروری کے انتخاب کی تیاری کریں۔

الیکشن میں التوا کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ انتخابات میں التوا یا ان کی شفافیت پر کسی قسم کا حملہ ملک کے مفاد میں نہیں، کارکنان اور عوام مل کر ایسے حملوں کی راہ روکنے کی منصوبہ بندی کریں۔

سابق وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کو تباہی و لاقانونیت کے اندھیروں میں دھکیلنے والے باہم مل کر بھی انتخابات میں تحریک انصاف اور اس کی پشت پر کھڑے عوام کو شکست نہیں دے سکتے۔

بھارت میں کورونا وبا دوبارہ پھوٹ پڑی؛ ماسک لازمی قرار

نئی دہلی: بھارتی ریاست کیرالہ میں کورونا کیسز میں پریشان کن حد تک اضافے کے باعث حکومت نے پابندیاں نافذ کردیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کیرالہ میں کورونا کے نئے کیسز میں مبتلا زیادہ تر مریضوں میں ویرینٹ JN.1 پایا گیا ہے۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور حکومت نے کئی پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔

ریاستی سرحد پر نگرانی بڑھانے کے ساتھ ساتھ کورونا ٹیسٹ کی مہم چلائی جائے گی جب کہ علامات اور مشتبہ کیسز کے حامل افراد کو لازمی طور پر ٹیسٹ کرانے کی ہدایت کی گئی۔

ریاستی حکومت لوگوں کی نقل و حرکت اور اجتماع پر پابندی عائد پر بھی غور کر رہی ہے جب کہ 60 سال سے زائد عمر کے افراد پر ماسک پہننا لازمی قرار دیدیا گیا۔

کیرالہ کی ریاستی حکومت نے 60 سال سے زائد عمر کے شہریوں کو کہا ہے کہ کھانسی، بخار اور فلو جیسی علامات ظاہر ہوں تو اسپتال سے رجوع کریں اور چند روز تک اجتماعات میں جانے سے گریز کریں۔

بھارتی ریاست کیرالہ کی حکومت نے کہا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے تاہم حکومت ایک ایڈوائزری لے کر آ رہی ہے جس میں مزید پابندیاں عائد کی جائیں گی۔

یاد رہے کہ کورونا کیسز کی تعداد کے حوالے سے بھارت امریکا کے بعد سب سے بڑا ملک تھا جہاں 5 لاکھ سے زائد افراد اس مرض میں ہلاک ہوگئے تھے جب کہ 4 کروڑ افراد کو کورونا ہوا تھا۔