کیا مصنوعی بارش کے بعد لاہور میں اسموگ کی شدت میں کمی آ گئی؟

لاہور: مصنوعی بارش کے بعد لاہور شہر میں اسموگ کی شدت میں کمی آ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مصنوعی بارش کے بعد لاہور میں اسموگ کی شدت میں کمی آ گئی، پنجاب کا صوبائی دارالحکومت فضائی آلودگی میں دنیا بھر میں چھٹے نمبر پر چلا گیا۔

ایئر کوالٹی انڈیکس 194 ریکارڈ کیا گیا، مصنوعی بارش کے لیے خصوصی جہازوں سے کیمیکل چھڑکا گیا، بادلوں میں 48 فلیئر چلائے گئے لیکن دوسری جانب شہر قائد کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔

کراچی کی ہوا میں آلودگی کی شرح 332 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے، ایئر کوالٹی انڈکس کے مطابق 200 سے 300 درجے تک کی آلودگی انتہائی مضر صحت ہے۔

کراچی میں تین سو ایک سے زائد درجہ خطرناک آلودگی کو ظاہر کرتا ہے، طبی ماہرین نے شہریوں کو ماسک استعمال کرنے اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔

حماس کو شکست دینے میں اسرائیل ناکام کیوں، اسرائیلی حکام اور ماہرین کا بڑا اعتراف

اسرائیل نے امریکا سے اصرار کیا ہے کہ اسے حماس کو شکست دینے میں مزید وقت درکار ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق حماس نے ایک ہفتے کے دوران غزہ کےعلاقے شیجائیہ میں ایک ہی حملے میں دو سینئر کمانڈروں اور کئی افسران سمیت نو اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کیا۔

تجزیہ کاروں اور مبصرین نے حماس کی لڑنے کی صلاحیت کے بارے میں پہلے سے کیے جانے والے اندازوں پر سوال اٹھانا شروع کر دیے ہیں۔

اسرائیلی وزیردفاع یوو گیلنٹ ایسے افراد میں شامل ہیں، جنہوں نے رواں ہفتے جوبائیڈن کے قومی سلامتی کے مشیر کو دیئے گئے تبصروں میں حماس کو تباہ کرنے میں مشکلات کی نشاندہی کی ہے۔

وزیردفاع نے کہا کہ حماس ایک دہشت گرد تنظیم ہے جس نے اسرائیل سے لڑنے کے لیے ایک دہائی کے دوران خود کو بنایا اور اس نے زمین کے نیچے اور زمین کے اوپر انفراسٹرکچر بنایا اور انہیں تباہ کرنا آسان نہیں ہے، جس کے لیے وقت درکار ہوگا۔

فوج کے انٹیلی جنس ڈائریکٹر ہارون ہیلیوا کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ حماس کے خلاف جنگ میں مزید کئی مہینے لگیں گے۔

وزیردفاع یوو گیلنٹ نےاعتراف کیا کہ حماس کو تباہ کرنا زیادہ مشکل ثابت ہو رہی ہے، پٹی کے شمال میں جہاں جبالیہ اورشیجائیہ سمیت علاقوں پر ایک ہفتے سے مکمل کنٹرول ہے۔

اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ بیس سے تیس ہزار میں سے حماس کے چھ ہزار جنگجو مارے جا چکے ہیں، یہ اعداد و شمار مختلف اندازوں کے حساب سے سامنے آئے ہیں۔

انسٹی ٹیوٹ فار اسٹڈی آف وار کے ایک ہفتہ پرانے جائزے کے مطابق ایک امریکی تھنک ٹینک جس نے اوپن سورس معلومات کی بنیاد پر شمال سے حماس کی 19 بٹالین غزہ سٹی اور سنٹرل بریگیڈز کا سروے کیا تھا، ان میں سے سات بٹالین کو کمزور کر دیا گیا تھا جبکہ اس نے اندازہ لگایا کہ جنوب میں مزید چھ فارمیشنز جو اس کے سروے میں شامل نہیں ہیں، یہ شدید دباؤ میں تھیں۔

تل ابیب یونیورسٹی کے موشے دایان سنٹر کے مائیکل ملشٹین جنہوں نے فلسطینیوں سمیت مشرق وسطیٰ میں مزاحمتی تحریکوں کے رجحان کا مطالعہ کیا ہے،انہوں نے استدلال کیا کہ حماس کو ایک روایتی ریاستی قوت سمجھنا ایک غلطی تھی جس کا خاتمہ یقینی ثابت ہوگا۔

ان کا کہنا ہے کہ ایک مہینے سے ہم حماس کے لیے ایک اہم نقطہ کے بارے میں بات کر رہے ہیں جب آپ دیکھیں گے کہ اس کا مکمل خاتمہ شروع ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک نظریاتی تنظیم ہے جہاں بہت سے لوگ آخر تک لڑیں گے، میرا خیال ہے کہ اگر اسرائیل حماس کے رہنما یحییٰ کو مار ڈالتا ہے، جو میں چاہتا ہوں پھر بھی اس کی جگہ لینے کے لیے دوسرے لوگ ہوں گے، یہ حماس کے ڈی این اے میں ہے۔

فلسطینی مرکز برائے پالیسی اور سروے ریسرچ کی جانب سے رواں ہفتے کی گئی پولنگ کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں 44 فیصد جواب دہندگان نے کہا کہ وہ اس گروپ کی حمایت کرتے ہیں، ستمبر میں یہ تعداد 12 فیصد تھی۔ غزہ میں عسکریت پسندوں کو 42 فیصد حمایت حاصل ہے، جو کہ تین ماہ قبل 38 فیصد تھی۔

حماس کے وسیع سرنگوں کے نظام کے بارے میں قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، جو کہ اس کے اہم فوجی اثاثوں میں سے ایک ہیں۔ اگرچہ سرنگوں کے نیٹ ورک کو اب تک بڑے پیمانے پر یکساں نیٹ ورک کے طور پر پیش کیا جاتا رہا ہے۔

حال ہی میں تجزیہ کاروں نے حماس کی جارحانہ سرنگوں میں فرق کرنا شروع کر دیا ہے، جو اسرائیل میں دراندازی اور غزہ میں اسرائیلی افواج پر گھات لگانے کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔

یدیوتھ احرونوت اخبارمیں اسرائیل صحافی نداو ایال لکھتے ہیں کہ سرنگوں کی وجہ سے درپیش چیلنجوں پر اسرائیلی سیکیورٹی کابینہ کے دو ارکان کے ساتھ آف دی ریکارڈ گفتگو ہوئی ہے۔

ایک سیکیورٹی کابینہ کے رکن نے مجھے بتایا کہ سچ ہے کہ سرنگوں کے لیے ابھی تک کوئی جواب اور منظم جنگی نظریہ موجود نہیں ہے اور جب تک کوئی نہیں ہے، ہمیں ایک مسئلہ درپیش ہے۔

مائیکل ملشٹین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی انٹیلی جنس کو واضح طور پر سرنگوں کی موجودگی سے کوئی تعجب نہیں ہوا، وہ جانتے تھے کہ یہ ایک بہت وسیع منصوبہ ہے لیکن یہ تصور سے کہیں زیادہ وسیع ہے۔

مزید کہا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ اسرائیلی انٹیلی جنس کو اوپر کی زمین کو کنٹرول کرنے کے لیے بہت موثر ہونے کی ضرورت ہے اگر وہ زیر زمین چیزوں کے خلاف جا رہا ہے۔

سعودی عرب میں ملازمت کیلئے ہنرمندوں کا اسکل ویریفکیشن پروگرام کیا ہے اور کیا سوالات پوچھے جاتے ہیں

سعودی عرب کے لیبر حکام نے ایک اسکیم کے تحت پیشہ ورانہ تصدیقی پروگرام کو 160 ممالک تک پھیلانے کا منصوبہ بنایا ہے، جس کا مقصد مملکت میں ملازمت کرنے والے کارکنوں کی مہارت کو جانچنا اور لیبر مارکیٹ کو منظم کرنا ہے۔

یہ پروگرام اس سال کے شروع میں سعودی وزارت برائے انسانی وسائل نے وزارت خارجہ کے تعاون سے شروع کیا تھا، اور اسے بتدریج 62 ممالک میں لاگو کیا گیا ہے۔

پروگرام میں عملی اور نظریاتی تیسٹ شامل ہیں جو پیشہ ورانہ زمروں کے 23 سیٹوں سے تعلق رکھتے ہیں۔

اس ٹیسٹ کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، اول یہ کہ آپ کی مہارت عملی طور پر جانچی جائے گی،جبکہ دوسرے حصے میں متعدد انتخابی سوالات کے ساتھ اہلیت پر مبنی نظریاتی امتحان لیا جائے گا۔

ٹیسٹ دینے والے کے لیے کوئی حد مقرر نہیں ناکامی کی صورت میں وہ دوبارہ اپلائی کرکے کوشش کرسکتا ہے۔ تیصت دینے والوں کیلئے عمر کی کوئی حد بھی مقرر نہیں کی گئی ہے۔

سعودی عرب میں کام کے خواہش مند کارکن کے ویزا کا اجراء یہ ٹیسٹ پاس کرنے سے جوڑا گیا ہے۔

انسانی وسائل کی وزارت میں پیشہ ورانہ ایکریڈیٹیشن پروگرام کے سربراہ نواف العیادی کا کہنا ہے کہ ’پیشہ ورانہ تصدیقی پروگرام پلمبنگ، بجلی وغیرہ جیسے پیشوں میں مزدوروں کیلئے ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام چار اہم ممالک ہندوستان، بنگلہ دیش، سری لنکا اور پاکستان کیلئے شروع کیا گیا ہے۔

یہ اسکیم مملکت کی لیبر مارکیٹ میں کارکنوں کے معیار کو بہتر بنانے، پیشہ ورانہ خدمات اور پیداواری صلاحیت کو بڑھانے اور مملکت تک غیر ہنر مند افرادی قوت کی رسائی کو روکنے کے لیے وزارت انسانی وسائل کی کوششوں کا حصہ ہے۔

ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے انسداد پولیو مہم ملتوی کردی گئی

خیبرپختونخوا کے شہروں ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے انسداد پولیو مہم ملتوی کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق دونوں اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز 18 دسمبر سے ہونا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے کے خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کی لہر عروج ہے، صوبے کے کئی علاقے خصوصاً ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور بنوں میں کئی دہشتگرد حملے ہوئے ہیں۔

نومبر میں بھی سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر مہم ملتوی کردی گئی تھی۔

پاکستان کی ایران میں پولیس ہیڈکوارٹر پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت

پاکستان کی جانب سے ایران میں پولیس ہیڈکوارٹر پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی گئی ہے، حملے میں 11 ایرانی پولیس اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔

دفتر خارجہ نے اتوار کو جاری ایک بیان میں کہا کہ، ’ہم متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔‘

بیان میں مزید کہا گیا کہ’“پاکستان ناقابل بیان سانحے کی اس گھڑی میں ایران کی حکومت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔’

ایرانی میڈیا کے مطابق، دہشت گردوں نے ملک کے صوبہ سیستان-بلوچستان کے ایک چھوٹے سے شہر راسک میں پولیس ہیڈکوارٹر پر رات گئے حملہ کیا، سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں متعدد حملہ آور بھی مارے گئے۔

یہ پولیس پر پہلا حملہ نہیں ہے، ماضی قریب میں بھی ایسے ہی حملے ہو چکے ہیں۔ جولائی میں چار پولیس اہلکار گشت کے دوران مارے گئے تھے۔

مئی میں، سیستان-بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت زاہدان کے جنوب مشرق میں سراوان میں ایک مسلح گروپ کے ساتھ جھڑپوں میں پانچ ایرانی سرحدی محافظ ہلاک ہو گئے تھے۔

پاکستان، جو خود بھی عسکریت پسندی میں اضافے کی لپیٹ میں ہے، اس کا کہنا ہے کہ ’دہشت گردی علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے اور اس کا دو طرفہ علاقائی تعاون کے ذریعے ہر طرح سے مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔‘

ایمن خان اور کین ڈول کی دُبئی میں خوشگوار ملاقات

پاکستان شوبز انڈسٹری کی مقبول اداکارہ ایمن خان نے پاکستانی انفلوئنسر کین ڈول سے پہلی ملاقات کی، تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔

ایمن خان اور منیب بٹ اپنی دونوں بیٹیوں کے ہمراہ ان دِنوں دبئی میں چھٹیوں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

یہ جوڑا اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کیلئے دلکش تصاویر بھی شیئر کر رہا ہے۔

گزشتہ رات ایمن خان نے دبئی میں مقیم معروف پاکستانی انفلوئنسر کین ڈول سے بھی پہلی بار ملاقات کی۔

کین ڈول نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ایمن خان کے ساتھ ایک ویڈیو شیئر کی۔ ویڈیو میں دونوں نے انکشاف کیا کہ وہ چیٹنگ میں بہت گپ شپ کیا کرتے تھے لیکن آج یہ لوگ پہلی بار مل رہے ہیں۔

دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور پہلے اور کراچی دوسرے نمبر پر رہا

  کراچی: دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں ہفتے کو لاہور اور کراچی بالترتیب پہلے اوردوسرے نمبر پر ریکارڈ ہوئے۔

بین الاقوامی ادارے ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہورآلودہ فضاؤں کے ساتھ دنیا بھرمیں 363 پرٹیکیولیٹ کے ساتھ پہلے نمبرپر رہا، کراچی 252 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ دنیا کے آلودہ شہروں میں دوسرے نمبر پرریکارڈ ہوا۔

گھانا کا شہر ایکرا 207 پرٹیکولیٹ میٹرز کے ساتھ تیسرے اور بنگلا دیش کا شہر ڈھاکہ 202 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ چوتھے نمبرپررہا۔

ائیرکوالٹی انڈیکس کے مطابق 150 تا 200 آلودہ، 200 تا 300 آلودہ ترین جبکہ 300 سے زائد درجہ خطرناک آلودگی کو ظاہرکرتا ہے۔

الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کیس 18 دسمبر کو سماعت کیلئے مقرر

الیکشن کمیشن میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) انٹرا پارٹی انتخابات کا کیس سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا۔

الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کے خلاف درخواست پر سماعت 18 دسمبر کو ہوگی، الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی کو نوٹس جاری کرکے طلب کرلیا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ 10 بجے سماعت کرے گا، الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی گوہر خان کونوٹس بھیج دیا۔

الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی، پی ٹی آئی کے چیف الیکشن کمشنر نیاز اللہ نیازی، جنرل سیکرٹری عمر ایوب سمیت 9 عہدیداروں کو نوٹس بھیج دیا۔

پی ٹی آئی کے صدر بلوچستان منیر احمد بلوچ، صدر سندھ حلیم عادل شیخ، صدر پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد اور صدر خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپو کو بھی نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔

ریٹرننگ آفیسر سنٹرل سیکرٹریٹ سردارمصروف خان اورخیبرپختونخواکے سنٹرل سیکرٹریٹ میں ریٹرننگ آفیسر انصرمحمود کو بھی نوٹس جاری کردیا گیا۔

الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کے خلاف 13 درخواستیں دائر ہوچکی ہیں، پاکستان تحریک انصاف کے حالیہ انٹرا پارٹی انتخابات کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کیا گیا تھا، الیکشن کمیشن میں اکبر ایس بابر سمیت 13 افراد کی جانب سے درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔

درخواست گزاروں کے وکلاء نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات کو کالعدم قرار دیا جائے۔

ہم عوام پاکستان پارٹی نے انتخابی نشان بلے کے حصول کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کررکھی ہے۔

درخواست کے متن میں کہا گیا کہ تحریک انصاف انٹرا پارٹی الیکشن کا انعقاد میں ناکام رہی ہے، بلے کا انتخابی نشان خالی ہے، کسی پارٹی کو دیا گیا نہ ہی کسی پارٹی نے مانگا ہے۔

مسلم لیگ ن اورجے یو آئی ف پنجاب کے درمیان سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کیلئے دوسری بیٹھک

 لاہور: مسلم لیگ ن اورجے یو آئی ف پنجاب کے درمیان سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کیلئے ماڈل ٹاؤن میں دوسری بیٹھک ہوئی ہے۔ 

ذرائع کے مطابق ملاقات میں انتخابی اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملات پر تبادلہ خیال ہوا جبکہ دونوں جماعتوں نے اپنی مرکزی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سیاسی امور سے متعلق مذاکرات جاری رکھنے کا فیصلہ ہوا ہے، عنقریب جے یو آئی اور مسلم لیگ ن ایک فارمولے پر متفق ہوجائیں گے۔

بہاولپور چڑیا گھر میں ٹائیگر کے حملے میں ہلاک شہری کی پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری

لاہور: بہاولپور چڑیا گھر میں ٹائیگر کے حملے میں ہلاک شہری کی پوسٹ مارٹم رپورٹ منظرعام پر آگئی جس میں کہا گیا کہ شہری کی موت بنگال ٹائیگر کے حملے سے ہوئی تھی۔

ٹائیگر کے حملے سے نوجوان کے زخمی ہونے اور دم توڑنے میں 10 سے 15 منٹ کا وقت لگا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نوجوان کے جسم پر ٹائیگر کے حملے سے 10 بڑے زخموں کے نشانات پائے گئے۔ رپورٹ کے مطابق ہلاکت سے قبل شہری کی جانب سے مزاحمت کے آثار ملے،جسم کے مختلف حصوں پر زخم ہیں لیکن کوئی ہڈی فریکچر نہیں ہوئی۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ شہری کی موت اطلاع سے 12 گھنٹے قبل رات کے وقت ہوئی۔ٹائیگرز نے شہری کی ایک ٹانگ کو مکمل طور پر نوچ لیا تھا۔ گردن سے بھی گوشت کو نوچا ہوا تھا۔شہری کے دونوں ہاتھوں میں ٹائیگرز کے بال تھے۔

یہ افسوسناک واقعہ 5 اور 6 دسمبر کی درمیانی رات پیش آیا۔6 دسمبر کی صبح چڑیا گھر انتظامیہ کو اس وقت نوجوان کی ہلاکت کا علم ہوا جب سویپر، ٹائیگروں کے پنجرے کی صفائی کے لیے آیا ۔ ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا تھا کہ ہلاک ہونیوالے نوجوان کا نام محمد بلاول جاوید ہے جو لاہور کا رہائشی تھا۔ شناخت بائیومیٹرک سے کی گئی تھی۔

اس واقعہ کے بعد نگران وزیراعلی سمیت پنجاب وائلڈلائف حکام نے چڑیا گھر کی سیکیورٹی اپ گریڈ کرنے اور مین گیٹ کے علاوہ دیگر مقامات پر کلوز سرکٹ کیمرے لگانے کی ہدایات دی تھیں تاہم اطلاعات کے مطابق ابھی تک سیکیورٹی اپ گریڈ کرنے سے متعلق کوئی ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہیں۔