آرمی چیف کی نسٹ کو 9 ملین ڈالر عطیہ کرنے والے پاکستانی نژاد تاجر سے ملاقات

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے دورہ امریکہ میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی اسلام آباد (نسٹ) کے لیے 9 ملین ڈالر عطیہ کرنے والے پاکستانی نژاد تاجر تنویر احمد سے ملاقات کی اور کہا کہ پاکستان کو ان جیسے ہیروز پر فخر ہے۔

پاکستانی نژاد امریکی معروف کاروباری شخصیت تنویر احمد نے اسلام آباد کی نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے لیے 90 لاکھ ڈالرز کا عطیہ دیا تھا۔

ہیوسٹن سے تعلق رکھنے والے تاجر تنویر احمد نے نسٹ کو 9 ملین ڈالر کا عطیہ دیا ہے تاکہ غریب پس منظر سے تعلق رکھنے والے طلباء کو سکالرشپ کے ذریعے معیاری تعلیم تک رسائی حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔

نسٹ نے تصدیق کی ہے کہ تنویر احمد نے غیر مراعات یافتہ طلباء کے لئے انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے یونیورسٹی کے ساتھ شراکت داری کی ہے، جس سے تقریباً 200 طلباء مستفید ہوں گے جو ہر سال سکالرشپ حاصل کرسکیں گے۔ 9 ملین ڈالر کسی بھی سمندر پار پاکستانی کی طرف سے کسی بھی پاکستانی یونیورسٹی کے لئے سب سے بڑے عطیات میں سے ایک ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ”آئی ایس پی آر“ کے مطابق آرمی چیف نے اپنے امریکی دورے پر اہم امریکی حکومتی اور فوجی حکام بشمول سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی جے بلنکن، جنرل لائیڈ جے آسٹن (ریٹائرڈ)، سیکریٹری دفاع وکٹوریہ نولینڈ، ڈپٹی سیکریٹری آف اسٹیٹ جوناتھن فائنر، ڈپٹی نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر اور جنرل چارلس کیو براؤن اور جوائنٹ چیفس کے چیئرمین سے ملاقاتیں کیں۔

ان ملاقاتوں میں دوطرفہ دلچسپی کے امور، عالمی اور علاقائی سلامتی کے امور اور جاری تنازعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں فریقوں نے مشترکہ مفادات کے حصول میں دوطرفہ تعاون کے ممکنہ راستے تلاش کرنے کے لیے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

دفاعی حکام کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران انسداد دہشت گردی تعاون اور دفاعی تعاون کو تعاون کے بنیادی شعبوں کے طور پر شناخت کیا گیا۔

دونوں فریقوں نے بات چیت کو بڑھانے اور باہمی فائدہ مند مصروفیات کے دائرہ کار کو بڑھانے کے طریقے تلاش کرنے کے ارادے کا اعادہ کیا۔

آرمی چیف نے علاقائی سلامتی کے مسائل اور جنوبی ایشیا میں سٹریٹجک استحکام کو متاثر کرنے والی پیش رفت پر ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو سمجھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

اس تناظر میں، آرمی چیف نے خاص طور پر مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی قانون اور متعلقہ UNSC کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

اس دوران آرمی چیف نے پاکستانی اوورسیز کمیونٹی سے بھی بات چیت کی۔ سفارتخانہ پاکستان کے زیر اہتمام استقبالیہ میں آرمی چیف نے پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سے ملاقات کی۔

آرمی چیف نے بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے ملک کی ترقی اور ترقی کے لیے ادا کیے جانے والے مثبت کردار کو سراہا۔

بات چیت کے دوران، مختلف جہتوں کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور آرمی چیف نے پاکستانی تارکین وطن کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے SIFC کے ذریعے سرمایہ کاری کرنے کے لیے تارکین وطن کا خیرمقدم اور حوصلہ افزائی بھی کی جو پہلے ہی مختلف جہتوں میں کامیابیاں حاصل کر رہی ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ امریکہ پاکستان کے لیے سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے جو ہماری کل برآمدات کا 21.5 فیصد ہے اور اس نے خصوصی اسکریننگ، ویزوں سے انکار اور نظربندی کے بارے میں افواہوں کو دور کیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے کیونکہ وہ پاکستان کے سفیر ہیں اور مختلف شعبوں میں پاکستان کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

پاکستانی کمیونٹی کے ارکان نے پاکستان کی بہتری کے لیے پاک فوج کے کردار اور شراکت پر فخر کا اظہار کیا۔

آرمی چیف نے پوری پاکستانی کمیونٹی کو ان کی کوششوں میں نیک خواہشات کا اظہار کیا اور تنویر احمد سے ملاقات بھی کی۔

نسٹ کو جب 9 ملین ڈالرز عطیہ کرنے کے بعد تنویر احمد کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے بصیرت افروز موقف اور خاص طور پر آئی ٹی کے شعبے کے حوالے سے ان کے جوش و خروش کے بارے میں جان کر مجھے بہت خوشی ہوئی۔ مجھے پختہ یقین ہے کہ سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) میں فوج کی فعال شمولیت پاکستان کی حقیقی آئی ٹی صلاحیت کو بروئے کار لانے کی ایک شاندار حکمت عملی ہے۔

تنویر احمد نے مزید کہا کہ میں نے پاکستان کے نوجوانوں کے لئے نسٹ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) ٹاور کا خیال پیش کیا ہے جس کے لئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر ہماری کوششوں کو ہم آہنگ کرنے کی کوششوں کی قیادت کر رہے ہیں۔ جنرل عاصم منیر کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات قابل ستائش اور متاثر کن ہیں۔ جنرل عاصم منیر نے صرف ایک سال میں پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر اور صاف ستھری قومی معیشت کے لیے بہت کچھ کیا ہے۔

انہوں نے پاکستان کی معیشت کو درست سمت میں گامزن کرنے کے لیے بہترین اقدامات کیے ہیں۔کاروباری شخصیت تنویر احمد نے کہا کہ پاکستان کے پاس وسائل کی ترقی میں سرکاری شعبے کی نمایاں سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ ضروری بنیادی ڈھانچہ دستیاب ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 2025 تک 59.6 ارب ڈالر (9.7 ٹریلین پاکستانی روپے) اور فن ٹیک کے پاس 35 ارب ڈالر کی ڈیجیٹل صلاحیت موجود ہے۔ آئی ٹی بیس پوٹینشل کا ثبوت فری لانسنگ میں 47 فیصد اضافہ ہے جو دنیا میں چوتھے نمبر پر ہے۔

تنویر احمد نے کہا کہ پاکستان کی 64 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر ہے جو ہمارا سب سے بڑا وسیلہ ہے۔ امریکی فوڈ انڈسٹری میں مقام بنانے والے تنویر احمد نے کہا کہ صرف معیاری تعلیم ہی پاکستان کو سیم آلٹمین، لیری پیج اور ایلون مسک بنانے میں بدل سکتی ہے۔تنویر احمد نے کہا کہ وہ پاکستان کے آئی ٹی اور معیاری تعلیم کے شعبے کی مدد کے لئے مزید اقدامات کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ نسٹ میں تعمیر کیا جانے والا انفراسٹرکچر پاکستان کو عالمی آئی ٹی کمپنیوں کی میزبانی کرنے کے قابل بنائے گا جو نسٹ آئی ٹی ٹاور کے ساتھ پاکستان میں اپنی آئی ٹی ڈویلپمنٹ اور آئی ٹی سے متعلق خدمات کا اڈہ قائم کرسکتے ہیں۔ ہمیں پاکستان کی خوشحالی میں چند سو فیصد حصہ ڈالنا ہوگا۔ ہم پاکستانی یہ کر سکتے ہیں اور ہمیں اپنی قوم کی خدمت کے لئے متحد ہونا ہوگا۔

تنویر احمد نے کہا کہ مستحق طلباء کو ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے ذریعے ان کے 9 ملین ڈالر کے عطیہ سے سالانہ وظائف ملیں گے۔ وظائف کے حصول کا نظام خالصتاً میرٹ پر ہوگا اور اس کا مقصد ان طلبہ کو وظائف کی فراہمی ہوگا جو معیاری اور مہنگی تعلیم کے متحمل نہیں ہیں۔تنویر احمد ایک امریکی پاکستانی تاجر، سرمایہ کار، کاروباری اور مخیر حضرات ہیں جو بڑی کمپنیوں، غیر منافع بخش تنظیموں اور ہسپتالوں کے ساتھ کام کرتے ہیں۔ وہ ہیوسٹن کے سب سے بڑے کرکٹ کمپلیکس، پریری ویو کرکٹ کمپلیکس اور ہیوسٹن ہریکینز کرکٹ فرنچائز کے مالک ہیں۔

کروڑ پتی تاجر فوڈ چینز کے ایک برانڈ کے بانی ہیں اور پیزا ہٹ، ٹیکو بیل اور کے ایف سی جیسی فوڈ چین فرنچائزز کے بھی مالک ہیں۔ وہ کیلیفورنیا کی سب سے بڑی ٹرانسپورٹ کمپنی کے مالک ہیں اور توانائی کے شعبے اور ادویات کی صنعت میں کاروباری دلچسپی رکھتے ہیں۔ تنویر احمد کو پاکستان میں 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران پاکستان کو 50 ملین ڈالر سے زیادہ کی امداد لینے کا سہرا دیا جاتا ہے۔ مزید برآں نسٹ کے ریکٹر انجینئر جاوید محمود بخاری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس منصوبہ سے آنے والے برسوں میں ہزاروں ہونہار پاکستانی طلباءو طالبات عالمی معیار کی یونیورسٹی کی تعلیم سے مستقل طور مستفید ہوں گے ۔

شفاف انتخابات؛ الیکشن کمیشن میں وزیراعظم سمیت وزرا کو ہٹانے کی درخواست سماعت کیلیے مقرر

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے صاف و شفاف انتخابات کے لیے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سمیت دیگر وزرا کو ہٹانے کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی۔ 

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سمیت نگراں وزیر فواد حسن فواد، مشیر احمد چیمہ کو نوٹس جاری کردیے۔ الیکشن کمیشن درخواست پر سماعت 19 دسمبر کو ایک بجے کرے گا۔

الیکشن کمیشن نے درخواست گزار عزیز الدین کاکا خیل کو بھی نوٹس جاری کردیا۔ واضح رہے کہ درخواست گزار نے ’’جانبدار‘‘ وزرا کو نگران کابینہ سے ہٹانے کی استدعا کی ہے۔

لازوال گیت ’تجھ سے ناراض نہیں زندگی‘ کے گلوکار انوپ گھوسل چل بسے

 ممبئی: بالی وڈ کے لازوال گیت ’تجھ سے ناراض نہیں زندگی‘ کے گلوکار انوپ گھوسل چل بسے۔ 

77 سالہ گلوکار مختلف بیماریوں کی وجہ سے کئی دن سے کلکتہ کی ایک نجی اسپتال میں داخل تھے اور جمعے کے روز ان کا انتقال ہوگیا۔

انوپ گھوسل نے معروف فلمساز ستیہ جیت رے کی متعدد میوزیکل فلموں میں گانے گائے اور 1981 میں انہیں بہترین پلے بیک سنگر کا نیشنل فلم ایوارڈ بھی ملا۔

انہوں نے سیاست میں بھی حصہ لیا اور 2011 کے الیکشن میں تری مول کانگریس کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی۔

مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے گلوکار کی موت پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کو خراج عقیدت بھی پیش کیا ہے۔

عمران خان کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس 19 دسمبر کو سماعت کیلئے مقرر

الیکشن کمیں میں توہین الیکشن کمیشن اور توہین چیف الیکشن کمشنر کیسز سماعت کے لیے مقرر کردیے گئے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت 19 دسمبر کو اڈیالہ جیل میں ہوگی۔

الیکشن کمیشن 4 رکنی بینچ صبح 11 بجےاڈیالہ جیل میں سماعت کرے گا۔

سابق چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف فرد جرم کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

دوسری جانب فواد چوہدری کے خلاف بھی توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت 19 دسمبر کو اڈیالہ جیل میں ہوگی۔

سابق وزیراعظم عمران خان پر ان کے وکیل شعیب شاہین کی عدم موجودگی پر گزشتہ سماعت پر فرد جرم عائد نہیں کی گئی تھی۔

8 فروری کو ہونے والا الیکشن عوام کی زندگیوں میں بہتری لائے گا، نواز شریف

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹیں دینے کی تجاویز پر غور جاری ہے، لاہور میں مرکزی پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں نواز شریف نے بہاولپور ڈویژن سے امیدواروں کے انٹرویوز کیے اور کہا کہ 8 فروری کو ہونے والا الیکشن عوام کی زندگیوں میں بہتری لائے گا۔

مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ کے 11ویں اجلاس میں بہاولپور ڈویژن سے قومی و صوبائی اسمبلی کے لئے ٹکٹ کے خواہشمند امیدواروں کے انٹرویو کیے گئے۔

مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ کا 11 واں اجلاس پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہوا جس کی صدارت نواز شریف اور پارٹی صدر شہباز شریف نے مشترکہ طور پر کی۔

اجلاس میں پارٹی چیف ارگنائزرمریم نواز ، سیکرٹری جنرل احسن اقبال، اسحاق ڈار اوررانا ثناء اللہ سمیت دیگر سینئر رہنما شریک ہوئے۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے بہاولپور ڈویژن کے 3 اضلاع بہاولنگر، بہاولپور اور رحیم یار خان کے امیدواروں کے انٹرویوز کیے۔

اجلاس میں بہاولپور ڈویژن سے قومی اسمبلی کی 15 اور پنجاب اسمبلی کی 31 نشستوں کے لیے انٹرویو کیے گئے۔

ذرائع کے مطابق بہاولپور میں مسلم لیگ (ق) کے ساتھ ممکنہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے تحت لیگی و اتحادی امیدواروں کے ناموں پر بھی غور کیا گیا۔

اس موقع پر نوازشریف کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو ہونے والا الیکشن عوام کی زندگیوں میں بہتری لائے گا۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کا دورہ سندھ تاحال فائنل نہ ہوسکا

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کا دورہ سندھ تاحال فائنل نہ ہوسکا، سابق وزیراعظم نے سندھ کی ٹکٹوں پر پارٹی قیادت اور امیدواروں کو 18 دسمبر کو لاہور طلب کرلیا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق شریف خاندان کی جانب سے کراچی اور سنیٹرل پنجاب سے انتخاب میں حصہ لیا جائے گا، 18 دسمبر کو ہونے والے اجلاس میں شہباز شریف،مریم نواز کو کراچی سے الیکشن لڑانے کی تجویز پر فیصلہ بھی کیا جائے گا۔

لاہور کے امیدواروں کے انٹرویو بھی 22 دسمبر کو فائنل کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

لاہور کے امیدواروں کے پہلے شیڈول کے مطابق انٹرویوآج ہونے تھے جبکہ نواز شریف انتخابی سیٹ ایڈجسمنٹ سے قبل امیدواروں کی ٹکٹوں کا فیصلہ کریں گے۔

پی ٹی آئی کو خیرباد؛ ہمایوں اختر خان کی استحکام پارٹی میں شمولیت

 لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ہمایوں اختر خان نے استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ  9 مئی واقعات کے بعد پارٹی سے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔ 

جہانگیر ترین اور علیم خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں جو قصور وار ہیں پاکستان کی عدالتیں انہیں ضرور سزا دیں جبکہ جو بے گناہ ہیں انہیں گھروں کو جانے دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئی پی پی کی قیادت کا پی ٹی آئی کو بنانے میں اہم کردار رہا ہے،نوجوانوں میں جو مایوسی ہے وہ پی ٹی آئی کی طرف دیکھ رہے تھے۔

سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوجائے تو اچھی بات ہے، جہانگیر ترین 

اس موقع پر جہانگیرترین نے کہا کہ نو مئی کے بعد پی ٹی آئی کی مقبولیت نیچے گئی،پی ٹی آئی کی پہلے والی پوزیشن اب نہیں ہے،سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوجائے تو اچھی بات ہے، الیکشن کا ماحول ہے الیکشن لڑیں گے،اصل بات اس ملک کی معیشت ہے، معیشت چلی گئی تو ملک ترقی کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضروری ہے کہ 8 فروری کو الیکشن ہوں، سپریم کورٹ نے ٹھوک کر فیصلہ دیا ہے۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سیاست میں حلیف اور حریف بدلتے رہتے ہیں، یکجہتی کی بات کرتے ہوئے عوام کے حقوق کی بات کرنی ہے۔

ن لیگ سے کوئی اتحاد نہیں ہوا، عبدالعلیم خان 

عبد العلیم خان نے کہا کہ ہمارا ابھی تک ہمارا ن لیگ سے کوئی اتحاد نہیں ہوا، مذاکرات ضرور ہورہے ہیں، مذاکرات کا نتیجہ سامنے آجائے گا، کے تمام لوگ ہمارے لئے محترم ہیں،کسی ہی گردن اتار کر اپنی سیاست نہیں چمکائیں گے،اپنی سیٹوں کے لئے کسی کی قربانی نہیں دیں گے۔

چاند نئے دور میں داخل ہو گیا ہے، سائنس دان

کینزس: سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ چاند ایک نئے دور میں داخل ہوگیا ہے۔ سائنس دانوں کی جانب سے اس دور کو ’لونر(قمری) اینتھروپوسین‘ کا نام دیا گیا ہے۔

اینتھروپوسین وہ ارضیاتی عمر ہوتی ہے جس کو بطور اس دور کے دیکھا جاتا ہے جب انسانی سرگرمیاں موسم اور ماحول کو اثر انداز کرنے کے لیے غالب رہی ہوں۔

محققین کا کہنا ہے کہ انسانوں نے چاند کی سرزمین کو بدلا ہے اور اس حد تک بدلنے کا ارادہ کیا ہے کہ یہ مصنوعی سیارچوں (سیٹلائٹ) کے نئے دور کے طور پر سمجھا جائے۔انسانیت کا آئندہ برسوں میں چاند کے ماحول کو مزید تبدیل کرنے کا منصوبہ ہے، جس میں چاند کی سطح پر واپس جانا اور انسانوں کو دوبارہ اتارنا شامل ہے۔

چاند کے نئے دور کے متعلق محققین کی جانب سے کی جانے والی یہ بحث نیچر جیو سائنس میں بطور کمنٹ آرٹیکل کے طور پر شائع ہوئی۔

محققین کے مطابق اس دور کی ابتداء 1959 میں ہوئی جب روس کا لُونا 2 خلائی جہاز چاند کی سطح پر اترنے والا پہلا اسپیس کرافٹ بنا۔

یونیورسٹی آف کینزس سے تعلق رکھنے والے ارضیاتی محقق اور تحقیق کے سربراہ مصنف جسٹن ہولکومب کا کہنا تھا کہ یہ خیال بالکل زمین پر اینتھروپوسین کے متعلق ہونے والے مباحثے جیسا ہے، جس میں یہ مطالعہ کیا گیا کہ انسانوں نے اس سیارے کو کتنا متاثر کیا ہے۔

شائع ہونے والے اس تبصرے میں سائنس دانوں نے بتایا کہ قمری اینتھروپوسین کی ابتداء ہوچکی ہے لیکن سائنس دان چاند کو بڑے نقصان سے بچانا چاہتے ہیں یا اس کی شناخت کو اس وقت تک قائم رکھنا چاہتے ہیں جب تک سائنس دان انسانی سرگرمیوں کے سبب بننے والے چاند کے ہالے کی پیمائش کر سکیں، اور اس وقت تک بہت دیر ہوچکی ہوگی۔

انسان چاند کی سطح پر پہلے ہی بہت کچرا پھیلا چکا ہے۔ اس کچرے میں پہلی بار چاند پر اترتے وقت گالف کی گیندیں اور جھنڈے شامل ہیں جو وہاں پر چھوڑے گئے تھے۔ اس میں انسانی فضلا اور دیگر کچرا بھی شامل ہے۔

مزید یہ کہ انسان چاند کی سطح کو تبدیل کرنے کے لیے کام کر رہا ہے اور لوگ اس سطح کو کھود کر وہاں رہنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے، ہمارے امیدواروں کو لیول پلئینگ فیلڈی جائے، پرویز الہی

 لاہور: سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پی ٹی آئی کے صدر چوہدری پرویز الہیٰ نے الیکشن شیڈول جاری کرنے کا سپریم کورٹ کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

اڈیالہ جیل میں ملاقات میں سردارعبدالرازق ایڈووکیٹ سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ ہمارے امیدواروں کو لیول پلئینگ فیلڈ دی جائے جبکہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے الیکشن ملتوی کرانے کی تمام سازشیں دم توڑ گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی فوری اور منصفانہ انتخابات چاہتی ہے، پکڑ دھکڑ بند کی جائے۔ سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ نے بتایا کہ چوہدری شمشاد ملہی ایڈووکیٹ بھی ان کے ہمراہ تھے اور قانونی امور اور الیکش کی حکمت عملی پر مشاورت ہوئی تھی۔

توشہ خانہ کیس میں عمران خان کا جوڈیشل ریمانڈ منظور

 اسلام آباد: احتساب عدالت نے توشہ خانہ کیس میں نیب کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور کرلیا، بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ یہ کیس بوگس اور سیاسی انتقام پر مبنی ہے۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے راولپنڈی اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ کیس کی سماعت کی، نیب پراسیکیوٹر عرفان بھولا اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کا جوڈیشل ریمانڈ منظور کرلیا۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سابق چیئرمین کی فیملی پر مقدمات بنا کر جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے تاکہ کوئی کمپرومائز ہو، جس پارٹی نے اپنی دو حکومتیں ختم کروائیں، قومی اسمبلی سے استعفے دیئے صرف فری اینڈ فیئر الیکشن کے لیے تو ہماری استدعا ہے کہ آپ یقین دہانی کرائیں کہ آر اوز فیئر اینڈ فری الیکشن کرائیں گے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمارے ورکرز کو جیلوں میں بار بار نظر بند کرنے کے معاملے کو بھی دیکھنا چاہیے، اگر آپ پٹیشنرز کو نوٹس جاری رہنا شروع کریں تو انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ ہوگی، سپریم کورٹ نے 8 فروری کو الیکشن کروانے کا کہہ کر اچھا اقدام کیا، ہمیں آج بھی کنونشنز میں شرکت، جھنڈوں کی اجازت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ عوام کا حق ہے کہ وہ کس کو چننا چاہتے ہیں، ہم نے کبھی نہیں کہا کہ ہمیں انصاف ہوتا ہوا نظر نہیں آ رہا، ہمیں جن کیسز میں نقصان ہوا وہ اس لیے ہوا کہ وہ سنے نہیں جا رہے، دھاندلی الگ بات ہے، اگر الیکشن پراسس میں ہماری شرکت نہیں ہوگی تو الیکشن میں پری پول رگنگ کر دی گئی۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی الیکشن کا کبھی بائیکاٹ نہیں کرے گی، ہم کوشش کررہے ہیں اپنے انتخابی نشان سے الیکشن لڑیں، ہم چاہتے ہیں سپریم کورٹ آر اوز عدلیہ سے رکھوا دیتی ہماری تیاری مکمل ہے، جتنی مشکلات میں ہم مہم چلا رہے ہیں اگر لیول پلینگ فیلڈ ملے تو دو تہائی اکثریت ہماری ہی ہوگی۔

امیرکویت شیخ نواف الصباح انتقال کرگئے

کویت سٹی: کویت کے امیر شیخ نواف ال احمد  الصباح 86 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق حکومت کویت کی جانب سے ٹیلی ویژن پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انتہائی افسوس اور دکھ کے ساتھ اطلاع دی جاتی ہے کہ امیر کویت شیخ نواف ال احمد الصباح اب اس دنیا میں نہیں رہے۔ امیر کویت کی انتقال کی خبر معمول کی نشریات روک کر دی گئی۔

کویت کے امیر کو 2 ہفتے قبل شدید علالت  باعث اسپتال میں داخل کیا گیا تھا تاہم بعد میں ان کی حالت کو تسلی بخش قرار دیا گیا تھا۔