صدرمملکت نے جسٹس سردار طارق کی بطور قائم مقام چیف جسٹس تقرری کی منظوری دے دی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس سردار طارق مسعود کی بطور قائم مقام چیف جسٹس آف پاکستان تقرری کی منظوری دے دی۔

وزارت قانون نے جسٹس سردار طارق مسعود کا قائم مقام چیف جسٹس پاکستان کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 180 کے تحت جسٹس سردار طارق مسعود کی  بطور قائم مقام چیف جسٹس تقرری کی منظوری دی۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ آئندہ ہفتے سے موسم سرما کی تعطیلات میں بیرون ملک جائیں گے۔

عام انتخابات، سیاسی جماعتوں کا لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو چلینج کرنے کا فیصلہ

 لاہور: تمام بڑی سیاسی جماعتوں نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف کیس میں فریق بننے کا اعلان کردیا ہے۔ 

8 فروری 2024 کے عام انتخابات کے بروقت انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے مسلم لیگ(ن) نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کا فیصلہ کیا ہے، مسلم لیگ (ن) لاہور ہائیکورٹ کے ریٹرننگ افسران سے متعلق فیصلے کے خلاف لارجر بینچ میں فریق بنےگی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف اور صدر شہباز شریف نے پارٹی کو گرین سگنل دے دیا جس کے بعد ن لیگ کی لیگل ٹیم نے پٹیشن تیار کرنا شروع  کردی ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی  نے بھی لاہور ہائی کورٹ کے عام انتخابات کے کیس میں  فریق بننے کا فیصلہ کیا ہے، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین آصف علی زرداری نے  فوری طور پر پٹیشن فائل کرکے فریق بننے کا فیصلہ کیا ہے۔

علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ ق نے بھی لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے پیش نظر ریٹرننگ آفیسرز اور ڈسٹرکٹ  ریٹرننگ آفیسرز  کے جوڈیشل یا سول ہونے کے کیس میں فریق بننے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ فیصلہ سابق وزیراعظم و صدر پاکستان مسلم لیگ  ( ق  ) چوہدری شجاعت حسین کی زیر صدارت ان کی رہائش گاہ پر ہنگامی اجلاس  میں کیا گیا جس میں پارٹی کی سینئر قیادت شریک  ہوئی۔

بھارتی اداکار شریاس تلپڑے کو دل کا دورہ،ہسپتال میں زیر علاج

ممبئی: بالی ووڈ کے مقبول فلموں کے معروف بھارتی اداکار شریاس تلپڑے کو اچانک دل کا دورہ پڑ گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ کی سُپر ہٹ کامیڈین فلم ’گول مال‘ کے معروف اداکار شریاس تالپڑے کو اپنی نئی آنے والی فلم کی شوٹنگ کے بعد اچانک دل کا دورہ پڑگیا جس کے بعد اُنہیں اسپتال میں داخل کردیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ اداکار شریاس تالپڑے ممبئی میں فلم ‘ویلکم ٹو دی جنگل‘ کی شوٹنگ کررہے تھے، ایکشن سے بھر پور فلم کی شوٹنگ ختم ہونے کے بعد وہ واپس گھر چلے گئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گھر جانے کے بعد اداکار نے اپنی اہلیہ سے بے چینی محسوس ہونے کی شکایت کی جس کے بعد نارمل وہ گھر سے اسپتال جانے کے لیے نکلے لیکن راستے میں انہیں دل کا دورہ پڑ گیا۔

شریاس تالپڑے کو اچانک دل کا دورہ پڑنے کے بعد کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں اُن کی انجیو پلاسٹی کرائی گئی، تاہم  اداکار کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

واضح رہے کہ اداکار شریاس نے کئی بالی وڈ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائیں ہیں ، ان کی مشہور فلموں میں اوم شانتی اوم، کمال دھمال، گول مال 3، گول مال ریٹرنس، گول مال اگین اور ہاوْس فُل 2 شامل ہیں۔

بلوچستان: موسم سرما کی پہلی برفباری سے موسم خوشگوار ہوگیا

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش، پہاڑوں پر برف باری سے موسم خوشگوار ہوگیا، سردی کی شدت بڑھتے ہی گیس پریشر نہ ہونے کی وجہ سے شہری پریشان ہوگئے۔

موسمیاتی تجزیہ کارکے مطابق مغربی ہواؤں کے پیش نظر بلوچستان سمیت مختلف علاقوں میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہوسکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مغربی ہواؤں کے سسٹم کے باعث 16 سے 18 دسمبر کے دوران پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے، موسم سرما کی پہلی بارش کے ساتھ پہاڑی سلسلے پر برف باری کا امکان ہے۔

 

 

حکومت کا سرکاری ملازمین کو دسمبر کی تنخواہ اور پنشن ایڈوانس میں ادا کرنے کا فیصلہ

حکومت نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کے سرکاری ملازمین کی دسمبر کی تنخواہ اور پنشن ایڈوانس میں ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کرسمس کےموقع پر مسیحی برادری کے سرکاری ملازمین کیلئے اچھی خبر ہے، حکومت نے مسیحی برادری کے سرکاری ملازمین کی دسمبر کی تنخواہ اور پنشن ایڈوانس میں ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزارت خزانہ نےایڈوانس تنخواہ جاری کرنے کا مراسلہ جاری کردیا ہے، جس کے مطابق مسیحی برادری کے وفاقی ملازمین کو 20 دسمبر کو تنخواہ اور پنشن ادا کردی جائے گی۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں مسیحی برادری 25 دسمبر کو کرسمس کا تہوار مذہبی جوش و عقیدت سے منائے گی۔

این اے 35 اور این اے 36 کی حلقہ بندیاں کالعدم قرار

اسلام آباد ہائیکورٹ نے اہم فیصلہ دیتے ہوئے قومی اسمبلی کے 2 حلقوں این اے 35 اور این اے 36 کی حلقہ بندیاں کالعدم قرار دے دیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق نے محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے حلقہ این اے 35 اور این 36 کی حلقہ بندیاں کالعدم قرار دے دیں۔

عدالت عالیہ نے الیکشن کمیشن کو تمام فریقین کو دوبارہ سن کر ازسر نو حلقہ بندی کرنے کی ہدایت کردی۔

عدالت نے تحریری فیصلے میں کہا کہ الیکشن کمیشن درخواست گزارکاموقف سن کرٹھوس فیصلہ کرے۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ بیرسٹرعمراعجاز گیلانی کا مؤقف ہے قانون کے مطابق تمام حلقوں کی آبادی برابر ہونی چاہیئے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ درخواست گزار نے کوہاٹ کی مثال دی جس کے حلقے کی آبادی ہنگو کے حلقے سے 3 لاکھ زائد ہے، درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ نئی حلقہ بندیوں سے علاقے کے عوام کا حق رائے دہی مجروح ہوتا ہے۔

چیف جسٹس سپریم کورٹ سے چیف الیکشن کمشنر کی ملاقات

اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان سے چیف الیکشن کمشنر نے ملاقات کی ہے۔

ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں جسٹس سردار طارق اور جسٹس اعجاز الاحسن بھی شریک ہوئے جب کہ اس موقع پر اٹارنی جنرل بھی موجود تھے۔

چیف الیکشن کمشنر نے ججز کو لاہور ہائی کورٹ کے حکم امتناع سے متعلق آگاہ کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر لاہور ہائی کورٹ کے سنگل بینچ نے عام انتخابات ایگزیکٹو سے کروانے کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے درخواستوں پر لارجر بینچ تشکیل دینے کی سفارش کردی کی تھی، جس کے بعد آج لاہور ہائی کورٹ نے عام انتخابات کےلیے بیورورکریسی کی خدمات کے خلاف درخواست پر لارجر بینچ تشکیل دے دیا ہے۔

جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کا 5 رکنی لارجر بینچ 18 دسمبر کو درخواست پر سماعت کرے گا ۔

عامر جمال، خرم شہزاد نے 71 سالہ پاکستانی ٹیسٹ تاریخ بدل ڈالی

آسٹریلیا کے خلاف پرتھ ٹیسٹ میچ میں ڈیبیو کرنے والے نوجوان فاسٹ بولرز خرم شہزاد اور عامر جمال نے پاکستانی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ بدل ڈالی۔

پرتھ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز آسٹریلوی ٹیم 487 رنز بناکر آل آؤٹ ہوئی، میچ میں دونوں فاسٹ بولرز نے کُل 8 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کی 71 سالہ ٹیسٹ تاریخ میں یہ پہلا واقعہ ہے جہاں ڈیبیو کرنے والے بولرز نے ایک ہی اننگز میں مجموعی طور پر 8 وکٹیں حاصل کی ہوں۔

دوسری جانب عامر جمال نے ڈیبیو پر 5 یا اس سے زائد وکٹیں لینے والے 14ویں پاکستانی کرکٹر بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

واضح رہے کہ دورہ آسٹریلیا کے دوران سال 1964 میں آخری بار عارف بٹ یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔

فواد چوہدری کے مزید جسمانی ریمانڈ کی اینٹی کرپشن کی درخواست مسترد

 راولپنڈی: پی ٹی آئی کے سابق رہنما فواد چوہدری کے مزید جسمانی ریمانڈ کی اینٹی کرپشن کی درخواست عدالت نے مسترد کردی۔

ایڈیشنل سیشن جج سہیل انجم نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا، جس میں عدالت نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے مزید جسمانی ریمانڈ درخواست مسترد کردی۔ محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو جیل بھجوانے کا آرڈر چیلنج کیا گیا تھا۔ ایڈیشنل سیشن جج نے ریمارکس دیے کہ 2 دن کا ریمانڈ رہا، یہ کافی تھا۔ جوڈیشل بھجوانے کا سول جج نے درست فیصلہ کیا ۔

قبل ازیں  محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے فواد چوہدری کے جوڈیشل ریمانڈ کو چیلنج کرنے کے لیے دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ سول جج نے جسمانی ریمانڈ کے بجائے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا غلط فیصلہ کیا۔ ملزم سے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے وصول کردہ 35 لاکھ روپے ریکور کرنے ہیں ۔سول جج کا جیل بھیجنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر 5 دن کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ ایڈیشنل سیشن جج نے اینٹی کرپشن لیگل ٹیم کی درخواست سماعت کے لیے منظور کی تھی۔

دوران سماعت فواد چوہدری بھی عدالت میں پیش کیے گئے جب کہ وکلا نے اپنے دلائل دیے، جس کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

عدالت پیشی کے موقع پر بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ مجھے الیکشن ہوتے نظر نہیں آتے ۔الیکشن ہوئے تو ضرور حصہ لوں گا ، ہم سیاسی لوگ ہیں ۔ میرے خلاف ریڑھیاں لگوانے کے لیے 15 ہزار روپے رشوت کا بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ یوریا بوری کھاد کا مقدمہ بھی درج کیا ہے، مقصد مجھے الیکشن سے روکنا ہے۔ الیکشن شیڈول آیا تو بھرپور انداز انتخابی مہم چلائیں گے۔

ایران؛ پولیس اسٹیشن پر مسلح افراد کے حملے میں 11 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی

تہران: ایران کے جنوب مغربی علاقے راسک ٹاؤن میں مسلح افراد نے پولیس اسٹیشن پر دھاوا بول دیا اور اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ 

ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق یہ حملہ صوبہ سیستان بلوچستان میں سرگرم علیحدگی پسند گروپ نے کیا۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں متعدد حملہ آور بھی مارے گئے۔

ایرانی صوبے سیستان بلوچستان کے نائب گورنر علی رضا مرحمتی نے حملے کی ذمہ داری جیش العدل نامی علیحدگی پسند جماعت پر عائد کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس اسٹیشن پر حملے میں سینئر پولیس افسران اور سپاہی مارے گئے۔

یاد رہے کہ حالیہ چند ماہ میں علیحدگی پسند عسکری جماعتوں کا نشانہ پولیس تھانے رہے ہیں۔ ایران میں 3 سے زائد علیحدگی پسند جماعتیں فوج، پاسداران انقلاب اور سیکیورٹی بارڈر فورس پر حملوں میں ملوث رہی ہیں۔

جیش العدل کا نام اُس وقت سامنے آیا جب 2019 میں ایک بس پر خودکش بم حملے میں ایران کی پاسدارانِ انقلاب فورس کے 27 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے اور جیش العدل نے ذمہ داری قبول کی تھی۔