بالی ووڈ اداکارہ پریتی زنٹا نے اپنے نام سے متعلق افواہوں کا ذمہ دار ساتھی اداکار بوبی دیول کو ٹھہرا دیا

۔

پریتی زنٹا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنا ایک ویڈیو بیان جاری کیا جس میں اُنہوں نے کہا کہ “بہت سے لوگ مجھ سے پوچھتے رہتے ہیں کہ میرا اصل نام ‘پریتی زنٹا’ ہے یا ‘پریتم سنگھ زنٹا’ ہے، تو میں صرف یہ واضح کرنا چاہتی ہوں کہ پریتم سنگھ زنٹا میرا نام نہیں ہے”۔

اداکارہ نے کہا کہ “مجھے نہیں معلوم کہ گوگل اور وکی پیڈیا پر میرا نام ‘پریتم سنگھ زنٹا’ کیوں لکھا گیا ہے لیکن میرا اصل نام ہمیشہ سے ہی پریتی زنٹا رہا ہے”۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ “مجھے امید ہے کہ اب سب کو میرا اصل نام معلوم ہوگیا ہوگا، میں دوبارہ واضح کررہی ہوں کہ میرا نام پریتی زنٹا ہے”۔

ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے پریتی زنٹا نے کیپشن میں لکھا کہ “گزشتہ کچھ برسوں سے میں نے میڈیا کے مختلف مضامین میں مسلسل پڑھا ہے کہ میں نے اپنا نام پریتم سنگھ زنٹا سے بدل کر پریتی زنٹا کر لیا ہے”۔

پریتی زنٹا نے کہا کہ “میں نے کئی بار میڈیا پر یہ بتایا ہے کہ فلم ‘سولجر’ کے سیٹ پر میرے ساتھی اداکار بوبی دیول مجھے مذاق میں تنگ کرنے کے لیے پریتم سنگھ زنٹا کہہ کر پکارتے تھے”۔

اداکارہ نے کہا کہ “بوبی دیول کی وجہ سے لوگوں کو لگتا ہے کہ میرا اصل نام پریتم سنگھ زنٹا ہے، براہ کرم! آپ بوبی دیول سے پوچھیں کہ انہوں نے میرے لیے یہ نام کیوں منتخب کیا تھا”۔

واضح رہے کہ پریتی زنٹا اور بوبی دیول کی سُپر ہٹ فلم “سولجر” سال 1998 میں ریلیز ہوئی تھی، اس فلم میں شاندار اداکاری کی وجہ سے پریتی زنٹا کو خوب شہرت ملی تھی۔

پیوٹن کی مصنوعی ذہانت سے بنے اپنے ہمشکل سے گفتگو، سوالات پر روسی صدر دنگ رہ گئے

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اسکرین پر اپنا ہمشکل دیکھ کر حیران پریشان رہ گئے۔ اس اچانک سامنے نے انہیں لاجواب کردیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ماسکو میں سالانہ نیوز کانفرنس کے دوران شرکاء کو حیرت کا دھچکا لگا جب اسکرین پر روسی صدر پیوٹن جیسی شکل اور آواز رکھنے والے ایک اور شخص دکھائی دیا۔

درحقیقت یہ آرٹیفشل انٹیلیجنس (مصنوعی ذہانت ) کے ذریعے بنائی جانے والی باتیں کرتی شبیہہ تھی۔

کانفرنس کے دوران درجنوں کی تعداد میں کالرز نے بذریعہ ویڈیو لنک روسی صدر سے سوالات پوچھے، تاہم اس وقت خاصی دلچسپ صورتحال پیدا ہوئی جب اسکرین پر روسی صدر نمودار ہوئے اور اپناتعارف کروایا۔

پوتن سے حد درجہ مماثلت رکھنے والے شخص نے کہا، ’ہیلو، میں سینٹ پیٹرزبرگ یونیورسٹی کا طالبعلم ہوں اور پوچھنا چاہتا ہوں کہ آپ کی شکل کے کتنے لوگ موجود ہیں‘۔

اے آئی سے بنے پیوٹن نے یہ بھی پوچھا کہ آپ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اورنیورل نیٹ ورکس کے ذریعے ہماری زندگیوں میں آنے والے خطرات کو کس نظرسے دیکھتے ہیں؟’

ایک دم سے حیرت زدہ دکھائی دینے والے پیوٹن نے کہا، ’مجھے نظرآرہا ہے کہ آپ میرے جیسے ہیں اور میری ہی آواز میں بات کر رہے ہیں۔ میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ میری طرح صرف ایک شخص ہوسکتا ہے جو میری آواز میں بات کر سکتا ہے اور وہ صرف میں خود ہوں۔‘

کچھ توقف کے بعد روسی صدر بولے، ’بائے دا وے یہ میرا پہلا ڈبل ہے۔‘

یہ بات قابل ذکر ہے کہ مغربی میڈیا میں خصوصاً ایسی افواہیں موجود ہیں کہ اصل روسی صدر کے علاوہ ان جیسی شکل و جسامت اور آواز والے ایک یا ایک سے زیادہ افراد بھی موجود ہیں جو ان کی صحت کو درپیش مسائل کے باعث پیوٹن کی جگہ عوامی مقامات پرتقریبات میں بھیجے جاتے ہیں۔

تاہم روس کے صدارتی دفتر کریملن نے ایسی افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے بتایا ہے کہ صدر پیوٹن مکمل طور پرصحت مند ہیں۔

سردار مہتاب عباسی نے ن لیگ کو خیرباد کہہ دیا، آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا فیصلہ

فروری میں بطورمرکزی نائب صدرن لیگ پارٹی عہدے سے مستعفی ہونے والے سردار مہتاب خان عباسی نے مسلم لیگ ن سے راہیں جدا کرلیں۔سابق گورنرخیبرپختونخوا آزاد حیثیت میں انتخابات لڑیں گے۔

سردار مہتاب نے پارٹی کی صوبائی قیادت پرتحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف سے اصولی اختلاف ہیں، ان کے پاس کمزور ٹیم ہے اورمعاشی بحران کا حل مشکل ہے۔

مسلم لیگ ن سے راہیں جدا کرنے کے بعد این اے 16 خیبرپختونخوا سے آزاد حیثیت میں انتخابات لڑنے کا فیصلہ کرنے والے سابق لیگی رہنما اب این اے 16 خیبرپختونخوا سے آزاد حیثیت میں انتخابات میں حصہ لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ پنجاب تک محدود ہو کررہ گئی ہے ،صوبہ میں ن کی قیادت اپنی ذات کا سوچتی ہے۔ میرے میاں نوازشریف سے اصولی اختلاف ہیں،مریم نوازسے اختلاف نہیں، مگرسیاسی جماعتوں میں جمہوریت ہونی چاہئے۔ مسلم لیگ ن میں منافقانہ سوچ اور رویہ اہم ہو گیا ہے۔

سردار مہتاب عباسی نے مزید کہا کہ موجود حلقہ بندیاں بھی میرے خلاف سازش ہیں، مسلم لیگ ن میں بھی ایسے لوگ شامل ہوگئے ہیں جو منافقانہ رویہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کا خیبر پختونخوا میں ڈھانچہ ختم ہوچکا ہے، سیاسی جماعتوں کا منشور مارکیٹنگ سے زیادہ کچھ نہیں ہے۔

باڑہ: چیک پوسٹ پر رات کی تاریکی میں عسکریت پسندوں کا حملہ، 2 اہلکار شہید

خیبر کی تحصیل باڑہ میں عسکریت پسندوں نے پولیس اور فرنٹیئر کانسٹبلری کے مشترکہ چیک پوسٹ پر رات کے وقت حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں دو اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوگئے۔

خیبر کی تحصیل باڑہ میں پولیس اور فرنٹیئر کانسٹبلری کے مشترکہ نالہ چیک پوسٹ پرعسکریت پسندوں کے حملے میں دو اہلکار شہید اور پانچ زخمی ہوگئے، زخمیوں میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔

زخمیوں کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کر دیا ہے، شہداء میں نائیک مراد اور سپاہی غفار شامل ہیں، جبکہ زحمیوں میں نائب صوبیدار شفیع الرحمن، سپاہی شفیع اللہ،الیاس، صدام، لقمان اور ایک پولیس اہلکار طارق بھی شامل ہیں۔

 

 

جوابی کارروائی میں عسکریت پسند فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس اور سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

پرتھ ٹیسٹ؛ آسٹریلوی ٹیم 487 رنز بناکر آل آؤٹ! عامر جمال کی 6 وکٹیں

پرتھ ٹیسٹ میچ کے دوسرے آسٹریلوی ٹیم پاکستان کیخلاف 113.2 اوورز میں 487 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔

دوسرا روز

پرتھ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز آسٹریلیا نے 346 رنز اور 5 وکٹوں کے نقصان سے اننگز کا آغاز کیا تاہم 141 کا اضافہ کرکے آسٹریلوی بیٹرز پویلین لوٹ گئے، کینگروز کی چھٹی وکٹ ایلکس کیری کی صورت میں گری جو 34 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، مچل اسٹارک 12، کپتان پیٹ کمنز 9، نتھین لائن 5 رنز بناکر پویلی لوٹ گئے۔ مچل مارش نے 90 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے ڈیبیو میچ میں 6، خرم شہزاد نے 2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پہلا روز

پہلے روز اوپنر ڈیوڈ وارنر نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور عثمان خواجہ کے ہمراہ پہلی وکٹ کی شراکت میں 126 رنز بنائے تاہم خواجہ 41 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ مارنوس لبوشین 16، اسٹیو اسمتھ 31 اور ٹریوس ہیڈ 40 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ اوپنر ڈیوڈ وارنر 164 رنز کی اننگز کھیل کر عامر جمال کا شکار بنے۔

مچل مارش 15 اور الیکس کیری 14 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔

اس سے قبل آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ اگر ٹاس جیتا تو پہلے بیٹنگ کرنے کا ہی فیصلہ کرتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے عامر جمال اور خرم شہزاد ڈیبیو کریں گے، دونوں نوجوان کرکٹرز کو شاہین آفریدی اور حسن علی نے ٹیسٹ کیپ پیش کی۔

پاکستان کا اسکواڈ

کپتان شان مسعود، امام الحق، عبداللّٰہ شفیق، بابراعظم، سعود شکیل، سرفراز احمد، سلمان علی آغا، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، عامر جمال اور خرم شہزاد شامل ہیں۔

آسٹریلیا کا اسکواڈ

کپتان پیٹ کمنز، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنوس لبوشین، اسٹیو اسمتھ، مچل مارش، ٹریوس ہیڈ، الیکس کیری، مچل اسٹارک، نیتھن لائن اور جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں۔

چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ دو ہفتوں کے لیے آج بیرون ملک روانہ ہوں گے

سپریم کورٹ کے چیف جسٹس قاضی فائز آج نجی دورے پر بیرون ملک روانہ ہو رہے ہیں، ان کی جگہ جسٹس سردار طارق مسعود قائم مقام چیف جسٹس کا منصب سنبھالیں گے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ آج نجی دورے پر بیرون ملک روانہ ہوجائیں گے، جب کہ جسٹس سردارطارق مسعود کل قائم مقام چیف جسٹس پاکستان کا حلف اٹھائیں گے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا دورہ 14 روز پر مشتمل ہوگا، ان کی جگہ جسٹس سردارطارق مسعود دو ہفتوں تک ذمہ داریاں سر انجام دیں گے۔

پختونخوا؛ پولیس لائن پر خودکش دھماکا، خیبر میں چیک پوسٹ پر حملہ، 3 اہلکار شہید، کئی زخمی

 پشاور: خیبر پختونخوا میں  سیکورٹی فورسز پر دہشت گردوں کے حملوں میں 3 اہلکار شہید اور کئی زخمی ہو گئے۔

 ٹانک میں ایک حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ واقعے میں ایک پولیس اہل کار شہید اور 3 زخمی ہو گئے جب کہ 10 اہل کاروں سے رابطہ نہیں ہو پا رہا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا سلسلہ ختم ہو چکا ہے، جس کے بعد آپریشن جاری ہے جب کہ سیکورٹی فورسز بھی پولیس کے ساتھ موجود ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور ہلاک ہوگیا۔  دہشت گردوں نے پولیس لائن کے اندر گھس کر ہینڈ گرینیڈز اور دیگر ہتھیاروں سے حملہ کیا، جس میں اب تک 2 ایف سی اور 2 پولیس اہل کاروں سمیت 4 اہل کار زخمی ہو گئے جب کہ ایک ریٹائرڈ پولیس اہلکار شہید ہوگیا، جس کی لاش ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔

ضلع خیبر میں چیک پوسٹ پر حملہ

دوسری جانب ضلع خیبر میں دہشت گردوں نے پولیس اور فرنٹیئر کور کی جوائنٹ چیک پوسٹ پر حملہ  کیا، جس میں 2 ا ہل کار شہید  اور 6 زخمی ہوگئے ہیں ۔۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد کے لیے پشاور منتقل کیا گیا ہے جب کہ جوابی کارروائی میں دہشت گرد فرار ہو گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں نے حملے میں دستی بموں سمیت دیگر بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا۔

طبی ذرائع کے مطابق باڑہ دھماکے کے 7 زخمیوں کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں لایا گیا ہے، جہاں تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ زخمیوں کو نیوروسرجری، آرتھوپیڈک اور سرجیکل وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے۔

بین الاقوامی قوانین کے ماہرین نے بھارتی سپریم کورٹ کے متعصبانہ فیصلے کو مقبوضہ کشمیر کی داخلی خودمختاری اور سالمیت پر حملہ قرار دے دیا۔

بین الاقوامی قوانین کے ماہرین نے بھارتی سپریم کورٹ کے متعصبانہ فیصلے کو مقبوضہ کشمیر کی داخلی خودمختاری اور سالمیت پر حملہ قرار دے دیا۔

ماہرین کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق جموں و کشمیر کے بھارت یا پاکستان کے ساتھ الحاق کا فیصلہ آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کے جمہوری طریقے سے کیا جائے گا۔

دوسری جانب کشمیری رہنماؤں کا کہنا تھا کہ کشمیری قوم خواہ وہ کسی بھی پارٹی یا مکتب فکر سے ہوں یکجا اور یک زبان ہو کر اس گھناؤنی سازش کو ناکام بنانے کیلئے کمر بستہ ہوچکے ہیں۔

کشمیری رہنماؤں کا کہنا تھا مودی سرکار کے جبر یا ظلم وستم سے بھارت کی کوئی بھی اقلیت محفوظ نہیں مگر کشمیریوں سے ان کی شناخت چھیننے کی گھناؤنی سازش مودی کی آلہ کار سپریم کورٹ، کٹھ پتلی ججوں کا متعصبانہ رویہ، ان کی سوچ اور یہ متنازعہ فیصلہ اس بات کی دلیل ہے کہ کشمیری بہت جلد بھارت سے آزادی لے کر رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کی جداگانہ حیثیت اور تشخص کو نہ تو ختم جا سکا ہے اور نہ ہی سپریم کورٹ کے آرٹیکل 370 پر بوگس فیصلوں سے ختم کیا جا سکے گا، یہ فیصلہ بھارتی سپریم کورٹ کی تنگ نظری اور غاصبانہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔

کشمیری رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بھارت جموں و کشمیر کو ہڑپ کرنے کی مذموم منصوبہ بندی میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہو سکتا، آج کشمیری قوم خواہ وہ کسی بھی پارٹی یا مکتب فکر سے ہوں یکجا اور یک زبان ہو کر اس گھناؤنی سازش کو ناکام بنانے کیلئے کمر بستہ ہیں۔

بھارت میں موجود کشمیری سیاست دانوں سمیت دیگر کئی سیاسی رہنماؤں نے اس تعصب پسندانہ فیصلے کے خلاف اپنی آواز بلند کی ہے۔

مسئلہ فلسطین پر قائداعظم کی رائے سے اختلاف کفر نہیں ہے، نگراں وزیراعظم

 اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین پر قائد اعظم کے مؤقف سے اختلاف ’کفر‘ نہیں ہے۔

نجی ٹیلی ویژن کے پروگرام میں مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے بارے میں سوال پر نگراں وزیراعظم نے کہا  کہ مسئلہ فلسیطن کے دو ریاستی حل کی بات پوری دنیا  کررہی ہے۔  ایک ریاستی حل کیلیے اگر کسی کے پاس کوئی تجویز موجود ہے، جنگ یا مذاکرات  یا کسی اور  صورت میں تو وہ  پیش کرے۔

اسرائیل  کے بارے میں قائداعظم  کی رائے  کے تناظر میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں انوار الحق کاکڑ  کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان کی پارلیمان اور تمام سیاسی جماعتیں اور انٹیلی جنس ایجنسیاں سوچ بچار کرکے  قائداعظم  کی رائے سے مختلف نتیجے پر پہنچتی ہیں تو یہ کفر کے زمرے میں نہیں آتا،  تاہم اس پر بحث ہوسکتی ہے کہ یہ ہونا چاہیے یا نہیں ۔

انہوں نے کہا  کہ جس طرح سے وہاں ( فلسطین میں )بچوں کی شہادتیں ہوئی ہیں تو پھر بتائیں کہ اور حل کیا ہے؟

وزیراعظم نے کہا کہ فلسطینیوں سے پوچھا جائے کہ وہ کیا چاہتے ہیں، جن کے بچے شہید ہورہے ہیں پہلا حق ان کا ہے کہ ان سے پوچھا جائے کہ  وہ کیا چاہتے ہیں۔

انتخابات کیلیے سیکیورٹی معاملات سنجیدہ ہیں، نگراں وزیر اطلاعات

 اسلام آباد: نگراں وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر حکومت اور الیکشن کمیشن خوش نہیں ہے، انتخابات کیلیے سیکیورٹی معاملات سنجیدہ ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام سینٹر اسٹیج میں گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ ٰسولنگی نے کہا ہے کہ 16 دسمبر سے پہلے پہلے آر اوز اور ڈی آر اوز کی ٹریننگ کا عمل مکمل ہو جانا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر خوشی نہیں ہوئی اور ظاہر ہے کہ عدالتی فیصلے پر ہمیں بھی خوشی نہیں ہوئی۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالتی آرڈر کو ہم نے نہیں الیکشن کمیشن نے دیکھنا ہے، فیصلے سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ معزز جج کی آبزرویشن پر میرا تبصرہ بنتا نہیں ہے۔

نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے بعد آفیسرز کی تربیت کا عمل آج رک گیا ہے، الیکشن کمیشن کا ارادہ ہے کہ وہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرے گا۔

نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ماضی میں الیکشن کمیشن نے جوڈیشل آفیسرز کی انتخابات میں خدمات کیلیے عدالتوں کا دروازہ کھٹ کھٹایا تو منع کردیا گیا تھا۔

مرتضیٰ سولنگی نے دو ٹوک انداز میں واضح کیا کہ امریکا سمیت کسی بھی ملک کو اڈے دینے کی کوئی تجویز نہیں آئی ہے، کسی بھی ملک کی جانب سے اڈے دینے کے معاملے پر کسی تجویز پر کوئی غور نہیں کر رہے نہ کوئی تجویز آئی ہے نہ ہی اس پر غور کرنے کا کوئی ارادہ ہے۔

نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ انتخابات کے لیےسیکیورٹی کے معاملات سنجیدہ معاملات ہیں، گزشتہ دنوں ڈی آئی خان میں ہمارے 23 جون شہید ہوئے جو کہ بہت اندوہناک واقعہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان دہشت گردوں کی آماج گاہ بنا ہو ا ہےجو کہ اس خطے کے امن کے لیے سنجیدہ خطرہ ہے۔ ہم دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کے لیے افغانستان سے رابطے میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان پر حملہ ہو چکا ہے، سراج الحق کے قافلے پر بھی حملہ ہو چکا ہے۔

ماضی میں انتخابات کے ملتوی ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جب بے نظیر شہید ہوئیں تب بھی انتخابات ملتوی ہوئے تھے تاہم انہوں نے واضح کیا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ کہ انتخابات کے لیے سیکیورٹی فراہم کریں۔

انتخابات کے لیے پھر پور سیکورٹی فراہم کریں گے۔ سیکورٹی خدشات کے باوجود ہم خطرات سے نمٹیں گے۔