ووٹرز کا ڈیٹا مکمل نہ ہو سکا، الیکشن کی تیاریاں ادھوری رہ گئیں

اسلام آباد: الیکشن کمیشن ابھی تک الیکشن کی تیاریاں مکمل نہ کر سکا، نئی حلقہ بندیاں مکمل ہوگئیں لیکن ووٹرز کا ڈیٹا مکمل نہیں۔

الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق ضلعی سطح پر اور حلقہ وائز ڈیٹا تیار کیا جا رہا ہے، ڈیٹا مکمل ہوتے ہی جاری کر دیا جائے گا۔

ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ تمام ریکارڈ سینٹرلائز ہونے کے باعٹ ڈیٹا بھی اسلام آباد میں تیار کیا جا رہا ہے۔

توشہ خانہ کیس میں عمران خان کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

 راولپنڈی: توشہ خانہ کیس میں عمران خان کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں سماعت کی، جہاں ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی اور تفتیشی ٹیم عدالت میں پیش ہوئی۔

دوران سماعت نیب راولپنڈی کی جانب سے بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کردی گئی، جس پر وکلا صفائی نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی۔

بعد ازاں عدالت نے فریقین  کے دلائل سننے کے بعد 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

اسرائیل کی فوجی اور اہم ویب سائٹس ہیک کرلی گئیں

فلسطینی کے حامی ایک گروپ نے اسرائیلی فوج اور پوسٹل کمپنی کی ویب سائٹ کو ہیک کرلیا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق ویب سائٹس کو ختصر مدت کیلئے ہیک کیے جانے کے بعد ہیکرز کی جانب سے ایک پوسٹ لگائی گئی، جس میں لکھا گیا کہ ’غزہ میں اسرائیلی فوج کی ناانصافی صرف آپ کو دہشتگردی، قتل اور جنگ کے ذریعے نقصان پہنچائے گی اور یہ نقصان زمینی، ہوائی یا الیکٹرانک طور پر ہوگا‘۔

پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ یہ صرف آپ کے گھناؤنے اقدامات، بربریت اور غزہ میں ہمارے مظلوم لوگوں کے قتل کا جواب ہے۔ یہ تو صرف آغاز ہے اور یہاں سے ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ ہم صرف اپنی سرزمین فلسطین کی سمندر سے دریا تک کی آزادی کو ہی قبول کریں گے۔

پوسٹ میں کہا گیا کہ اگر آپ کے ساتھ ہماری جنگ ہمیشہ کے لیے جاری رہے تو بھی آپ کو ہم سے قتل و غارت اور دہشت کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔

ہیکرز کے اس گروپ نے پوسٹ میں فلسطین کی آزادی کا مطالبہ بھی کیا۔

پوسٹ میں کہا گیا کہ اردن میں آپ کے بھائیوں سے لے کر غزہ اور فلسطین کے ہمارے لوگوں تک، ہم دل اور عمل سے آپ کے ساتھ ہیں اور یہ ہمارا مقصد اور ہر آزاد مسلمان کا خواب ہے۔

اسرائیلی فوج نے بھی ویب سائٹ ہیک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ویب سائٹ کو آف لائن کرنے کے بعد اب دوبارہ بحال کردیا گیا ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت کو 30 روز کیلئے نظر بند کردیا گیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل مروت کو ڈی سی لاہور کے حکم پر 30 روز کے لیے نظر بند کر دیا گیا، شیر افضل مروت کو آج لاہور ہائیکورٹ کے باہر سے پولیس نے حراست میں لیا تھا۔

ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کو 30 روز کے لیے نظر بند کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا۔

شیر افضل مروت کو تھری ایم پی او کے تحت جیل منتقل کر دیا گیا ہے، پی ٹی آئی رہنما کو لاہور ہائیکورٹ کے باہر سے گرفتار کیا گیا تھا۔

شیر افضل مروت پی ٹی آئی لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب کے لیے آئے تھے، ان کی گرفتاری کے موقع پر وکلاء اور پولیس میں دھکم پیل بھی ہوئی۔

دوسری جانب ترجمان تحریک انصاف نے ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شیر افضل مروت کی گرفتاری لاقانونیت اور اہلِ اقتدار کے بوکھلاہٹ کی مظہر ہے، غیر قانونی حربوں کا مقصد الیکشن سے فرار اور“لندن پلان“ کے تحت لائے گئے بھگوڑے کو اقتدار پر قابض کرنا ہے۔

ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے شیر افضل مروت کو فوری طور پر رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ادھر لاہور بار ایسوسی ایشن کے وکلا نے شیر افضل مروت کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا، جس کے باعث جی پی پی پر شدید ٹریفک جام ہوگیا، احتجاج کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

کیمرون گرین کا گردوں کی لاعلاج بیماری میں مبتلا ہونے کا انکشاف

 پرتھ: آسٹریلوی آل راؤنڈر کیمرون گرین نے گردوں کی ناقابل علاج بیماری میں مبتلا ہونے کا انکشاف کیا ہے۔

غیرملکی میڈیا کو انٹرویو میں کیمرون گرین نے بتایا کہ ’وہ پیدائشی طور پر گردوں کی ایک لا علاج بیماری میں مبتلا ہیں جس کا پانچواں مرحلہ ڈائیلاسز یا ٹرانسپلانٹ ہے۔ وہ اس وقت دوسری اسٹیج پر ہیں اور ان کے گردے 60 فیصد کام کررہے ہیں‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’ڈاکٹروں نے میرے والدین کو میری پیدائش کے وقت بتایا تھا کہ میں زیادہ عرصہ زندہ نہیں رہوں گا۔ ایک مرحلے پر اس بیماری نے میری متوقع عمر 12 سال کردی تھی‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’یہ بیماری میرے کرکٹ کیریئر کو بھی متاثر کررہی ہے کیونکہ مجھے درد کا سامنا رہتا ہے جبکہ کھانے میں نمک اور پروٹین کی مقدار بھی کم رکھنی پڑتی ہے جو ایک کرکٹر کیلئے اچھی چیز نہیں، ساتھی کرکٹرز اور کوچنگ اسٹاف کو اپنی طبی حالت سے آگاہ کردیا ہے۔‘

2020 میں ڈیبیو کرنے والے 24 سالہ فاسٹ باؤلنگ آل راؤنڈر کیمرون گرین آسٹریلیا کیلئے اب تک 24 ٹیسٹ، 23 ون ڈے اور آٹھ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں۔

کیمرون گرین بھارت کو آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں شکست دینے والے آسٹریلوی اسکواڈ کا بھی حصہ تھے اسکے علاوہ وہ  پاکستان کے خلاف جاری پرتھ ٹیسٹ کا بھی حصہ ہیں۔

یوکرین میں اہداف کے حصول تک امن ممکن نہیں ہوسکتا، روسی صدر

ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ یوکرین میں روسی اہداف کے حصول تک امن ممکن نہیں ہوسکتا۔

عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق ولادیمیر پوتن نے نیوز کانفرنس  سے خطاب کرتے ہوئے کہا  کہ جب تک یوکرین  میں روسی اہداف حاصل نہیں ہوجاتے، اس وقت تک امن ممکن نہیں ہوگا۔

فروری 2022 میں یوکرین پر حملے کے بعد  سے  روسی صدر کی یہ سال کے اختتام پر پہلی نیوز کانفرنس تھی۔ روسی اہداف سے  متعلق صحافیوں کے سوال پر ولادیمیر پوتن نے کہا کہ یوکرین کو نازی ازم سے پاک کرنے اور فوجی قوت میں کمی کرکے اسے غیرجانبدار ریاست بنائے جانے تک امن ممکن نہیں ہوسکتا۔

روس یہ الزام عائد  کرتا ہے کہ یوکرینی حکومت  کٹر قوم پرستوں اور نیو نازی  گروپوں کے بہت زیادہ زیراثر ہے۔ یوکرین اور اس کے مغربی  اتحادی و حامی ممالک اس الزام کی تردید کرتے ہیں۔

ولادیمیر پوتن یہ مطالبہ بھی  دہراتے رہے ہیں کہ یوکرین غیرجانبدار رہے اور ناٹو عسکری اتحاد میں شمولیت اختیار نہ کرے۔

پریس کانفرنس کے دوران روسی صدر نے کہا  کہ جہاں تک ( یوکرین کی) فوجی طاقت میں کمی کا تعلق ہے تو وہ اس پر بات کرنے کے لیے تیار نہیں، چنانچہ ہم دیگر اقدامات بشمول فوجی اقدامات کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یا تو ہم اس ( مطالبے ) پر راضی ہوجاتے یا پھر یہ ( معاملہ ) ہمیں طاقت کے ذریعے حل کرنا تھا۔

روسی صدر نے بتایا کہ اس وقت یوکرین  کی سرزمین پر موجود روسی فوجیوں کی تعداد 617000  ہے، ان میں 244000  ریزرو اہلکار بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مزید 486000  روسی شہری رضاکارانہ طور پر جنگ میں لڑنے کے لیے تیار ہیں۔

گذشتہ برس کے اختتام پر روسی صدر نے نیوز کانفرنس کا انعقاد نہیں کیا تھا تاہم  جمعرات کو انہوں نے سالانہ پریس کانفرنس سے خطاب ایک ایسے موقع پر کیا ہے جب وہ مارچ 2024 میں پانچویں بار صدارتی انتخاب لڑنے جارہے ہیں۔

71  سالہ  روسی رہنما کی صدارتی انتخابات میں کامیابی تقریباً یقینی ہے۔ انتخابات میں کامیابی کی صورت میں وہ 2030 تک  عہدہ صدارت پر براجمان رہیں گے۔

یوکرین کے ساتھ جاری  جنگ کے تناظر میں مغرب کے ساتھ تعلقات پر لب کشائی کرتے ہوئے ولادیمیر پوتن نے کہا کہ ( مغرب کی) ہماری سرحدوں کی جانب  بڑھنے کی بے لگام خواہش، اور یوکرین کو ناٹو میں شامل کرنے کی کوشش نے اس صورتحال کو جنم دیاہے…. انہوں نے ہمیں فوجی اقدامات کرنے پر مجبور کیا۔

چین کے ساتھ تعلقات کے سوال پر روسی صدر کا کہنا تھا  کہ چین کے ساتھ ہمارے تعلقات تاریخ کی مضبوط ترین سطح پر ہیں۔

340 برس قبل پھٹنے والے ستارے کی باقیات کی تصویر عکس بند

واشنگٹن: امریکی خلائی ادارے ناسا نے جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ سے عکس  بند کی جانے والی سپر نووا کی باقیات کی تصاویر جاری کر دیں۔

جاری کی گئی تصاویر میں زمین سے 11 ہزار نوری سال کے فاصلے پر موجود کیسیوپیا اے (کیس اے) نامی ستارے کے اندر دھول کے خول کو دیکھا جاسکتا ہے جبکہ ٹیلی اسکوپ میں نصب نیئر انفرا ریڈ کیمرا (این آئی آر کیم) نے کیس اے کے باقیات کو عکس بند کیا ہے۔

این آئی آر کیم تصویر میں کیس اے کی باقیات میں موجود جامنی رنگ کی شے کو واضح دیکھا جا سکتا ہے جو دراصل آئیونائزڈ گیس کی جانب اشارہ کرتی ہے۔

پرڈو یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈینی مِلیوسیولجوک کا ناسا کی پریس ریلیز میں کہنا تھا کہ کیس اے تقریباً 340 سال قبل دھماکے سے پھٹا جس کے بعد اس کی جگہ شیشے کی باریک کرچیوں جیسی دھاریاں رہ گئی۔

ٹیم سربراہ کے مطابق اتنے برس تک کیس اے پر مطالعہ کرنے کے بعد اب معلومات کا حاصل ہونا ناقابلِ یقین ہے۔ یہ معلومات سائنس دانوں کو یہ جاننے میں مدد دے گی کہ یہ ستارہ پھٹا کیسے۔

(تصویر: ناسا)

پرنسٹن یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے ٹی ٹیمِم نے پریس ریلیز میں کہا کہ کیس اے کی پہلی تصاویر اپریل میں جاری کی گئی تھیں جن میں ایسی تفصیلات سامنے آئیں جن تک سائنس دانوں کو پہلے رسائی نہیں تھی۔

محققین کے مطابق تصویر میں موجود سفید رنگ سِنکروٹرون شعاعوں سے پیدا ہونے والی روشنی ہے، جو مقناطیسی فیلڈ لائنز کے گرد انتہائی تیزی سے گھومتے ہوئے سفر کرنے والے چارجڈ ذرات کے سبب خارج ہو رہی ہے۔

جمادی الثانی 1445 ہجری کا چاند نظر آگیا

اسلام آباد: وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نے جمادی الثانی 1445 ہجری کا چاند نظر آنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس چیئرمین عبد الخبیر کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس دیگر شہروں کوئٹہ، لاہور، کراچی اور پشاور میں ہوئے۔

چاند کی شہادتیں موصول ہونے کے بعد رویت ہلال کمیٹی نے جمادی الثانی کا چاند نظر آنے کا متفقہ فیصلہ کیا اور چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے بتایا کہ یکم جمادی الثانی 15 دسمبر بروز جمعے کو ہوگی۔
اس حوالے سے وزارت مذہبی امور نے بھی چاند نظر آنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

’یعنی آج آئے تھے جہانِ خراب میں ’جون ایلیا کا 92 واں یوم پیدائش

برجستہ کلام، سادہ زبان اور اچھوتے مزاج کی وجہ سے جون ایلیا آج بھی مداحوں کے دِلوں ميں بستے ہيں، اِن کا 92 واں یوم پیدائش آج منایا جارہا ہے۔

جون ایلیا 14 دسمبر1931 کو بھارتی ریاست اُترپردیش میں اعلیٰ تعلیم یافتہ گھرانے میں پیدا ہوئے، ان کا اصل نام سید حسین سبط اصغر نقوی عرف ’جون ایلیا‘ تھا۔

وہ 1957 میں پاکستان ہجرت کرکے کراچی میں آباد ہوگئے اور ان کے مشہور شعری مجموعوں میں شاید، یعنی، گمان، لیکن، رموز اور گویا شامل ہیں۔

 پرانے دوست: جون ایلیا اور عبید اللہ علیم | ونٹیج پاکستان
پرانے دوست: جون ایلیا اور عبید اللہ علیم | ونٹیج پاکستان

جون ایلیا کے شعری مجموعوں ميں شايد، گويا، گمان شامل ہیں، جبکہ ايک شاندار نثر ’فرنود‘ کے نام سے شائع ہوئی لیکن ان کی زندگی میں ان کا ایک ہی شعری مجموعہ ’شاید‘ کے نام سے شائع ہوا تھا۔

مجموعے کی اشاعت میں تاخیر کے باوجود جون ایلیا اندرون و بیرون ملک ہونے والے مشاعروں میں بہت مقبول ہوئے، ان کی شاعری آج بھی زندہ ہے اور نوجوان نسل کو اردو ادب سے جوڑے رکھتی ہے۔

جون ایلیا جب اشعار پڑھتے تو سامعین پر سحر طاری ہوجاتا تھا، ان کا مخصوص اندازبیان بہت ہی مقبول تھا۔ دنیائے شعر و ادب کی منفرد شخصیت 8 نومبر 2002 کو اس فانی دنیا سے رخصت ہوگئے۔

پی ٹی آئی انتخابات ملتوی کرانے کی سازش کر ر ہی ہے، شہباز شریف

لاہور: ‎‎سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ملک میں عام 8 فروری کے انتخابات ملتوی کرانے کی سازش کر ر ہی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے اہم بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی ملک میں 8 فروری کے انتخابات ملتوی کرانے کی سازش کر ر ہی ہے،الیکشن کے خلاف پی ٹی آئی درخواستیں الیکشن سے فرار کی منصوبہ بندی ہے، پی ٹی آئی کی درخواست عوام کی ترجمانی کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‎‎سائفر کی طرح ‎پی ٹی آئی ہمیشہ کی طرح دوغلی، دوہری اور منفقانہ پالیسی پر کاربند ہے اور 8 فروری سے فرار کی راہیں تلاش کررہی ہے، ‎پی ٹی آئی میڈیا میں الیکشن جلد کرانے کے اعلان کرتی ہے جبکہ عملی طورپر عدالتوں میں تاخیر کی پٹیشنز کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‎2018 کے انتخابات میں بھی بیوروکریسی نے ہی ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی ذمہ داری نبھائی تھی، ‎ 2018 میں بیوروکریسی کے ڈی آر اوز کا فرض نبھانے پر پی ٹی آئی نے اعتراض نہیں کیا، ‎مگر اب ڈی آراوز کے خلاف پٹیشن لے کر پی ٹی آئی لاہور ہائی کورٹ گئی، ‎8 فروری 2024 کے انتخابات میں تاخیر ہوئی تو ذمہ دار پی ٹی آئی ہوگی۔

‎انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے سائفر میں عوام میں کچھ اور تحقیقات میں کچھ کہا، پی ٹی آئی یہی منفاقت الیکشن کے حوالے سے بھی اپنائے ہوئے ہے، ‎آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے بھی پی ٹی آئی نے ایسی ہی سازش کی تھی، ‎پی ٹی آئی ملک میں آئینی بحران پیداکرکے سیاسی عدم استحکام چاہتی ہے، ‎وہ نہیں چاہتی کہ ملک معاشی طورپر مضبوط ہو، عوام کی معاشی مشکلات ختم ہوں۔