آسٹریلیا نے پاکستان کو دوسرے ٹی 20 میچ میں شکست دے کر سیریز نام کرلی

آسٹریلیا نے دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز دو صفر سے اپنے نام کرلی۔

قومی ٹیم آسٹریلیا کے دیے ہوئے 148 رنز کے ہدف کے جواب میں 134 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ عثمان خان 52 رنز کی اننگز کھیل کر ٹاپ اسکورر رہے۔

سڈنی میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کے 147 رنز کے جواب میں اپنی اننگز کا آغاز کیا، تاہم ابتدا ہی سے ٹیم لڑکھڑا گئی اور آسٹریلوی بالرز کے سامنے زیادہ دیر ٹھہر نہیں سکی۔

پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف پہلی وکٹ 12 رنز پر گر گئی، جب بابراعظم صرف 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد صاحبزادہ فرحان 5 رنز بنا سکے اور اس طرح 17 رنز پر پاکستان کے دوسرے کھلاڑی بھی میدان سے باہر چلے گئے۔
کپتان محمد رضوان 16 بنا کر آؤٹ ہوئے تو قومی ٹیم کا مجموعی اسکور 44 رنز تھا۔ اس کے فوراً بعد نائب کپتان سلمان علی آغا بھی کپتان صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ بعد ازاں عثمان خان 52 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے تو پاکستانی ٹیم 102 رنز پر پہنچ چکی تھی۔
پاکستان کی چھٹی وکٹ 106 رنز پر گری۔ آسٹریلوی فاسٹ بالر اسپنر جانسن نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔
بعد ازاں پاکستان کی ساتویں وکٹ 107 رنز پر گر گئی اور شاہین شاہ آفریدی بغیر کھاتہ کھولے بولڈ ہو گئے۔ اس کے فوری بعد ہی قومی ٹیم کے آٹھویں کھلاڑی بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
نسیم شاہ نویں نمبر پر  میدان میں اترے اور بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے، اس وقت قومی ٹیم کا مجموعی اسکور 127 رنز تھا۔

قبل ازیں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے، آسٹریلوی اوپنرز نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا، ابتدائی تین اوورز میں ہی ٹیم کا اسکور 52 رنز تک پہنچا دیا تاہم متھیو شارٹ 32 اور جیک فریزر میک گرک 29 رنز پر پویلین لوٹے جبکہ کپتان جوش انگس صفر پر ساتھ چھوڑ گئے۔

دیگر کھلاڑیوں میں گلین میکسویل 21، مارکس اسٹوئنس 14، ٹم ڈیوڈ 18، آرون ہارڈی 28، زیویئر بارٹلیٹ 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 4، عباس آفریدی نے 3 جبکہ سفیان مقیم نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا، اوپنر بابراعظم 3 جبکہ صاحبزادہ فرحان 5، کپتان محمد رضوان 16 اور آغا سلمان صفر پر پر پویلین لوٹ گئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے اسپینسر جانسن نے 3 اور زیویئر بارٹلیٹ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں آسٹریلوی ٹیم کے کپتان جوش انگلس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ میچ میں فتح کیساتھ سیریز اپنے نام کرنا چاہتے ہیں۔

اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ میچ میں کامیابی سمیٹ کر سیریز برابر کرنا پہلا ہدف ہے، انہوں نے کا کہ پلئینگ الیون میں ایک تبدیلی کی گئی ہے حسیب اللہ خان کی جگہ سفیان مقیم کو شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان کا اسکواڈ

کپتان محمد رضوان، بابراعظم، صاحبزادہ فرحان، عثمان خان، سلمان آغا، عرفان خان، عباس آفریدی، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، نسیم شاہ، سفیان مقیم

آسٹریلیا کا اسکواڈ:

کپتان جوش انگلس، جیک فریزر میک گرک، میٹ شارٹ، گلین میکسویل، ٹم ڈیوڈ، مارکس اسٹوئنس، آرون ہارڈی، زیویئر بارٹلیٹ، نیتھن ایلس، ایڈم زمپا، اسپینسر جانسن

ایئرپورٹ کے ٹکٹ کاؤنٹر پر بچے کی پیدائش کا انوکھا واقعہ

فلوریڈا میں میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹکٹ کاؤنٹر کے قریب ایک خاتون کے سفر کا منصوبہ اس وقت دھرا کا دھرا رہ گیا جب انہیں وہیں پر بچے کو جنم دینا پڑا۔

میامی ڈیڈ فائر ریسکیو اہلکاروں نے ہوائی اڈے پر ایمرجنسی کال کا جواب دیا جہاں ایک حاملہ خاتون مسافر کا پانی  چھوٹ گیا اور اس نے سکیورٹی ایریا میں چیک پوائنٹ 1 کے قریب بچے کو جنم دیا۔

فائر فائٹرز، میامی ڈیڈ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے افسران، یو ایس کسٹمز اور بارڈر پروٹیکشن ایجنٹس اور میامی ڈیڈ ایئرپورٹ ڈویژن کے عملے نے ماں اور نوزائیدہ کو مقامی ہسپتال لے جانے کے لیے ایمبولینس کے آنے سے پہلے خاتون کی طبی مدد کی۔

ایئرپورٹ کے ایک عملے نے بتایا کہ خاتون دو فلائٹ کے درمیان تھیں اور ایک جہاز کا انتظار کر رہی تھیں جو انہیں دوسری ریاست میں لے جانے والا تھا۔

“اپنے موقف پر قائم ہیں! پاکستان کھیلنے نہیں جائیں گے” بھارتی بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے نائب صدر راجیو شکلا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی خدشات کے باعث ہماری ٹیم دورہ نہیں کرے گی۔

بھارتی خبر ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے نائب صدر راجیو شکلا نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی بورڈ اپنے موقف پر قائم ہے ہندوستانی حکومت ہمیں ہدایت دے گی تو ہی جاسکتے ہیں لیکن انکار پر ہم نے آئی سی سی کو جواب دے دیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارتی کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی کا بہانہ بناکر ٹیم بھیجنے سے انکار کردیا ہے جس پر پی سی بی نے سخت موقف اپنایا ہے اور دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ ایونٹ پاکستان میں ہی ہوگا بھارت آنا چاہتا ہے تو آئے نہیں تو دوسری ٹیم کا نام فائنل کرلیا جائے گا۔

ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ چیمپئنز ٹرافی کیلئے ہائبرڈ ماڈل قبول نہ کرنے کے اپنے مؤقف پر سختی سے قائم ہے۔

خیال رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی تعلقات 2008 سے کشیدہ ہیں تاہم 2012-13 میں پاکستان نے بھارت کیخلاف دو طرفہ سیریز کیلئے ہندوستان کا رخ کیا تھا۔ بعدازاں ٹی20 ورلڈکپ 2016 اور ورلڈکپ 2023 کیلئے بھی گیا۔

تاہم 2008 کے ایشیاکپ کے بعد سے بھارتی ٹیم نے سیاسی وجوہات کی بنا پر پاکستان کا دورہ نہیں کیا۔

پشاور ہائیکورٹ کی کاز لسٹ؛ بشریٰ بی بی کی درخواست سماعت کیلیے مقرر نہیں کی گئی

ہائی کورٹ نے مقدمات کی سماعت کی کاز لسٹ جاری کردی، جس میں بشریی بی بی کی درخواست کی سماعت شامل نہیں ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بشریٰ بی بی کی جانب سے مقدمات کی تفصیل کے لیے دائر درخواست 18 نومبر کو سماعت  کے لیے مقرر نہیں ہو سکی۔ پشاور ہائی کورٹ نے 18 نومبر کی کاز لسٹ جاری کردی ہے، جس میں مقدمات کی تفصیل کی بشریٰ بی بی کی درخواست کو شامل نہیں کیا گیا۔

یاد رہے کہ 29 اکتوبر کو پشاور ہائیکورٹ کے 2  رکنی بینچ نے بشریٰ بی بی کو 18 نومبر تک حفاظتی ضمانت دی ہے اور عدالت نے کیس 18 نومبر تک ملتوی کیا تھا۔ 18 نومبر کو2دو رکنی بینچ نہ ہونے کی وجہ سے بشریٰ بی بی کی درخواست سماعت کے لیے مقرر نہیں  ہوسکی۔

بشریٰ بی بی کے وکیل عالم خان ادیزئی ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ کوشش کریں گے کہ درخواست جلد سماعت کے لیے مقرر ہوجائے۔

دنیا کے گہرے ترین مقام پر راک کنسرٹ منعقد کرنے کا عالمی ریکارڈ

کینیڈا کا ایک بینڈ اپنے موسیقی آلاتا کو ایک کان کی گہرائی میں لے گیا تاکہ زیر زمین گہرے ترین لائیو کنسرٹ کا نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا جاسکے۔

مائنز اینڈ سنز نے ریکارڈ کو توڑنے کے لیے ٹیمنز میں کِڈ مائن کے اندر سطح سمندر سے 8,086 فٹ اور 11.31 انچ نیچے کنسرٹ منعقد کیا۔

بینڈ کے گٹارسٹ نارم ڈوائر کا کہنا تھا کہ اس کان سے rock نکالنے میں 68 سال گزرے اور پھر اس میں rock واپس لانے میں صرف ایک دن گزرا۔

6,213  فٹ، 3.05 انچ کا پچھلا ریکارڈ 2020 میں کینیڈا کے سڈبری میں ویلز کرائٹن مائن میں شافٹ باٹم بوائز نامی بینڈ کے ذریعے بنایا گیا تھا۔

امریکی آبدوز مچھلیوں کے جال میں پھنس گئی

ناروے میں ایک ماہی گیر ہیرالڈ اینجن اپنے معمول کے مچھلیوں کے شکار پر نکلے ہوئے تھے کہ اتنے میں ان کے جال میں ایک غیرمعمولی شے پھنسی جو کہ امریکی آبدوز تھی۔

377 فٹ جوہری طاقت سے چلنے والی یو ایس ایس ورجینیا ٹرامسو کی بندرگاہ سے جا رہی تھی جب اس کے پروپیلرز مچھلی کے جال میں پھنس گئے اور وہ جال تقریباً 2.3 میل دور سمندر میں گھسیٹتے ہوئے لے گئی۔

نارویجن کوسٹ گارڈ جو آبدوز کی حفاظت پر معمور تھے، کو مداخلت کرنا پڑی تاکہ آبدوز کو جال سے آزاد کیا جا سکے۔

ہیرالڈ جو ناروے کے مالانگین فجورڈ کے قریب ہالیبٹ میں مچھلی پکڑ رہے تھے، جب انہیں اسبارے میں پیغام موصول ہوا  تو وہ حیرت میں آگئے۔

انہوں نے بتای کہ میں دوسرے جہازوں کے بارے میں جانتا ہوں جو ماہی گیری کے جالوں کے اوپر سے گزر جاتے ہیں لیکن یہاں سے باہر کسی نے بھی آبدوز کے بارے میں ایسا نہیں سنا تھا۔

امریکی چھٹے بحری بیڑے کے ترجمان لیفٹیننٹ پیئرسن ہاکنز نے واقعے کی تصدیق کی لیکن جہاز کے نام کی تصدیق کرنے سے انکار کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ واقعے میں کسی کو نقصان نہیں پہنچا اور اس کی وجہ جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

تقریباً ارب روپے تںخواہ اور ذمہ داری نہ ہونے کے برابر مگر لوگ خوفزدہ

ایسی نوکری جس کی تنخواہ سالانہ تقریبا 1 ارب روپے ہو، کون نہیں چاہے گا لیکن آپ کو جان کر یہ حیرت ہوگی کہ واقعی کوئی ایسی نوکری نہیں کرنا چاہتا۔

مصر میں اسکندریہ کے مشہور لائٹ ہاؤس میں یہ نوکری کرنی ہے جس کے سالانہ آپ کو تقریباً 1 ارب روپے ملیں گے مع سہولیات کے لیکن یہ نوکری غیر متوقع اور خوفناک چیلنجز کے ساتھ آتی ہے جس کا سامنا تقریباً کوئی بھی نہیں کرنا چاہتا۔ یہ پوزیشن دنیا میں سب سے مشکل ترین ملازمتوں میں سے ایک ہے.

کیپٹن موریسیس، ایک مشہور ملاح کو ایک بار مصر کے اسکندریہ کے قریب طوفان کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ یہ علاقہ بڑے پیمانے پر چھپی ہوئی چٹانوں سے بھرا ہوا ہے جس کی وجہ سے اس کا جہاز ڈوب گیا تھا اور جان و مال کا نمایاں نقصان ہوا تھا۔

اس واقعے نے بحری جہازوں کو محفوظ طریقے سے نقل و حرکت کرنے میں مدد کے لیے روشنی کی ضرورت کو اجاگر کیا۔

ایک تجربہ کار معمار کو ہدایت کی گئی کہ وہ سمندر کے بیچ میں ایک ٹاور بنائے تاکہ خطرناک چٹانوں سے خبردار کرنے کیلئے جہازوں کو روشنی اور رہنمائی فراہم کی جا سکے اور اسکیلئے لائٹ ہاؤس کیپر کو رکھا جائے۔

لائٹ ہاؤس کیپر کی بنیادی ذمہ داری اس بات کو یقینی بنانا ہوگی کہ لائٹ کبھی نہ بجھے لیکن یہ ذمہ داری اتنی آسان نہیں

کیپر کو سمندر کے درمیان تنہا رہنا پڑے گا، خطرناک طوفانوں کو برداشت کرنا پڑے گا اور اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ روشنی ہر وقت جلتی رہے۔

لائٹ ہاؤس اکثر سمندر کی اونچی لہروں کی زد میں بھی آجاتا ہے جو کبھی کبھی اسے مکمل طور پر ڈھانپ لیتی ہیں اور اس کی وجہ سے کیپر کی جان خطرے میں بھی پڑ سکتی ہے۔

ملازمت میں تنہائی کی نوعیت شدید حالات کے ساتھ مل کر کثیر تنخواہ والی اور کم سے کم کاموں والی نوکری کو بھی لوگوں کیلئے خوف پیدا کردیتی ہے اور اسکو نبھانا مشکل ہوجاتا ہے۔

آئی سی سی نے بھارتی دباؤ پر ٹرافی ٹور سے ”آزاد کشمیر” کو نکال دیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارتی کرکٹ بورڈ  (بی سی سی آئی) کے دباؤ پر آزاد کشمیر کو پاکستان کے ٹرافی ٹور پروگرام سے نکال دیا۔

آئی سی سی نے  چیمپئنز ٹرافی 2025 سے قبل عالمی ٹرافی ٹور کا اعلان کیا، جس میں مظفر آباد (یعنی آزاد کشمیر) کو نکال دیا گیا۔

ٹرافی دورے کے دوران پہلے روز پاکستان مونومنٹ، دامن کوہ، فیصل مسجد جائے گی جبکہ سابق اسپیڈ اسٹار اور راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر آئیکون ہوں گے۔

دارالحکومت اسلام آباد کے بعد ٹرافی ٹور کیلئے پاکستان کے مشہور شہروں اور مقامات جیسے کراچی، ایبٹ آباد، اور ٹیکسلا کا رخ کرے گی۔

آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کی ٹرافی آج (ہفتہ) سہ پہر 3 بجکر 45 منٹ پر پاکستان مونومنٹ پہنچائی جائے گی جہاں شائقین اسکے ہمراہ تصاویر بنوا سکیں گے۔

ٹرافی ٹور کی اہم تاریخیں:

16 نومبر: اسلام آباد
17 نومبر: ٹیکسلا اور خان پور
18 نومبر: ایبٹ آباد
19 نومبر: مری
20 نومبر: نتھیا گلی
22 سے 25 نومبر تک ٹرافی کراچی کے مختلف مقامات کی زینت بنے گی۔

ICC Champions Trophy Tour - Itinerary

اے سی سی اے کی 120 سالہ تاریخ میں پہلی بار پاکستانی خاتون صدر منتخب

ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاؤنٹنٹس نے پاکستان سے تعلق رکھنے والی عائلہ مجید کو صدر منتخب کرلیا ہے۔

عائلہ مجید اے سی سی اے کی 120 سالہ تاریخ میں پاکستان سے اس عہدے کے لیے منتخب ہونے والی پہلی شخصیت بن گئی ہیں۔ عائلہ مجید پلانیٹیو مڈل ایسٹ اور اسلام آباد میں قائم پلانیٹیو پاکستان کی بانی اور سی ای او ہیں، جو ڈیکاربونائزیشن، پائیداری اور توانائی کے حوالے سے خدمات سرانجام دیتی ہیں۔

عائلہ مجید 180ممالک میں اے سی سی اے کے 252,500 سے زائد اراکین اور 526,000 مستقبل کے اراکین کی قیادت کریں گی۔ وہ ایسے وقت میں صدر منتخب ہوئی ہیں جب اے سی سی اے نے ایک ملین کی چوتھائی سے زیادہ اراکین ہونے کا اہم سنگ میل عبور کیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ اس سال اپنی 120 ویں سالگرہ بھی منائے گا۔

عائلہ مجید کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ چند ماہ میں ‘اکاؤنٹنگ کا نیا مستقبل، اسٹریٹیجک نقطہ نظر اور اسٹیک ہولڈرز کا طرز عمل ‘ان موضوعات کے حوالے سے کام کرنے کی خواہاں ہیں۔ اکاؤنٹنسی کا پیشہ متحرک اورمسلسل ترقی کررہا ہے اور ہم اسے ایک دلچسپ، بامقصد اور پرکشش کیریئر کے انتخاب کے طور پر فروغ دینے کے لیے کام کررہے ہیں۔

قلات میں ایف سی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ، 7 اہلکار شہید

قلات میں سکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کے حملے میں 7 اہل کار شہید ہو گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے علاقے قلات میں سکیورٹی فورسز کے کیمپ پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا، جس کے فوری بعد فورسز کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق ضلع قلات کے شاہ مردان چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں 7 سکیورٹی اہل کار شہید اور 15 زخمی ہوئے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق شہدا کی لاشوں اور زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ رواں  ماہ (9 نومبر کو) کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے ایک خودکش دھماکے میں خاتون سمیت 26 افراد جاں بحق اور 60 سے زیادہ زخمی ہو گئے تھے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے قلات کے علاقے میں چیک پوسٹ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید اہل کاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے شہدا کے خاندانوں سےدلی  اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ اہلکاروں نے شہادت کا بلند رتبہ پایا ہے۔  شہادت کا بلند رتبہ پانے والے اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ شہدا نے اپنے خون سے امن کی آبیاری کی ہے۔ شہدا کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ شہدا ہمارا فخر ہیں۔ لازوال قربانیوں کا قرض کبھی نہیں اتار سکتے۔
دریں اثنا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے قلات میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی و تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔
اُدھر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بھی ایف سی چیک پوسٹ پر حملے میں اہل کاروں کے شہید ہونے مذمت کرتے ہوئے واقعے پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن کے لیے فورسز نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ فورسز کے جوانوں کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔