خیبرپختونخوا میں منی مائیکرو پن بجلی منصوبوں میں کروڑوں کی بے قاعدگیاں

خیبرپختونخوا میں منی مائیکرو پن بجلی منصوبوں میں کروڑوں روپے کی بے قاعدگیاں سامنے آئیں ہیں جس پر اسپیکر نے معاملہ انکوائری کیلئے قائمہ کمیٹی کے سپرد کرنے اور آڈیٹر جنرل اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو آڈٹ رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس کے دوران جے یو آئی کی خاتون رکن ریحانہ اسماعیل نے منی مائیکرو منصوبوں کے حوالے سے سوال ایوان میں پیش کیا جس پر محکمہ توانائی و برقیات نے تحریری جواب میں کہا کہ اب تک صوبہ میں 316 منی مائیکرو ہائیڈرو پراجیکٹ تعمیر ہوئے ہیں جن کی مجموعی پیداواری صلاحیت 28 میگا واٹ ہے ، منی مائیکرو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ منصوبہ کے فیز ٹو میں کل 142 مزید منصوبے 2027 تک مکمل کئے جائیں گے۔

ریحانہ اسماعیل نے کہا کہ متعدد منصوبے نامکمل ہیں، محکمہ نے ایوان میں غلط رپورٹ پیش کی ہے، فیز ون مکمل نہیں ہوا لیکن کہا جارہا ہے کہ فیز ٹو میں بھی کئی منصوبے مکمل ہوئے ہیں، منصوبوں میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیاں ہوئی ہیں، قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا ہے جس پر حکومتی رکن گل ابراہیم نے بھی کہا کہ ان کے حلقے میں چھوٹے پن بجلی منصوبوں کیلئے فنڈز جاری کئے گئے ہیں تاہم ابھی تک کسی منصوبہ پر کام شروع نہیں  ہوسکا۔

صوبائی وزیرِ قانون آفتاب عالم نے بتایا کہ منی مائیکرو ہائیڈرو پاور کے 316 پراجیکٹ مکمل ہوچکے ہیں جس سے 28 میگا واٹ بجلی پیدا ہورہی ہے، فیز ون کیساتھ فیز ٹو کے منصوبے بھی مکمل ہیں جس پر اسپیکر نے ایوان کی منظوری سے معاملہ قائمہ کمیٹی کے حوالے کردیا جبکہ آڈیٹرجنرل اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو بھی آڈٹ رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔

سلمان خان نے ایشوریا کو 17ویں منزل سے کودنے کی دھمکی کیوں دی؟

 بالی ووڈ کے مشہور اداکار سلمان خان اور ایشوریا رائے کے ماضی کے تعلقات ہمیشہ سے تنازعات کی زد میں رہے ہیں۔ 

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، 2001 میں دونوں کے درمیان ایک سنگین جھگڑا ہوا جس میں سلمان خان نے ایشوریا کو 17ویں منزل سے چھلانگ لگانے کی دھمکی دی تھی۔

رپورٹس کے مطابق، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایشوریا نے سلمان کو اپنے گھر میں داخل ہونے سے روکا۔ سلمان خان رات کے وقت ان کے دروازے پر دستک دے رہے تھے، لیکن ایشوریا نے دروازہ کھولنے سے انکار کر دیا۔ اس دوران، سلمان نے غصے میں آ کر دھمکی دی کہ اگر دروازہ نہ کھولا گیا تو وہ عمارت کی 17ویں منزل سے کود جائیں گے۔

بالآخر، یہ جھگڑا رات 3 بجے ختم ہوا جب ایشوریا نے سلمان کو گھر میں داخل ہونے کی اجازت دے دی۔ عینی شاہدین کے مطابق، اس واقعے نے سلمان اور ایشوریا کے رشتے میں مزید تناؤ پیدا کر دیا۔

بعد ازاں، سلمان خان نے ایک انٹرویو میں اس واقعے کا اعتراف کیا لیکن کہا کہ بات کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا۔ ان کے الفاظ میں: “اگر کسی رشتے میں لڑائی جھگڑا نہ ہو تو اس میں محبت نہیں ہوتی۔”

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اور ایشوریا ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے، لیکن جھگڑے ان کے رشتے کا حصہ تھے۔

2002 میں، ایشوریا رائے نے سلمان خان پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے ان سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سلمان کا رویہ ان کے لیے ناقابل برداشت ہو چکا تھا۔

جیسوال کو آؤٹ کیوں دیا؟ بھارت کی شکست سنیل گواسکر کو ہضم نہ ہوسکی

بھارت کے سابق بلے باز سنیل گواسکر نے میلبرن ٹیسٹ میں اوپنر یشسوی جیسوال کے آؤٹ کے لیے پیش کیے جانے والے شواہد کو ناکافی قرار دے دیا۔

ایک انٹرویو میں سنیل گواسکر کا کہنا تھا کہ کبھی کبھار ایسے مواقع پر نظروں کو دھوکا ہوجاتا ہے اور بعد میں اسنکو میٹر سے معلوم ہوتا ہے کہ بال بلے سے نہیں لگی۔ وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ تھرڈ امپائر نے یہ آؤٹ کیوں دیا۔

انہوں نے کہا کہ پرتھ ٹیسٹ میں کے ایل راہول کے معاملے میں آپ ظاہری ثبوت کے بجائے ٹیکنالوجی کے ساتھ گئے جبکہ دوسری بار ظاہری ثبوت کے ساتھ چلے گئے۔

واضح رہے میلبرن ٹیسٹ کے پانچویں روز آسٹریلیا نے بھارت کو 184 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-2 سے برتری حاصل کرلی ہے۔

پیپلزپارٹی کو پنجاب میں بہت نقصان ہوا اب ن لیگ کی باری ہے، سردار سلیم حیدر

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدرخان نے کہا ہے کہ احتجاج اور لڑائی جھگڑے سے مسئلے حل نہیں ہوتے، پیپلزپارٹی کو بہت نقصان ہوا اب ن لیگ کی باری ہے۔ 

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ دو تاریخ کو ہونے والے مذاکرات کو خوش آئند سمجھتا ہوں، پیٹرول بم، سڑکوں پراحتجاج،لڑائی جھگڑے سے مسئلے حل نہیں ہوتے،تمام مسئلوں کا حل مذاکرات کی ٹیبل ہے اور مذاکرات کا عمل جاری رہنا چاہیے۔

سردار سلیم حیدر خان نے حکومت خیبرپختونخوا پرتنقید کرتے ہوئے کہا کہ کے پی حکومت کو ذرا پروا نہیں کہ وہ کرم ایجنسی کی طرف دیکھے، وزیراعلی سندھ نے کے پی حکومت کو یہ کہا کہ کرم ایجنسی آپ کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مطالبات رکھتے ہیں اورکہتے ہیں کہ راستہ کھول دیتے ہیں، اس کا مطلب ہے کہ آپ نے خود راستہ بند کیا ہوا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی کوئی ڈیمانڈ نہیں ہے، صرف جو تحریری معاہدے ہیں  ان پر عمل کیا جائے تاکہ حکومت چل سکے۔

سردار سلیم حیدر نے کہا کہ ن لیگ سے اتحاد کرنے پر پیپلزپارٹی کو پنجاب میں بہت نقصان ہوا اب ن لیگ کی باری ہے۔

سلمان خان کی فلم ’سکندر‘ کے ٹیزر نے ڈیجیٹل دنیا میں نیا ریکارڈ بنادیا

بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کی نئی فلم ‘سکندر’ کے ٹیزر نے ریلیز ہوتے ہی ڈیجیٹل دنیا میں تہلکہ مچا دیا۔ 

یوٹیوب پر ٹیزر نے صرف 24 گھنٹوں میں 48 ملین ویوز حاصل کیے، جو کہ ایک نیا ریکارڈ ہے، اور یہ دنیا بھر میں #1 پر ٹرینڈ کر رہا ہے۔ حیران کن طور پر، ٹیزر نے ہر گھنٹے 2 ملین ویوز کا سنگِ میل عبور کیا۔

ٹیزر کا آغاز سلمان خان کے دلکش اور پراسرار کردار ‘سکندر’ کی جھلک سے ہوتا ہے، جس میں ان کا پاورفل انداز اور بے مثال کرشمہ نظر آتا ہے۔ ایکشن سے بھرپور مناظر اور شاندار وژیولز نے مداحوں کو دیوانہ بنا دیا ہے، اور فلم کے لیے جوش و خروش کو نئی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے۔

یہ فلم ساجد ناڈیاڈ والا کی پروڈکشن ہے اور اسے ہدایت کار اے آر موروگادوس نے ڈائریکٹ کیا ہے۔ سلمان خان کے ساتھ فلم میں اداکارہ راشمیکا مندنا بھی مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔
فلم عید 2025 پر ریلیز کی جائے گی اور ایک شاندار سینما تجربہ فراہم کرنے کا وعدہ کرتی ہے، جس میں ایکشن، ڈرامہ اور جذبات کا بہترین امتزاج ہوگا۔

‘سکندر’ کے ٹیزر کی بے مثال کامیابی سلمان خان کی عالمی شہرت اور فلم کی وسیع اپیل کا ثبوت ہے۔ یہ کامیابی بالی ووڈ کے بڑھتے ہوئے عالمی اثر و رسوخ کی ایک اور مثال پیش کرتی ہے۔

قبائلی اضلاع میں آپریشن کی مخالفت پر کے پی حکومت اور اپوزیشن ایک پیج پر آگئے

خیبرپختونخوا اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن نے قبائلی اضلاع میں فوجی آپریشن کی مخالفت کردی جبکہ اسپیکر اسمبلی نے امن و امان کی صورت حال پر بریفنگ کیلیے کورکمانڈر کو بلانے کا عندیہ بھی دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی میں قبائلی اضلاع میں امن و امان کی صورتحال پر بحث  کے دوران قبائلی اضلاع میں ممکنہ آپریشن کے خلاف حکومت اور اپوزیشن ایک پیکج پر آگئے۔

ارکان اسمبلی نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں آپریشن کو نہیں مانیں گے جبکہ حکومتی ارکان نے واضح کیا کہ آپریشن کا فیصلہ خیبر پختونخوا حکومت اور وزیر اعلیٰ کریں گے۔

اسپیکر کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں جو سوالات اٹھائے گئے وہ غور طلب ہیں، 2 دہائیوں سے خیبر پختونخوا میں آپریشن ہوئے، لوگوں کا انخلا بھی ہوا لوگوں کی آبادکاری بھی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ فوج اور منتخب نمائندوں کے درمیان اعتماد کا فقدان ہے۔ اسپیکر نے امن و امان کی صورت حال پر آئی جی خیبرپختونخوا کو طلب کرلیا اور کہا کہ وہ اپوزیشن لیڈر، ارکان اسمبلی کو بریفنگ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگلے مرحلے میں کور کمانڈر کو بھی امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ کیلئے بلایا جائے گا۔

عامر خان نے میری زندگی پر گہرا اثر ڈالا: علی فضل کا انکشاف

بالی ووڈ اداکار علی فضل نے اپنی پہلی فلم 3 ایڈیٹس (2009) کی 15 سالہ تکمیل پر دلچسپ انکشافات کیے۔

اپنے محدود اسکرین ٹائم کے باوجود، علی نے فلم میں “جوی لوبو” کے کردار سے شائقین اور انڈسٹری کا دل جیت لیا تھا۔

علی فضل نے بتایا کہ فلم میں ان کا کردار مختصر تھا لیکن بہت اثر انگیز ثابت ہوا۔ انہوں نے کہا، “میں فلم کے ہدایتکاروں راجو سر (راجکمار ہیرانی) اور ودھو سر (ودھو ونود چوپڑا) کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے کردار کی روح کو فلم میں زندہ رکھا۔”

3 ایڈیٹس کے 15 سال بعد، علی فضل اور عامر خان فلم “لاہور 1947” میں ساتھ نظر آئیں گے، جو 2025 کی سب سے زیادہ منتظر فلموں میں سے ایک ہے۔

علی نے کہا، “عامر خان میرے لیے زندگی کے مختلف مراحل پر بہترین رہنما رہے ہیں۔ لاہور 1947 کا تجربہ لاجواب رہا ہے۔”

انہوں نے انکشاف کیا کہ فلم کی شوٹنگ ابھی مکمل نہیں ہوئی اور وہ منی رتنم کی فلم “ٹھگ لائف” کی مصروفیات کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوئے۔

فلم 3 ایڈیٹس میں جوی لوبو کے ڈرون پروجیکٹ کے حوالے سے ایک مشہور میم، جس میں جوی کہتا ہے، “سر، کبھی مرزاپور آ کے میرا ڈرون پھینک کے دکھاؤ!” علی فضل نے اس پر ہنستے ہوئے کہا، “ہاں، میں نے یہ میم دیکھا ہے۔ بہت مزے کا ہے۔ لوگ بہت تخلیقی ہیں!”

مرزاپور کے مداحوں کے لیے خوشخبری ہے کہ جلد ہی مرزاپور: دی فلم کی شوٹنگ شروع ہونے والی ہے۔ علی نے کہا، “میرے خیال میں ایک اور سیزن بھی ہوگا لیکن اس وقت توجہ فلم پر ہے۔”

علی فضل اپنی پروڈکشن “گرلز ول بی گرلز” کی ڈیجیٹل ریلیز پر بھی خوش ہیں، جو ان کی اہلیہ ریچا چڈھا کے ساتھ بنائی گئی۔ فلم نے عالمی فیسٹیولز میں خاصی پذیرائی حاصل کی۔ علی نے کہا، “یہ فلم جڑوں سے جڑی کہانیوں کی طاقت کو ظاہر کرتی ہے۔”

یو اے ای؛ طیارہ حادثے میں پاکستانی خاتون پائلٹ سمیت دو جاں بحق

راس الخیمہ کے ساحل کے قریب گر کرطیارہ تباہ ہوگیا، حادثے میں پاکستانی خاتون پائلٹ اور مسافر بھارتی نوجوان جاں بحق ہوگئے۔

خلیج ٹائمز کے مطابق اتوار کو ایک ہلکا طیارہ جس میں صرف پائلٹ اور ایک بھارتی مسلمان نوجوان سوارتھے، دارالحکومت راس الخیمہ کے ساحل کے قریب سمندر میں گرکر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں دونوں  کی موت واقع ہوگئی۔

طیارے کی پائلٹ کی شناخت 26 سالہ پاکستانی خاتون اورمرد کی شناخت 26 سالہ سلیمان الماجد کے طور پر کی گئی۔

جاں بحق نوجوان کے والدین کا تعلق بھارت سے ہے جو یو اے ای میں آکر آباد ہوگئے تھے اور سلیمان الماجد کی پیدائش وہیں ہوئی تھی۔ پیشے کے لحاظ سے سلیمان الماجد ڈاکٹر تھے۔

جاں بحق ڈاکٹر کے والد نے خلیج ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیٹے نے سیر و تفریح کے لیے ہلکا طیارہ ہائر کیا تھا، اتوار کو سہ پہر دو بجے طیارے نے پرواز کی تھی اور اس کے فوراً بعد ساحل سمندر کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔

یو اے ای کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نےحادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

وی پی این رجسٹرڈ کروانے میں کمپنیوں کی عدم دل چسپی، ابھی تک کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے دس روز قبل کمپنیوں کو وی پی این رجسٹرڈ کروانے کی پیشکش کرنے کے باوجود ابھی تک کسی کمپنی کی طرف سے وی پی این رجسٹرڈ نہیں کروایا گیا۔

 اس حوالے سے پی ٹی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی اے نے 19 دسمبر سے وی پی این کی رجسٹریشن کا عمل شروع کیا تھا ، دس روز سے زائد مدت گزرنے کے بعد بھی کسی کمپنی نے وی پی این رجسٹریشن کی درخواست نہیں دی، مزید دو سے چار ہفتوں تک جسٹریشن کی درخواستیں موصول ہونے کا امکان ہے۔

 ذرائع نے کہا ہے کہ لائسنس کے ذریعے وی پی این سروس پروائیڈرز کو مقامی طور پر رجسٹرڈ کیا جاسکے گا، وی پی این سروس پروائیڈرز پاکستان میں ڈیٹا سینٹرز بنانے کے پابند ہوں گے۔

 ذرائع نے بتایا ہے کہ پی ٹی اے کمپنیوں سے 2 سے 4 لاکھ روپے لائسنس فیس کی مد میں وصول کرے گا، وی پی این سروس پروائیڈرز مقامی ڈیٹا پروٹیکشن قوانین پر عملدرآمد کے پابند ہوں گے۔

پی ٹی اے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ رجسٹریشن کے بعد وی پی این سائبر حملوں کی نشاندہی اور اسے بہتر طریقے سے ٹریک کرسکے گا، سروس پروائیڈرز کی رجسٹریشن کا فیصلہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔

دھرنے کے خاتمے سے متعلق کراچی پولیس چیف کا بیان، ترجمان کی وضاحت سامنے آگئی

پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ شہر میں آج رات تک دھرنے ختم نہ ہوئے تو قانون کے مطابق سڑکیں خالی کرائیں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ احتجاج کے نام پر پورے شہر کو بند کرنا مناسب نہیں، کراچی کے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جو نہیں ہٹے گا اس کو قانون کے مطابق ہٹائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم رات تک ان سے مذاکرات کرتے رہے ہیں، مذہبی جماعت کے علماء نے بھی کہا ہے کہ سڑک بند نہیں ہونی چاہیے، پورے شہر کے نظام کو احتجاج کے نام پر مفلوج کرنا ٹھیک نہیں، کراچی کے شہریوں کو ریلیف دیں گے، تین دن سے انہوں نے بہت بھگتا ہے۔

کراچی پولیس چیف نے کہا کہ کسی نے سڑک بند کرنے اور قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو سختی سے نمٹیں گے، ہم یہ واضع پیغام دیتے ہیں کہ ہمیں ہدایات ملی ہیں، اب تک ہم نرمی کے ساتھ بات کرتے رہے ہیں، افسران کو ہدایات دے دی ہیں اب ہم سختی کریں گے۔

ترجمان کی وضاحت

کراچی پولیس ترجمان نے دھرنوں کے حوالے سے اپنے چیف کے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دھرنے ختم نہیں کروائے جائیں گے۔

ترجمان کراچی پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو کا دھرنے ختم کروانے کا سوشل میڈیا پر زیر گردش حکم درست نہیں اور اُن کے بیان کو دھرنوں کے خاتمے سے جوڑنا بےبنیاد اور غلط فہمی کا شاحسانہ ہے۔

ترجمان پولیس نے وضاحت کی کہ پولیس چیف کے کہنے کا مقصد دھرنوں کا خاتمہ نہیں بلکہ دھرنوں کا ایسا انتظام تھا جس سے شہر میں ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔

کراچی میں دھرنے جاری

واضح رہے کہ پارا چنار کی صورتحال پر کراچی میں مذہبی جماعت کی جانب سے 17 مقامات پر دھرنے جاری ہیں جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

واضح رہے کہ کرم کے مسئلے پر ایک گروپ سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاور، جھنگ، گلگت اور مظفرآباد سمیت ملک کے دیگر شہروں میں مذہبی جماعت کی جانب سے دھرنے جاری ہیں۔

ورنگی، ملیر 15، فائیو اسٹار چورنگی، سمیت دیگر مرکزی شاہراہوں پر جمعرات سے جاری دھرنوں کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات ہیں اور منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہو رہا ہے۔

سال نو پر ہوائی فائرنگ کرنے والوں پر قتل کا مقدمہ درج کرنے کا اعلان

قبل ازیں ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیو ایئر پر ہوائی فائرنگ کرنے والوں کیخلاف اقدام قتل کا پرچہ درج کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس 38 سے زائد لوگ ہوائی فائرنگ سے زخمی ہوئے تھے۔ جو ہوائی فائرنگ کرے گا شہری نشاندہی کریں ہم سرکار مدعیت میں مقدمہ کریں گے، کوشش کریں گے اس کی ضمانت نہ ہو اور لائسنس بھی منسوخ کرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس میں احتساب کا ایک نظام ہے، کسی افسر یا اہلکار کو اختیارات سے تجاوز کی اجازت نہیں، جو بھی اختیارات سے تجاوز کرے گا اسے معطلی یا ملازمت سے فارغ ہونا پڑے گا۔

’کراچی ملک بھر کے جرائم پیشہ افراد کیلیے پسندیدہ ہے‘

جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ کراچی پورے ملک کا اکنامک حب ہے لیکن بدقسمتی سے یہ شہر پورے ملک کے جرائم پیشہ افراد کیلیے پسندیدہ بن گیا ہے، پچھلے سال کے مقابلے میں اسٹریٹ کرائم 24 فیصد سے کم ہوکر 16 فیصد رہا، موٹر سائیکل اور گاڑیاں چھیننے کی وارداتیں کم ہوئیں، پولیس کارکردگی بھی پچھلے سال کے مقابلے میں بہتر ہوئی۔

پولیس کی سالانہ کارکردگی

ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ دسمبر کا مہینہ کارکردگی کے اعتبار سب سے بہترین رہا، اس ماہ سب سے کم گاڑیاں اور موٹر سائیکل چوری اور چھینی گئیں، 3800 سے زیادہ بائیک اور کار لفٹرز کو گرفتار کیا، 2700 سے زیادہ ایف آئی آرز کے چالان پیش کر چکے ہیں، انویسٹی گیشن کی بہتری سے 300 سے زیادہ ملزموں کو سزائیں بھی ہوئیں۔

ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ کرائم زیرو ہو مگر کچھ چیزیں ممکن نہیں ہوتیں 13 ہزار سے زائد گاڑیاں یا موٹر سائیکلیں گزشتہ سال کے مقابلے کم چوری اور چھینی گئیں، موبائل فونز چھیننے کی وارداتیں بھی گزشتہ برس سے 8 ہزار کم ہیں۔