گوادر کا نیا بین الاقوامی ائیرپورٹ پاکستان چین دوستی کی نمایاں مثال ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ گوادر کا نیا بین الاقوامی ائیرپورٹ پاکستان اور چین کی عظیم دوستی کی نمایاں مثال ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے متعلق امور پراجلاس ہوا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گوادرمیں بین الاقوامی معیار اور جدید سہولیات سے آراستہ ائیرپورٹ  تعمیر کرنے پر عظیم دوست چین کے شکر گزار ہیں۔ نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے فعال ہونے سے علاقے میں خوشحالی آئے گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو مصروف ٹرانزٹ پوائنٹ بنانے کے حوالے سے قابل عمل حکمت عملی ترتیب دی جائے۔

وزیراعظم نے نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور ملک خصوصاً صوبہ بلوچستان کے دیگر علاقوں کے درمیان رابطہ سڑکوں کا نظام بہتر بنانے اور نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے لئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو نیوگوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی آپریشنلائزیشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ نیو گوادر ائیرپورٹ رقبے کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا ائیرپورٹ ہے۔ گوادر ائیرپورٹ اے 380 طیاروں کو ہینڈل کرسکتا ہے جبکہ ائیرپورٹ سے 40 لاکھ مسافر سالانہ سفر کرسکیں گے۔

پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کی جانب سے نیوگوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو ایرو ڈروم سرٹیفکیٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ پاکستان کسٹمز نے بھی  ائیر پورٹ کو نوٹیفائی کر دیا ہے۔ ائیرپورٹ پر پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی ، ائیر پورٹ سیکیوریٹی فورس، پاکستان کسٹمز، اینٹی نارکوٹکس فورس، وفاقی تحقیقاتی ادارے سمیت بارڈر ہیلتھ سروس کا عملہ تعینات کیا جا چکا ہے۔

بریفنگ کے مطابق پی آئی اے کے کراچی اور گوادر کے لیے موجودہ فلائٹ آپریشن کے دورانیے کو جلد ہفتے میں 3 بار کیا جائے گا۔ گوادر سے مسقط کے لیے پروازوں کا آغاز اگلے سال 10 جنوری سے ہوگا۔پاکستان کی نجی ائیرلائز، چین ، اومان اور متحدہ عرب امارات کی ائیرلائزسے گوادر سے ملکی اور بین الاقوامی فلائٹ آپریشنز شروع کرنے کے بارے میں بات چیت جاری ہے۔

ائیرپورٹ پر کولڈ سٹوریج ، وئیر ہاؤسز ، کورئیر سروسز کی سہولیات ، کارگو شیڈز ، تکنیکی گراؤنڈ سپورٹ آلات ، فیول فارمز، ہوٹیلز اور شاپنگ مالز کی لئے جگہ مختص کی گئی ہے جبکہ بینک برانچز کے قیام  اور اے ٹی ایم مشینوں کی تنصیب کے حوالے سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے رجسٹرڈ تمام بینکوں سے رابطہ کیا گیا ہے۔ گوادر ائیرپورٹ سے بذریعہ سڑک رابطہ بہتر بنانے کے لیے ایسٹ بے ایکسپریس وے کا پہلاحصہ مکمل ہوچکا ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ محمد آصف ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ،  وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ،  وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر نجکاری ، سرمایہ کاری و مواصلات عبدالعلیم خان نے بذریعہ وڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔

نوجوان نے اپنی والدہ کی 18 سال بعد دوبارہ شادی کروا دی، ویڈیو وائرل

اپنی والدہ کی 18 سال تنہا رہنے کے بعد دوبارہ شادی کروانے والے پاکستانی نوجوان کی پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

سوشل میڈیا پر ایک پاکستانی لڑکے عبدالاحد کی کہانی کو صارفین کی جانب سے خوب پذیرائی مل رہی ہے جس نے اپنی والدہ کا 18 سال تنہا رہنے کے بعد دوبارہ نکاح کروا دیا۔

سوشل میڈیا پر عبدالاحد نامی صارف نے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ کس طرح اس نے اپنی ماں کی شادی کروائی اور اصرار کیا کہ وہ زندگی میں خود کو دوسرا موقع لازمی دیں۔

نکاح کی اس ویڈیو میں عبدالاحد نے بتایا کہ ’’گزشتہ 18 سال میں، میں نے اپنی پوری کوشش کی کہ کس طرح اپنی والدہ کو اپنی حیثیت کے مطابق بہترین زندگی فراہم کروں، کیونکہ انہوں نے اپنی پوری زندگی ہمارے لیے وقف کردی‘‘۔

انھوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’’’میری والدہ بھی اپنی پرسکون زندگی گزارنے کی حقدار ہیں، اسی لیے بطور بیٹا میں سمجھتا ہوں کہ میں نے بالکل ٹھیک فیصلہ کیا، میں نے اپنی والدہ کے اس فیصلے میں ان کا ساتھ دیا اور انہیں آمادہ کیا کہ زندگی میں دوسرا چانس ضرور لیں‘‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ’’یہ انتہائی مشکل فیصلہ تھا جو میں نے لیا لیکن میری زندگی میں میری والدہ سے بڑھ کر کوئی نہیں ہے‘‘۔

عبدالاحد کی جانب سے اپنی والدہ کی دوسری شادی کرانے کی کہانی کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بہت پذیرائی مل رہی ہے اور سب سے ان کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے ان کی والدہ کےلیے دعائیں لکھی ہیں۔

کرم میں معاہدہ ہونے تک راستے نہیں کھولیں گے، مشیر اطلاعات پختونخوا

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ کرم میں معاہدہ ہونے تک راستے نہیں کھولیں گے۔

 بیرسٹر سیف نے پشاور پریس کلب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کچھ روز سے کرم میں حالات کرم میں خراب تھے جس کے بعد صوبائی حکومت نے کوششیں کیں، دونوں فریقین کے مابین فائر بندی کی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ جلدی مسئلہ حل ہو، دونوں فریقین کے ساتھ رابطہ ہے، آج بھی مذاکرات کئے ہیں، دونوں فریقین راضی نامہ پر متفق ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ یہ 130 سال پرانا مسئلہ ہے، وہاں کے عمائدین کے ساتھ مل بیٹھ کر اس مسئلے کا مستقل حل چاہتے ہیں، اس سلسلے میں عمائدین پر مشتمل گرینڈ جرگہ بنایا، پہلے ایک فریق نے وقت مانگا تھا اب دوسرے فریق نے دو دن کا وقت مانگا ہے کل 11 بجے وہ جرگہ میں بیٹھ جائیں گے، اسلحہ کی حوالگی کہ شرط کہ وجہ سے وقت لگا، پہلے دونوں فریق اسلحہ جمع اور بنکرز ختم کریں گے تاکہ پھر فائرنگ کا واقعہ نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت کرم کو خالی کرکے وہاں دہشت گردوں کو آباد کرنے کی باتوں میں کوئی حقیقت نہیں، کرم کے راستے بند ہوتے تو لوگ پاک افغان باڈر کا راستہ استعمال کرتے تھے مگر اب وہ راستے بھی بند ہیں، امن و امان کا مسئلہ ہے مگر بد قسمتی سے اس کو مذہبی رنگ دیا جاتا ہے جس کہ وجہ سے حالات خراب ہو جاتے ہیں، بگن میں اگر غیر مقامی افراد ملوث ہیں تو انکے خلاف کارروائی ہوگی، پہلے راضی نامہ ہو جائے اس کے بعد کاروائی کی جائے گی۔

برطانیہ میں نجی اسکولوں سے ٹیکس وصول کرکے سرکاری اسکولوں میں استعمال کرنے کا فیصلہ

برطانیہ میں یکم جنوری 2025 سے نجی اسکولوں پر 20 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس عائد کرکے رقم سرکاری اسکولوں کے معیار کو بہتر بنانے اور اساتذہ کے بہبود کے لیے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ کی نئی حکومت نے نجی اسکولوں کو 20 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس سے حاصل استثنیٰ کو ختم کردیا۔

وزیر تعلیم برجیٹ فلپسن نے کہا کہ مہنگی اور اعلیٰ معیاری تعلیم صرف امراء و روساء کے لیے نہیں ہو سکتے بلکہ ہر ایک شہری کا حق ہے۔

وزیر خزانہ ریچل ریوز نے کہا کہ اب تبدیلی کا وقت آگیا ہے۔ اس ٹیکس سے حاصل فنڈز سرکاری اسکولوں میں استعمال کیے جائیں گے جہاں ملک کے 94 فیصد بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

اس ٹیکس سے تعلیمی سال 2025-26 کے لیے ڈیڑھ ارب پاؤنڈ جمع پونے کی امید ہے جب کہ 2029-30 تک یہ فنڈ سالانہ ایک ارب 70 کروڑ پاؤنڈ تک پہنچ جائے گا۔

اس فنڈز کو سرکاری اسکولوں کے ساڑھے چھ ہزار اساتذہ کی بہبود سمیت تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

دوسری جانب نجی اسکولوں کی نمائندگی کرنے والی انڈیپینڈنٹ اسکولز کونسل نے حکومتی فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسکولوں میں ٹیوشن فیس پہلے ہی اوسطاً 18 ہزار پاؤنڈ سالانہ ہے اور ٹیکس استثنیٰ ختم کرنے سے یہ مزید بڑھ جائے گی۔

ادھر حکومت کا اندازہ ہے کہ ٹیوشن فیس میں تقریباً 10 فیصد تک اضافہ ہوگا جو کہ ناگزیر ہے۔

حکومتی اصلاحات کے مخالفین کا کہنا ہے کہ ایسا ہوا تو سرکاری اسکولوں میں طلبا کی تعداد قابو سے باہر ہوجائے گی جو کہ بذات خود حکومتی لاگت میں اضافے کا باعث ہوگا۔

تاہم انسٹی ٹیوٹ فار فسکل اسٹڈیز نے مخالفین کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آبادی میں متوقع کمی کی وجہ سے 2030 تک ریاستی اسکولوں میں بچوں کی تعداد میں اضافہ نہیں بلکہ کمی آئے گی۔

یاد رہے کہ لیبر پارٹی نے اپنی انتخابی مہم میں دہرے تعلیمی نظام پر تنقید کی تھی اور اقتدار میں آنے کے بعد سرکاری اسکولوں کا معیار بلند کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

 اس سے قبل کنزرویٹو پارٹی کے 14 سالہ دورِحکومت میں نجی اور سرکاری اسکولوں کے درمیان طبقاتی فرق بہت بڑھ گیا تھا۔

پلک تیواری اور ابراہیم علی خان کے افیئر پر شویتا تیواری کا بیان سامنے آگیا

بھارتی اداکارہ شویتا تیواری نے ایک انٹرویو میں اپنی بیٹی پلک تیواری اور سیف علی خان کے بیٹے ابراہیم علی خان کے افیئر کی افواہوں پر لب کشائی کی ہے۔ 

پلک تیواری اور ابراہیم علی خان کے تعلقات کی خبریں کچھ عرصے سے گردش میں ہیں تاہم پلک کی ماں شویتا تیواری نے پہلی بار اس حوالے سے کوئی بات کی ہے۔

اداکارہ شویتا تیواری نے ٹی وی انڈسٹری میں جہاں مشکل لیکن شاندار سفر طے کیا ہے وہیں ایک سنگل ماں کی حیثیت سے اپنی بیٹی پلک تیواری کی تربیت میں بھی انھیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

اداکارہ کو اپنے شوبز کیریئر کی ابتدا سے ہی افواہوں اور ٹرولنگ کا سامنا رہا۔ یہی وجہ ہے کہ شویتا ایک ماں کے طور پر اپنی بیٹی کو ٹرول کرتے ہوئے دیکھ کر خوفزدہ ہوجاتی ہیں۔

ایک خصوصی گفتگو کے دوران شویتا نے پلک تیواری کے تعلقات اور ڈیٹنگ کی افواہوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ افواہیں سننے کو ملتی ہیں کہ میری بیٹی ہر تیسرے آدمی کو ڈیٹ کررہی ہے، اور میں ہر سال شادی کررہی ہوں۔

پلک کے معاشقوں کی افواہوں پر بات کرتے ہوئے شویتا کا کہنا تھا کہ ’’افواہیں اب مجھے پریشان نہیں کرتیں۔ ان تمام برسوں میں، میں نے محسوس کیا ہے کہ لوگوں کی یادداشت صرف چار گھنٹے تک رہتی ہے، اس کے بعد وہ خبر بھول جاتے ہیں۔ تو پھر پریشان کیوں ہوا جائے؟‘‘

شویتا نے ہنستے ہوئے کہا کہ افواہوں کے مطابق تو میں پہلے ہی تین بار شادی کرچکی ہوں۔ یہ باتیں اب مجھ پر اثر انداز نہیں ہوتیں۔ یہ باتیں تب اثر کرتی تھیں جب سوشل میڈیا نہیں تھا اور کچھ صحافی آپ کے بارے میں اچھی باتیں لکھنا پسند نہیں کرتے تھے، کیونکہ اداکارہ کے بارے میں منفی خبریں ہی بکتی ہیں۔ اس دور سے نمٹنے کے بعد ان باتوں کا اب مجھ پر اثر نہیں ہوتا۔

شویتا نے سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کے حوالے سے کہا کہ میرے دور میں سوشل میڈیا اتنا نہیں تھا، اس لیے میں نہیں جانتی تھی کہ ٹرولنگ سے کیسے نمٹنا ہے، لیکن میری بیٹی نے سب سے پہلے یہ سیکھا کہ ٹرولنگ سے کیسے نمٹا جائے۔ میں نے پلک کو انھیں ہینڈل کرتے ہوئے دیکھا اور میں نے اس سے سیکھا ہے۔‘‘

ایف بی آر کو پہلی ششماہی میں ٹیکس ریونیو میں بڑے شارٹ فال کا سامنا

ایف بی آر کو رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں ٹیکس ریونیو میں بڑے شارٹ فال کا سامنا ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جاری مالی سال 2024-25 کی پہلی ششماہی میں 6 ہزار 9 ارب روپے ٹیکس وصولی کا ہدف پورا ہونا ناممکن لگتا ہے، تاہم ایف بی آر شارٹ فال کو 500 ارب روپے سے کم رکھنے کے لیے کوشاں ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح 10.6 فیصد ہدف کے مقابلے 10.3 فیصد، جب کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی کے ساتھ پرائمری بیلنس کا ہدف بھی پورا کرچکے ہیں۔ ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ پراپرٹی سیکٹر پر 11 سے 12 فیصد ٹیکس کی شرح بہت زیادہ ہے، زیادہ شرح کے باعث پراپرٹی ٹرانزیکشنز یا کاروبار کم ہوکر آدھا رہ گیاہے۔

حکام کے مطابق  آئی ایم ایف تنگ نہیں کررہا، پراپرٹی پر ٹیکس ریٹس کم کرنے کی تجویز ہے۔  آئی ایم ایف کو پراپرٹی ریٹ میں کمی کی تجویز دی جائے گی۔

حکام نے مزید بتایا کہ بجٹ میں مہنگائی اور درآمدات کے غلط تخمینے ٹیکس شارٹ فال کی بڑی وجہ بنے۔  مہنگائی 12 فیصد تخمینے کے مقابلے 4.9 فیصد پر آگئی۔ درآمدات میں 16 فیصد اضافے کا تخمینہ تھا، 5 فیصد گروتھ رہی، درآمدات میں 7 اور مہنگائی میں اوسطاً 4 فیصد کمی سے ٹیکس پر منفی اثر پڑا۔ اس کے نتیجے میں درآمدی اشیا پر ٹیکس محاصل میں نمایاں کمی آئی۔

میکا سنگھ کا بپاشا اور کرن گروور سے متعلق سنگین انکشاف

میکا سنگھ ایک مشہور گلوکار اور میوزک پروڈیوسر ہیں لیکن کووڈ 19 کی عالمی وبا سے ٹھیک پہلے وہ ایک سیریز کے پروڈیوسر بھی بن گئے تھے۔

میکا نے ‘ڈینجرس’ کے نام سے ایک ویب سیریز تیار کی تھی جس میں بپاشا باسو اور کرن سنگھ گروور نے اداکاری کی تھی۔

ایک نئے انٹرویو میں گلوکار نے کہا کہ فلم کی شوٹنگ کا تجربہ ‘خوفناک’ تھا اور اسٹار جوڑے نے شوٹنگ کے دوران ‘بہت ڈرامہ رچایا’۔

یوٹیوب چینل ‘کڑک’ پر بات کرتے ہوئے گلوکار نے کہا کہ وہ شروع میں کرن وہ بجٹ سے باہر نہیں گئے لیکن میکا سنگھ کے مطابق ان کے ساتھ کام کرنے کا ‘تجربہ خوفناک تھا’۔

یہ بتاتے ہوئے کہ تجربہ کس طرح خراب تھا میکا نے شیئر کیا کہ میں 50 افراد کی ٹیم کو ایک ماہ کے طویل شیڈول کے لیے لندن لے گیا، تاہم اسے دو ماہ تک بڑھا دیا گیا۔

ان کے مطابق اس دورے پر کرن اور بپاشا نے بہت ڈرامہ رچایا، وہ ایک شادی شدہ جوڑا ہے اس لیے میں نے ان کے لیے ایک کمرہ بک کروایا لیکن ان کا کہنا تھا کہ ‘نہیں، ہمیں اپنے الگ الگ کمرے کی ضرورت ہے، مجھے ان کی منطق سمجھ نہیں آئی، اس کے بعد انہوں نے دوسرے ہوٹل میں منتقل ہونے کا مطالبہ کیا جو ہم نے پورا کیا’۔

میکا نے کہا کہ اگرچہ اداکاروں نے جس معاہدے پر دستخط کیے تھے اس میں بوسہ لینے کا سین بھی شامل تھا لیکن انہوں نے شوٹنگ کے دن ایسا کرنے سے انکار کر دیا۔

گلوکار کا کہنا تھا کہ ‘اگرچہ وہ میاں بیوی ہیں پھر بھی کسنگ سین پر انہوں نے ڈرامہ رچایا، یہ اسٹارز دھرما پروڈکشن اور یش راج فلمز جیسے بڑے پروڈیوسرز کے قدموں پر گر جاتے ہیں اور چھوٹے سے چھوٹے کرداروں کے لیے بھی ان کی تعریف کرتے رہتے ہیں لیکن جب چھوٹے پروڈیوسرز کی بات آتی ہے تو ان کا رویہ بدل جاتا ہے، کیا ہم بھی پیسے خرچ نہیں کرتے؟

میکا نے بتایا کہ انہیں سلمان خان اور اکشے کمار جیسے اسٹارز نے مشورہ دیا تھا کہ وہ پروڈیوسر نہ بنیں اور اپنا پیسہ ضائع نہ کریں، لیکن وہ ڈٹے رہے۔

خیال رہے کہ ڈینجرس کو اگست 2020 میں ایم ایکس پلیئر پر ریلیز کیا گیا تھا اور اسے ملا جلا ردِ رمل ملا تھا تاہم ایک سیزن کے بعد اسے منسوخ کر دیا گیا۔

دوسری جانب بپاشا باسو اور کرن گروور کی ملاقات 2015 کی ہارر فلم الون کے سیٹ پر ہوئی تھی اور وہ اگلے ہی سال شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے۔

12 نومبر 2022 کو، انہوں نے اپنی بیٹی دیوی باسو سنگھ گروور کا استقبال کیا، کرن آخری بار فضائی ایکشنر فلم ‘فائٹر’ میں ایک معاون کردار میں نظر آئے تھے جبکہ بپاشا کا آخری آن اسکرین کام ‘ڈینجرس’ تھی۔

شیکسپیئر کے مقابلے میں اے آئی کی نظمیں زیادہ پسند کی جانے لگیں؟

ایک تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ صارفین مشہور مصنفین شیکسپیئر اور لارڈ بائرون کے مقابلے میں مصنوعی ذہانت کی لکھی گئی نظموں کو زیادہ پسند کرتے ہیں۔

مطالعے میں قارئین نے ورچوئل اشعار کو (یہ جاننے سے قبل کہ ان کو ایک بوٹ نے لکھا ہے) جذباتی، تخلیقی اور خوبصورت قرار دیا۔

سائنس دانوں کے مطابق الگوردم کی لکھی گئی منظومات میں آسان اور سادہ زبان کے استعمال کی وجہ سے سے لوگ ان سے کلاسیکی اشعار کے مقابلے میں زیادہ محظوظ ہوئے۔

محققین نے یہ آزمائش ایسے 2300 افراد پر کی جو شاعری کے ماہر نہیں تھے اور وہ ان اشعار کے درمیان فرق نہیں بتا سکتے تھے۔

جرنل سائنٹیفک رپورٹس میں شائع ہونے والی تحقیق میں پٹس برگ یونیورسٹی کے برائن پورٹر کا کہنا تھا کہ اے آئی سے بنائی گئی پینٹنگ اور چہروں کی طرح اب اے آئی کی لکھی نظمیں انسانوں سے زیادہ انسانی لگ رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تحقیق میں لوگ اے آئی سے لکھی گئی نظموں کی زیادہ تعریف کرتے پائے گئے۔

 البتہ، جب ان کو بتایا گیا کہ یہ مصنوعی ذہانت سے بنائی گئی ہیں تو انہوں نے ان کو منفی انداز میں پرکھا۔

والد کے انتقال نے محسن عباس کو ’بوڑھا‘ کردیا

پاکستانی اداکار و گلوکار محسن عباس حیدر نے اپنے والد کے انتقال کے سبب پہنچنے والے غم کے اثرات کے بارے میں بتادیا۔

‘سیانی’ ، ‘مقابل’ ، ‘میری گُڑیا’ ، ‘دل تنہا تنہا’ جیسے ڈراموں میں بہترین اداکاری کے جوہر دکھانے والے اداکارہ محسن عباس حیدر نے فلموں میں بھی کام کیا اور اپنے فن کا لوہا منوایا۔

وہ فلم ‘نامعلوم افراد’ کے پہلے اور دوسرے دونوں پارٹس میں جاوید شیخ اور فہد مصطفیٰ کے ساتھ بہترین اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئے۔

محسن عباس حیدر نے 19 دسمبر کو فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کا رخ کر کے فینز کو ایک ایسی خبر دی ہے جو انکی زندگی میں آئے نئے غم کی وجہ تھی۔

محسن عباس حیدر نے انسٹاگرام پوسٹ پر اپنے والد کے انتقال کی خبر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ‘میرے والد کا انتقال ہو گیا ہے، اناللہ واناالیہ راجعون’۔

محسن عباس حیدر نے چند روز قبل ایک اور پوسٹ انسٹاگرام پر شیئر کی جو انکے خود کے لکھے گئے اشعار تھے اور والد کی وفات کے گہرے غم کو بیان کر رہے تھے۔

لکھے گئے اشعار یہ ہیں

مجھے لگا تھا کہ سہہ لوں گا کچھ بھی ماں کے بعد

مگر میں سہہ نہ سکا اپنے باپ کا جانا

بہت کٹھن ہے یہ محسنؔ سے لاڈلے کے لئے

منافقوں کے نگر میں یتیم ہو جانا

اب سوشل میڈیا پر محسن عباس حیدر کی ایک فیس بُک پوسٹ زیرِ گردش ہے جس میں وہ والد کے انتقال کے پڑنے والے گہرے اثر کے بارے میں بتایا۔

فیس بُک پوسٹ میں محسن عباس نے لکھا کہ ‘باپ کے بعد میں بڑا نہیں، بوڑھا ہو گیا ہوں’۔

محسن عباس حیدر کے گزشتہ دو ہفتوں سے شیئر کیے جانے والے غم میں ڈوبے پوسٹس انکے فینز کو کافی پریشان کرتے دکھ رہے ہیں اور کمنٹس سیکشن میں بھی فینز انکے لیے دعا کرتے دکھ رہے ہیں۔

سال کا سب سے بڑا سرپرائز، آشا بھوسلے کی ’توبہ توبہ‘ پر پرفارمنس

لیجنڈری گلوکارہ آشا بھوسلے نے  اپنے کانسرٹ میں کرن اوجلہ کے مقبول گانے ’توبہ توبہ‘ کو اپنی منفرد آواز اور انداز میں پیش کر کے سامعین کے دل موہ لیے۔

گانا ’توبہ تو بہ‘ فلم ’بیڈ نیوز‘ کا ہےجس میں وکی کوشل اور ترپتی دمری نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔

 آشا جی نے نہ صرف گانا گایا بلکہ وکی کوشل کے مشہور ڈانس اسٹیپس کو بھی اپنی پرفارمنس میں شامل کیا، جس نے کانسرٹ کے شرکاء کو خوب محظوظ کیا۔

انسٹاگرام پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آشا بھوسلے نے نہایت دلکش انداز میں ’توبہ توبہ‘ گایا اور سامعین کو حیرت زدہ کر دیا۔

 ویڈیو کے ساتھ ایک پوسٹ میں لکھا گیا کہ ’کیا سرپرائز ہے، آشا بھوسلے گانا گاتے اور وکی کوشل کے اسٹیپس کو میچ کرتے ہوئے، یہ ویڈیو انٹرنیٹ پر آج سب سے بہترین چیز ہے۔‘

گلوکار کرن اوجلا نے بھی اس ویڈیو پر ردعمل دیا اور اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں لکھا کہ ’آشا بھوسلے موسیقی کی زندہ دیوی نے توبہ  توبہ گایا… ایک ایسا گانا جسے ایک گاؤں کے چھوٹے سے بچے نے لکھا، جس کا موسیقی کا کوئی بیک گراؤنڈ نہیں تھا اور نہ ہی ساز بجانے کا علم۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’یہ گانا نہ صرف مداحوں بلکہ موسیقی کے فنکاروں میں بھی بے پناہ مقبول ہوا، لیکن یہ لمحہ واقعی ایک تاریخی موقع ہے، جسے میں کبھی نہیں بھول سکوں گا۔ میں بے حد شکر گزار ہوں اور یہ لمحہ مجھے مزید ایسی دھنیں تخلیق کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔‘

’توبہ توبہ‘ فلم ‘بیڈ نیوز‘ کا ایک مشہور گانا ہے، جس کی موسیقی اور بول کرن اوجلہ نے تخلیق کیے تھے۔ وکی کوشل کے منفرد ڈانس اسٹیپس اور ترپتی دمری کی دلکشی نے گانے کو ایک الگ پہچان دی۔

یہ گانا یوٹیوب اور انسٹاگرام رِیلز میں بھی خوب چھایا رہا اور معروف شخصیات نے بھی اسکا استعمال کرتے ہوئے اپنی ویڈیوز جاری کی تھیں۔