توشہ خانہ 2؛ عمران خان کو بطور وزیراعظم ملنے والے 100 سے زائد تحائف کی فہرست عدالت میں پیش

توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوئی، جہاں عدالت میں عمران خان کو بطور وزیراعظم ملنے والے 100 سے زائد تحائف کی فہرست پیش کردی گئی۔

اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کے روبرو ہونے والی سماعت میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی  موجود تھے  جب کہ بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجا اور فیصل چوہدری بھی سماعت کے موقع پر عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران کیبنٹ ڈویژن کے سیکشن آفیسر بنیامین کا بیان ریکارڈ کرلیا گیا۔ علاوہ ازیں بشریٰ بی بی کے وکیل ارشد تبریز نے گواہ پر جزوی جرح کی، جو آئندہ سماعت پر مکمل کی جائے گی۔ا سی طرح آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر بھی گواہ پر جرح کریں گے۔

گواہ نے 100 صفحات پر مشتمل ریکارڈ عدالت میں پیش کردیا۔ گواہ کی جانب سے توشہ خانہ 2 کیس کے سلسلے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بطور وزیر اعظم ملنے والے 108تحائف کی فہرست عدالت پیش کر دی  گئی۔ علاوہ ازیں گواہ نے توشہ خانہ تحائف کے ریکارڈ سے متعلق 2رجسٹر بھی عدالت پیش کردیے۔

گواہ نے پرائیویٹ اپریزر کا قانونی طریقہ کار بھی عدالت پیش کر دیا۔

واضح رہے کہ کیس میں مجموعی طور پر 3گواہان کی شہادت قلمبند کی جا چکی ہے۔

بعد ازاں عدالت نے  توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت 2 جنوری تک ملتوی کردی۔

بلوچستان کی یخ بستہ ہواؤں کے باعث کراچی میں سردی کی لہر برقرار

بلوچستان سے چلنے والی یخ بستہ ہواؤں کے باعث کراچی میں بھی سردی کی لہر برقرار ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر قائد میں آج کم سے کم درجہ حرارت 10.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں ذیادہ سے ذیادہ درجہ حرارت 27 جبکہ کم سے کم 8 ڈگری سینٹی گریڈ متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں 5سے 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مشرقی سمت سے ہوائیں چلنے کا امکان کا ہے۔

موٹروے حادثہ: فتح جنگ کے قریب بس حادثہ، 10 جاں بحق، 7 زخمی

موٹر وے ایم 14 پر  فتح جنگ کے قریب مسافر  بس کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے  میں 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹر وے ایم 14 پر فتح جنگ کے قریب بس کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔

ترجمان کے مطابق بس بہاولپور سے اسلام آباد جا رہی تھی کہ بس ڈرائیورکی لاپرواہی کی وجہ سے بس حادثے کا شکار ہو گئی۔

موٹر وے پولیس کا مزید بتانا ہے کہ جاں بحق افراد کی لاشیں اور  زخمیوں کو ٹی ایچ کیو  اسپتال فتح جنگ منتقل کر دیا گیا ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

بھارت کے جسپریت بمرا بہترین اوسط کے ساتھ 200 وکٹیں لینے والے دنیا کے پہلے باؤلر

بھارت کے جسپریت بمراہ ٹیسٹ کرکٹ میں بہترین اوسط کے ساتھ 200 وکٹیں لینے والے باؤلر بن گئے۔

کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق میلبرن کرٹ گراؤنڈ پر آسٹریلیا کے خلاف میچ میں کینگرو بلے باز ٹریوس ہیڈ  کو پویلین کی  راہ دکھا کر جسپریت بمراہ نے اپنی  200 ویں وکٹ حاصل کی اور ٹیسٹ کرکٹ کے عظیم ترین فاسٹ باؤلرز کی فہرست میں شامل ہوگئے۔

200 سے زیادہ ٹیسٹ وکٹیں لینے والے 85 باؤلرز میں سے صرف  12 نے بمراہ سے کم  میچوں میں یہ سنگ میل عبور کیا جب کہ بھارتی باؤلر میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں اپنے 44ویں  ٹیسٹ میں یہ کارنامہ انجام دیا۔

بولنگ اوسط کے لحاظ سے اگرچہ بمراہ 19.56 رنز فی وکٹ کے ساتھ اس فہرست میں سب سے اوپر ہیں  جب کہ اپنی پہلی 200 وکٹوں کے حصول کے لیے 4 ہزار سے کم رنز دینے والے دنیا کے پہلے باؤلر ہیں۔

42.4 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ یعنی ہر7 اوورمیں ایک وکٹ لے کر جسپریت بمراہ صرف وقار یونس، ڈیل اسٹین اور کاگیسو ربادا سے پیچھے ہیں، یہ تمام ہی فاسٹ باؤلرز نئی اور پرانی گیند کے ساتھ شاندار باؤلنگ کرنے کی صلاحیت کے حامل تھے۔

بمراہ کا جنوبی افریقہ، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں ریکارڈ بھی شاندار ہے، وہ ان ممالک میں کسی بھی بھارتی فاسٹ باؤلر سے وکٹیں لینے والے کھلاڑی ہیں۔

بمراہ کی پہلی 200 وکٹوں میں سے 64 وکٹیں ٹاپ تھری بلے بازوں کی تھیں، انہوں نے مخالف ٹیموں کے اوپنرز کو 50 بار اور تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے بلے بازوں کو 14 بار آؤٹ کیا ہے، نمبر 4  اکثر ٹیم کا سب سے اہم بلے باز ہوتا ہے اور بمراہ نے نمبر 4 پر آنے والے بیٹر کو 30 بارآؤٹ کیا ہے، بمراہ کی ٹاپ فور وکٹوں کا تناسب مجموعی طور پر عالمی سطح پر ساتواں اور بھارت کا سب سے  بہترین تناسب ہے۔

کراچی میں عمارت کی پانچویں منزل پر آگ لگ گئی

کراچی میں عمارت کی پانچویں منزل پر اچانک آگ بھڑک اٹھی۔

ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق کراچی کے علاقے برنس روڈ میں مدینہ مسجد کے قریب عمارت کی پانچویں منزل پر آگ لگ گئی۔ اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ریسکیو ٹیم ، ایمبولینس اور فائر فائربریگیڈ موقع پر پہنچ گئے۔

فائراینڈ ریسکیو اور فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے آگ پر قابو پانے کے لیے آپریشن کیا۔ آگ سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ آگ بھڑکنے کی وجوہات جانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

بھیتجے کی شادی پر مریم نواز کے مہنگے ملبوسات؛ قیمت جان کر آپ دنگ رہ جائیں گے

پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کے پوتے کی شادی پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دلکش اور مہنگے ملبوسات کی تصاویر سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔

سوشل میڈیا پر جہاں حسین نواز کے صاحبزادے زید حسین نواز کی شادی خبروں کی زینت بنی وہیں مریم نواز کے لباس کی تصاویر بھی وائرل ہورہی ہیں۔

اپنے بھتیجے کے ولیمے پر وزیراعلیٰ پنجاب نے جامنی رنگ کا حسین لباس زیب تن کیا ہوا تھا، جس کی تصاویر سوشل میڈیا صارفین خوب سراہ رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق مریم کے اس لباس کی قیمت 3 لاکھ 60 ہزار ہے۔

اس سے قبل نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے اپنے بھتیجے کے نکاح پر بھارتی فیشن ڈیزائنر سبیاساچی مکھرجی کا ڈیزائن کیا ہوا سرخ جوڑا پہنا تھا جس کی قیمت تقریباً 4 لاکھ 95 ہزار بھارتی روپے بتائی گئی تھی۔

اگر اس قمیت کو پاکستانی کرنسی میں تبدیل کیا جائے تو کل قمیت 16 لاکھ 23 ہزار 609 روپے بنتی ہے۔

سال 2024 کی آخری اسٹارلنک سیٹلائٹ کل لانچ کی جائے گی

ایلون مسک کا اسپیس ایکس سال 2024 کا اپنا آخری مشن خلا میں بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے۔

21 فالکن 9 راکٹ اسٹار لنک براڈ بینڈ انٹرنیٹ سیٹلائٹس لو کے کر 31 دسمبر کو فلوریڈا میں ناسا کے کینیڈی اسپیس سینٹر کے لانچ کمپلیکس 39A سے صبح 12:34 بجے روانہ ہوگا۔

روانگی کا لائیو ویب کاسٹ لفٹ آف سے تقریباً پانچ منٹ پہلے شروع ہو جائے گا جسے ناظرین اسپیس ایکس کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا نیٹ ورک ایکس پر دیکھ سکیں گے ۔

یہ 2024 میں اسپیس ایکس کی 134ویں فیلکن کی پرواز ہوگی جو کمپنی کے پچھلے سال کے کل 38 مشنوں سے زیادہ ہے۔

رواں سال کے ان 134 لانچوں میں سے 89 اسٹار لنک کے عالمی نیٹ ورک کو بڑھانے کے لیے وقف تھیں۔

اسٹار لنک اب تک کا سب سے بڑا سیٹلائٹ نیٹ ورک ہے اور یہ مسلسل بڑھ رہا ہے۔ سیٹلائٹ ٹریکر اور فلکیاتی طبیعیات کے ماہر جوناتھن میک ڈویل کے مطابق، اس وقت خلا میں 6,850 سے زیادہ فعال اسٹار لنک سیٹلائٹس موجود ہیں۔

پی ٹی اے سے ایک ارب 37 کروڑ ایڈوانس ٹیکس کٹوتی پر ایف بی آر کیخلاف کیس کا فیصلہ جاری

ہائی کورٹ نے پی ٹی اے سے ایڈوانس ٹیکس کی مد میں ایک ارب 37 کروڑ روپے کی کٹوتی کے خلاف کیس کا فیصلہ جاری کردیا۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے خلاف پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ نے منظور کرلی، جس میں عدالت نے ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کو پی ٹی اے کی اضافی ٹیکس واپس کرنے کی درخواست پر 2 ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا۔

عدالت نے ڈپٹی کمشنر اِن لینڈ ریونیو پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے  درخواست گزار کو ایک ماہ میں ادا کرنے کا حکم بھی دیا۔

واضح رہے کہ ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے 2018ء  میں پی ٹی اے سے ایک ارب 37 کروڑ روپے کی رقم ایڈوانس ٹیکس کی مد میں کاٹی تھی، جس کے خلاف پی ٹی اے درخواست دائر کی تھی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے پی ٹی اے کی درخواست پر تفصیلی فیصلہ جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ درخواست گزار کے مطابق ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے ایڈوانس ٹیکس کا دوبارہ سے تعین کیا۔ ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے نوٹس جاری کیے بغیر ہی بینک سے ٹیکس کی مد میں رقم کاٹ لی۔

عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ انکم ٹیکس آرڈیننس کے مطابق ٹیکس پیئر کو نوٹس جاری کیا جانا لازم ہے۔ پراسیس پر عملدرآمد کے بغیر کی گئی کارروائی درخواست گزار کے بنیادی حقوق کے بھی خلاف ہے۔

فیصلے میں مزید لکھا گیا کہ درخواست گزار وکیل کے مطابق اضافی کاٹی گئی رقم واپس کرنے کے لیے انہوں نے درخواست دائر کی۔ کمشنر اِن لینڈ ریونیو نے درخواست پر قانون کے مطابق 2ماہ میں فیصلہ کرنا ہوتا ہے۔ کمشنر نے پی ٹی اے کی درخواست پر 2ماہ سے زائد وقت گزرنے کے باوجود فیصلہ نہیں کیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم دیا کہ اِس عدالت کے فیصلے کے بعد 2ماہ میں اضافی ٹیکس واپسی کی درخواست پر فیصلہ کیا جائے۔

اسرائیل کی غزہ میں 2 اسپتالوں پر وحشیانہ بمباری؛ 50 سے زائد فلسطینی شہید

اسرائیلی فورسز نے غزہ میں دو اسپتالوں کمال عدوان اور الوفا اسپتال پر گولہ باری جاری رکھی جس میں شہید ہونے والوں کی تعداد 50 سے زائد ہوگئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے کمال عدوان اور الوفا اسپتال کے بعد اہلی نامی ایک اور اسپتال پر بھی بمباری کی۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ ان اسپتالوں میں مریضوں کے بھیس میں حماس کے کمانڈرز اور جنگجو چھپے ہوئے تھے۔

ترجمان اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ ان اسپتالوں میں کارروائی میں حماس کے 19 کمانڈرز اور جنگجو لڑتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے اور متعدد کو گرفتار کرلیا گیا۔

دوسری جانب حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے اسپتالوں میں پہلے ہی درد سے بلکتے اور زخموں سے چور شہریوں کو نشانہ بنایا جس میں 50 فلسطینی شہید ہوگئے۔

اسرائیل نے کمال عدوان اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کو حراست میں لیا ہوا ہے اور ان کی رہائی کے لیے کسی بھی دباؤ کو خاطر میں نہیں لا رہا ہے۔

اسرائیل نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ کمال عدوان اسپتال کو دوبارہ صحت کی خدمات انجام دینے کے لیے نہیں کھولا جائے گا۔

یاد رہے کہ 8 اکتوبر 2023 غزہ پر اسرائیلی بمباری میں اب تک 45 ہزار 500 سے زائد فلسطینی ہوچکے ہیں جب کہ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 8 ہزار سے تجاوز کرگئی۔

اسرائیلی بمباری میں شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

میلبرن ٹیسٹ: آسٹریلیا نے بھارت کو 184 رنز سے شکست دیکر سیریز میں2-1 کی برتری حاصل کرلی

آسٹریلیا نے باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے 5ویں روز بھارت کو 184 رنز سے شکست دے دی۔

5 ٹیسٹ میچوں کی بارڈر گواسکر ٹرافی سریز کے چوتھے ٹیسٹ کے پانچویں روز بھارت کی ٹیم 340 رنز کے ہدف کے جواب میں 155 رنز پر ڈھیر ہوگئی، بھارت کے 9 کھلاڑی ڈبل فگرز میں ہی نہ جا سکے۔

بھارت کے یشسوی جیسوال84اور رشبھ پنت 30 رنز بنا کر آوٹ ہوئے،  کینگروز کی جانب سے کپتان پیٹ کمنز اور اسکاٹ بولینڈ نے 3،3، وکٹیں سمیٹیں جب کہ اسپنر نیتھن لوئن نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

ان کے علاوہ مچل اسٹارک اور ٹریوس ہیڈ کو ایک ایک وکٹ ملی، آسٹریلوی بولرز نے بھارت کی آخری سات وکٹیں محض 34 رنز کےاضافے سے گرا دیں،  انڈیا کے 121 رنز پر 3 کھلاڑی آوٹ تھے۔

آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کو دونوں اننگز میں 3، 3، وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

فتح کے ساتھ کینگروز نے 5 ٹیسٹ میچوں کی بارڈر گواسکر ٹرافی سریز میں دو ایک کی برتری حاصل کرلی۔

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان جاری چوتھے ٹیسٹ میچ میں حاضری کا ایک نیا ریکارڈ قائم ہو گیا جس کے دوران 5 روز میں  میلبرن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں 3 لاکھ 50 ہزار 700 سے زیادہ شائقین میدان میں آئے۔

معروف کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق اس سے قبل 1937 میں  3 لاکھ 50 ہزار 534 کرکٹ شائقین نے میدان کا رخ کیا تھا۔

 

کرکٹ آسٹریلیا نے اس بات کی تصدیق کی کہ میچ کے 5ویں دن پہلے سیشن کو دیکھنے کے لیے 51 ہزار 371 میدان میں آچکے ہیں جب کہ مزید شائقین کی آمد متوقع ہے۔

اتنی بڑی تعداد میں شائقین کی آمد کا مطلب یہ ہے کہ 2024 کے ایم سی جی باکسنگ ڈے ٹیسٹ کو اس میچ سے زیادہ لوگوں نے دیکھا جو سر ڈونلڈ بریڈمین کی قیادت میں آسٹریلیا نے اس گراؤنڈ پر جنوری 1937 میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا جو 6 دنوں تک جاری رہا تھا۔

اس ٹیسٹ میچ کے لیے شائقین کی آمد بالکل غیر معمولی رہی ہے جس کی روزانہ کی تعداد بالترتیب87 ہزار، 85 ہزار، 83 ہزار، 43 ہزار اور 51 ہزار  سے زیادہ رہی۔

ایم سی جی میں شائقین کی ریکارڈ تعداد 2022 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت اور پاکستان کا میچ دیکھنے آئی تھی، اس میچ کو 90 ہزار 293 شائقین نے دیکھا تھا جب کہ اس کے علاوہ بھارت اور زمبابوے کے میچ کو دیکھنے کے لیے 82 ہزار 507 لوگوں نے گراؤنڈ کا رخ کیا تھا۔