اسلام آباد / راولپنڈی: سکستھ روڈ میٹرو بس اسٹیشن کے قریب راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس ٹریک کا ایک حصہ ٹوٹ گیا۔
ٹریک ٹوٹنے سے میٹرو بس روٹ میں بڑا شگاف پڑ گیا جبکہ ٹریک میں دراڑیں پڑنے سے بڑے بڑے پتھر بھی زمین پر آگرے۔ انتظامیہ نے تھوڑی سی مرمت کرکے ٹریک بحال کر دیا۔
واقعے پر حکام میڑو بس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ٹریک سے کنکریٹ ٹوٹ پھوٹ کر نہیں گر رہے بلکہ ایکسٹینشن جوائنٹ کی مرمت کی جا رہی ہے، ایلوویٹیڈ ٹریک پر مذکورہ جوائنٹ کو خود ماہرین نے توڑا اور اس کو دوبارہ مرمت کیا جا رہا ہے۔
حکام نے بتایا کہ ٹریک کی مرمت کمشنر راولپنڈی کی ہدایات پر عمل میں لائی گئی ہے جس کی مرمت باقاعدہ ایس آئی او پیز کے تحت مری روڈ پر ایریا کو ٹریفک کے لیے بند کرکے حصار میں لیا گیا۔
حکام میڑو بس اتھارٹی کے مطابق پہلے ایک حصے کی مرمت مکمل کی گئی اب دوسرے حصے کی مرمت جاری ہے تاہم میڑو بس سروس کا آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے، ایکسٹینشن جوائنٹ کی باقی ماندہ حصے کی مرمت بھی جلد از جلد مکمل کر دی جائے گی۔
واضح رہے کہ 2ارب سبسڈی کے باوجود میٹرو بس ٹریک مجموعی طور پر خستہ حالی کا شکار ہے اور جگہ جگہ گھڑے پڑ گئے ہیں۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے صورتحال پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا