ٹرانسمیشن لائنوں پر ٹرپنگ، بجلی کا شارٹ فال ساڑھے 6 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا

پن بجلی سے توانائی کی پیداوار میں کمی کے باعث بجلی کا شاٹ فال برقرار ہے، ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال آج ساڑھے 6 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا۔

شارٹ فال بڑھنے کے باعث شہری اور دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ جاری ہے۔

پاور ڈویژن ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں بجلی کی طلب ساڑھے 14 ہزار میگاواٹ تک ہے، جبکہ بجلی کی پیداوار صرف 8 ہزار میگاواٹ تک ہے۔

پاور ڈویژن کے مطابق طلب اور رسد میں فرق کے باعث لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے تک ہے۔

پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ شہری علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹوں پر محیط ہے، جبکہ دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 سے 12 گھنٹے تک ہے۔

ذرائع کے مطابق ہائی لاسز علاقوں میں بجلی کی 16 گھنٹوں تک بندش کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب شدید دھند کے باعث این ٹی ڈی سی کی گڈو کے قریب ٹرانسمیشن لائنوں پر ٹرپنگ بھی جاری ہے۔

پاور ڈویژن کے مطابق 500 کے وی اور 220 کے وی ٹرانسمیشن لائنوں پر ٹرپنگ ہوئی، 500 کے وی سرکٹ بریکر کے ایک پول کو بھی نقصان پہنچا۔

پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ فالٹی لائن کو سسٹم سے علیحدہ کر کے سوئچ یارڈ کو بحال کر دیا گیا ہے، خراب لائن کو ٹھیک کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے۔

پاورڈویژن کا کہنا ہے کہ نقصان اور فالٹ کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس کا ٹریک ٹوٹ گیا

اسلام آباد / راولپنڈی: سکستھ روڈ میٹرو بس اسٹیشن کے قریب راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس ٹریک کا ایک حصہ ٹوٹ گیا۔

ٹریک ٹوٹنے سے میٹرو بس روٹ میں بڑا شگاف پڑ گیا جبکہ ٹریک میں دراڑیں پڑنے سے بڑے بڑے پتھر بھی زمین پر آگرے۔ انتظامیہ نے تھوڑی سی مرمت کرکے ٹریک بحال کر دیا۔

واقعے پر حکام میڑو بس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ٹریک سے کنکریٹ ٹوٹ پھوٹ کر نہیں گر رہے بلکہ ایکسٹینشن جوائنٹ کی مرمت کی جا رہی ہے، ایلوویٹیڈ ٹریک پر مذکورہ جوائنٹ کو خود ماہرین نے توڑا اور اس کو دوبارہ مرمت کیا جا رہا ہے۔

حکام نے بتایا کہ ٹریک کی مرمت کمشنر راولپنڈی کی ہدایات پر عمل میں لائی گئی ہے جس کی مرمت باقاعدہ ایس آئی او پیز کے تحت مری روڈ پر ایریا کو ٹریفک کے لیے بند کرکے حصار میں لیا گیا۔

حکام میڑو بس اتھارٹی کے مطابق پہلے ایک حصے کی مرمت مکمل کی گئی اب دوسرے حصے کی مرمت جاری ہے تاہم میڑو بس سروس کا آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے، ایکسٹینشن جوائنٹ کی باقی ماندہ حصے کی مرمت بھی جلد از جلد مکمل کر دی جائے گی۔

واضح رہے کہ 2ارب سبسڈی کے باوجود میٹرو بس ٹریک مجموعی طور پر خستہ حالی کا شکار ہے اور جگہ جگہ گھڑے پڑ گئے ہیں۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے صورتحال پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا

نئے سال کے آغازپر اسرائیلی حملوں میں شدت، ایک ہی خاندان کے10 افراد شہید

غزہ: غزہ میں نئے سال کے آغاز پر اسرائیل کے حملوں میں مزید شدت آگئی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کے جنگی طیاروں نے غزہ کے وسط میں واقع المغازی اور البریج کے علاقوں کو نشانہ بنایا جس میں ایک ہی گھر کے 10 افراد ہلاک ہوگئے۔

اسرائیل نے غزہ شہر کے نواحی علاقے المغراقہ گاؤں پر بھی بمباری کی جس کے نتیجے میں 6 افراد جبکہ خان یونس میں ایک گھر پر فضائی حملے میں ایک شخص شہید ہوا۔
دوسری جانب مزاحمت پسند تنظیم حماس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل کے مختلف علاقوں پر راکٹ برسائے جس کے بعد ان علاقوں میں سائرن بجنے لگے۔ حماس کے راکٹ حملوں میں کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

اسرائیل کا اتحادی ملک امریکا غزہ میں جنگ کی شدت کم کرنے پرزور دے رہا ہے تاہم اسرائیلی وزیراعظم نیتنن یاہو کا کہنا ہے کہ جنگ اپنے عروج پر ہے اور جاری رہے گی۔ اسرائیل کو ایک مرتبہ پھر مصر کے ساتھ غزہ کی سرحد کا کنٹرول سنبھالنا ہوگا۔

نئے سال کے پہلے دن اسٹاک ایکسچینج میں تیزی

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سال نو کے پہلے روز کاروبار کا آغاز زبردست تیزی سے ہوا۔

اسٹاک ایکسچینج میں 1568پوائنٹس کی تیزی دیکھنے میں آئی جس کے نتیجے میں 63 اور 64 ہزار کی دو نفسیاتی حدیں بحال ہوگئیں۔ 1500 پوائنٹس کے اضافے سے 100 انڈیکس بڑھ کر 64019 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔

یاد رہے کہ سال کے آخری کاروباری دن کے ایس ای 100 انڈیکس 62451.04پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔

معیشت کی دگرگوں صورتحال کے باوجود سال 2023 پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے لیے بلحاظ سرمایہ کاری انتہائی خوش کن ثابت ہوا۔

اگست میں نگراں حکومت کی آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کے لیے سخت فیصلوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہمراہ مختلف نوعیت کے اقدامات، ہر شعبے میں انسداد اسمگلنگ کی سخت مہمات نے سال کے اختتامی 4ماہ ستمبر تا دسمبر کی مدت میں مارکیٹ کو نئی تاریخ ساز بلندیوں پر پہنچایا۔

سال 2023 میں ہنڈریڈ انڈیکس کا پہلا ریکارڈ 30اکتوبر کو 51482 پوائنٹس کے ساتھ قائم ہوا جسکے بعد آئی ایم ایف حکام کا پاکستان کی معیشت کا جائزہ مکمل ہونے اور اسٹاف لیول کا معاہدہ طے پانے کے باعث 29نومبر کو ہنڈریڈ انڈیکس 60502پوائنٹس کے ساتھ نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا اور بعدازاں 12دسمبر کو ہنڈریڈ انڈیکس 66426پوائنٹس کے ساتھ نئی بلند ترین سطح پر بھی آگیا تھا۔

آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر میں استحکام کے لئے چینی بینکوں کی کنسورشیم سعودی عرب کی سپورٹ، متحدہ عرب امارات کویت چین اور سعودی عرب کی پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری پلان سے اسٹاک مارکیٹ میں یومیہ بنیادوں پر نت نئے ریکارڈز بنتے چلے گئے۔

اس کے نتیجے میں کلینڈر سال 2023 کے اختتامی کاروباری سیشن جمعہ 29دسمبر تک سالانہ بنیادوں پر ہنڈریڈ انڈیکس میں مجموعی طور پر 22030.59 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اس طرح سے سال 2023 کے دوران ہنڈریڈ انڈیکس مجموعی طور پر 54.50فیصد کے اضافے سے 62451.040پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 5940.13پوائنٹس کے اضافے سے 20776.54پوائنٹس، کے ایم آئی 30انڈیکس 36450.93 پوائنٹس کے اضافے سے 104728.78پوائنٹس اور کے ایم آئی آل شئیر انڈیکس 10677.50 پوائنٹس کے اضافے سے 30664.12 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

سال 2023 کے دوران مجموعی طور پر تیزی کے سبب حصص کی مالیت میں 25کھرب 62ارب 7کروڑ 49لاکھ 91ہزار 224روپے کا خطیر اضافہ ہوا جس سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ بھی بڑھکر 90کھرب 62ارب 90کروڑ 28لاکھ 8ہزار 645روپے پر آگیا۔

مالی سال 2022؛ 31 سرکاری اداروں سے خزانے کو 730 ارب کا نقصان

اسلام آباد: وزارت خزانہ کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان کے31 سرکاری کاروباری اداروں نے خزانے کو 730 ارب ڈالر کا نقصان پہنچایا ہے۔

نیشنل ہائی وے اتھارٹی سب سے زیادہ نقصان پہنچانے والا ادارہ بن گیا۔ یہ رپورٹ آئی ایم ایف کی شرائط کے تحت تیار کی گئی ہے۔ مالی سال 2021-22 کے حوالے تیار رپورٹ نے کئی غلط طور پر گردش کرنے والی باتوں کی حقیقت آشکار کردی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2022 میں پنجاب کی چار سمیت بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں خسارے میں رہی ہیں۔ پی آئی اے سب سے زیادہ خسارے والا ادارہ نہیں ہے۔ حیران کن طور پر پاکستان سٹیل ملز سب سے زیادہ نفع کمانے والے پہلے 15اداروں میں آگئی ہے۔ اس کا نمبر 14واں ہے۔

رپورٹ سے واضح ہوا کہ نجکاری کی وزارت اس مقام تر توجہ نہیں دے رہی جہاں اسے فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ یہ پاور سیکٹر ہے۔ نگران حکومت نے پاور سیکٹر کو اپنی ترجیحات سے نکال کر توجہ پی آئی اے پر دے رکھی ہے۔ لیکن ابھی تک اس کی نجکاری کے حوالے سے بھی کوئی بریک تھرو نہیں ہوسکا ہے۔ پی آئی اے 2022 میں خسارے میں رہنا والا تیسرا بڑا ادارہ رہا۔

رپورٹ میں 2020سے لیکر 2022 کے مالی سالوں 133سرکاری اداروں کا جائزہ لیا گیا۔ ان میں 88کاروباری اور 45غیر کاروباری ادارے شامل تھے۔ 2022میں 88کاروباری اداروں میں سے 50نے 560ارب روپے کمائے اور 31اداروں نے 730ارب روپے کا نقصان کیا۔ نیشل ہائی ویز نے سب سے زیادہ 168.5ارب روپے کا نقصان کیا۔ اس کے بعد پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے قومی خزانے کو 102ارب روپے کا نقصان پہنچایا۔

پی آئی اے اس سال 97.5ا رب روپے کے خسارے میں رہی۔ 88کمرشل حکومتی اداروں کے اثاثوں کی مالیت 305کھرب روپے ہے۔ان اداروں نے 104کھرب کا ریوینو پیدا کیا جس میں سے 60ارب کی وصولیاں آئل اینڈ گیس سیکٹر میں ہوئیں۔ سب سے زیادہ نقصان میں رہنے والے 10اداروں نے 650 ارب کا نقصان پہنچایا۔ ان دس اداروں میں این ایچ اے، پی آئی اے اور پاکستان ریلویز کے ساتھ باقی 7ادارے پاور سیکٹر کی کمپنیاں ہیں۔

پاور سیکٹر اس وقت سب سے زیادہ نقصان پہنچانے والا سیکٹر بن گیا ہے۔ دس بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے 376ارب روپے کا نقصان پہنچایا۔ 100ارب سے زیادہ نفع کمانے والی واحد کمپنی او جی ڈی سی ایل رہی۔ اس نے 134ارب کا نفع دیا۔ پچاس کمپنیوں میں سے صرف 3کمپنیوں پی ایس او، پارکو اور پی پی ایل نے 50ارب سے زیادہ نفع کمایا۔ صرف 13کمپنیاں ایسی تھیں جنہوں نے 10 ارب روپے سے زیادہ نفع کمایا۔

وزارت خزانہ نے یہ رپورٹ آئی ایم ایف کے ساتھ کئے گئے وعدہ کی بنا پر ظاہر کی ہے۔ رپورٹ میں نمایاں کیا گیا کہ حکومت نے حکومتی اداروں کی کارکردگی بہتر کرنے کیلیے جامع اصلاحاتی ایجنڈے کو اپنایا ہے۔

ٹیکس چوری میں ملوث برانڈز کی کروڑوں کی مصنوعات ضبط

اسلام آباد: پاکستان اسٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (پی ایس کیو سی اے)نے ایف بی آر کی طرف سے کروڑوں روپے کی ٹیکس چوری میں ملوث برانڈز کی مصنوعات کی مارکیٹ میں فروخت ممنوعہ قرار دے دی ہے۔

پاکستان اسٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کی ڈی جی عصمت گل خٹک کی ہدایت پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں جن کمپنیوں کے لائسنس معطل یا منسوخ کر دیے گئے تھے اور کروڑوں روپے کی ٹیکس چوری میں ملوث ہونے پر ایف بی آر نے ان کے ٹریڈ مارک ضبط کرکے نیلامی کا عمل شروع کر رکھا ہے، ان کمپنیوں کی مصنوعات کے خلاف ملک گیر آپریشن کرکے کروڑوں روپے مالیت کی مصنوعات قبضے میں لے لی ہیں۔

اس کے علاوہ پاکستان اسٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی(پی ایس کیو سی اے) نے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن آف پاکستان کو بھی فارول کاسمیٹکس کی مصنوعات بائیو آملہ شیمپو، سیون ڈے سکن کریم،پرائما ہیئر کلر سمیت دیگر مصنوعات ہٹانے کیلئے مراسلہ لکھ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ کمپنی کا پی ایس کیو سی اے کا جاری کردہ لائنسنس معطل ہے جبکہ یہ کمپنی کروڑوں روپے کی ٹیکس ڈیفالٹر ہے۔

سعودی عرب میں نئے سال پر شاندار آتش بازی، کنسرٹ کا انعقاد

ریاض: نئے سال کی آمد پر سعودی عرب میں آتشبازی کے ساتھ ساتھ کنسرٹ کا انعقاد کیا گیا۔

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں نئے سال کے آغاز پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ ہزاروں افراد نے جن میں غیرملکی بھی شامل تھے نئے سال کو خوش آمدید کہا۔ریاض سیزن کے تحت کنسرٹ کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں ملکی اور غیر ملکی گلوکاروں نے پرفارم کیا۔ موسیقی اور راگ رنگ کا یہ سلسلہ رات بھر جاری رہا۔

غزہ میں ہزاروں مسلمانوں کی شہادت پر پاکستان سمیت متعدد ممالک میں نئے سال کی تقریبات منسوخ کردی گئی تھیں تاہم سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں سال نو پر آتش بازی اور تقریبات معمول کے مطابق منعقد ہوئیں۔

ویب سائٹ ہیک؛ فلم ’ڈھائی چال‘ کا نام اور بھارتی جھنڈے کی جگہ پاکستانی پرچم نمایاں

اسلام آباد: ہیکرز نے انڈین گزیٹ کی ویب سائٹ ہیک کر کے پاکستانی فلم ‘ڈھائی چال’ کا نام اور پاکستانی پرچم ویب سائٹ پر نمایاں کر دیا۔

ہیکرز نے انڈین گزیٹ کی ویب سائٹ ہیک کر کے حال ہی میں ریلیز ہونے والی پاکستانی فلم ‘ڈھائی چال’ کا نام اور بھارتی جھنڈے کی جگہ پاکستانی پرچم ویب سائٹ پر نمایاں کر دیا جس پر ایگل کا نشان بھی بنا ہوا ہے۔

فیصل پروڈکشن کی فلم ‘ڈھائی چال’ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے گرد گھومتی ہے جسے پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 3 مارچ 2016 کو گرفتار کیا تھا، فلم دیکھنے کے لیے عوام بالخصوص نوجوان بڑی تعداد میں سینما گھروں کا رخ کر رہے ہیں۔

فلم بینوں کا کہنا ہے پروڈیوسر ڈاکٹر عرفان اشرف نے جس طرح صوبہ بلوچستان کی کہانی کو دنیا کے سامنے پیش کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔

ڈیوڈ وارنر ٹیسٹ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے بھی ریٹائرڈ

سڈنی: آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر نے ٹیسٹ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

ڈیوڈ وارنر نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی فیملی کو زیادہ وقت دینا چاہتا ہوں۔

ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کے باوجود چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے لیے ٹیم کو دستیاب ہوں گا، اگر آسٹریلوی ٹیم چاہے تو مجھے ایونٹ میں شامل کر سکتی ہے۔

ڈیوڈ وارنر نے 161 میچز میں ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 33 نصف سنچریوں اور 22 سنچریوں کی مدد سے 6932 بنائے ہیں۔ انہوں نے 179 رنز کی بڑی اننگز بھی کھیل رکھی ہے۔

آسٹریلوی کرکٹر نے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا اعلان پہلے ہی کر دیا تھا اور 3 جنوری کو اپنا آخری ٹیسٹ پاکستان کے خلاف سڈنی میں کھیلیں گے۔