لاہور میں غیرقانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف ایکشن، 142املاک کو سربمہرکر دیا گیا

لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) غیرقانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 142ملاک کو سربمہرکر دیا۔

ترجمان ایل ڈی اے کے مطابق محکمے کے ڈی جی طاہر فاروق کی ہدایات پر ایل ڈی اے ٹیموں کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں اور 142املاک سربمہر مسمار کر دیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ایل ڈی اے ٹیموں نے گلبرگ،جوہر ٹاؤن، علامہ اقبال ٹاؤن،شادمان، گلشن راوی، یو بی ڈی کینال روڈکے اطراف میں کارروائیاں کیں، ایل ڈی اے ٹیموں نے گلبرگ میں 18جوہر ٹاؤن میں 57،علامہ اقبال ٹاؤن میں 39املاک سربمہر کر دیں۔

اس کے علاوہ   شادمان،گلشن راوی،مین یو بی ڈی کینال روڈ کے اطراف میں 28املاک سیل کر دیں۔ سیل کی گئی املاک میں نجی سکول،ریستوران، ہوٹل، گیسٹ ہاؤس، سیلون، فوڈ پوائنٹس، دکانیں، دفاتر،سٹور ودیگر شامل ہیں، آپریشن سے پہلے ان املاک کو متعدد نوٹسز دیئے گئے تھے۔

بیان کے مطابق آپریشن چیف ٹاؤن پلانرون اسد الزمان اور چیف ٹاؤن پلانر ٹو اظہر علی کی زیر نگرانی کیا گیا، غیرقانونی کمرشل عمارتوں، کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔

بھارت میں ہائی وے پر ایک ساتھ 50 سے زائد کاریں پنکچر؛ وجہ سامنے آگئی

ممبئی کی ایک مصروف ترین ہائی اسپیڈ ر کوریڈور پر 50 سے زائد گاڑیاں پنکچرز ہونے سے بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں ناگپور ہائی وے پر مالیگاؤں اور ونوجا ٹول پلازہ کے درمیان پنکچر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

یہ حادثہ اس لیے پیش آیا کیوں کہ روڈ پر ایک لوہے کا بورڈ گرا ہوا تھا جس پر سے متعدد گاڑیاں گزر گئیں اور ان کے ٹائر پنکچر ہوگئے۔

مسافر رات بھر بے یار و مددگار ہائی وے پر پھنسے رہے۔ خواتین اور بچوں کا برا حال ہوگیا۔

ٹریفک پولیس کے تاخیر سے پہنچنے پر مسافروں نے شدید غصے کا اظہار کیا۔

مارشل لا کیوں لگایا؛ جنوبی کوریا کی عدالت نے صدر کے وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے

وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد جنوبی کوریا میں پہلی بار کسی حاضر صدر کو گرفتار کیے جانے کا امکان ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا کی عدالت نے مواخذے کا سامنا کرنے والے صدر یون سک یول کے وارنٹِ گرفتاری اور تلاشی کا اجازت نامہ بھی جاری کر دیا۔

سیول ویسٹرن ڈسٹرکٹ کورٹ نے وارنٹِ گرفتاری جوائنٹ انویسٹی گیشن کی درخواست پر جاری کی جو بغاوت اور طاقت کے غلط استعمال پر صدر کیخلاف تحقیقات کر رہی ہے۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ جنوی کوریا کے صدر کو کب گرفتار کیا جائے گا تاہم اگر ایسا ہوا تو جنوبی کوریا کی تاریخ میں پہلی بار ہوگا۔

یاد رہے کہ صدر یون سک یول کو حاصل استثنیٰ کے باعث تفتیش کاروں کو صدارتی دفتر کے احاطے اور سرکاری رہائش گاہ پر متعدد سرچ وارنٹ پر عمل درآمد کرنے سے روک دیا تھا۔

ادھر جنوبی کوریائی میڈیا نے قیاس کیا ہے کہ صدر کو فوری طور پر گرفتار کیے جانے کا امکان نہیں کیونکہ حکام کو پہلے صدارتی سیکیورٹی سروس (PSS) کے ساتھ رابطہ قائم کرنے کی کوشش کریں گے۔

دوسری جانب صدارتی سیکورٹی سروس نے عدالتی فیصلے کے فوراً بعد بیان میں کہا ہے کہ وارنٹِ تلاشی و گرفتاری پر قانون کے مطابق عمل کرانے میں رکاوٹ نہیں بنیں گے۔

جنوبی کوریا کے ماہرین قانون کا کہنا ہے کہ اگر صدر کو حراست میں لے لیا جاتا ہے تو تفتیش کاروں کے پاس یہ فیصلہ کرنے کے لیے 48 گھنٹے ہوں گے کہ آیا اُن سے مزید پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لینے کے لیے وارنٹ کے لیے درخواست دی جائے یا رہا کردیا جائے۔

جنوبی کوریا کے صدر کے وکیل یون گیپ گیون نے وارنٹِ گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سی آئی او کو صدر سے بغاوت کی تحقیقات کرنے کا اختیار نہیں ہے۔

وکیل نے مزید کہا کہ صدر کی قانونی ٹیم اس وارنٹ کو کالعدم قرار دینے کے لیے آئینی عدالت سے حکم امتناعی طلب کرے گی۔

صدر یون سک یول کی جماعت پیپلز پاور پارٹی کے فلور لیڈر کوون سنگ ڈونگ نے بھی وارنٹ جاری کرنے کے عدالتی فیصلے کو “نامناسب” قرار دیتے ہوئے تنقید کی۔

یاد رہے کہ یون سک یول کو 3 دسمبر کو لگائے مارشل لاء کے نفاذ پر ممکنہ طور پر عمر قید یا سزائے موت تک بھی ہو سکتی ہے۔

صدر یون سک یول کا مارشل لا مختصر عرصے کا ثابت ہوا تھا کیوں کہ عوام اور پھر ارکان اسمبلی نے اسے قرارداد کے ذریعے مسترد کردیا۔

جس کے بعد 14 دسمبر کو بھاری اکثریت سے مواخذے کی قرارداد منظور ہونے کے بعد صدر یون سک یول کو عہدے سے معطل کر دیا گیا تھا۔

صدارتی اختیارات ملک کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خزانہ چوئی سانگ موک کو سونپ دیئے گئے۔

صدر کی قسمت کا فیصلہ سنانے کے لیے عدالت کے پاس چھ ماہ کا وقت ہے۔ جس کے بعد یا تو یون سک یول کو عہدے سے ہٹا دیا جائے گا یا پھر صدارت پر بحال کر دیا جائے گا۔

پنجاب حکومت ترکیہ کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ترکیہ کے سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولت فراہم کرے گی۔  

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ترکیہ کے قونصل جنرل درمش بستاغ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ تجارت، تعلیم ، صحت، زراعت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نوازنے ترکیہ کو پاکستان کا عظیم دوست اور بھائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کے عوام نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے جس پر شکر گزار ہیں۔ترکیہ بزنس کمیونٹی کے لیے ون ونڈو آپریشن کو مزید فعال بنایا جائے گا۔

قونصل جنرل ترکیہ درمش بستاغ نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں جاری عوامی فلاح کے منصوبوں کو سراہا ۔  انہوں نے کہا کہ ترکیہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ پنجاب کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تیار ہیں۔

لیویز فورس نے 72 غیر قانونی افغان شہری گرفتار کرلیے

لیویز فورس چاغی نے 72 غیر قانونی افغان شہری گرفتار کرلیے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سیکیورٹی اداروں نے سرحد کو غیرقانونی طریقے سے پار کرکے چاغی آنے والے 72 افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا۔

لیویز کے مطابق یہ کارروائی پاکستان میں غیر قانونی داخلے کو روکنے کے عزم کا مظہر ہے، تمام گرفتار شدہ افراد کو بارڈر کراسنگ براپچہ کے ذریعے افغانستان واپس بھیج دیا گیا۔

لیویز کے مطابق ضلع میں امن قائم رکھنے اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے اقدامات جاری رہیں گے، یکم جنوری سے 31 دسمبر تک 3826 غیرقانونی باشندے گرفتار کیے گئے۔

برف پوش پہاڑوں سے پاک فوج کے جوانوں کی قوم کو نئے سال کی مبارکباد

پاک فوج نے قوم کو نئے سال کی مبارک باد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

برف پوش سیاچن گلیشیئرز پر تعینات پاک فوج کے جوانوں نے قوم کو نئے سال کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ہم بارڈر پر اس لیے بیٹھے ہیں کہ ہمارے وطن کا جھنڈا بلند رہے، پاک فوج ہر محاذ پر پاکستان کی سالمیت اور بقاء کے لیے تیار ہے، ہم سیاچن گلیشیر پر پاکستان کا جھنڈا لیکر ملکی حفاظت پر مامور ہیں۔

فوجی جوان نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہم ہمیشہ مادر وطن کی خدمت کے جذبے سے سرشار رہتے ہیں، پاک فوج ملکی سلامتی اور ترقی کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے، برف پوش علاقوں میں تعینات پاک فوج کے جوان ملک و قوم کی حفاظت کیلئے پر عزم ہیں۔

فوجی جوان کا کہنا تھا کہ ہڈیوں کو برفا دینے والی سردی میں بھی ہمارا جذبہ بلند ہے، ہماری دعا ہے کہ نیا سال اس ملک کے لیے خوشیاں اور کامیابیاں لے کر آئے۔

فوجی جوان نے کہا کہ ہم سرد ہوائوں اور برف پوش پہاڑوں کے سائے تلے پوری اور امید کرتے ہیں آنے والا سال پاکستان کے لیے خوشیوں کی نوید اور اتحاد و اتفاق کا سال ہو۔

بجلی کی قیمت میں کمی کا امکان؛ صارفین کو 4 ارب 89 کروڑ کا ریلیف ملے گا

بجلی کی فی یونٹ قیمت میں کمی کا امکان ہے، جس سے صارفین کو 4 ارب 89 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں این ٹی ڈی سی کی جانب سے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 63 پیسے کمی کی درخواست پر سماعت چیئرمین وسیم مختار کی سربراہی میں ہوئی، جس میں حکام نے بتایا کہ گزشتہ ماہ نومبر کا فیول پرائس منفی 63 پیسے میں ہے۔

حکام نے نیپرا میں بتایا کہ منفی ایف سی اے سے صارفین کو 4 ارب 89 کروڑ کا ریلیف مل سکتا ہے۔ پرانی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں ڈھائی روپے منفی ہیں۔ گزشتہ ماہ کے دوران مقامی کوئلے سے پیداوار اضافی رہی اور نومبر میں 7 ارب 22 کروڑ بجلی کے یونٹ پیدا کیے گئے۔نومبر میں پیداواری لاگت ریفرنس لاگت کے نزدیک آئی۔

این ٹی ڈی سی حکام نے کہا کہ گزشتہ سال نومبر کے مقابلے میں رواں سال نومبر میں بجلی فروخت میں کمی ہوئی۔ رواں سال کے ماہ نومبر گزشتہ اسی عرصے کے مقابلے میں گرم ترین ماہ تھا۔بجلی کی فروخت میں کمی کی بڑی وجہ سولرائزیشن ہے۔

چیئرمین نیپرا نے کہا کہ این ٹی ڈی سی لاہور نارتھ لائن کی تکمیل کے بارے میں آگاہ کرے، جس پر حکام نے کہا کہ ٹرانسمیشن لائن کی تکمیل اب تک نہیں ہو سکی۔ چیئرمین نیپرا نے استفسار کیا کہ ماہ دسمبر میں اس ٹرانسمیشن لائن کی تکمیل ہونا تھی، جس پر حکام نے بتایا کہ اپریل تک لاہور نارتھ ٹرانسمیشن لائن مکمل ہوگی۔

بعد ازاں نیپرا نے لاہور نارتھ ٹرانسمیشن لائن میں تاخیر کے بارے میں رپورٹ طلب کرلی۔

بجلی کی قیمتوں میں 63 پیسے کمی سے متعلق درخواست پر سماعت مکمل کرلی گئی۔ نیپرا اتھارٹی اعدادوشمار کا جائزہ لینے کے بعد ایف سی اے پر فیصلہ جاری کرے گی۔

نیپرا میں سماعت کے دوران این ٹی ڈی سی کے ترسیلی نظام پر لوڈ پیٹرن تبدیل ہونے کا انکشاف بھی ہوا۔ حکام نے بتایا کہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں جو لوڈ پیٹرن تھا وہ اب نہیں رہا۔ لوڈ پیٹرن تبدیل ہونے کی وجوہات کے بارے میں تحقیقات کی جائیں۔

چیئرمین نیپرا نے این ٹی ڈی سی پلاننگ میں خامیوں پر سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ منصوبہ سازی میں کہیں کمی یا خامی ہے تو یہ اتھارٹی کا کام نہیں۔ پالیسی سطح کے معاملات آپ یہاں لا کر تحقیقات کا نہیں کہہ سکتے۔

ونٹرپیکیج پر بریفنگ

این ٹی ڈی سی حکام نے بتایا کہ 26 دسمبر تک 8 لاکھ 28 ہزار 23 صارفین ونٹر پیکیج سے فائدہ اٹھا چکے ہیں۔ ونٹر پیکیج کے تحت 28 ہزار صنعتی صارفین نے فائدہ اٹھایا۔ اسی طرح 3 لاکھ 42 ہزار گھریلو صارفین جب کہ 4 لاکھ سے زائد تعداد کمرشل صارفین کی ہے۔ حکام نے بتایا کہ ونٹر پیکیج کے تحت 45 ملین اضافی یونٹس ان صارفین کو فراہم کیے گئے۔

مصباح کے بیٹے کی سرفراز کے سامنے بدتہذیبی پر مداح چراغ پَا

قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سلیکشن کمیٹی کے رکن مصباح الحق اور انکے بیٹے فہام الحق کو فینز نے سرفراز احمد کے سامنے بد تہذیبی پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔

سوشل میڈیا سائٹس پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جو غالباً چیمپئینز ٹی20 کپ کی ہے، جہاں سرفراز احمد وی آئی پی باکس میں میچ دیکھ رہے ہیں تاہم اس موقع پر سابق کپتان مصباح الحق کے بیٹے اور انڈر-19 کرکٹر فہام الحق بھی انکے برابر میں بیٹھے دیکھائی دے رہے ہیں۔

تاہم سرفراز کی طرف ٹانگ پر ٹانگ رکھے فہام الحق کو لوگوں نے کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور مصباح کی تربیت پر سوال اٹھایا کہ ایک لیجنڈ سینئیر کرکٹر کے سامنے اس بیٹھنا کون سا طریقہ ہے۔

صارفین نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیفی بھائی کی کپتانی میں پاکستان نے انڈر-19 ورلڈکپ، چیمپئینز ٹرافی اور پی ایس ایل جیسے ٹورنامنٹ جیتے ہیں جبکہ انکے سامنے مصباح کے بیٹے فہام الحق نے محض انڈر 19 ایشیاکپ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی جہاں وہ کوئی خاص پرفارمنس نہیں دے سکے تھے۔

اس فین نے لکھا کہ اپنے سینئیر کے سامنے اس انداز سے بیٹھنا نہایتی نامناسب اور غیر اخلاقی رویہ ہے، انہیں تربیت کی بےحد ضرورت ہے۔

وینزویلا میں چیلنج ویڈیوز سے ہلاکتوں پر ٹک ٹاک پر 1 کروڑ ڈالر جرمانہ

وینزویلا کی سپریم کورٹ نے مہلک وائرل ویڈیو چیلنجز کو روکنے کے اقدامات پر عمل درآمد نہ کرنے پر ٹک ٹاک کے خلاف 10 ملین ڈالر کا جرمانہ عائد کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت کیطرف سے یہ اقدام حال ہی میں وینزویلا کے تین بچوں کی موت کے نتیجے میں آیا ہے۔

جج تانیہ ڈی امیلیو نے کہا کہ ٹِک ٹاک نے ایسی ویڈیوز کو روکنے میں غیرذمہ داری سے کام لیا ہے۔ جرمانے کی ادائیگی کے لیے اسے آٹھ دن کا وقت دیا جاتا ہے۔

عدالت نے یہ بھی کہا کہ اس کے ساتھ ہی ٹک ٹاک کو وینزویلا میں ایک دفتر کھولنے کا حکم بھی دیا گیا ہے جو آن لائن مواد کی نگرانی کرے گا تاکہ مقامی قوانین کی تعمیل کو یقینی بنایا جاسکے۔

تاہم جج نے اس بات کی وضاحت نہیں کی ہے کہ وینزویلا میں ٹِک ٹاک کی جانب سے جرمانہ ادائیگی کو یقینی کیسے بنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ وینزویلا نے اپنے ٹیلی کمیونیکیشن کمیشن کے مقرر کردہ ضوابط کی تعمیل نہ کرنے پر گزشتہ برسوں میں درجنوں ویب سائٹس کو بلاک کر دیا ہے۔

نومبر میں وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے 12 سالہ لڑکی کی موت کا ٹِک ٹِک کو موردِ الزام ٹھہرایا تھا جو مبینہ طور پر ٹِک ٹِک چیلنج میں حصہ لینے کے نتیجے میں مر گئی تھی۔

دوسری جانب ٹک ٹاک نے اے پی نیوز کی جانب سے تبصرے کی درخواستوں کا فوری طور پر جواب نہیں دیا ہے۔

وزیر خزانہ کی امریکی سفیر سے ملاقات، آئی ایم ایف قرض پروگرام میں سہولت پر اظہار تشکر

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم  نے الوداعی ملاقات کی جس میں دو طرفہ اقتصادی تعاون اور تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت خزانہ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں وزیر خزانہ نے میکرو اکنامک استحکام کے لیے اصلاحاتی ایجنڈے پر زور دیا اور آئی ایم ایف سے قرض پر سہولت فراہم کرنے پر امریکا کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، امریکا پاکستانی مصنوعات اور خدمات کیلئے ایک اہم مارکیٹ ہے، دونوں ممالک قریبی اقتصادی تعلقات سے فائدہ اٹھانے کے لیے تیار ہیں۔

وزیر خزانہ نے خاص طور پر بڑھتے ہوئے آئی ٹی ایکسپورٹ سیکٹر پر روشنی ڈالی اور آئی ٹی و ڈیجیٹل خدمات کے شعبوں میں تجارت بڑھانے کے امکانات کو بھی اجاگر کیا۔

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے امریکا اور پاکستان کے درمیان مضبوط اور پائیدار تعلقات کو سراہا اور پاکستان کی اقتصادی اصلاحات و ترقی کی حمایت جاری رکھنے کے امریکی عزم کا اعادہ کیا۔