ن لیگ نے قرار داد کی مخالفت کی، الیکشن سے کسی کو بھاگنے نہیں دیں گے، مریم اورنگزیب

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ سینیٹ میں قرارداد کی مخالفت ن لیگ نے کی، الیکشن سے کسی کو بھاگنے نہیں دیں گے۔

لاہور کی انسداد گردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کو کبھی لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی، نواز شریف کو الیکشن کے دوران بیٹی کے ساتھ جیل بھیجا گیا، جیل میں بیٹھ کر چیخیں مارنے والوں نے نواز شریف کو جیل بھیجا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی والے لاہور ہائیکورٹ گئے تاکہ الیکشن رک جائیں، گزشتہ روز پی ٹی آئی نے سینیٹ میں قرارداد کی حمایت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کو الیکشن چاہئیں، الیکشن پاکستان کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک 9 مئی نہیں، 28 مئی والوں کے حوالے ہونے جارہا ہے، یہ لوگ اندر چپ رہتے ہیں اور باہر ڈھول پیٹتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ن لیگ کا فیصلہ ہے کہ 8 فروری کو الیکشن ہوں گے۔

ترجمان ن لیگ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کہا کہ 9 مئی والوں پر آرٹیکل 6 لگنا چاہئے، جی ایچ کیو پر حملہ کیا گیا، ریاست پر یہ چڑھ دوڑے، گڈ ٹو سی یو اور وشنگ یو گڈ لک تک ان کو کہا گیا، 9 مئی کو آپ حکم دو کہ پورے ملک کو جلادو، پھر کہو کارکنوں نے کیا تھا، جیل میں بیٹھ کر دھمکیاں دینا اور اداروں کے خلاف باتیں کرتے ہو۔

مریم اورنگزیب نے تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ انہوں نے آرٹیکل لکھا ہے میری پارٹی کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی، کاغذات مسترد ہوئے تو سپریم کورٹ چلے گئے، سپریم کورٹ نے ثبوت مانگے ہیں، یہ تو سپریم کورٹ میں بھی جاکر جھوٹ بولتے ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ معیشت تم نے تباہ کی، پھر لکھتےہیں مہنگائی ہوگئی ہے، یہ مہنگائی تم نے کی ہے، تیل، سبزیاں، بجلی، گیس سب مہنگے کردیے، ملک کی تم نے ترقی تک روک دی۔

ترجمان ن لیگ نے کہا کہ شہباز شریف نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، تم تو ملک کو ڈیفالٹ کرکے گئے تھے۔

’پاکستان میں فوجی اڈے‘: امریکا نے عمران خان کے الزامات مسترد کردیے

امریکا نے برطانوی جریدے میں شائع بانی پی ٹی آئی عمران خان کے مضمون میں لگائے گئے الزامات کو ایک بار پھر مسترد کردیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا پاکستان کو نہیں کہہ سکتا کہ انتخابات کیسے کروائے، پاکستان کے مستقبل کی قیادت کا فیصلہ پاکستانی عوام نے کرنا ہے۔

پریس بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر سے سوال کیا گیا کہ ’اپنے تازہ ترین مضمون کی وجہ سے سابق وزیراعظم عمران خان ایک بار پھر الزامات کی زد میں آگئے ہیں۔ مضمون میں نیا الزام یہ ہے کہ امریکا پاکستان میں فوجی اڈے قائم کرنا چاہتا تھا، جسے پاکستان نے مسترد کردیا ہے، یہی وجہ ہے کہ امریکی حکومت ناراض تھی۔ کیا آپ اس کا جواب دینا چاہتے ہیں؟‘

جس پر میتھیو ملر نے جواب دیا کہ ’میں صرف اتنا کہوں گا، جیسا کہ ہم پہلے کہہ چکے ہیں، سابق وزیر اعظم کے الزامات بے بنیاد ہیں، اور مجھے لگتا ہے کہ میں اسے یہیں پر چھوڑ دوں‘۔

میتھیو ملر سے سوال کیا گیا کہ ’حالیہ دورے کے دوران، کیا سیکرٹری بلنکن نے پاکستانی فوج کے سربراہ اور آئی ایس آئی کے سربراہ کے ساتھ سیاست میں فوجی مداخلت کے حوالے سے بات چیت کی؟‘

جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ’میں نجی سفارتی بات چیت میں نہیں پڑوں گا، لیکن ہم نے ہمیشہ واضح کیا ہے کہ پاکستانی عوام کو ہی اپنی حکومت کا انتخاب کرنا ہے‘۔

سینیٹ سیکریٹیریٹ کی الیکشن کمیشن کو انتخابی شیڈول فوری تبدیل کرنے کی ہدایت

سینیٹ سیکرٹریٹ نے گزشتہ روز منظور کی گئی الیکشن کے التوا سے متعلق قرارداد کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس میں ، الیکشن کمیشن کو انتخابی شیڈول فوری تبدیل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق الیکشن التوا سے متعلق سینیٹ سے پاس قرارداد کی منظوری کی کاپی صدر مملکت، نگران وزیراعظم، الیکشن کمیشن، وزارت قانون و انصاف اور دیگر متعلقہ محکموں کو ارسال کر دی گئی ہے۔گزشتہ روز ایوان بالا (سینیٹ) نے ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات ملتوی کرانے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کی تھی۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں قرارداد کی منظوری کے وقت ایوان میں 14 ارکان موجود تھے۔خیبرپختونخوا سے آزاد سینیٹر دلاور خان کی جانب سے پیش کی گئی الیکشن التوا کی قرارداد پر بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) ارکان اور فاٹا سے رکن ہدایت اللہ نے حمایت کی۔پی ٹی آئی کے سینیٹرگردیپ سنگھ اور پیپلزپارٹی کے رکن بہرہ مند تنگی نے خاموشی اختیار کی جس پر انہیں اپنی جماعتوں سے شوکاز نوٹس ملے، جبکہ ایوان میں موجود مسلم لیگ ن کے سینیٹر افنان اللہ نے کورم کی نشاندہی کرنے کے بجائے قرارداد کی مخالفت کی۔اب، ذرائع کا کہنا ہے کہ سینیٹ سیکرٹریٹ نے قرارداد منظوری کے نوٹفکیشن میں وزارت پارلیمانی امور کو فوری کارروائی کرکے دو ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔نوٹیفکیشن میں الیکشن کمیشن کو ہدایت کی گئی ہے کہ ملکی صورت حال کے پیش نظر الیکشن شیڈول کو فوری تبدیل کرے۔

دھند کے باعث اندرون اور بیرون ملک پروازیں تاخیر اور منسوخی کا شکار

لاہور ائرپورٹ پر دھند کے باعث اندرون اور بیرون ملک پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا ہے۔

دھند کے باعث لاہور سے الماتے جانے والی پرواز ڈی وی 850 منسوخ کر دی گئی ہے۔

پی آئی اے کی ابوظہبی جانے والی پرواز پی کے 263 ڈھائی گھنٹے تاخیر کا شکار ہے، پی آئی اے کی لاہور سے مسقط جانے والی پرواز پی کے 291 پانچ گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔

پی آئی اے کی لاہور سے دبئی جانے والی پرواز پی کے 283 ساڑھے تین گھنٹے تاخیر کا شکار ہے، جبکہ نجف جانے والی پرواز 342 اور پی آئی اے کی کراچی جانے والی پروزایں بھی تاخیر کا شکار ہیں۔

پی آئی اے کی لاہور سے دمام جانے والی پرواز پی کے 247 پانچ گھنٹے اور دوبئی جانے والی پرواز پی کے 235 پانچ گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔

دوبئی سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 122 گیارہ گھنٹے تاخیر سے پہنچے گی جبکہ نجف سے آنے والی پرواز آئی ایف 341 کی آمد میں بھی تاخیر ہوگی۔

سڈنی ٹیسٹ: آسٹریلیا نے پاکستان کو وائٹ واش کردیا

آسٹریلیا نے پاکستان کو سڈنی ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کرتے ہوئے میچ آٹھ وکٹوں سے جیت لیا۔

سڈنی ٹیسٹ کے آخری میچ میں آسٹریلوی اننگ کے دوران ڈیوڈ وارنر کی ستاون رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ مارنس لبوشین نے باسٹھ رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

عثمان خواجہ بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی دونوں وکٹیں ساجد خان نے لیں۔

اس سے قبل پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں صرف ایک سو پندرہ رنز ہی بنا سکی۔

 

 

پاکستان کی طرف سے صائم ایوب تینتیس، محمد رضوان اٹھائیس، بابر اعظم تئیس اور عامر جمال اٹھارہ رنز بنا کر نمایاں رہے۔

ہیزل ووڈ نے پاکستان کی چار اور نیتھن لائن نے تین وکٹیں لیں۔

اس سے قبل پاکستان کو میلبرن ٹیسٹ میں 79 رنز سے شکست ہوئی تھی، پرتھ ٹیسٹ میں بھی پاکستان 360 رنز کے بھاری مارجن سے ہارا تھا۔

جو بائیڈن نے صدارتی مہم کا آغاز کردیا، الزامات کی جنگ بھی شروع

امریکہ کے صدر جوزف بائیڈن نے صدارتی انتخابی مہم کا باضابطہ آغاز کردیا۔

جو بائیڈن نے پنسلوینیا میں انتخابی ریلی سے خطاب کیا۔ اس خطاب کے دوران امریکی صدر نے سابق صدر اور ری پبلکن پارٹی کے ممکنہ صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکہ میں جمہوریت کے لیے خطرہ قرار دیا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کسی بھی صورت خود کو ایک بار پھر اقتدار میں لانے کے لیے جمہوریت کو قربان کرنے پر تُلے ہوئے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا ڈونلڈ ٹرمپ وہ زبان استعمال کر رہے ہیں جو نازی جرمنی میں استعمال کی گئی تھی۔ جو بائیڈن نے الزام عائد کیا کہ سابق امریکی صدر ان کے حامی صدارتی انتخابی مہم کے دوران سیاسی تشدد کے خواہاں اور اس کے لیے کوشاں ہیں۔

امریکی صدر کے اس خطاب پر ری پبلکنز نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ جوابِ آں غزل کے طور پر ڈونلڈ ٹرمپ کے ترجمان نے کہا کہ امریکی جمہوریت کے لیے اصل خطرہ تو جو بائیڈن ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اپنے سیاسی حریف کے خلاف ریاستی وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔ ترجمان نے صدر جو بائیڈن پر صدارتی انتخابات میں مداخلت کا الزام بھی عائد کیا۔

واضح رہے کہ امریکہ میں رائے عامہ کے تازہ ترین جائزوں میں صدر جو بائیڈن کی پوزیشن خاصی کمزور دکھائی دی ہے۔ امریکی ووٹرز کی اکثریت 81 سالہ جو بائیڈن کو اس منصب کے لیے موزوں ترین ڈیموکریٹ امیدوار قرار نہیں دے رہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عمر کی اس منزل میں جو بائیڈن ان تمام ذمہ داریوں سے بخوبی عہدہ برآ نہیں ہوسکتے جو بحیثیت صدر ان پر عائد ہوتی ہیں۔

یاد رہے کہ جو بائیڈن پر عمر پریشان کن حد تک اثر انداز ہو رہی ہے۔ وہ کئی مواقع پر لڑکھڑا کر گر بھی چکے ہیں۔ عمر کی بنیاد پر سوشل میڈیا میں صدر بائیڈن کا تمسخر بھی اڑایا جارہا ہے۔ مین اسٹریم میڈیا کے ایک مضمون میں سوال اٹھایا گیا ہے کہ 1942 میں تیار ہونے والی گاڑی 2024 میں کیسے چلائی جاسکتی ہے!

جرمن ہالی ووڈ اداکار کرسٹیان اولیور اپنی دو بیٹیوں سمیت طیارہ حادثے میں چل بسے.

جرمن ہالی ووڈ اداکار کرسٹیان اولیور اپنی دو بیٹیوں سمیت طیارہ حادثے میں انتقال کر گئے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق کرسٹیان اولیور نے جمعرات کو ایک چھوٹے طیارے میں اڑان بھری تھی، جو کچھ ہی دیر بعد کیریبین سی میں گر کر تباہ ہو گیا۔

حادثے کے بعد کوسٹ گارڈز نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر سمندر سے چار لاشیں نکالی۔

لاشوں کی شناخت 51 سالہ اولیور، 10 سالہ مدیتا، 12 سالہ انک اور پائلٹ رابرٹ ساکس کے نام سے ہوئی۔

طیارہ جمعرات کو گریناڈائنز کے ایک چھوٹے سے جزیرے بیکیا سے سینٹ لوشیا جا رہا تھا۔

اولیور نے چند روز قبل انسٹاگرام پر ساحل سمندر کی ایک تصویر پوسٹ کی تھی جس کے کیپشن میں لکھا تھا کہ ’جنت میں کہیں سے سلام، 2024 ہم یہاں آئیں گے‘۔

اولیور نے ٹی وی سیریز ’سیوڈ بائی دی بیل: دی نیو کلاس‘ اور فلم ’دی بیبی سیٹرز کلب‘ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

اپنے آبائی ملک جرمنی میں اولیور نے مشہور پولیس شو ’الارم فر کوبرا 11‘ میں دو سیزن تک اداکاری بھی کی تھی۔

بھارت کا بحری قزاقوں سے جہاز چھڑانے کا جھوٹا دعویٰ بے نقاب

بھارتی بحریہ کا ایک اور ڈرامہ فلاپ ہوگیا ہے، بھارتی نیول چیف ایڈمرل ہری کمار نے ڈرامہ بازی کا نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔

بھارت کی جانب سے دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ایک اور کوشش ناکام ہوگئی ہے، صومالیہ کے قریب پھنسے لائبیرین تجارتی جہاز کو قزاقوں سے چھڑانے کا جھوٹا ڈرامہ بےنقاب ہوگیا ہے۔

بھارتی بحریہ نے جمعہ کو صومالیہ کے ساحل کے قریب ایک جہاز پر سوار عملے کے تمام 21 ارکان کو بچانے کا دعویٰ کیا تھا، ان افراد میں 15 بھارتی باشندے بھی شامل تھے۔

جہاز چھڑانے کے اس دعوے کے بعد سوال اٹھنے لگے کہ کیا بھارتی نیول چیف قزاقی کے بارے میں حقائق سے لاعلم ہیں یا مکر کر رہے ہیں؟ کیا بھارتی نیول چیف کو ماتحتوں نے نہیں بتایا کہ بحیرہ عرب قزاقی سے پاک خطہ ہے؟

بھارت کی جانب سے جس قزاقی کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا گیا وہ سرے سے ہوئی ہی نہیں، جس جہاز کو آزاد کروانے کا دعویٰ کیا گیا اس پر کوئی بحری قزاق موجود ہی نہیں تھا۔

بھارتی دفاعی ذرائع نے قزاقی سے نمٹنے کے لئے 4 جنگی جہاز روانہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا، جبکہ حقیقت میں بحیرہ عرب کو نو پائریسی زون قرار دیا جا چکا ہے۔

بھارتی نیوی ایسے کارنامے کا ڈھنڈورا پیٹ رہی ہے جو سرے سے وجود ہی نہیں رکھتا، بالی ووڈ کی فلم کی طرح لکھا گیا قزاقی کا ڈرامہ اپنی موت آپ مر چکا ہے۔

ہیکرز نے پاس ورڈ کے بغیر بھی گوگل اکاؤنٹ تک رسائی ممکن بنا لی

گوگل پاس ورڈ کو محفوظ سمجھنے والے ہوشیار رہیں، کیونکہ ہیکرز کو پیچیدہ ترین پاس ورڈ بھی دُور نہیں رکھ سکتا، اُن گوگل اکاؤنٹس تک رسائی پاس ورڈ کے بغیربھی ممکن ہے۔

سیکیورٹی محققین کی جانب سے ہیکنگ کے ایک ایسے طریقے کا انکشاف کیا گیا ہے جس کی مدد سے اب گوگل اکاؤنٹس تک پاس ورڈ کے بغیر بھی رسائی حاصل کی جاسکتی ہے۔

کلاؤڈ سیک (CloudSEK)نامی سیکیورٹی فرم کے تجزیے سے پتا چلاہے کہ لوگوں کے نجی ڈیٹا تک غیر مجاز رسائی کے لیے مال ویئرکی ایک خطرناک شکل تھرڈ پارٹی کوکیز کا استعمال کرتی ہے اور ہیکنگ گروپس فعال طور پر اس کا ٹیسٹ کر رہے ہیں۔

پہلی بار اس بات کا انکشاف اکتوبر 2023 میں ہوا جب ایک ہیکر نے پیغام رسانی کے پلیٹ فارم ٹیلی گرام پرایک چینل میں اس حوالے سے پوسٹ کی،اس میں بتایا گیا تھا کہ کیسے اکاؤنٹس کو کوکیز کے ذریعے غیر محفوظ بنا کر ہیک کیا جا سکتا ہے۔

ویب سائٹس اور براؤزر ان کوکیز کو صارفین کو ٹریک کرنے اور انکی کارکردگی اور استعمال میں اضافے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

گوگل کی توثیق کرنے والی کوکیز صارفین کو مسلسل لاگ اِن کی تفصیلات درج کے بغیراُن کے اکاؤنٹس تک رسائی کی اجازت دیتی ہیں ہیکرز نے یہ کوکیز کو دوبارہ حاصل کرنے کا ایک طریقہ ڈھونڈ لیا ہے جس سے ٹو فیکٹر ویریفکیشن کو نظرانداز کیا جاسکتا ہے۔

گوگل کروم ویب براؤزر گزشتہ سال 60 فیصد سے زائد مارکیٹ شیئرز کے ساتھ دنیا کا سب سے مقبول براؤزر ہے اور فی الحال تھرڈ پارٹی کوکیز کیخلاف کریک ڈاؤن میں مصروف ہے۔

گوگل کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ، ’ اس طرح کی تکنیکس کیخلاف اور مال ویئر کا شکار ہونے والے صارفین کو محفوظ بنانے کے لیے ہم معمول کے مطابق اپنا ڈیفنس سسٹم اپ گریڈ کرتے ہیں۔گوگل نے ہیک کیے گئے اکاؤنٹس کو محفوظ بنانے کے لیے کارروائی کی ہے۔’

صارفین کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے کمپیوٹر سے کسی بھی مال ویئر کو ہٹانے کے لیے مسلسل اقدامات کرتے رہیں۔ جعل سازPhishi اور مال ویئر ڈاؤن لوڈز سے بچانے کے لیے کروم میں مزید محفوظ براؤنگ آن کرنے چاہئیں،۔

اس خطرے سے پردہ اٹھانے والے محقیقین کا کہنا ہے کہ یہ جدید سائبر حملے کی ’پیچیدگی اور رازداری‘ واضح کرتا ہے۔

کلاؤڈ سیک کے تھریٹ انٹیلی جنس ریسرچر پاون کارتھک ایم کا کہنا ہے کہ ، ’یہ طریقہ صارف کی جانب سے پاس ورڈ دوبارہ ترتیب دینے کے بعد بھی ہیکرز کو گوگل سروسز تک مسلسل رسائی کے قابل بناتا ہے۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ ابھرتے ہوئے سائبر خطرات سے پیشگی نمٹنے کے لیے تکنیکی کمزوریوں اور انسانی انٹیلی جنس ذرائع دونوں کی مسلسل نگرانی کی ضرورت ہے‘۔

سندھ میں کورونا وائرس کی نئی قسم جے این ون کے 2 کیسز سامنے آگئے

ملک کے تمام ائرپورٹس پر مسافروں کی دوبارہ کووڈ ٹیسٹنگ کا عمل شروع ہوچکا ہے، اس دوران ہونے والی اسکریننگ میں سندھ میں کورونا وائرس کی نئی قسم جے این ون کے 2 کیسز سامنے آگئے ہیں۔

ترجمان محکمہ صحت کے مطابق کورونا کی نئی علامات بیرون ملک سے آنے والے دو مسافروں میں پائی گئی ہیں، جس کا تعلق سندھ اور پنجاب سے ہے۔

کورونا کے نئے ویرئینت جے این ون سے متاثرہ دو مسافروں میں سے ایک شخص حیدرآباد کا رہائشی ہے، 53 سالہ مسافر گزشتہ روز کوالالمپور سے کراچی پہنچا تھا، جبکہ دوسرا 60 سالہ مسافر ڈی جی خان پنجاب کا رہائشی ہے جو جدہ سے کراچی پہنچا تھا۔

محکمہ صحت سندھ نے این سی او سی ایڈوائزری کے مطابق الرٹ جاری کردیا ہے۔

دونوں مشتبہ مریضوں کا آر ڈی ٹی پر ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے اور دونوں مریضوں کو گھر میں قرنطینہ کی ہدایت کی گئی ہے۔

کورونا کے اس نئے ویریئنٹ کی علامات میں نزلہ، زکام، کھانسی اور سر میں درد شامل ہیں، محکمہ صحت سندھ نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات کی ہیں۔