اسلام آباد: الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سینیٹ کی قرارداد کا الیکشن شیڈول پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات کے علاوہ کوئی احکامات الیکشن شیڈول پر اثر انداز نہیں ہوسکتے۔ عام انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سینیٹ کی قرارداد کی کوئی حیثیت نہیں۔ سینیٹ کی قرارداد کا الیکشن شیڈول پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ سینیٹ نے الیکشن ملتوی کرنے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کی تھی۔
اسلام آباد: سینیٹ کے اجلاس میں چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کی اہلیت پر سوال کے بعد ذکا اشرف کا سی وی پیش کردیا گیا۔
سینیٹ میں وقفہ سوالات کے دوران چئیرمین پی سی بی ذکا اشرف کا سی وی پیش کیا گیا۔ سینیٹر مشتاق احمد نے سوال کیا کہ چئیرمین پی سی بی کی اہلیت کیا ہے۔ وہ یا تو شوگر ریسرچ ڈویلپمنٹ بورڈ یا کسی انڈسٹری کے چئیرمین رہے ہیں یا زراعت کے وزیر رہے ہیں۔
سینیٹر مشتاق احمد کا مزید کہنا تھا کہ ذکا اشرف کو کھیلوں کا بالکل کوئی تجربہ نہیں ہے۔ کھیل اور کرکٹ ان کے مشاغل میں لکھا دکھائی دیتا ہے۔ کھیل ان کا شعبہ نہیں رہا اور انہیں چئیرمین پی سی بی لگا دیا گیا۔ کرکٹ پر بھی اب آڈیو لیکس آنے لگی ہیں۔
نگراں وزیر پارلیمانی امور مرتضٰی سولنگی نے جواب دیا کہ میری اس حوالے سے کل متعلقہ وزیر سے ملاقات ہوئی تھی۔ واضح کردوں کہ چئیرمین پی سی بی کی تقرری نگراں حکومت نے نہیں کی۔ وہ اس سے قبل بھی چئیرمین پی سی بی رہ چکے ہیں۔ نگراں حکومت کے اختیارات محدود ہیں وہ کوئی بنیادی فیصلہ نہیں کرسکتی۔ کرکٹ بورڈ کے الیکشن کروانے کو کہا ہے۔
فیفا ویمن ورلڈکپ جیتنے والی اسپینش فٹبال ٹیم کی رکن جینی ہرموسا نے فیڈریشن کے صدر کیخلاف عدالت میں بیان ریکارڈ کروادیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپیش فٹبالر نے ریکارڈ کروائے گئے بیان میں کہا کہ ورلڈکپ جیتنے کے بعد فیڈریشن کے صدر نے انہیں زبردستی بوسہ دیا جو میرے لیے غیرمتوقع تھا۔
اسپینش فیڈریشن کے صدر لوئس روبیالس نے خاتون فٹبالر کو دیئے گئے بوسے کو باہمی رضامندی ظاہر کیا تھا تاہم واقعے کے بعد عوامی سطح پر شدید تنقید نے انہیں عہدے سے مستعفیٰ ہونے پر مجبور کردیا تھا۔
ٹرافی و انعامات کی تقریب میں جینی ہرموسو کو بوسہ دینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جبکہ وہ اس تقریب میں فیفا کے ایک عہدیدار کی حیثیت سے موجود تھے۔
اسی حیثیت میں لوئس روبیلز نے اسپین کی کھلاڑیوں کو میڈلز پہنائے اور گال پر پیار بھی کیا تاہم مڈ فیلڈر ہرموسو کو ہونٹوں پر بوسہ دیا تھا، اس غیر متوقع حرکت پر کھلاڑی بھی پریشان ہوگئی تھیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس 20 اگست کو اسپین نے انگلینڈ کو شکست دیکر پہلی مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
اسلام آباد: سینیٹ میں عام انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر دلاور خان نے ملک میں عام انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد سینیٹ میں پیش کی جس میں کہا گیا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال ٹھیک نہیں اس لیے 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات ملتوی کیے جائیں۔
مسلم لیگ ن کے سینیٹر افنان اللہ نے قرارداد کی مخالفت کی جبکہ پیپلز پارٹی نے بھی قرارداد کی حمایت کی۔ قرارداد پر ووٹنگ کے وقت سینیٹ میں 12 ارکان موجود تھے۔پی ٹی آئی کے گردیب سنگھ نے بھی قرارداد کی حمایت کی۔
سینیٹر افنان اللہ کا کہنا تھا کہ دوسری جنگ عظیم میں بھی انتخابات کا عمل نہیں رکا۔ انتخابات ملتوی کروانے والوں نے 2013 اور 2018 میں الیکشن ملتوی کروانے کی بات نہیں کی۔
قرارداد کے متن کے مطابق جنوری اور فروری میں بلوچستان کے کئی علاقوں میں موسم سخت ہوتا ہے۔ مولانا فضل الرحمن اور محسن داوڑ پر حملے ہوئے اور کئی لیڈرزکو دھمکیاں مل رہی ہیں۔ سینیٹ وفاق کے حقوق کا ضامن ہے اس لیے 8 فروری کو ہونے والا الیکشن ملتوی کیا جائے۔
قرارداد کے مطابق الیکشن کے انعقاد کے لئے ساز گار ماحول فراہم کیا جانا چاہیے۔ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردی کی کارروائیاں جاری ہیں۔ محکمہ صحت ایک بارپھر کورونا وبا کے پھیلنے کا عندیہ دے رہا ہے۔ چھوٹے صوبوں میں الیکشن مہم کو چلانے کے لئے مساوی حق دیا جائے۔ الیکشن کمیشن شیڈول معطل کرکے ساز گار ماحول کے بعد شیڈول جاری کرے۔
پشاور: ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے سابق ارکان اسمبلی کے نام شیڈول فور میں نہ ڈالنے کا حکم دے دیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے سابق ارکان اسمبلی کے نام شیڈول فور میں شامل کرنے کی سفارشات کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس وقار احمد نے کی، جس میں عدالت نے صوبائی حکومت کو درخواست گزاروں کے خلاف کارروائی سے روکتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔
وکیل درخواست گزار سید سکندر حیات شاہ نے دوران سماعت دلائل دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ سابق ارکان اسمبلی کے نام شیڈول فور میں شامل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ درخواست گزار سابق رکن اسمبلی ہے اور خود دہشت گردی کا متاثرہ ہے۔
دوران سماعت اے اے جی دانیال چمکنی نے عدالت کو بتایا کہ ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کوآرڈینیشن کمیٹی نے ان کے نام شیڈول میں شامل کرنے کی سفارش کی ہے، تاہم ابھی تک ان کے شامل نہیں کیے گئے۔
بعد ازاں عدالت نے صوبائی حکومت کو درخواست گزاروں کے خلاف کارروائی سے روکتے ہوئے صوبائی حکومت سے 23 جنوری تک جواب طلب کرلیا۔
واضح رہے کہ سابق سپیکر اسد قیصر،سابق ارکان امجد علی، گل ظفر،افتخار مشوانی،میاں شرافت علی، عبدالسلام، ظاہر شاہ، فضل حکیم اور دیگر ارکان کے نام شیڈول فور میں شامل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
الیکشن ٹربیونل نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے انتظار میں کیس کی سماعت 8 جنوری تک ملتوی کر دی۔
ایبٹ آباد الیکشن ٹربیونل میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔
نوازشریف کی طرف سے کیپٹن (ر) صفدر پیش ہوئے۔ تاہم الیکشن ٹربیونل نے ریمارکس دیے کہ ممبران پارلیمنٹ کی اہلیت کا کیس سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے سپریم کورٹ کے فیصلہ کا انتظار ہے۔
الیکشن ٹربیونل نے کیس کی سماعت 8 جنوری تک ملتوی کر دی۔
سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے لیگی رہنما کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا تھا کہ ایک سازش کے تحت تحریک انصاف کو لایا گیا، جنہوں نے ملک کو اور ملکی معشیت کو تباہ کیا اور پھر ایک سازش کے تحت 9 مئ کو ادروں پر حملہ اور ریاست پر حملہ کیا گیا۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ نواز شریف مانسہرہ سے الیکشن بھاری مارجن سے جیتیں گے، کیونکہ این اے 15 کے عوام نواز شریف کے ساتھ ہیں، اور بینرز لگ چکے ہیں کہ فیصلہ غریب کا ووٹ نواز شریف کا۔
کیپٹن صفدر کا مزید کہنا تھا کہ اعظم سواتی مفرور ملزم ہیں، اور ان کا لیڈر عمران خان دفاع پاکستان اور ریاست پاکستان کا دشمن ہے۔
اپلیٹ ٹریبونل راولپنڈی نے ریٹرنگ افسران کے فیصلے مسترد کرتے ہوئے تحریک انصاف کے بیشتر امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے۔
اپلیٹ ٹریبونل راولپنڈی میں کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف این اے 56 اور پی پی 16 اعجازخان جازی کی اپیل پر سماعت ہوئی۔
الیکشن ٹربیونل جج جسٹس مرزا وقاص رؤف نے فیصلہ سنا دیا اور این اے 56 اور پی پی 16 اعجازخان جازی کی اپیل منظور کرتے ہوئے ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے تمام اعتراضات مسترد کردیے۔
این اے 55 اور پی پی 15 سے سابق صوبائی وزیر بشارت راجا کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے خلاف اپیل بھی منظور کرلی گئی اور سابق صوبائی وزیر کو دونوں حلقوں سے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی گئی۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے51 اور صوبائی حلقہ پی پی 6 لطاسب ستی کے مسترد کاغذات کے خلاف اپیل بھی منظور ہوگئی۔ لطاسب ستی تحریک انصاف کے سابق ایم پی اے تھے۔
تحریک انصاف کے سابق ایم پی اے عمر تنویر بٹ کے بھی حلقہ پی پی 15 سے کاغذات منظور کرلئے گئے۔ جب کہ مہرین آصف، قاضی اکبر اور شہناز بیگم کے کاغذات اپیلیں بھی منظور کرلی گئیں۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے سابق ایم پی اےعارف عباسی کی پی پی 19سے اپیل مسترد کردی گئی ہے، عارف عباسی اشتہاری تھے اور انہوں نے کسی عدالت میں سرنڈر بھی نہیں کیا۔
فرانس اور اسکینڈینیوین ممالک کے ساتھ ساتھ اب برطانیہ کو بھی بارشوں اور سیلاب نے آ گھیرا ہے۔ برطانیہ کے متعدد علاقوں میں سیلاب کے ہاتھوں تباہی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ مختلف حادثات میں دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
سیلابی ریلوں کے باعث متعدد مقامات پر آمد و رفت میں شدید مشکلات درپیش ہیں۔ بعض سڑکیں بند کرنے کے ساتھ ساتھ ٹرین سروس بھی منسوخ کردی گئی ہے۔
ناٹنگھم شائر، ڈربی شائر، ویلز اور مغربی مڈلینڈز میں سیلاب، شمالی انگلینڈ، شمالی آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ میں بھی بارشوں اور سیلاب سے تباہی ہوئی ہے۔
انگلینڈ کے طول و عرض میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں۔ 270 سے زائد مقامات پر سیلاب سے متعلق انتباہ جاری کیا گیا ہے۔
برطانیہ میں صحت عامہ کی ایجنسی نے بتایا ہے کہ یہ موسم ہفتہ بھر جاری رہے گا۔ مزید بارش، سیلاب اور سخت سرد موسم کا الرٹ بھی جاری کردیا گیا ہے۔
یورپ کے بیشتر علاقے اس وقت شدید سردی کی لپیٹ میں۔ برف باری کے نتیجے میں معمولاتِ زندگی معطل ہوگئے ہیں۔ ڈنمارک، سوئیڈن، ہالینڈ، ناروے، فن لینڈ اور چند دوسرے ممالک میں بیشتر اسکول بند کردیئے گئے ہیں۔ سوئیڈن میں درجہ حرارت 43 سینٹی گریڈ تک گرچکا ہے۔ روس کا بھی شدید سردی کے باعث برا حال ہے۔ حکومت نے متاثرہ علاقوں میں لوگوں سے کہا ہے کہ نقل و حرکت سے ممکن حد تک گریز کریں۔
عراق کے دارالحکومت بغداد میں امریکی ڈرون حملے میں عراقی ملیشیا کے ڈپٹی کمانڈر مشتاق طالب السعدی چار ساتھیوں سمیت جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے۔
امریکی فوج نے عراقی کمانڈر کی گاڑی کو چار میزائلوں سے بغداد کے شمالی علاقے میں نشانہ بنایا۔
مشتاق طالب عراقی ملیشیا (بارہویں بریگیڈ) حزب اللہ النجابہ کے بغداد میں ڈپٹی کمانڈر تھے۔ اس حملے کا جواز بیان کرتے ہوئے امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان کا کہنا ہے عراقی ملیشیا کے کمانڈر امریکی اہلکاروں پر حالیہ حملوں میں ملوث پائے گئے تھے۔
دوسری طرف عراقی وزیر اعظم کے ترجمان نے کہا ہے کہ عراق کی سلامتی یقینی بنانے پر مامور تنظیم پر یہ حملہ بلا جواز ہے اور اس حوالے سے امریکی الزام تراشی بے بنیاد ہے۔
مشتاق طالب السعدی پر عراق اور شام میں امریکی فوجی اڈوں پر متعدد ڈرون اور میزائلوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا جاتا رہا ہے۔