مذہبی آزادیوں کی امریکی رپورٹ میں بھارت کو کلین چٹ پر متعلقہ کمیشن برہم

عالمی سطح پر مذہبی آزادیوں کی نگرانی پر مامور امریکی کمیشن (USCIRF) نے بھارت اور نائجریا کے حوالے سے تشویش ظاہر کرنے میں محکمہ خارجہ کی ناکامی پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

بھارت اور نائجیریا کو کلین چٹ دیئے جانے پر حیرت اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے یو ایس سی آئی آر ایف نے کانگریس میں اس حوالے سے جامع سماعت کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ان ممالک میں اقلیتی کو لاحق مشکلات کے حوالے سے بحث کی جاسکے۔

کمیشن کا کہنا ہے کہ امریکہ کے انٹرنیشنل ریلیجیس فریڈم ایکٹ 1998 کے طے کردہ معیار کے مطابق بھارت اور نائجیریا میں مذہبی آزادیاں سلب کی جارہی ہیں اور متعلقہ حکومتیں اس حوالے سے خاطر خواہ اقدامات سے گریز کر رہی ہیں۔

کمیشن نے دونوں ممالک کے حوالے سے تشویش ظاہر نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ امریکی محکمہ خارجہ نے دنیا بھر میں مذہبی آزادیوں کی کیفیت کے حوالے سے اپنی سالانہ رپورٹ میں پاکستان کو ان ممالک میں شامل کیا ہے جہاں مذہبی آزادی کے حوالے سے تشویش ناک صورتِ حال پائی جاتی ہے۔ یہ رپورٹ 30 نومبر کو منظر عام پر لائی گئی تھی۔

پاکستانی دفتر خارجہ نے امریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بھر میں کہیں بھی مذہب کی بنیاد پر امتیاز روا نہیں رکھا جاتا اور ملک میں آباد اقلیتی برادری کے تمام افراد کو عبادت اور مذہبی رسوم ادا کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے ان ممالک کی فہرست میں آذر بائیجان کو بھی شامل کیا ہے جہاں مذہبی آزادیوں کا معاملہ بگڑا ہوا ہے۔ یو ایس سی آئی آر ریف نے آذر بائیجان کو اسپیشل واچ لسٹ میں شامل کیے جانے کا خیرمقدم کیا ہے۔

مکہ اور مدینہ میں حکومت نے 330 ہوٹل، گیسٹ ہائوس بند کردیے

سعودی عرب کی حکومت نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں 330 ہوٹل، گیسٹ ہائوس اور فرنشڈ اپارٹمنٹ بند کردیے۔ یہ ہوٹل اور اپارمنٹ معمول کے چیک اپ کے دوران بے قاعدگیاں کا پتا چلنے پر بند کیے گئے ہیں۔

سیاحت اور میزبانی کی وزارت نے یہ جانچ پڑتال ”ہمارے مہمان ہماری اولین ترجیح ہیں“ کے موٹو کے تحت کی۔

مکہ مکرمہ میں جانچ پڑتال کے دوران 2 ہزار سے زائد بے قاعدگیاں پائی گئیں۔ اس بنیاد پر 280 عمارتیں بند کردی گئیں۔ ان عمارتوں کے مالکان نے کاروبار شروع کرنے سے قبل متعلقہ لائسنس حاصل نہیں کیا تھا۔

مدینہ منورہ میں جانچ پڑتال کے دوران 1200 سے زائد بے قاعدگیاں پائی گئیں۔ متعلقہ لائسنس حاصل نہ کیے جانے پر 50 عمارتیں بند کردی گئیں۔

متعلقہ وزارت نے سیاحتی خدمات فراہم کرنے والے اداروں سے کہا ہے کہ سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں۔

 

 

سیاحت کی وزارت ملک بھر میں جانچ پڑتال کے ذریعے سیاحوں کے لیے زیادہ سے زیادہ معیاری خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔

ملک میں شرح خواندگی کی رپورٹ سینیٹ میں پیش، بلوچستان سب سے پیچھے

 اسلام آباد: ملک میں شرح خواندگی سے متعلق رپورٹ سینیٹ میں پیش کردی گئی، جس کے مطابق بلوچستان میں شرح خواندگی سب سے کم ہے۔

پاکستان میں 10 سال اور زائد عمر کے افراد کی شرح خواندگی سے متعلق معاشی سروے برائے 2022ء تا 2023ء سینیٹ اجلاس میں پیش کردیا گیا۔ اجلاس میں وزارت تعلیم کی جانب سے دیے گئے جواب میں بتایا گیا ہےکہ پاکستان میں مجموعی طور پر شرح خواندگی 62 عشاریہ 8 فیصد ہے۔

وزارت تعلیم کے تحریری جواب کے مطابق صوبوں میں سب سے کم شرح خواندگی بلوچستان میں ہے، جو کہ 54 عشاریہ 5 فیصد ہے۔ پنجاب میں شرح خواندگی صوبوں میں سب سے زیادہ 66 عشاریہ 3 فیصد ہے۔ سندھ میں شرح خواندگی 61 عشاریہ 8 فیصد، خیبرپختونخوا میں شرح خواندگی 55 عشاریہ 1 فیصد ہے۔

دستاویز کے مطابق ملک بھر میں خواتین کی شرح خواندگی 51 عشاریہ 9 فیصد ، مردوں کی شرح خواندگی خواتین سے زیادہ 73 عشاریہ 4 فیصد رہی۔ خواتین میں سب سے کم شرح خواندگی بلوچستان میں 36 عشاریہ 8 فیصد، خیبرپختونخوا میں 37 عشاریہ 4 فیصد، سندھ میں 49 عشاریہ 7 فیصد  جب کہ پنجاب میں خواتین کی شرح خواندگی 58 عشاریہ 4 فیصد رہی۔

الیکشن کمیشن نے آر اوز کو تربیت فراہم کی مگر پورا قانون نہیں پڑھایا گیا، اپیلٹ ٹریبونل

 اسلام آباد: الیکشن اپیلٹ ٹریبونل  کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے اپیل کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے ہیں کہ الیکشن کمیشن نے آر اوز کو تربیت فراہم کی مگر پورا قانون نہیں پڑھایا گیا۔

الیکشن اپیلٹ ٹریبونل میں کاغذات نامزدگی سے متعلق درخواستوں اور اپیلوں پر سماعت کے دوران اسلام آباد اپیلٹ ٹریبونل کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے آر اوز سے متعلق اہم ریمارکس  دیے۔ انہوں نے کہا کہ ریٹرننگ افسران جب اسکروٹنی کررہے ہوتے ہیں تو ان کے ساتھ الیکشن کمیشن کا نمائندہ ہونا چاہیے۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ ریٹرننگ افسران نے الیکشن ایکٹ کا 62(9) تو پڑھ لیا کہ کاغذات مسترد کرسکتے ہیں ۔ آر اوز نے الیکشن ایکٹ کا 62(10) نہیں پڑھا۔ پڑھتے تو پتا چل جاتا کہ کیسے کنفرنٹ کرانا ہے ۔الیکشن کمیشن نے آر اوز کو باقاعدہ معاونت فراہم نہیں کی۔ آر او کے ساتھ کمیشن کا نمائندہ ہونا چاہیے تھا۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے سماعت کے دوران بتایا کہ آر اوز کو پہلے تربیت فراہم کی گئی تھی ، جس پر جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ تربیت تو فراہم کی گئی لیکن پورا قانون نہیں پڑھایا گیا ۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ آر او صاحب آپ نے اپنے آرڈرز میں عدالتی فیصلوں کے بھی حوالے دیے ہیں۔کچھ آرڈرز میں تو متعدد عدالتی حوالے دیے گئے ، کافی تفصیلی آرڈرز تھے۔ آپ نے جن فیصلوں کا حوالہ دیا ،کیا وہ مکمل پڑھے بھی تھے ؟

ریٹرننگ آفیسر نے جواب دیا کہ عدالتی فیصلے کا متعلقہ حصہ پڑھا تھا، جس پر جسٹس ارباب محمد طاہر نے استفسار کیا کہ آپ کی نظر سے سپریم کورٹ کے دیگر فیصلے بھی گزرے ؟صرف کاغذات مسترد کرنے والے فیصلے ہی کیوں نظر سے گزرے؟ ، جس پر ریٹرننگ افسر خاموش رہے۔

عامر خان کی بیٹی ارا کی شاہی شادی کیلئے 176 کمرے بُک

راجستھان: بالی ووڈ اداکار عامر خان نے اپنی بیٹی ارا خان کی شاہی شادی میں شرکت کرنے والے مہمانوں کے لیے 176 کمرے بُک کروالیے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ارا خان اور اُن کے ہندو شوہر نوپور شیکھرے نے گزشتہ روز ممبئی میں ایک تقریب کے دوران اپنی شادی کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ پردستخط کیے جس کے بعد اب اس جوڑی کی شادی کی تقریبات 8 سے 10 جنوری تک راجھستان کے شہر اودے پور میں منعقد کی جائیں گی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ راجھستان میں ارا خان اور نوپور شیکھرے کی شاہی انداز میں شادی ہوگی، اس دوران دونوں کے مذاہب کے مطابق رسومات ہوں گی جبکہ عامر خان اپنی بیٹی کی شادی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے آج 5 جنوری کو اپنے خاندان کے ہمراہ اودے پور پہنچیں گے۔

ارا خان اور نوپور شیکھرے کی شاہی شادی میں شرکت کرنے والے مہمانوں کے لیے اودے پور کے تاج اراولی ہوٹل میں 176 کمرے بک کرائے گئے ہیں، اس شاہی شادی میں تقریباً 250 افراد کی شرکت متوقع ہے جن میں بالی ووڈ ستارے اور معروف شخصیات بھی شامل ہیں۔

 

‘بوائے فرینڈ نے متعدد بار تشدد کا نشانہ بنایا’، عائشہ عمر

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ماڈل عائشہ عمر نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ماضی میں جس لڑکے کے ساتھ تعلقات میں تھیں، اُس نے اُنہیں متعدد بار تشدد کا نشانہ بنایا۔

عائشہ عمر نے حال ہی میں ایکسپریس انٹرینٹمنٹ کے پروگرام ‘دی ٹاک شو’ میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے سابق بوائے فرینڈ کے بارے میں کُھل کر بات کی۔

اداکارہ نے کہا کہ “ماضی میں جس لڑکے کے ساتھ میرے رومانوی تعلقات قائم تھے، اُس نے مجھے محبت کے نام پر متعدد بار تشدد کا نشانہ بنایا، اُس وقت میری عُمر کم تھی تو میں اپنے سابق بوائے فرینڈ کے ناروا سلوک کو سمجھ نہیں سکی اور تشدد کو محبت سمجھنے لگی تھی”۔

اُنہوں نے کہا کہ “وہ شخص مجھے بار بار تشدد کا نشانہ بناتا تھا اور پھر اپنی غلطی کا اعتراف کرکے مجھ سے معافی مانگتا تھا، وہ مجھے کہتا تھا کہ مجھ سے برادشت نہیں ہوتا کوئی دوسرا شخص تمہیں دیکھے یا تم سے بات کرے”۔

عائشہ عمر نے کہا کہ “میں اُس شخص کی ان جذباتی باتوں کو سچا پیار سمجھتی تھی، اس لیے خاموشی سے تشدد برداشت کرتی رہی اور ہم دونوں اس قدر قریب ہوچکے تھے کہ ہماری شادی ہونے والی تھی لیکن خوش قسمتی سے ایسا نہیں ہوا”۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ “مجھے اُس وقت تو سمجھ نہیں آیا لیکن آج اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں کہ میری شادی اُس شخص سے نہیں ہوئی”۔

سیکورٹی فورسز کا ٹانک میں آپریشن، انتہائی مطلوب سمیت 2 دہشتگرد ہلاک

 راولپنڈی: سیکورٹی فورسز نے خیبرپختنخوا کے علاقے ٹانک میں آپریشن کے دوران دو دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع ملنے پر 4 اور 5 جنوری کی درمیانی شب ٹانک کے علاقے میں کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد مارے گئے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں میں گل یوسف بھی شامل ہے۔ گل یوسف سیکورٹی فورسز پر حملوں اور عام شہریوں سے بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث  تھا۔

دہشتگرد گل یوسف نے ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان کے اضلاع میں دہشتگردانہ کارروائیاں کیں اور وہ سیکورٹی ایجنسیوں کو انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی فہرست میں شامل تھا۔ حکومت پاکستان نے اس کے سر پر 25 لاکھ روپے کا انعام بھی رکھا تھا۔

کراچی سے لاہور جانیوالی مسافر کوچ الٹ گئی، 5 مسافر جاں بحق، کئی زخمی

پنوعاقل: کراچی سے لاہور جانے والی مسافر کوچ الٹ جانے کے حادثے میں 5 مسافر جاں بحق اور کئی دیگر زخمی ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق پنوعاقل کے علاقے میں سانگی تھانہ کے قریب قومی شاہراہ پر مسافر کوچ الٹ گئی، جس میں پانچ مسافر جاں بحق اور 15 سے زائد زخمی ہو گئے۔

کراچی سے لاہور جانے والی مسافر کوچ کو سانگی قومی شاہراہ پر حادثہ پیش آیا، جس کے بعد ریسکیو اہل کاروں نے پانچ افراد کی دبی ہوئی لاشیں نکالیں۔ بعد ازاں زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا گیا

حادثے کے نتیجے میں ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی

  کراچی: الیکشن ٹربیونل نے تحریک انصاف کے وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی سمیت دیگرکو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔

سندھ ہائیکورٹ میں الیکشن ٹریبیونل کے روبرو حلقہ این اے 214، حلقہ این 214 سے زین قریشی، حلقہ این 238 سے حلیم عادل شیخ، حلقہ این اے 241 سے ارسلان خالد اور پیپلز پارٹی کے امیدوار اختیار بیگ کی حلقہ این اے 241 سے ریٹرننگ افسران کے فیصلے کیخلاف اپیلوں کی سماعت ہوئی۔

پی ٹی آئی کے رہنماؤں  شاہ محمود قریشی، زین قریشی، حلیم عادل شیخ اور ارسلان خالد کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی۔ ٹریبیونل نے پیپلز پارٹی کے مرزا اختیار بیگ کو این اے 241 سے الیکشن لڑنے کی مشروط اجازت دے دی۔

الیکشن ٹریبیونل نے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو این اے 214 عمر کوٹ سے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔ ٹریبیونل نے زین قریشی کے بھی این اے 214 سے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے۔ الیکشن ٹریبیونل نے ریٹرنگ افسر کا کاغذات مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا۔ واجبات سے متعلق سند پیش نا کرنے پر ریٹرننگ افسر نے کاغزات مسترد کردیئے تھے۔

الیکشن ٹریبونل نے این اے 238 سے حلیم عادل شیخ کو بھی الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔ ریبیونل نے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا۔

جسٹس عدنان الکریم میمن پر مشتمل ٹریبیونل نے پیپلز پارٹی کے مرزا اختیار بیگ کو حلقہ این اے 241 سے الیکشن لڑنے کی مشروط اجازت دے دی۔ ٹریبیونل نے ریمارکس دیئے کہ اگر دہری شہریت ختم ہوچکی ہے تو بیان حلفی جمع کرائیں۔ اگر بیان حلفی غلط ثابت ہوا تو الیکشن جیتنے کے بعد کامیابی منسوخ ہوجائے گی۔

حلقہ این اے 241 سے پی ٹی آئی امیدوار ارسلان خالد کی اپیل منظور کرلی۔ ٹریبونل  نے ارسلان خالد کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے موقف دیا تھا کہ مقدمہ ظاہر نہ کرنے پر ریٹرننگ افسر نے کاغذات مسترد کیئے تھے۔

سڈنی ٹیسٹ؛ عامر جمال نے ایک اور کارنامہ سرانجام دیدیا

سڈنی ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز کے ہیرو فاسٹ بولر عامر جمال نے ایک اور کارنامہ سرانجام دیدیا۔

آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران قومی ٹیم کے فاسٹ بولر عامر جمال تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز میں 18 وکٹیں حاصل کرلیں جبکہ ٹیسٹ کی ایک ہی اننگز میں 80 سے زائد رنز اور 6 وکٹیں لینے والے وہ دوسرے کرکٹر بن گئے۔

سڈنی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں عامر جمال نے نہ صرف گیند سے اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا بلکہ 82 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر قومی ٹیم کے اسکور کو 313 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

بالنگ میں عامر جمال نے 21.4 اوورز کے دوران 69 دیکر 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس سے قبل سابق کپتان عمران خان واحد کرکٹر تھے جنہوں نے 80 سے زائد رنز اور ایک میچ میں 6 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے یہ کارنامہ 1983 میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ میچ میں انجام دیا تھا۔