لاہور میں درجہ حرارت 5 ڈگری سے بھی کم ہوگیا، بیماریاں بڑھنے لگیں

 لاہور: پنجاب شدید سردی اور فوگ  کی لپیٹ میں ہے جب کہ لاہور کا درجہ حرارت 5 ڈگری سے بھی کم ہوگیا، موسم ،کی تبدیلی کے باعث بیماریاں بڑھنے لگیں۔

صوبے بھر کے میدانی علاقے شدید سردی، فوگ اور اسموگ کی لپیٹ میں ہیں۔ سردی کی جما دینے والی لہر  کے باعث صوبائی دارالحکومت میں آج سال کا سرد ترین دن ریکارڈ ہوا، جس میں درجہ حرارت 5 ڈگری سے بھی کم ہوگیا۔ خشک سردی  کے باعث موسمی بیماریوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور کا درجہ حرارت 4.7 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ شہر میں کہیں فوگ  اور کہیں اسموگ برقرار ہے، جس کی وجہ سے  شہریوں کو شد ید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جب کہ خشک سردی سے موسمی بیماریوں  خصوصاً نزلہ زکام کھانسی  اور بخار کی شکایات عام ہوگئی ہیں ۔ ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ شدید اور خشک سردی سے بچنے کے لیے سر پاؤں اور سینے کو ڈھانپ کر رکھیں اور ماسک کا استعمال کریں۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ خشک اورشدید سردی کی لہر میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ آئندہ 3 روز تک بارش کا کوئی امکان نہیں جب کہ آئندہ 24 گھنٹے  موسم سرد اور خشک رہے گا۔

3 ماہ میں ضبط شدہ 95 کروڑ قومی خزانے میں جمع نہ کرانے کا انکشاف

اسلام آباد: 3 ماہ میں 95کروڑ روپے کی ضبط شدہ رقم قومی خزانے میں جمع نہ کرانے کا انکشاف ہوا ہے۔

پاکستان میں کچھ ماہ پہلے روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت اوپر جانا شروع ہوئی تو وہ رْکنے کا نام ہی نہیں لے رہی تھی جس کے بعد آرمی چیف جنرل عاصم منیر خود سرگرم ہوئے۔

ایک غیرملکی نیوز ویب سائٹ کے مطابق اس کے کچھ ہی دنوں بعد روپے کی قدر مستحکم ہونے لگی جس سے یہ تاثر بھی ابھرا کہ غیر قانونی طور پر جمع کیے گئے ڈالر کی ریکوری سے ملکی خزانے میں ڈالرز جمع ہوئے اور روپیہ مزید نیچے جانا رْک گیا ہے، ایف آئی اے کے مطابق یہ درست نہیں ہے۔

نئے 5 سالہ منصوبے کیلیے 150 ارب کی سرمایہ کاری کی ضرورت

اسلام آباد: نئے 5سالہ منصوبے کے دوران 150 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔

پلاننگ کمیشن کے اندازے کے مطابق پاکستان میں ناقص گورننس کے اشاریوں کو بہتر بنانے کیلیے نئے 5سالہ منصوبے کے دوران 150 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی ضرورت ہو گی، یہ سرمایہ کاری جدت، استعداد میں اضافے، پرفارمنس مینجمنٹ، سروس ڈلیوری، شعبہ انصاف، پولیس، ریسرچ اور پبلک سیکٹر بشمول ریگولیٹری فریم ورک اور اعدادوشمار کے شعبوں میں کرنا ہو گی تاکہ سروس ڈلیوری میں پاکستان جنوبی ایشیائی ملکوں سے آگے نکل سکے۔

رپورٹ کے مطابق 2024-29 کے منصوبے کے متن میں تمام سرکاری شعبوں میں ہر سطح پر احتساب اور شفافیت کے فقدان کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بیڈ گورننس میں مرکزی کردار ان شعبوں کا ہے جوکہ عوام کیساتھ براہ راست ڈیل کرتے ہیں، متن میں اعتراف کیا گیا ہے کہ گزشتہ دس سال کے دوران گورننس کے اشارئیے بہتر بنانے کیلئے 92 ارب روپے خرچ کئے گئے، اس کے باوجود علاقائی ممالک کے مقابلے میں اشاریئے مزید بدتر ہوئے۔

پاکستان نے طویل المدت مرکزی منصوبہ بندی بند کر دی تھی مگر آئی ایم ایف کی سفارشات پر پانچ سالہ منصوبے پردوبارہ کام شروع کیا ، اس سلسلے میں آئی ایم ایف کی سفارشات کو سینٹرل ڈپولپمنٹ ورکنگ پارٹی نے منظورکرکے معاشی فیصلہ سازی کے سب سے بڑے ادارے نیشنل اکنامک کونسل کو حتمی منظوری کیلئے بھیج دیا۔

پلاننگ کمیشن نے مقامی حکومتوں کو موثر اور فعال بنانے کی سفارش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 18ویں آئینی ترمیم پر عملدرآمد کرکے ہر سطح پرایک پائیدار، فعال اور مستحکم ڈی سنٹرلائزڈ گورننس سسٹم کو فروغ دیا جائے۔ پانچ سالہ منصوبے کے دوران جامع گورننس، کمیونٹیز کو بااختیار اور نچلی سطح پر سروسز کی موثر ڈلیوری یقینی بنا کر مقامی حکومت کے نظام کو مستحکم بنایا جائے گا۔

ایف بی آر، پولیس ، عدلیہ، سٹیٹ بینک، نادرا، مسابقی کمیشن کی سروس ڈلیوری کو بہتر بنانے کی بھی تجاویز دی گئی ہیں، ایف بی آر کو متوقع ٹیکس دہندگان کا مرکزی ڈیٹا بیس تیار کرنے کیلئے نادرا، ٹیلی کام کمپنیوں، بینکوں، تعلیمی اور ترقیاتی اداروں سے اعدادوشمار حاصل کرنے، ادارہ جاتی اور انفرادی سطح پر احتساب کو موثر بنانے کیلئے پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم کو مستحکم بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔

متن میں ادارہ جاتی کرپشن کو گورننس میں بہتری کیلئے ایک بڑا چیلنج قرار دیا گیا ہے، جوکہ کاروبار اور ترقیاتی سرگرمیوں سمیت معیشت کے تمام شعبوں میں پھیلی ہوئی ہے، اس سے نمٹنے کیلئے نیب، آڈیٹر جنرل آفس، ایف آئی اے اور احتساب کے دیگر وفاقی و صوبائی اداروں تربیت اور مالی و انتظامی خودمختاری دینے کی تجویز دی گئی ہے۔ قانون کی حکمران کے فروغ کیلئے بروقت انصاف کی فراہمی کو موثر بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔

خلیفہ اوّل سیّدنا حضرت ابوبکر صدیق ؓ کا یوم وصال آج عقیدت واحترام سے منایا جا رہا ہے

اسلام آباد: خلیفہ اوّل سیّدنا حضرت ابوبکر صدیق ؓ کا یوم وصال آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔

آج 22جمادی الثانیہ کو خلیفہ اوّل سیّدنا حضرت ابوبکر صدیق ؓ کا یوم وصال مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔

 

ملک بھر میں جلسوں، سیمینارز اور دیگر تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جن میں علما کرام،خطیب حضرات، مشائخ عظام اور مقررین خطاب کریں گے اور خلیفہ اول ؓ کی حیات مبارکہ، سیرت و کردار،ایثار و قربانی سمیت دین اسلام کیلیے عظیم خدمات اور کارناموں پر روشنی ڈالتے ہوئے انھیں خراج عقیدت پیش کریں گے۔

حضرت ابوبکر صدیق ؓکی خلافت 632ء سے 634ء تک جاری رہی۔

لاہور کے علاقے اچھرہ میں آتشزدگی، 4 بہن بھائی جھلس کر جاں بحق

اچھرہ میں واقع گھر میں آتشزدگی سے چار سگے بہن بھائی جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔

لاہور کے علاقے چوک بابا اعظم اچھرہ میں گھرمیں آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 4 بچے جاں بحق ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور پولیس کی ٹیمیں وقوعہ پر پہنچ گئیں اور آپریشن کے ذریعے آگ پر قابو پایا۔

ریسکیو حکام کے مطابق آگ میں جھلسنے سے 4 بچے جانبحق ہوئے، جن کی شناخت 12 سالہ ایمان، 8 سالہ نور، 5 سالہ ابراہیم اور 2 سالہ اسماعیل کے نام سے ہوئی ہے۔

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ تاریخ کا مختصر ترین ٹیسٹ میچ بن گیا

کیپ ٹاؤن: بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان کیپ ٹاؤن ٹیسٹ تاریخ کا مختصر ترین ٹیسٹ میچ بن گیا۔

کیپ ٹاؤن میں بھارت اور جنوبی افریقا کے مابین دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ صرف 107 اوورز میں ختم ہوگیا۔

دو دن جاری رہنے والا یہ میچ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا مختصر ترین میچ بن گیا ہے۔ اس سے قبل 1932 میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹیسٹ 656 گیندوں (109.2 اوورز) میں ختم ہوا تھا۔

بھارت نے دوسرا ٹیسٹ جیت کر دو میچوں کی سیریز برابر کردی۔ جنوبی افریقا نے سنچورین میں پہلا ٹیسٹ اننگز اور 32 رنز سے جیتا تھا۔

بدھ کو کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے پہلے روز جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ افریقی ٹیم پہلی اننگز میں 23.2 اوورز میں 55 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں 34.5 اوورز میں 10 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے۔

جنوبی افریقا کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 176 رنز بناسکی اور یوں بھارت کو جیت کیلئے 78 رنز کا ہدف ملا جو بھارت نے صرف 12 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے میچ جیت لیا۔

برٹنی اسپیئر نے میوزک انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کردیا

لاس ویگاس: نامور پاپ اسٹار گلوکارہ برٹنی اسپیئرز نے میوزک انڈسٹری کو ہمیشہ کیلئے خیر باد کہنے کا اعلان کردیا ہے۔ 

امریکی میڈیا میں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ گلوکارہ نے اپنے دسویں البم کیلئے تیاریاں شروع کردی ہیں اور جلد وہ میوزک انڈسٹری میں واپسی کریں گی۔

برٹنی اسپیئرز نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تمام خبروں کو مسترد کرتے ہوئے دوٹوک انداز میں لکھا کہ وہ اب کبھی میوزک انڈسٹری میں واپس نہیں آئیں گی۔

گلوکارہ نے مزید انکشاف کرتے ہوئے لکھا کہ وہ صرف لطف اندوزی کیلئے میوزک لکھتی ہیں اور پچھلے دو برس میں وہ مختلف گلوکاروں کیلئے 20 گانے لکھ چکی ہیں۔

برٹنی اسپیئر نے اگست 2022 میں والد کے ساتھ جاری عدالتی مقدمے کے بعد چھ برس کے وقفے سے اپنا نیا البم جاری کیا تھا۔

اولمپکس: فرانس ڈیجیٹل شینگن ویزا جاری کرنے والا یورپی یونین کا پہلا ملک بن گیا

فرانس یورپی یونین کا پہلا رکن ملک بن جائے گا جو فرانسیسی شینگن ویزا کے لئے درخواست کے طریقہ کار کو مکمل طور پر آن لائن کرے گا، اور تقریبا 70،000 درخواست گزاروں ڈیجیٹل ویزا جاری کرے گا، جو 2024 کے اولمپک اور پیرا اولمپک کھیلوں میں حصہ لیں گے۔

فرانس نے یکم جنوری 2024 سے ”اولمپک قونصلیٹ“ کے نام سے نیا نظام شروع کیا ہے جو رواں سال کے اولمپک اور پیرا اولمپک کھیلوں میں حصہ لینے والے 15 ہزار بین الاقوامی کھلاڑیوں، 9 ہزار صحافیوں اور بیرونی ممالک کے وفود کی درخواستوں پر کارروائی کرے گا۔

یہ نظام فرانسیسی حکام کی کوشش میں قائم کیا گیا ہے تاکہ اولمپکس کے لئے درخواستوں کو بیرون ملک فرانسیسی ویزا مراکز میں زیر سماعت فائلوں کی بہتات سے روکا جاسکے۔

درخواستیں فرانس ویزا پلیٹ فارم کے ذریعے مکمل طور پر آن لائن دائر اور پراسیس کی جائیں گی، جس سے فرانس یورپی یونین کا پہلا ملک بن جائے گا جو گزشتہ اکتوبر میں پارلیمنٹ کی طرف سے منظور کردہ یورپی یونین شینگن ویزا ڈیجیٹلائزیشن کے منصوبوں کے مطابق آن لائن ویزا پر کارروائی کرے گا۔ اور پھر 70,000 افراد کے پاسپورٹس پر ویزا اسٹمپ نہیں ہوگی بلکہ انہیں براہ راست اپنے ایکریڈیشن کارڈ میں ویزہ سہولت ملے گی۔

واضح رہے کہ فرانس میں اولمپک 26 جولائی سے 11 اگست اور پیرا اولمپکس 28 اگست سے 8 ستمبر 2024 تک منعقد ہوں گے، اور توقع کی جارہی ہے کہ ان کھیلوں کو دیکھنے کے لئے 15 لاکھ کے قریب تماشائی شرکت کریں گے۔

فرانس اس صدی میں پہلی بار موسم گرما کے اولمپک کھیلوں کی میزبانی کرنے والا ملک اور اپنی تاریخ میں پہلی بار پیرا اولمپک کھیلوں کی میزبانی کرے گا، ان کھیلوں کے ذریعے دنیا کے 15,000 ایتھلیٹس، 9،000 سے زیادہ صحافی اور دنیا بھر سے تقریباً 15 لاکھ تماشائیوں کی میزبانی کی جائے گی۔

اس سے قبل 2024 کے پیرس اولمپک کھیلوں کی سروسز اینڈ ریلیشنز منیجر الیجینڈرو ریکالڈ نے اعلان کیا تھا کہ جن کھلاڑیوں اور آفیشلز کے پاس ملٹی پل انٹری شینگن ویزا ہے انہیں ایونٹ میں شرکت کے لیے فرانسیسی شینگن ویزا کے لیے درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ وہ اپنا موجودہ ویزا استعمال کرسکیں گے، لیکن انہیں اب کھیلوں کے لئے ایکریڈیٹیشن کی ضرورت ہوگی۔

نگراں حکومت پارٹی بن چکی، ہمارے ساتھ منصفانہ سلوک نہیں ہورہا، بیرسٹرگوہر

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہرخان نے کہا ہے کہ اگر بلے کا نشان نہیں دیا گیا تو مخصوص نشستیں ضائع ہو جائیں گی، نگراں حکومت پارٹی بن چکی ہے۔ 

ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ نے لیول پلینگ فیلڈ کا آرڈر دیا تھا اس پر عمل درآمد نہیں ہوا، ملک کےمختلف علاقوں میں ہمارے لوگوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، یہ ( عمل ) آئین کے خلاف  اور جمہوریت کا قتل  ہے۔

بلے کے انتخابی نشان  کے حوالے  سے اظہار خیال کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف نے  کہا کہ اگر بلے کا نشان نہیں دیا گیا تو مخصوص نشتیں ضائع ہو جائیں گی،  اور مخصوص نشتیں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس طریقے سے کرپشن کی بنیاد رکھی جا رہی ہے، سپریم کورٹ سے یہ درخواست ہے کہ بلے کا نشان بحال کیا جائے۔

بیرسٹرگوہر نے کہا کہ ہمارے ساتھ منصفانہ سلوک نہیں ہو رہا،آر او آفس میں ہمارے بندوں کو جانے نہیں دیا گیا، انہیں روکا اور مارا پیٹا جاتا رہا ہے، سپریم کورٹ نے لیول پلینگ فیلڈ کا آرڈر دیا تھا اس پر عمل درآمد نہیں ہوا۔

رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ نگران حکومت نگران نہیں رہی ، وہ ایک پارٹی بن چکی ہے اور جمہوریت اس طرح سے پروان نہیں چڑھے گی۔

انہوں نے کہا کہ جب الیکشن کا عمل چل رہا تھا تو صرف پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ غیر آئینی سلوک رکھا گیا۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ ہمیں ایک سال ہو گیا ہے، ہم نے دو اسمبلیاں تحلیل کیں، ہم تین مرتبہ سپریم کورٹ میں الیکشن کے حوالے سے درخواست دائر کر چکے تھے مگر الیکشن ملتوی ہوتے گئے۔الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نہیں نبھا رہا تھا، بالاخر سپریم کورٹ کی مداخلت کے بعد الیکشن کی تاریخ دی گئی۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ورکرز نے ملک بھر میں  سب سے زیادہ کاغذات  نامزدگی جمع کروائے، اسکروٹنی کے وقت 873 امیدواروں کے کاغذات مسترد کیے گئے، کاغذات اس طرح سے مسترد ہوئے جس پر اسلام آباد ہائیکورٹ بھی حیران ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ایک جیسے آرڈرز تمام آر آوز نے امیدواروں کے لیے پاس کیے، اس کے باوجود یہ کوشش کی جا رہی ہے کہ ہم سے نشان چھین لیا جائے،

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا  کہ سروے ایجنسیوں کے مطابق تحریک انصاف کی مقبولیت 70 فیصد سے زائد ہے، تقریباً دس کروڑ سے زائد رجسٹرڈ ووٹ ہمارے ساتھ ہیں، کیا ایسے ہتھکنڈوں کے بعد ووٹر الیکشن کو تسلیم کرے گا؟

انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے ایسے حالات میں عدلیہ ضرور مداخلت کرے گی، ہماری سپریم کورٹ سے استدعا ہے بلے والے کیس میں مثال بنائیں۔

چیف جسٹس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کبھی نہیں کہا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر اعتماد نہیں، ایسی بات انہیں کرنی بھی نہیں چاہیے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہم ٹکٹوں کی تقسیم کا عمل  جاری رکھیں گے، الیکشن جس بھی نشان ہر ہوں ہمارے حلقے سے امیدوار ضرور کھڑے ہوں گے، ہم چاہتے ہیں کہ  امیدوار آزاد کے بجائے  پارٹی نشان پر ہی الیکشن لڑیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن میں صرف وکلا نہیں صحافیوں کو بھی ٹکٹ دیے جائیں گے، ہمارا لائحہ عمل یہی ہے کہ الیکشن بایئکاٹ کی طرف نہ جائیں۔

9مئی ہنگامہ آرائی کیس، رہنما پی ٹی آئی حلیم عادل شیخ کی ضمانت منظور

  کراچی: کراچی کی مقامی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کی 9 مئی کو ہنگامہ آرائی اور اکسانے سے متعلق مقدمے میں ضمانت منظور کرلی۔

ملیر کورٹس میں مقامی عدالت کے روبرو سچل تھانے میں درج مقدمہ میں حلیم عادل شیخ کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی اور عدالت نے ان کی ضمانت منظور کرلی، عدالت نے 10 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض حلیم عادل شیخ کی ضمانت منظور کی ہے۔

پولیس کے مطابق حلیم عادل شیخ کے خلاف سچل تھانے میں 10 مئی کو ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، پی ٹی آئی سندھ کے صوبائی صدر پر لوگوں کو اشتعال دلانے اور اکسانے کا الزام تھا۔