پنجاب پولیس کے ناقص تفتیشی نظام کا پول کُھل گیا؛ ایک برس میں 70 ہزار مقدمات خارج

 لاہور: محکمہ پولیس  کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار نے پولیس کے ناقص تفتیشی نظام کی قلعی کھول دی، ناقص تفتیشی نظام کی وجہ سے  ہزاروں مقدمات خارج ہوگئے جبکہ سزاؤں کا تناسب بھی معمولی رہا۔ 

محکمہ پولیس پنجاب نے مقدمات  کی تفتیش سے متعلق اعدادوشمار جاری کیے ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ ناقص تفتیشی نظام کی وجہ سے ہزاروں مقدمات خارج اور عدم پتہ ہوگئے۔ عدم پتہ مقدمات میں ملزمان کوتلاش نہ کرنے پرسسٹم سے نکال دیا جاتا ہے۔

گذشتہ سال پنجاب بھر میں 70ہزار سے زائد مقدمات کو خارج کردیا گیا  جبکہ صرف لاہور میں 31ہزارسے زائد مقدمات خارج ہوئے۔  اسی طرح  پنجاب بھر میں 1 لاکھ 45 سے زائد اور لاہورمیں70 ہزار268 مقدمات عدم پتہ ہوگئے۔

صوبے میں مجموعی طور پر 1لاکھ 35 ہزار سےزائد نامکمل چالان جمع کرائے گئے جبکہ لاہور میں یہ تعداد 22 ہزارسے زائد رہی۔

پنجاب میں مجموعی طور پر 4لاکھ10ہزارسے زائد جبکہ صوبائی دارالحکومت میں 13 ہزارسےزائد مقدمات کے چالان مکمل جمع کرائے گئے۔

اعدادوشمار کے مطابق  لاہورمیں1لاکھ سے زائد اور پنجاب بھرمیں 3لاکھ 30 ہزارسےمقدمات زیرتفتیش ہیں۔

گزشتہ سال 2023 میں پنجاب بھرمیں سزاؤں کا تناسب بھی انتہائی معمولی رہا، صوبے بھر میں ساڑھے19 ہزارملزمان کوسزائیں ہوسکیں جبکہ لاہور میں 1100 سے زائد ملزمان کو عدالتوں نے سزائیں سنائیں۔

کراچی میں 9 جنوری سے سردی بڑھنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

  کراچی:  محکمہ موسمیات  نے 9جنوری سے شہر  قائد میں سرد ہوائیں چلنےکا امکان ظاہر کردیا، درجہ حرارت گرنے کے سبب سردی کی شدت بڑھ سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کوشہرکا کم سے کم پارہ 14.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، صبح کے وقت شہر کی فضاؤں پردھند چھانے کے سبب حدنگاہ  کم ہوکر ڈھائی کلومیٹرریکارڈ ہوئی۔

دن بھریخ بستہ ہوائیں چلتی رہیں جن کی وجہ سے موسم خنک رہا،تاہم کچھ وقت کے لیے مطلع صاف بھی رہا، شہرکا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت گذشتہ روز کے مقابلے میں 2.4 ڈگری کمی سے24.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردارسرفراز کے مطابق مغرب کی جانب سے بلوچستان میں داخل ہونے والے نئے سسٹم کے تحت شہرمیں 9جنوری سے سردی کی نئی لہرمتوقع ہے،جس کے دوران درجہ حرارت میں کمی کے سبب سردی کی شدت بڑھ سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی سسٹم آج سےبلوچستان کے کچھ حصوں کو متاثرکرسکتا ہے،جس کے نتیجے میں چاغی،کوئٹہ،چمن،زیارت،قلعہ عبداللہ میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش  ہوسکتی ہے۔

قلعہ سیف اللہ، لورالائی،پشین، مستونگ، ژوب، قلات، موسیٰ خیل،خاران، ہرنائی، سبی، نوشکی، خضدار اورمکران کے ساحل پربارش ہونے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید دھند چھانے کا امکان ہے۔

پی ٹی آئی قیادت میں اختلاف، بیرسٹر گوہر اور شیر افضل کی الگ الگ پریس کانفرنس ویب ڈیسک ایک گھنٹہ پہلے

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت میں اختلاف سامنے آگیا، چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور سینئر رہنما شیر افضل مروت نے الگ الگ پریس کانفرنسز کیں جن میں دونوں کے بیانات میں تضاد ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سکریٹریٹ میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی پریس کانفرنس کے فورا ًبعد شیر افضل مروت پریس کانفرنس کرنے پہنچ گئے۔

بیرسٹر گوہر نے شیر افضل مروت کو پریس کانفرنس کرنے سے روک دیا مگر شیر افضل مروت نہ مانے۔ چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ چئیرمین پی ٹی آئی نے کبھی یہ بات نہیں کی کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسی پر اعتماد نہیں اور نہ ہی انہیں یہ بات کہنی چاہیے۔

دوسری طرف شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کوچیف جسٹس فائز عیسی پراعتماد نہیں، میں بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر پریس کانفرنس کررہا ہوں، میری باتیں ہی بانی پی ٹی آئی کی پالیسی ہیں۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں ڈرتے نہیں مگر چیف جسٹس فائز عیسی کی عدالت سے انصاف کیلئے مایوس ہوچکے ہیں، قاضی فائز عیسی کے خلاف ریفرنس جنرل باجوہ اور فیض حمید نے بھجوایا، جب فائز عیسی چیف جسٹس بنے تو ہم نے ریفرنس کے اقدام پر شرمندگی کا اظہار کیا۔

عام انتخابات 2024: انتخابی عملے کی ترجیحی بنیادوں پر تربیت شروع

عام انتخابات 2024 کے لیے انتخابی عملے کی ترجیحی بنیادوں پر تربیت کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق اب تک 5 لاکھ 79 ہزار 191 افراد کی ضروری تربیت مکمل ہوگئی، بقیہ 4 لاکھ 62 ہزار 222 افراد کی تربیت یکم فروری 2024 تک مکمل ہو جائے گی۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے 9 لاکھ 85 ہزار 413 افراد کی تربیت نومبر کے آخری ہفتے میں شروع کی۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی عملے میں ڈی آر او، آر او، پریذائیڈنگ افسران، اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران اور دیگر شامل ہیں، تربیتی پروگرام میں غیر حاضر رہنے والے عملے کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ مرکزی کنٹرول روم 26 دسمبر سے مکمل فعال ہے، مرکزی کنٹرول روم میں اب تک 45 شکایات موصول ہوئیں، تمام کا ازالہ کیا جا چکا ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ مرکزی شکایت سیل میں آنے والی 165 شکایات پر فوری کارروائی کر کے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی گئیں۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق مرکزی کنٹرول روم کے ماتحت 180 کنٹرول روم صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر بھی فعال ہیں۔

ترجمان نے یہ بھی کہا کہ ملک بھر کے تمام اضلاع میں تعینات مانیٹرنگ ٹیمیں بھی متحرک ہوگئی ہیں، جو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی والے تشہیری مواد کو روزانہ کی بنیادوں پر ہٹانے میں مصروف ہیں، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر نوٹسز بھی جاری کیے جارہے ہیں، جن پر انکوائری کے بعد قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ن لیگ کی طرح جھوٹے وعدے نہیں کرتے، دل کی تکلیف پر یہ لندن بھاگ جاتے ہیں، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم ن لیگ کی طرح جھوٹے وعدے نہیں کرتے، پنجاب میں سیاست دانوں کو دل کی تکلیف ہو تو یہ لندن بھاگ جاتے ہیں، ان سیاست دانوں کے لیے ہم نے کراچی میں اسپتال بنایا، اگر پسند نہیں تو رائے ونڈ میں دل کے علاج کا مفت اسپتال بنائیں گے۔

لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی جیتنے کے لیے ہر حلقے سے الیکشن لڑرہی ہے، ہم نفرت اور تقسیم کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، ہم گالم گلوچ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، ہم اپنے منشور پر الیکشن لڑیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قائد عوام نے عوام سے کیے تمام وعدے پورے کیے، بینظیر بھٹو شہید نے بھی اپنے وعدے پورے کیے، ہم بھی عوام سے کیے وعدے پورے کریں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عام آدمی کی حکومت بنانے کے لیے پیپلزپارٹی کو کامیاب کروانا ہے، کیاعام آدمی کا اپنی تنخواہ میں گزارا ہوتا ہے کہ نہیں، ہم اقتدار میں آکر غریب کی تنخواہ میں اضافہ کریں گے، ہم نےغریب آدمی کو مفت بجلی دلوانا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خواب پورا کرنے کے لیے تیر پر نشان لگانا ہے، ہم ہر شخص کو صحت کی سہولت دینا چاہتے ہیں، ہم ن لیگ یا پی ٹی آئی کی طرح جھوٹے وعدے نہیں کرتے، رائے ونڈ میں مفت علاج کے لیے کوئی اسپتال ہے، وہ خود دل کےعلاج کے لیے لندن چلے جاتے ہیں، میں نے کہا تھا لندن نہ جائیں کراچی میں مفت علاج کروائیں، رائے ونڈ میں بھی مفت دل کےعلاج کا مرکز بنائیں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دیں گے، اقتدار میں آکر 30 لاکھ گھر بناؤں گا اور خواتین کو مالکانہ حقوق دیں گے، ہم بے نظیر مزدور کارڈ لائیں گے، ہم مزدوروں کو تمام تر سہولیات فراہم کریں گے، مزدوروں کی طرح کسانوں کو بھی سپورٹ کریں گے۔

سردار ایاز صادق سمیت متعدد لیگی رہنما قومی اسمبلی کی ٹکٹوں سے محروم

پاکستان مسلم لیگ ن اپنے بڑے رہنماؤں کو قومی اسمبلی کی ٹکٹوں سے محروم کردیا۔ اور آئی پی پی سے بھی سیٹ ایڈجسمنٹ نہ ہوسکی۔

مسلم لیگ ن نے لاہور سے اپنے ہی بڑے بڑے سیاسی برج الٹا دئیے ہیں، اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سمیت متعدد اہم رہنماؤں کو قومی اسمبلی کی ٹکٹوں سے محروم کردیا ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے لاہور سے قومی اسمبلی کی 14 میں سے 12 نشستوں پر ٹکٹوں کی تقسیم کیلئے نام شارٹ لسٹ کر لئے ہیں، تاہم نصیر بھٹہ، سابق ایم این اے وحید عالم خان بھی قیادت کو قائل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

پارٹی ذرائع نے بتایا کہ قیادت کی جانب سے سردار ایاز صادق، رانا مشہود، میاں مرغوب احمد اور رانا مبشر جسے اہم رہنماؤں کو بھی ٹکٹس نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم ایازصادق کو سینیٹ یا کسی ضمنی الیکشن میں ٹکٹ آفر کئے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے117 میں بھی استحکام پارٹی کے ساتھ ممکنہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی وجہ سے آئی پی پی کے صدر علیم خان اور ن لیگ ملک ریاض میں سے کسی ایک امیدوار کا فیصلہ نہیں ہوسکا، تاہم آئی پی پی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہ ہونے کی صورت میں مسلم لیگ ن کے اپنے امیدوار انتخابی دنگل لڑیں گے۔

پارٹی ذرائع نے بتایا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 118 سے حمزہ شہباز، 119 سے مریم نواز جب کہ این اے 120 میں سہیل شوکت بٹ شاٹ لسٹ کئے گئے امیدواروں میں نمایاں ہیں۔

این اے 121 سے شیخ روحیل اصغر، 122 سے خواجہ سعد رفیق، 123 سے شہباز شریف میدان میں اتریں گے، اور این اے 127 سے عطا تارڑ مسلم لیگ نون کے ممکنہ امیدواروں میں سرفہرست ہیں، اس حلقہ میں ان کے مد مقابل پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کاغذات جمع کروائے ہیں، اور دونوں کے مابین کانٹے کا مقابلہ ہونے کا امکان ہے۔

این اے 128 سے حافظ نعمان اور این اے 129 سے مہر اشتیاق مسلم لیگ ن کے امیدوار بننے کی دوڑ میں سب سے آگے ہیں، جب کہ این اے 130 سے قائد نواز شریف کا خود میدان میں اترنے کا امکان ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق آئی پی پی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہ ہوئی تو این اے 117 سے ملک ریاض اور 124 سے رانا مبشر اقبال لیگی امیدوار ہوں گے۔

نگراں حکومت نے صنعتوں کیلئے بجلی سستی کرنے کا پلان تیار کرلیا

وزارت خزانہ کے مطابق صعنتوں کیلئے بجلی کا ٹیرف کم کرنے کی تجویز دے دی گئی ہے، آئی ایم ایف سے مذاکرات کے بعد بجلی سستی کرنے کے پلان پر عمل ہوگا۔

ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ نگران حکومت نے معاشی سرگرمیاں کے فروغ کا پلان تیار کرلیا ہے، صنعتوں پر بجلی کا اضافی بوجھ نہیں ڈالا جاسکتا، بجلی نرخ کم ہونے سے صنعتیں اپنے قدموں پرکھڑی ہو جائیں گی، اور صنعتیں چلنے سے برآمدات میں اضافہ ہو گا۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق صعنتوں کیلئے بجلی کا ٹیرف کم کرنے کی تجویز دے دی گئی ہے، تاہم آئی ایم ایف سے مذاکرات کے بعد بجلی سستی کرنے کے پلان پرعمل ہوگا۔

ذرائع نے بتایا کہ صنعتوں کیلئے بجلی سستی کرنے کا پلان کرلیا گیا ہے، جو آئی ایم ایف کو پیش کیا جائے گا۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق صنعتوں کیلئے بجلی کا ٹیرف 9 سینٹ تک مقرر کرنے کی تجویز ہے، اور صنعتوں کیلئے بجلی ٹیرف پر کراس سبسڈی ختم کرنے کا پلان ہے۔ برآمدی شعبوں کیلئے بجلی کے نرخ کم کرنے کیلئے بجلی سستی کرنے کی تجویز تیار کی گئی ہے۔

کمپیوٹر کی بورڈ میں دہائیوں بعد ایک نئے بٹن کا اضافہ

اگر آپ ونڈوز آپریٹنگ سسٹم پر چلنے والے کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ پر کام کرتے ہیں تو برسوں سے ایک ہی کی بورڈ کا استعمال کر رہے ہوں گے۔

مگر دہائیوں بعد پہلی بار مائیکرو سافٹ کی جانب سے کمپیوٹر کی بورڈ میں تبدیلی کی جا رہی ہے۔

مائیکرو سافٹ کی جانب سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کو بہتر بنانے پر کافی کام کیا جا رہا ہے اور یہ کمپنی 2024 میں کمپیوٹرز کو اے آئی سے لیس کرنا چاہتی ہے۔

اسی لیے نئے لیپ ٹاپس اور ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز کے لیے کی بورڈ میں ایک بڑی تبدیلی کی جا رہی ہے۔

اسے کو پائلٹ کی (Copilot key) کا نام دیا گیا ہے جس پر کلک کرکے مائیکرو سافٹ کے اے آئی کو پائلٹ پروگرام تک رسائی حاصل ہوگی۔

کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لگ بھگ 30 سال قبل ہم نے کمپیوٹر کی بورڈ میں ونڈوز بٹن متعارف کرایا تھا اور دنیا بھر میں لوگوں نے اس کا استعمال کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ اب کو پائلٹ بٹن کے ذریعے صارفین اے آئی کی دنیا میں داخل ہوسکیں گے۔

کو پائلٹ بٹن مینیو یا ونڈوز بٹن کی جگہ لے گا جسے دہائیوں قبل متعارف کرایا گیا تھا۔

یہ نیا بٹن بیشتر کی بورڈز کے دائیں جانب کے alt بٹن کے برابر میں نظر آئے گا۔

اس بٹن کو کلک کرنے سے ونڈوز 11 میں ونڈوز کو پائلٹ ڈیجیٹل اسسٹنٹ لانچ ہو جائے گا جو چیٹ جی پی ٹی جیسا چیٹ بوٹ ہے۔

اس حوالے سے مزید تفصیلات آئندہ ہفتے لاس ویگاس میں شیڈول کنزیومر الیکٹرونکس شو (سی ای ایس) میں بتائی جائیں گی۔

دل کی بے ترتیب دھڑکن کی نشان دہی کرنے والے ایئر بڈز

لندن: سائنس دانوں نے ایسے ایئر بڈز بنائے ہیں جو دل کی برقی سرگرمی کو پڑھ کر اس کی بے ترتیب دھڑکن کی نشان دہی کر سکتے ہیں۔

اِمپیریئل کالج لندن سے تعلق رکھنے والے محققین نے ایک ڈیوائس بنائی ہے جس کو کان میں پہن کر پورا دن ای سی جی کی ریڈنگ لی جاسکتی ہے۔

تحقیق میں یہ معلوم ہوا ہے کہ یہ ڈیوائس کی کارکردگی روایتی ای سی جی کی طرح ہی ہے۔ روایتی ای سی جی میں دو الیکٹروڈ سینے پر لگا کت ریڈنگز لی جاتی ہیں۔

لیکن ایئر بڈ کا سینے کے مقابلے میں دل کے کمزور سگنل کی نشان دہی کرنا اس کو گھنٹوں تک پہننے کے قابل بناتا ہے۔ یہ سہولت لوگوں میں ڈاکٹر کے پاس جائے بغیر کیفیت کی جلدی تشخیص کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔

دل کی دھڑکن کے مسائل (بشمول بے ترتیب دھڑکن) پر اگر توجہ نہ دی جائے تو یہ فالج یا دل کے دورے جیسے صحت کے سنجیدہ مسائل کے خطرات میں اضافہ کر سکتا ہے۔

ہیئر ایبل نامی اس ڈیوائس کے موجد پُر امید ہیں کہ دو برسوں میں یہ لوگوں کے لیے مارکیٹ میں موجود ہوگی۔ البتہ دستیاب ڈیوائسز کی قیمتیں 400 پاؤنڈ تک ہیں۔

محققین نے ان ایئر بڈز کو 10 افراد پر آزمایا اور حاصل ہونے والے نتائج کا موازنہ روایتی ای سی جی کے نتائج سے کیا۔ ان ایئر بڈز نے روایتی ای سی جی کی طرح بلند و پست لہروں کی ریڈنگز پیش کیں جو تیز یا سست دل کی دھڑکن کی نشان دہی کے لیے ضروری ہوتی ہے۔

تاہم، ریڈنگ میں آنے والی لہروں کی بلندی اور گہرائی روایتی ای سی جی کی طرح نہیں تھی جو اس ریڈنگ کو کم درست بناتی ہے۔ لیکن محققین اس آلے کو مزید حساس بنانے پر کام کر رہے ہیں۔

ملکی تاریخ میں پہلی بار ٹیلی کمیونی کیشن اپیلیٹ ٹریبونل قائم

 اسلام آباد: نگراں وزیر آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونی کیشن ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ٹیلی کمیونی کیشن اپیلیئٹ ٹریبونل قائم کردیا گیا ہے جس کا گزٹیڈ نوٹی فکیشن کردیا گیا ہے۔

ٹریبونل کے قیام پر اپنے بیان میں انہوں ںے کہا کہ ٹریبونل کے قیام کے لیے ٹیلی کام ایکٹ میں ترامیم کی منظوری صدر مملکت نے دے دی ہیں، پارلیمنٹ کی عدم موجودگی میں صدارتی آرڈی ننس کے تحت ٹیلی کام ٹریبونل کام کرے گا، ٹریبونل کا قیام ٹیلی کام سیکٹر کا دیرینہ مطالبہ تھا اس اقدام سے انڈسٹری کو بڑا ریلیف ملے گا اور التواء کا شکار متعدد کیسز فوری نمٹائے جاسکیں گے۔

نگراں وزیر نے کہا کہ وزارت قانون آرڈی ننس کے مطابق ٹریبونل کے چئرپرسن اور اراکین کی نامزدگی کرے گی، ٹریبونل کا چیئرپرسن صرف ہائی کورٹ کے جج یا 15 سال کے تجربے کے حامل وکیل کو بنایا جاسکتا ہے، اسی طرح ٹریبونل میں 2 ارکان ٹیکنوکریٹس ہوں گے جن کی تعداد میں وقت کے لحاظ سے کمی یا اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

ڈاکٹر عمر سیف نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ پی ٹی اے کے فیصلے کے خلاف ٹیلی کام آپریٹرز کی منظور شدہ اپیلوں پر ٹیلی کام ٹریبونل 90 روز میں فیصلہ کرنے کا پابند ہوگا۔

واضح رہے کہ قبل ازیں پی ٹی اے اور ٹیلی کام آپریٹرز میں کسی بھی قسم کے آپریشنل یا سروسز تنازع پر کوئی بھی فریق ہائی کورٹ سے رجوع کیا کرتا تھا جس سے معاملات غیر ضروری طوالت کا شکار ہوجاتے تھے، ٹیلی کام ٹریبونل کا قیام ایسے معاملات و تنازعات کو فوری طور پر خوش اسلوبی سے نمٹانے میں بڑی معاونت فراہم کرے گا۔