الیکشن ٹربیونل پشاور ہائیکورٹ بینچ نے نواز شریف کو نوٹس جاری کردیا

الیکشن ٹربیونل پشاور ہائیکورٹ ایبٹ آباد بینچ نے مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کو نوٹس جاری کر دیا۔

ہزارہ ڈویژن سے قومی اور صوبائی اسمبلی کے 25 امیدواروں نے الیکشن ٹربیونل میں اپیلیں دائرکر رکھی ہیں۔

الیکشن ٹربیونل پشاور ہائیکورٹ بینچ میں امیدواروں کی اپیلیوں کی سماعت ہوئی جس میں پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی طرف سے نواز شریف کے خلاف دائر کیے گئے اعتراض پر الیکشن ٹربیونل پشاور ہائیکورٹ بینچ نے سابق وزیراعظم کو نوٹس جاری کر دیا۔

نواز شریف این اے 15 مانسہرہ سے انتخابات لڑ رہے ہیں، الیکشن ٹربیونل نے میاں نواز شریف کو کل کے لیے نوٹس جاری کیا۔

پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کے این اے 15 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے ہیں جس پر اعظم خان سواتی نے الیکشن ٹربیونل میں اپیل دائر کر رکھی ہے۔

شمالی وزیرستان میں دھماکا، بکریاں چَراتے ہوئے تین بچے جاں بحق

میران شاہ: شمالی وزیرستان میں کھیتوں کے اندر دھماکے کے سبب تین بچے جاں بحق ہوگئے۔

 دھماکا شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں کجھوری چیک پوسٹ کے قریب دوپہر کے وقت کھیت میں ہوا ہے جس کی زد میں تین بچے آئے جو کہ اس وقت ہوا بکریاں چرانے کے لیے آئے ہوئے تھے۔

پولیس کے مطابق دھماکا ہنی مون ہوٹل کے قریب کھیت میں ہوا، دھماکے کے سبب تینوں بچے جاں بحق ہوگئے جن کی عمریں پانچ سے پندرہ برس کے درمیان ہیں، بچوں کا تعلق کھجوری ذاکر خیل گاؤں سے ہے، بچے چرواہے تھے۔

پولیس نے لاشیں ہیڈ کوارٹر اسپتال میرعلی منتقل کردی ہیں، دھماکے کی نوعیت جاننے کی کوشش کی جارہی ہے تاہم امکان ہے کہ دھماکا لینڈ مائن کا تھا۔

بجلی مزید 4.12 روپے فی یونٹ مہنگی

 اسلام آباد: بجلی صارفین کیلئے بری خبر سامنے آگئی۔ ایک ماہ کیلئے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 4 روپے 12 پیسے کا اضافہ کردیا گیا۔

بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نومبر کے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا جو صارفین سے جنوری کے بلوں میں وصول کیا جائے گا۔

نیپرا اتھارٹی نے قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ حالیہ اضافے میں فیول پرائس اور بقایا جات کی مد میں وصولیاں شامل ہیں۔

سی پی پی اے نے فیول پرائس کی مد میں 4 روپے 66 پیسے کا اضافہ مانگا تھا جس پر نیپرا اتھارٹی نے فیصلہ سنایا۔

بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔

فیض حمید نے فیض آباد دھرنا کمیشن کو بیان ریکارڈ کرا دیا، الزامات کا جواب

انٹر سروس انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سابق ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید نے فیض آباد دھرنا کمیشن کو بیان ریکارڈ کرا دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جنرل (ر) فیض حمید نے کمیشن کی طرف سے دیے گئے سوالوں کے جواب دیے۔

گزشتہ ہفتے فیض آباد دھرنا کیس کے تحقیقاتی کمیشن نے فیض حمید کو دوسری بار طلب کیا تھا۔ تاہم وہ پیش نہیں ہوئے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق انہیں جاری نوٹس میں کہا گیا تھا کہ وہ آباد دھرنا کیس میں اپنا بیان ریکارڈ کرائیں۔

فیض حمید نے جواب میں کہا کہ حکومت کی ہدایت پر تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) سے مذاکرات کئے۔

ذرائع کے مطابق انہوں نے حکومت کے خلاف سازش کرنے کے الزامات کی تردید کردی۔

عاطف اسلم اور حدیقہ کیانی کی وائرل ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی

پاکستان گلوکاری کے مقبول نام حدیقہ کیانی اور عاطف اسلم کی وائرل ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی۔

گلوکارہ و اداکارہ حدیقہ کیانی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں ان کو عاطف اسلم کے ساتھ گانا گاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں حدیقہ کیانی اور عاطف اسلم اپنا 12 سال قبل شہرت کی بلندیوں کو چھونے والا گانا ’ہونا تھا پیار‘ گارہے ہیں۔

ویڈیو میں دونوں گلوکار ایک کنسرٹ کے دوران اسٹیج پر پرفارمنس سے اپنی آواز کا جادو بکھیر رہے ہیں۔

کنسرٹ میں سفید پشواس زیب تن کیے حدیقہ کیانی اورسیاہ شرٹ اور پینٹ کے ساتھ جیکٹ پہنے عاطف اسلم کی گائیکی نے وہاں موجود شائقین کو خاصا محظوظ کیا۔

موسیقی کے شوقین افراد نے اپنے تبصروں میں اس ویڈیو کو ’ری یونین‘ کہہ ڈالا۔

واضح رہے کہ یہ مقبول گانا ’ہونا تھا پیار‘ شعیب منصور کی ڈائریکشن میں بننے والی پاکستانی فلم ’بول‘ کا گانا تھا جسے حدیقہ کیانی اور عاطف اسلم نے گایا تھا۔

شاہین کی حمایت میں عثمان خواجہ سامنے آگئے

آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ سڈنی ٹیسٹ میں شاہین آفریدی کی عدم شمولیت پر فاسٹ بولر کی حمایت میں سامنے آگئے۔

سڈنی ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ نے ٹیسٹ میچ میں شاہین آفریدی کے آرام سے متعلق سوال پر کہا کہ ’’مجھے نہیں لگتا کہ پاکستان طویل فارمیٹ کی کرکٹ کی قدر نہیں کرتا‘‘ البتہ فاسٹ بولر کے ورک لوڈ سے متعلق علم نہیں۔ سیریز کے دوران ہمارے بالرز بھی ریسٹ کرتے ہیں۔

انہوں ںے تسلیم کیا کہ ورک لوڈ مینجمنٹ ضروری ہے، جس کی وجہ سے فٹنس پر اثر پڑتا ہے۔ شاہین کی پچھلی انجری کو دیکھتے ہوئے لگتا ہے کہ انہیں آرام کی ضرورت ہے۔

عثمان خواجہ نے کہا کہ انجری کے بعد واپسی پر ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا آسان نہیں ہے تاہم شاہین کے حوالے سے بات کرنے سے پہلے مجھے حقائق جاننا ضروری ہیں، ایسا لگتا ہے مینجمنٹ انہیں انجری سے بچانے کی کوشش کررہی ہے۔

قبل ازیں گزشتہ روز سابق کپتان وسیم اکرم اور لیجنڈری فاسٹ بولر وقار یونس نے شاہین آفریدی کو سڈنی ٹیسٹ میں پلئینگ الیون کا حصہ نہ بنانے پر ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔

واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈکپ 2023 کے دوران شاہین آفریدی فائنل میں انجری کا شکار ہوگئے تھے جس کے بعد وہ اہم معرکے میں انگلینڈ کیخلاف بالنگ نہیں کرواسکے تھے جسکا نقصان پاکستان کو اٹھانا پڑا تھا۔

آئی پی ایل فرنچائز کی کھلاڑیوں کو پیسے کا رعب دکھا کر خریدنے کی کوشش

انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کی معروف فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے انگلش اوپنر جیسن رائے کو بڑی پیشکش کردی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) سے معاہدہ ختم کرنے کی صورت میں انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی ٹیم امریکی ٹی20 لیگ میں کھیلنے کیلئے جیسن رائے کو 3.68 کروڑ بھارتی روپے ادا کرے گی جبکہ بورڈ انہیں سالانہ 66 ہزار یورو یعنی (66 لاکھ روپے) دیتا ہے۔

فرنچائز نے ملک اور پیسہ کسی ایک چیز کو چننے کیلئے جیسن رائے کو آپشن پیش کردیا ہے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر خبر سامنے آنے کے بعد انگلش کرکٹر کی حب الوطنی پر مداحوں نے سوال اٹھایا تو جیسن رائے نے ٹوئٹر (ایکس) پر جواب دیا کہ میں یہ واضح کرنا چاہتا تھا کہ میں ‘انگلینڈ سے دور نہیں’ ہوں اور کبھی نہیں جاؤں گا۔

دوسری جانب انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو غیر ملکی لیگز کیلئے این او سی نہ دینے کا فیصلہ کیا تھا، بورڈ کا کہنا تھا کہ معاہدے کے تحت کھلاڑیوں کو میجر لیگ کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی جائے گی۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ آئی پی ایل فرنچائز کی جانب سے انگلش کرکٹرز کو پیسے کی لالچ دی گئی ہو، گزشتہ برس بھی آئی پی ایل فرنچائزز کی جانب سے 5 انگلش کرکٹرز کو انٹرنیشنل کرکٹ چھوڑنے کیلیے 5 ملین پاؤنڈز یعنی (ایک ارب 74 کروڑ پاکستانی روپوں) تک کے معاہدوں کی پیشکش کی گئی تھی۔

فرنچائز مالکان کی جانب سے کھلاڑیوں کو آفر کی دی گئی ہے کہ سال بھر سال بھر لیگز کیلیے دستیابی ممکن بنانے کیلیے انٹرنیشنل کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کرلیں تو اس کے بدلے انہیں بھاری معاوضہ ادا کیا جائے گا۔

نااہلی تاحیات ہوگی یہ کہاں لکھا ہے؟ اسلام میں توبہ کا راستہ موجود ہے، چیف جسٹس

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے ہیں کہ مجرم سزا کاٹ کر الیکشن لڑنے کیلئے اہل ہوجاتا ہے۔

سپریم کورٹ میں آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہلی مدت کیس کی سماعت ہوئی۔

درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیے کہ عدالتیں ڈیکلریشن دینے کا اختیار رکھتی ہیں، 2017 میں سپریم کورٹ نے قرار دیا جب حقائق تسلیم شدہ ہوں ڈیکلریشن دیاجا سکتا ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ کیسے ڈیکلریشن دے سکتا ہے، سپریم کورٹ کو یہ حق کیسے حاصل ہوا، کیا سپریم کورٹ آرٹیکل 62ون ایف کا براہ راست کورٹ آف لاء کے اختیار کا استعمال کر سکتی ہے، کیا الیکشن ٹربیونل کیا تاحیات نااہل بھی کر سکتا ہے، بجلی بل نادہندہ ہو یا بینک ڈیفالٹ ہو تو نااہلی ہو سکتی ہے، سوال یہ ہے کہ نااہلی تاحیات ہوگی یہ کہاں لکھا ہوا ہے، نااہلی تاحیات کا اصول توسمیع اللہ بلوچ کیس میں طے کیا گیا، اگر ہم سمیع اللہ بلوچ کیس اور سیکشن 232دونوں کو غلط کہہ دیں تو نااہلی تو ایک دن بھی نہیں رہے گی، کوئی سچا ہے یا نہیں یہ اصول تو ٹرائل کے بعد ہی طے ہو سکتا ہے، اسلام میں توبہ اور صراط المستقیم پر واپس آنے کا راستہ موجود ہے۔

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث افراد بھی سزا کاٹ کر الیکشن لڑنے کیلئے اہل ہو جاتے ہیں، اہلیت سے متعلق دونوں آرٹیکل الیکشن سے قبل لاگو ہوتے ہیں، غداری ،زیادتی،قتل کے الزام کا سامنا کرنے والا الیکشن لڑ سکتا ہے لیکن معمولی خطا پر نااہلی تاحیات! جب قانون آچکا ہے اور نااہلی پانچ سال کی ہوچکی تو تاحیات والی بات کیسے قائم رہے گی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ایک فوجی آمر آتا ہے سب کو اٹھا کر باہر پھینک دیتا ہے، آمروں نے صادق و امین والی شرط اپنے لئے کیوں نہ ڈالی، آئینی ترامیم بھی گن پوائنٹ پر آئیں، بندوق کا تقدس کیسے مان سکتے ہیں، آرٹیکل 62اور 63 کا اطلاق فوجی آمر نے خود پر کیوں نہیں کیا۔

جسٹس فائز نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ کی اہلیت تو آمر نے آئین میں کی، یہاں ترامیم بھی گن پوائنٹ پر ہوتی رہیں، ان لوگوں نے سوچا ہوگا آدھی جمہوریت آ جائے پوری جمہوریت سے تو بہتر ہے، فوجی آمر کے سامنے یہاں کوئی بات نہیں کرتا، پارلیمنٹ کو جتنی بھی حقارت سے دیکھیں وہ منتخب نمائندے ہوتے ہیں، یہاں بیٹھے پانچ ججز کی دانش ساتھ پارلیمنٹ میں بیٹھے لوگوں سے زیادہ کیسے ہو سکتی ہے؟، آپ کہہ رہے ہیں نااہلی تاحیات کرنے والے پانچ ججز کی دانش سے 326 اراکین اسمبلی کے اختیار کو ختم کیا گیا۔

جسٹس قاضی فائز نے ریمارکس دیے کہ کیا ہم نااہلی دو سال بھی کر سکتے ہیں، الیکشن آٹھ فروری کو ہو رہے ہیں، ایک ریٹرننگ افسر تاحیات نااہلی کے اصول کا اطلاق کرے گا، دوسرا ریٹرننگ افسر پانچ سال نااہلی کی بات کرے گا، ہم اس تضاد کو ختم کرنے کیلئے کیس سن رہے ہیں، سوال یہ ہے کہ نااہلی تاحیات ہے یا پانچ سال۔

جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ کون تعین کرے گا کس کا کردار اچھا کس کا نہیں۔

وکیل عثمان کریم نے جواب دیا کہ حتمی طور پر تعین اللہ ہی کر سکتا ہے۔

وکیل عثمان کریم نے دلائل دیے کہ سپریم کورٹ نے 2013 کے اللہ دینو بھائیو کیس کے فیصلے میں 62 ون ایف کی نااہلی دی، پھر سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے اللہ دینو بھائیو فیصلے پر انحصار کر کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہلی متعارف کرائی، اس کے بعد تین رکنی بینچ نے 2020 میں اللہ دینو بھائیو نظرثانی کیس میں نااہلی کالعدم قرار دے دی، جسٹس عمر عطاء بندیال نے 2020 کے اللہ دینو بھائیو فیصلے پر انحصار کر کے فیصل واوڈا کیس کا فیصلہ دیا، اب سپریم کورٹ کا 62 ون ایف کا سمیع اللہ بلوچ کا فیصلہ اس لیے چلے گا کیونکہ پانچ رکنی بینچ کا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ یعنی آپ کے مطابق جسٹس عمر عطاء بندیال نے اس فیصلے کو بنیاد بنا کر اپنے ہی مؤقف کی نفی کی؟

محمد عثمان کریم نے استدعا کی کہ سپریم کورٹ تاحیات نااہلی کے فیصلے کا دوبارہ جائزہ لے، سپریم کورٹ نے نااہلی کی مدت کے تعین کی درست تشریح نہیں کی، سپریم کورٹ اپنی غلطی کی تصحیح کر سکتی ہے۔

آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلے کی تاریخ سامنے آگئی

آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلے کی تاریخ سامنے آگئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں سال امریکا اور ویسٹ انڈیز میں شیڈول آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ 2024 کا ابتدائی شیڈول تیار کرلیا گیا ہے، جس میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ٹی20 ورلڈکپ کا آغاز 4 تا 20 جون امریکا اور ویسٹ انڈیز میں کھیلا جائے گا، جس میں کُل 20 ٹیمیں شریک ہوں گی جنہیں 5،5 کی شکل میں چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

پاکستان کے علاوہ گروپ میں بھارت، آئرلینڈ ، کینیڈا اور میزبان امریکا ایک ہی گروپ میں شامل ہیں۔

قومی ٹیم ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 6 جون کو امریکا جبکہ 9 جون روایتی حریف بھارت کے خلاف نیویارک میں مدمقابل آئے گی۔ اس میچ کو برصغیر کے ٹائم زون سے متعلق کرائے جانے کا امکان ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شائقین کرکٹ لطف اندوز ہوسکیں۔

قومی ٹیم 11 جون کو کینیڈا جبکہ 16 جون کو آئرلینڈ سے فلوریڈا میں ٹکرائے گی۔

واضح رہے کہ شیڈول کو منظوری کیلئے بورڈز اور براڈ کاسٹرز کو بھیج دیا ہے، جس کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

بلے کے انتخابی نشان کے حصول کیلیے پی ٹی آئی کا سپریم کورٹ سے رجوع

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے بلے کے انتخابی نشان کے حصول کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔

پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کی جانب سے عدالت عظمیٰ میں اپیل دائر کی گئی۔

درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ الیکشن کمیشن کی درخواست قابل سماعت ہی نہیں تھی اور الیکشن کمیشن اس معاملے میں فریق ہی نہیں بنتا، الیکشن کمیشن نے بلے کا انتخابی نشان واپس لیتے وقت شواہد کو مدنظر نہیں رکھا اور بغیر شواہد فیصلہ کر کے بلے کا انتخابی نشان چھینا گیا۔
درخواست گزار کے مطابق پشاور ہائیکورٹ نے بھی فیصلے میں حقائق کو مدنظر نہیں رکھا اور فیصلے میں قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے، دیگر سیاسی جماعتوں کے برعکس پی ٹی آئی کے خلاف امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے۔

استدعا کی گئی کہ پشاور ہائیکورٹ کا عبوری حکم کالعدم قرار دیا جائے۔

سپریم کورٹ میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ چند اہم درخواستوں پر دستخط کرنے عدالت آیا اور بلے کے انتخابی نشان کے لیے درخواست جمع کروا دی ہے۔ سپریم کورٹ سے درخواست کریں گے ہمیں سنا جائے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اپنی درخواست میں لکھا تھا یہ اہم ترین معاملہ ہے اور ہماری بھی یہی استدعا ہے کہ اسکروٹنی کا وقت ختم ہو رہا ہے ٹکٹ تقسیم کرنا ہے۔ کوشش ہے جلد سے جلد یہ کیس لگے اور اللہ کرے بلے کا نشان ملے ہمیں امید ہے۔